فِلپّیوں 19:2-30

فِلپّیوں 19:2-30 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

مُجھے خُداوؔند یِسوعؔ میں اُمّید ہے کہ میں تِیمُتھِیُس کو جلد ہی تمہارے پاس روانہ کر دُوں، تاکہ اُس سے تمہاری خیریت کی خبر سُن کر مُجھے بھی اِطمینان حاصل ہو۔ کیونکہ اُس کے علاوہ یہاں میرا کویٔی اَور ہم خیال نہیں جو سچّے دِل سے تمہارے لیٔے فِکرمند ہو۔ کیونکہ دُوسرے سبھی اَپنی اَپنی باتوں کی فکر میں ہیں، نہ کہ یِسوعؔ المسیح کی۔ لیکن تُم تِیمُتھِیُس کے کِردار سے واقف ہو کہ کِس طرح اُس نے ایک بیٹے کی طرح میرے ساتھ مِل کر خُوشخبری کی مُنادی کی خدمت اَنجام دی ہے۔ پس، میں اُمّید کرتا ہُوں کہ جِتنی جلدی میری صورت حال واضح ہو جائے گی، میں اُسے تمہارے پاس بھیج دُوں گا۔ بَلکہ مُجھے خُداوؔند پر بھروسا ہے کہ میں خُود بھی جلد ہی آ جاؤں گا۔ لیکن مَیں نے اِپفرُدِتُسؔ کو تمہارے پاس بھیجنا ضروُری سمجھا، وہ میرا مسیحی بھایٔی، ہم خدمت اَور میری طرح المسیح کا سپاہی ہے، وہ تمہارا قاصِد ہے، جسے تُم نے میری ضروُرتیں پُوری کرنے کے لیٔے بھیجا تھا۔ وہ تُم سَب کا مُشتاق ہے اَور بے قرار بھی ہے کیونکہ تُم نے اُس کی بیماری کا حال سُنا تھا۔ بے شک وہ اَپنی بیماری سے، مَرنے کے قریب تھا۔ لیکن خُدا نے اُس پر رحم کیا، اَور نہ صِرف اُس پر بَلکہ مُجھ پر بھی، تاکہ مُجھے غم پر غم نہ ہو۔ اِس لیٔے مُجھے خیال آیا کہ اُسے جلد اَز جلد روانہ کر دُوں، تاکہ جَب تُم اُسے پھر سے دیکھو تو خُوش ہو جاؤ اَور میری بےقراری بھی کم ہو جائے۔ پس تُم اُس کا خُداوؔند میں اَپنا بھایٔی سمجھ کر گرم جوشی سے اِستِقبال کرنا، اَور اَیسے لوگوں کا اِحترام کرنا لازِم ہے، کیونکہ وہ المسیح کی خدمت کی خاطِر مَرنے کے قریب ہو گیا تھا۔ اَور اُس نے اَپنی جان کو خطرہ میں ڈال دیا تاکہ میری خدمت میں جو کمی تمہاری وجہ سے ہوئی وہ اُسے پُورا کر دے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں فِلپّیوں 2

فِلپّیوں 19:2-30 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

مجھے اُمید ہے کہ اگر خداوند عیسیٰ نے چاہا تو مَیں جلد ہی تیمُتھیُس کو آپ کے پاس بھیج دوں گا تاکہ آپ کے بارے میں خبر پا کر میرا حوصلہ بھی بڑھ جائے۔ کیونکہ میرے پاس کوئی اَور نہیں جس کی سوچ بالکل میری جیسی ہے اور جو اِتنی خلوص دلی سے آپ کی فکر کرے۔ دوسرے سب اپنے مفاد کی تلاش میں رہتے ہیں اور وہ کچھ نظرانداز کرتے ہیں جو عیسیٰ مسیح کا کام بڑھاتا ہے۔ لیکن آپ کو تو معلوم ہے کہ تیمُتھیُس قابلِ اعتماد ثابت ہوا، کہ اُس نے میرا بیٹا بن کر میرے ساتھ اللہ کی خوش خبری پھیلانے کی خدمت سرانجام دی۔ چنانچہ اُمید ہے کہ جوں ہی مجھے پتا چلے کہ میرا کیا بنے گا مَیں اُسے آپ کے پاس بھیج دوں گا۔ اور میرا خداوند میں ایمان ہے کہ مَیں بھی جلد ہی آپ کے پاس آؤں گا۔ لیکن مَیں نے ضروری سمجھا کہ اِتنے میں اِپَفرُدِتس کو آپ کے پاس واپس بھیج دوں جسے آپ نے قاصد کے طور پر میری ضروریات پوری کرنے کے لئے میرے پاس بھیج دیا تھا۔ وہ میرا سچا بھائی، ہم خدمت اور ساتھی سپاہی ثابت ہوا۔ مَیں اُسے اِس لئے بھیج رہا ہوں کیونکہ وہ آپ سب کا نہایت آرزومند ہے اور اِس لئے بےچین ہے کہ آپ کو اُس کے بیمار ہونے کی خبر مل گئی تھی۔ اور وہ تھا بھی بیمار بلکہ مرنے کو تھا۔ لیکن اللہ نے اُس پر رحم کیا، اور نہ صرف اُس پر بلکہ مجھ پر بھی تاکہ میرے دُکھ میں اضافہ نہ ہو جائے۔ اِس لئے مَیں اُسے اَور جلدی سے آپ کے پاس بھیجوں گا تاکہ آپ اُسے دیکھ کر خوش ہو جائیں اور میری پریشانی بھی دُور ہو جائے۔ چنانچہ خداوند میں بڑی خوشی سے اُس کا استقبال کریں۔ اُس جیسے لوگوں کی عزت کریں، کیونکہ وہ مسیح کے کام کے باعث مرنے کی نوبت تک پہنچ گیا تھا۔ اُس نے اپنی جان خطرے میں ڈال دی تاکہ آپ کی جگہ میری وہ خدمت کرے جو آپ نہ کر سکے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں فِلپّیوں 2

فِلپّیوں 19:2-30 کِتابِ مُقادّس (URD)

مُجھے خُداوند یِسُوعؔ میں اُمّید ہے کہ تِیمُتِھیُس کو تُمہارے پاس جلد بھیجُوں گا تاکہ تُمہارا اَحوال دریافت کر کے میری بھی خاطِر جمع ہو۔ کیونکہ کوئی اَیسا ہم خیال میرے پاس نہیں جو صاف دِلی سے تُمہارے لِئے فِکرمند ہو۔ سب اپنی اپنی باتوں کی فِکر میں ہیں نہ کہ یِسُوعؔ مسِیح کی۔ لیکن تُم اُس کی پُختگی سے واقِف ہو کہ جَیسے بیٹا باپ کی خِدمت کرتا ہے وَیسے ہی اُس نے میرے ساتھ خُوشخبری پَھیلانے میں خِدمت کی۔ پس مَیں اُمّید کرتا ہُوں کہ جب اپنے حال کا انجام معلُوم کر لُوں گا تو اُسے فوراً بھیج دُوں گا۔ اور مُجھے خُداوند پر بھروسا ہے کہ مَیں آپ بھی جلد آؤُں گا۔ لیکن مَیں نے اِپفُردِتُس کو تُمہارے پاس بھیجنا ضرُور سمجھا۔ وہ میرا بھائی اور ہم خِدمت اور ہم سِپاہ اور تُمہارا قاصِد اور میری حاجت رفع کرنے کے لِئے خادِم ہے۔ کیونکہ وہ تُم سب کا بُہت مُشتاق تھا اور اِس واسطے بے قرار رہتا تھا کہ تُم نے اُس کی بِیماری کا حال سُنا تھا۔ بے شک وہ بِیماری سے مَرنے کو تھا مگر خُدا نے اُس پر رحم کِیا اور فقط اُس ہی پر نہیں بلکہ مُجھ پر بھی تاکہ مُجھے غم پر غم نہ ہو۔ اِس لِئے مُجھے اُس کے بھیجنے کا اَور بھی زِیادہ خیال ہُؤا کہ تُم بھی اُس کی مُلاقات سے پِھر خُوش ہو جاؤ اور میرا بھی غم گھٹ جائے۔ پس تُم اُس سے خُداوند میں کمال خُوشی کے ساتھ مِلنا اور اَیسے شخصوں کی عِزّت کِیا کرو۔ اِس لِئے کہ وہ مسِیح کے کام کی خاطِر مَرنے کے قرِیب ہو گیا تھا اور اُس نے جان لگا دی تاکہ جو کمی تُمہاری طرف سے میری خِدمت میں ہُوئی اُسے پُورا کرے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں فِلپّیوں 2