فِلپّیوں 10:4-23

فِلپّیوں 10:4-23 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

مَیں خُداوؔند میں بہت خُوش ہُوں کہ اِتنی مُدّت کے بعد تُمہیں پھر سے میری مدد کرنے کا خیال آیا۔ بے شک، پہلے بھی تُمہیں میرا خیال تھا، مگر تُمہیں اُسے ظاہر کرنے کا موقع نہ مِلا تھا۔ میں یہ اِس لئے نہیں کہہ رہا ہُوں کہ مُحتاج ہُوں، کیونکہ مَیں نے کسی بھی حالات میں راضی رہنا سیکھ لیا ہے۔ مَیں نے ناداری اَور فراوانی کے دِن بھی دیکھے ہیں، چاہے فاقہ کشی ہو یا آسودگی اَور کثرت ہو یا قِلّت ہر حالت میں مطمئن رہنا سیکھ لیا ہے۔ جو مُجھے طاقت بخشتا ہے اُس کی مدد سے میں سَب کچھ کر سَکتا ہُوں۔ تو بھی تُم نے اَچھّا کیا کہ میری مُصیبت میں شریک ہویٔے۔ اَے اہلِ فِلپّی! تُم اَچھّی طرح جانتے ہو کہ شروع شروع میں جَب مَیں خُوشخبری سُناتا ہُوا، صُوبہ مَکِدُنیہؔ سے روانہ ہُوا تھا، تو تمہارے سِوا کسی جماعت نے لینے دینے کے مُعاملہ میں، میری مدد نہ کی؛ جَب مَیں تھِسلُنِیکے شہر میں تھا، تو تُم نے میری ضرورتوں کو پُورا کرنے کے لیٔے ایک دفعہ نہیں بَلکہ دو دفعہ کچھ بھیجا تھا۔ یہ نہیں کہ میں تمہاری بھیجی ہُوئی رقم کا مُشتاق ہُوں؛ بَلکہ اَیسے اِنعام کی خواہش کرتا ہوں، جِس سے آپ کی رُوحانی برکتوں میں اِضافہ ہو جائے۔ میرے پاس سَب کچھ ہے بَلکہ کثرت سے ہے۔ تمہارے بھیجے ہویٔے تحفے اِپفرُدِتُسؔ کے ہاتھ سے مُجھے مِل گیٔے ہیں، اَور مَیں اَور بھی آسُودہ ہو گیا ہُوں۔ یہ خُوشبو اَور قُربانی اَیسی ہے، جو خُدا کی نظر میں پسندِیدہ ہے۔ میرا خُدا، المسیح یِسوعؔ کے ذریعہ اَپنے جلال کی دولت سے تمہاری تمام ضروُرتیں پُوری کر دے گا۔ ہمارے خُدا اَور باپ کی تمجید ہمیشہ تک ہوتی رہے۔ آمین۔ ہر ایک مُقدّس سے المسیح یِسوعؔ میں سلام کہو۔ جو مسیحی بھایٔی اَور بہن میرے ساتھ ہیں، تُمہیں سلام کہتے ہیں۔ خُدا کے تمام مُقدّسین، خصوصاً تمام اہلِ ایمان جو قَیصؔر کے محل والوں میں سے ہیں، تُمہیں سلام کہتے ہیں۔ خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کا فضل تمہاری سَب کی رُوح کے ساتھ ہوتا رہے۔ آمین۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں فِلپّیوں 4

فِلپّیوں 10:4-23 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

مَیں خداوند میں نہایت ہی خوش ہوا کہ اب آخرکار آپ کی میرے لئے فکرمندی دوبارہ جاگ اُٹھی ہے۔ ہاں، مجھے پتا ہے کہ آپ پہلے بھی فکرمند تھے، لیکن آپ کو اِس کا اظہار کرنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ مَیں یہ اپنی کسی ضرورت کی وجہ سے نہیں کہہ رہا، کیونکہ مَیں نے ہر حالت میں خوش رہنے کا راز سیکھ لیا ہے۔ مجھے دبائے جانے کا تجربہ ہوا ہے اور ہر چیز کثرت سے میسر ہونے کا بھی۔ مجھے ہر حالت سے خوب واقف کیا گیا ہے، سیر ہونے سے اور بھوکا رہنے سے بھی، ہر چیز کثرت سے میسر ہونے سے اور ضرورت مند ہونے سے بھی۔ مسیح میں مَیں سب کچھ کرنے کے قابل ہوں، کیونکہ وہی مجھے تقویت دیتا رہتا ہے۔ توبھی اچھا تھا کہ آپ میری مصیبت میں شریک ہوئے۔ آپ جو فلپی کے رہنے والے ہیں خود جانتے ہیں کہ اُس وقت جب مسیح کی منادی کا کام آپ کے علاقے میں شروع ہوا تھا اور مَیں صوبہ مکدُنیہ سے نکل آیا تھا تو صرف آپ کی جماعت پورے حساب کتاب کے ساتھ پیسے دے کر میری خدمت میں شریک ہوئی۔ اُس وقت بھی جب مَیں تھسلُنیکے شہر میں تھا آپ نے کئی بار میری ضروریات پوری کرنے کے لئے کچھ بھیج دیا۔ کہنے کا مطلب یہ نہیں کہ مَیں آپ سے کچھ پانا چاہتا ہوں، بلکہ میری شدید خواہش یہ ہے کہ آپ کے دینے سے آپ ہی کو اللہ سے کثرت کا سود مل جائے۔ یہی میری رسید ہے۔ مَیں نے پوری رقم وصول پائی ہے بلکہ اب میرے پاس ضرورت سے زیادہ ہے۔ جب سے مجھے اِپَفرُدِتس کے ہاتھ آپ کا ہدیہ مل گیا ہے میرے پاس بہت کچھ ہے۔ یہ خوشبودار اور قابلِ قبول قربانی اللہ کو پسندیدہ ہے۔ جواب میں میرا خدا اپنی اُس جلالی دولت کے موافق جو مسیح عیسیٰ میں ہے آپ کی تمام ضروریات پوری کرے۔ اللہ ہمارے باپ کا جلال ازل سے ابد تک ہو۔ آمین۔ تمام مقامی مُقدّسین کو مسیح عیسیٰ میں میرا سلام دینا۔ جو بھائی میرے ساتھ ہیں وہ آپ کو سلام کہتے ہیں۔ یہاں کے تمام مُقدّسین آپ کو سلام کہتے ہیں، خاص کر شہنشاہ کے گھرانے کے بھائی اور بہنیں۔ خداوند عیسیٰ مسیح کا فضل آپ کی روح کے ساتھ رہے۔ آمین۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں فِلپّیوں 4

فِلپّیوں 10:4-23 کِتابِ مُقادّس (URD)

مَیں خُداوند میں بُہت خُوش ہُوں کہ اب اِتنی مُدّت کے بعد تُمہارا خیال میرے لِئے سرسبز ہُؤا۔ بے شک تُمہیں پہلے بھی اِس کا خیال تھا مگر مَوقع نہ مِلا۔ یہ نہیں کہ مَیں مُحتاجی کے لِحاظ سے کہتا ہُوں کیونکہ مَیں نے یہ سِیکھا ہے کہ جِس حالت میں ہُوں اُسی پر راضی رہُوں۔ مَیں پَست ہونا بھی جانتا ہُوں اور بڑھنا بھی جانتا ہُوں۔ ہر ایک بات اور سب حالتوں میں مَیں نے سیر ہونا بُھوکا رہنا اور بڑھنا گھٹنا سِیکھا ہے۔ جو مُجھے طاقت بخشتا ہے اُس میں مَیں سب کُچھ کر سکتا ہُوں۔ تَو بھی تُم نے اچّھا کِیا جو میری مُصِیبت میں شرِیک ہُوئے۔ اور اَے فِلِپّیو! تُم خُود بھی جانتے ہو کہ خُوشخبری کے شرُوع میں جب مَیں مَکِدُنیہ سے روانہ ہُؤا تو تُمہارے سِوا کِسی کلِیسیا نے لینے دینے کے مُعاملہ میں میری مدد نہ کی۔ چُنانچہ تِھسّلُنِیکے میں بھی میری اِحتیاج رَفع کرنے کے لِئے تُم نے ایک دفعہ نہیں بلکہ دو دفعہ کُچھ بھیجا تھا۔ یہ نہیں کہ مَیں اِنعام چاہتا ہُوں بلکہ اَیسا پَھل چاہتا ہُوں جو تُمہارے حِساب میں زیادہ ہو جائے۔ میرے پاس سب کُچھ ہے بلکہ اِفراط سے ہے۔ تُمہاری بھیجی ہُوئی چِیزیں اِپَفرُدِتُس کے ہاتھ سے لے کر مَیں آسُودہ ہو گیا ہُوں۔ وہ خُوشبُو اور مقبُول قُربانی ہیں جو خُدا کو پسندِیدہ ہے۔ میرا خُدا اپنی دَولت کے مُوافِق جلال سے مسِیح یِسُوع میں تُمہاری ہر ایک اِحتیاج رَفع کرے گا۔ ہمارے خُدا اور باپ کی ابدُالآباد تمجِید ہوتی رہے۔ آمِین۔ ہر ایک مُقدّس سے جو مسِیح یِسُوع میں ہے سلام کہو۔ جو بھائی میرے ساتھ ہیں تُمہیں سلام کہتے ہیں۔ سب مُقدّس خصُوصاً قَیصر کے گھر والے تُمہیں سلام کہتے ہیں۔ خُداوند یِسُوع مسِیح کا فَضل تُمہاری رُوح کے ساتھ رہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں فِلپّیوں 4