امثال 1:4-27 - Compare All Versions
امثال 1:4-27 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)
اَے میرے بیٹو! باپ کی تربّیت پر کان لگاؤ؛ متّوجہ ہو اَور فہم حاصل کرو۔ میں تُمہیں اَچھّی باتیں سِکھا رہا ہُوں، لہٰذا میری تعلیم کو ترک نہ کرنا۔ میں بھی کبھی اَپنے باپ کے گھر میں بیٹا تھا، اَور ابھی نازک اندام اَور اَپنی ماں کا لاڈلا تھا، تَب باپ نے مُجھے تعلیم دی اَور کہا: ”اَپنے سارے دِل سے میری باتوں کو اَپنالو؛ اَور میرے اَحکام بجا لاؤ اَور زندہ رہو۔ حِکمت حاصل کرو، فہم کو اَپنالو؛ میری باتوں کو فراموش نہ کرو اَور نہ اُن سے منحرف ہونا۔ حِکمت کو ترک نہ کرو اَور وہ تمہاری حِفاظت کرےگی؛ اُس سے مَحَبّت رکھو اَور وہ تمہاری نگہبانی کرےگی۔ حِکمت اعلیٰ ترین شَے ہے اِس لیٔے حِکمت حاصل کرو۔ خواہ تمہاری ساری پُونجی خرچ ہو جائے تو بھی فہم حاصل کرو۔ حِکمت کی قدر کرو، تو وہ تُمہیں سرفراز کرےگی؛ اُسے گلے لگا لو اَور وہ تُمہیں عزّت بخشے گی۔ وہ تمہارے سَر پر فضیلت کا سِہرا باندھے گی اَور تُمہیں جلالی تاج عطا کرےگی۔“ اَے میرے بیٹے! سُنو اَور مَیں جو کچھ کہتا ہُوں اُسے قبُول کر لو، اَور تمہاری عمر دراز ہوگی۔ مَیں نے تُمہیں حِکمت کی راہ بتایٔی ہے، اَور راہ راست پر تمہاری رہنمائی کی ہے۔ جَب تُم چلوگے تو تمہارے قدموں میں رُکاوٹ پیش نہ آئے گی؛ اَور جَب تُم دَوڑوگے تو ٹھوکر نہ کھاؤگے۔ تربّیت کو پکڑے رہو؛ اُسے جانے نہ دو؛ اُس کی اَچھّی طرح حِفاظت کرو کیونکہ وہ تمہاری زندگی ہے۔ بدکاروں کے راستہ پر قدم نہ رکھنا، نہ بدکرداروں کی راہ میں چلنا۔ اُس سے بچنا۔ اُن راہوں پر بھی مت جانا؛ اُس سے مُڑ کر اَپنی راہ الگ لینا۔ کیونکہ بدکار بُرائی کئے بغیر سو نہیں سکتے؛ اَور جَب تک وہ کسی کو گرا نہ دیں، اُنہیں نیند نہیں آتی۔ وہ بدی کی روٹی کھاتے ہیں اَور ظُلم کا انگوری شِیرہ پیتے ہیں۔ راستبازوں کی راہ صُبح کی پہلی کِرن کی مانند ہوتی ہے، جِس کی رَوشنی دوپہر تک بڑھتی ہی جاتی ہے۔ لیکن بدکاروں کی راہ گہری تاریکی کی مانند ہوتی ہے؛ وہ نہیں جانتے کہ وہ کِن چیزوں سے ٹھوکر کھا جایٔیں گے۔ اَے میرے بیٹے! میں جو کچھ کہتا ہُوں اُس پر توجّہ کرو؛ میرے کلام پر کان لگاؤ۔ اُسے اَپنی آنکھوں سے اوجھل نہ ہونے دینا، بَلکہ اُنہیں اَپنے دِل میں رکھنا؛ کیونکہ جو اُسے پا لیتے ہیں، اُن کے لیٔے وہ زندگی ہے اَور اِنسان کے سارے جِسم کے لیٔے صحت۔ سَب سے بڑھ کر اَپنے دِل کی حِفاظت کرنا، کیونکہ وہ زندگی کا سرچشمہ ہے۔ اَپنے مُنہ کو کَج گوئی سے دُور رکھنا؛ اَور بدگوئی کو اَپنے لبوں کے پاس تک نہ آنے دینا۔ تمہاری آنکھیں سامنے ہی دیکھیں، اَور تمہاری نگاہ آگے کی طرف جمی رہے۔ اَپنے پاؤں کے لیٔے ہموار راہیں تیّار کرو اَور اُن ہی پُختہ راہوں پر قدم بڑھاؤ۔ نہ داہنے مُڑو نہ بائیں؛ بَلکہ اَپنے پاؤں کو بدی سے ہٹائے رکھو۔
امثال 1:4-27 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)
اے بیٹو، باپ کی نصیحت سنو، دھیان دو تاکہ تم سیکھ کر سمجھ حاصل کر سکو۔ مَیں تمہیں اچھی تعلیم دیتا ہوں، اِس لئے میری ہدایت کو ترک نہ کرو۔ مَیں ابھی اپنے باپ کے گھر میں نازک لڑکا تھا، اپنی ماں کا واحد بچہ، تو میرے باپ نے مجھے تعلیم دے کر کہا، ”پورے دل سے میرے الفاظ اپنا لے اور ہر وقت میرے احکام پر عمل کر تو تُو جیتا رہے گا۔ حکمت حاصل کر، سمجھ اپنا لے! یہ چیزیں مت بھولنا، میرے منہ کے الفاظ سے دُور نہ ہونا۔ حکمت ترک نہ کر تو وہ تجھے محفوظ رکھے گی۔ اُس سے محبت رکھ تو وہ تیری دیکھ بھال کرے گی۔ حکمت اِس سے شروع ہوتی ہے کہ تُو حکمت اپنا لے۔ سمجھ حاصل کرنے کے لئے باقی تمام ملکیت قربان کرنے کے لئے تیار ہو۔ اُسے عزیز رکھ تو وہ تجھے سرفراز کرے گی، اُسے گلے لگا تو وہ تجھے عزت بخشے گی۔ تب وہ تیرے سر کو خوب صورت سہرے سے آراستہ کرے گی اور تجھے شاندار تاج سے نوازے گی۔“ میرے بیٹے، میری سن! میری باتیں اپنا لے تو تیری عمر دراز ہو گی۔ مَیں تجھے حکمت کی راہ پر چلنے کی ہدایت دیتا، تجھے سیدھی راہوں پر پھرنے دیتا ہوں۔ جب تُو چلے گا تو تیرے قدموں کو کسی بھی چیز سے روکا نہیں جائے گا، اور دوڑتے وقت تُو ٹھوکر نہیں کھائے گا۔ تربیت کا دامن تھامے رہ! اُسے نہ چھوڑ بلکہ محفوظ رکھ، کیونکہ وہ تیری زندگی ہے۔ بےدینوں کی راہ پر قدم نہ رکھ، شریروں کے راستے پر مت جا۔ اُس سے گریز کر، اُس پر سفر نہ کر بلکہ اُس سے کترا کر آگے نکل جا۔ کیونکہ جب تک اُن سے بُرا کام سرزد نہ ہو جائے وہ سو ہی نہیں سکتے، جب تک اُنہوں نے کسی کو ٹھوکر کھلا کر خاک میں ملا نہ دیا ہو وہ نیند سے محروم رہتے ہیں۔ وہ بےدینی کی روٹی کھاتے اور ظلم کی مَے پیتے ہیں۔ لیکن راست باز کی راہ طلوعِ صبح کی پہلی روشنی کی مانند ہے جو دن کے عروج تک بڑھتی رہتی ہے۔ اِس کے مقابلے میں بےدین کا راستہ گہری تاریکی کی مانند ہے، اُنہیں پتا ہی نہیں چلتا کہ کس چیز سے ٹھوکر کھا کر گر گئے ہیں۔ میرے بیٹے، میری باتوں پر دھیان دے، میرے الفاظ پر کان دھر۔ اُنہیں اپنی نظر سے اوجھل نہ ہونے دے بلکہ اپنے دل میں محفوظ رکھ۔ کیونکہ جو یہ باتیں اپنائیں وہ زندگی اور پورے جسم کے لئے شفا پاتے ہیں۔ تمام چیزوں سے پہلے اپنے دل کی حفاظت کر، کیونکہ یہی زندگی کا سرچشمہ ہے۔ اپنے منہ سے جھوٹ اور اپنے ہونٹوں سے کج گوئی دُور کر۔ دھیان دے کہ تیری آنکھیں سیدھا آگے کی طرف دیکھیں، کہ تیری نظر اُس راستے پر لگی رہے جو سیدھا ہے۔ اپنے پاؤں کا راستہ چلنے کے قابل بنا دے، دھیان دے کہ تیری راہیں مضبوط ہیں۔ نہ دائیں، نہ بائیں طرف مُڑ بلکہ اپنے پاؤں کو غلط قدم اُٹھانے سے باز رکھ۔
امثال 1:4-27 URD (کِتابِ مُقادّس)
اَے میرے بیٹو! باپ کی تربِیّت پر کان لگاؤ اور فہم حاصِل کرنے کے لِئے توجُّہ کرو۔ کیونکہ مَیں تُم کو اچھّی تلقِین کرتا ہُوں۔ تُم میری تعلِیم کو ترک نہ کرنا۔ کیونکہ مَیں بھی اپنے باپ کا بیٹا تھا اور اپنی ماں کی نِگاہ میں نازُک اور اکیلا لاڈلا۔ باپ نے مُجھے سِکھایا اور مُجھ سے کہا میری باتیں تیرے دِل میں رہیں۔ میرے فرمان بجا لا اور زِندہ رہ۔ حِکمت حاصِل کر۔ فہم حاصِل کر۔ بُھولنا مت اور میرے مُنہ کی باتوں سے برگشتہ نہ ہونا۔ حِکمت کو ترک نہ کرنا۔ وہ تیری حِفاظت کرے گی۔ اُس سے مُحبّت رکھنا۔ وہ تیری نِگہبان ہو گی۔ حِکمت افضل اصل ہے۔ پس حِکمت حاصِل کر بلکہ اپنے تمام حاصِلات سے فہم حاصِل کر۔ اُس کی تعظِیم کر۔ وہ تُجھے سرفراز کرے گی۔ جب تُو اُسے گلے لگائے گا وہ تُجھے عِزّت بخشے گی۔ وہ تیرے سر پر زِینت کا سِہرا باندھے گی اور تُجھ کو جمال کا تاج عطا کرے گی۔ اَے میرے بیٹے! سُن اور میری باتوں کو قبُول کر اور تیری زِندگی کے دِن بُہت سے ہوں گے۔ مَیں نے تُجھے حِکمت کی راہ بتائی ہے اور راہِ راست پر تیری راہنُمائی کی ہے جب تُو چلے گا تیرے قدم کوتاہ نہ ہوں گے اور اگر تُو دَوڑے تو ٹھوکر نہ کھائے گا۔ تربِیّت کو مضبُوطی سے پکڑے رہ۔ اُسے جانے نہ دے۔ اُس کی حِفاظت کر کیونکہ وہ تیری حیات ہے۔ شرِیروں کے راستہ میں نہ جانا اور بُرے آدمِیوں کی راہ میں نہ چلنا۔ اُس سے بچنا۔ اُس کے پاس سے نہ گُذرنا۔ اُس سے مُڑ کر آگے بڑھ جانا۔ کیونکہ وہ جب تک بُرائی نہ کر لیں سوتے نہیں۔ اور جب تک کِسی کو گِرا نہ دیں اُن کی نِیند جاتی رہتی ہے۔ کیونکہ وہ شرارت کی روٹی کھاتے اور ظُلم کی مَے پِیتے ہیں۔ لیکن صادِقوں کی راہ نُورِ سحر کی مانِند ہے جِس کی روشنی دوپہر تک بڑھتی ہی جاتی ہے۔ شرِیروں کی راہ تارِیکی کی مانِند ہے۔ وہ نہیں جانتے کہ کِن چِیزوں سے اُن کو ٹھوکر لگتی ہے۔ اَے میرے بیٹے! میری باتوں پر توجُّہ کر۔ میرے کلام پر کان لگا۔ اُس کو اپنی آنکھ سے اوجھل نہ ہونے دے۔ اُس کو اپنے دِل میں رکھ۔ کیونکہ جو اِس کو پا لیتے ہیں یہ اُن کی حیات اور اُن کے سارے جِسم کی صِحت ہے۔ اپنے دِل کی خُوب حِفاظت کر کیونکہ زِندگی کا سرچشمہ وُہی ہے۔ کج گو مُنہ تُجھ سے الگ رہے۔ دروغ گو لب تُجھ سے دُور ہوں۔ تیری آنکھیں سامنے ہی نظر کریں اور تیری پلکیں سِیدھی رہیں۔ اپنے پاؤں کے راستہ کو ہموار بنا اور تیری سب راہیں قائِم رہیں۔ نہ دہنے مُڑ نہ بائیں اور پاؤں کو بدی سے ہٹا لے۔