فِلپّیوں 14:2-18
فِلپّیوں 14:2-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَور سَب کام کسی شکایت اَور حُجّت کے بغیر ہی کر لیا کرو، تاکہ تُم بے عیب اَور پاک ہوکر بداخلاق اَور گُمراہ لوگوں کے درمیان، ”خُدا کے بے نُقص فرزندوں کی طرح اِس جہاں میں زندگی گُزارو۔“ تاکہ اُن میں تُم آسمان کے سِتاروں کی مانند چمکو اَور زندگی کا کلام پیش کرتے ہو تاکہ المسیح کے لوٹنے کے دِن مُجھے فخر ہو کہ نہ تو میری دَوڑ دھوپ فُضول گئی اَور نہ محنت بے فائدہ رہی۔ اگر تمہارے ایمان اَور تمہاری خدمت کی قُربانی کے ساتھ مُجھے بھی اَپنی جان کی قُربانی دینا پڑے تو مُجھے خُوشی ہوگی، اَور مَیں تُم سَب کی خُوشی میں شریک ہو سکوں گا۔ اِسی طرح تُمہیں بھی خُوش ہوکر میری خُوشی میں شریک ہونا چاہئے۔
فِلپّیوں 14:2-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
سب کچھ بڑبڑائے اور بحث مباحثہ کئے بغیر کریں تاکہ آپ بےالزام اور پاک ہو کر اللہ کے بےداغ فرزند ثابت ہو جائیں، ایسے لوگ جو ایک ٹیڑھی اور اُلٹی نسل کے درمیان ہی آسمان کے ستاروں کی طرح چمکتے دمکتے اور زندگی کا کلام تھامے رکھتے ہیں۔ پھر مَیں مسیح کی آمد کے دن فخر کر سکوں گا کہ نہ مَیں رائیگاں دوڑا، نہ بےفائدہ جد و جہد کی۔ دیکھیں، جو خدمت آپ ایمان سے سرانجام دے رہے ہیں وہ ایک ایسی قربانی ہے جو اللہ کو پسند ہے۔ خدا کرے کہ جو دُکھ مَیں اُٹھا رہا ہوں وہ مَے کی اُس نذر کی مانند ہو جو بیت المُقدّس میں قربانی پر اُنڈیلی جاتی ہے۔ اگر میری نذر واقعی آپ کی قربانی یوں مکمل کرے تو مَیں خوش ہوں اور آپ کے ساتھ خوشی مناتا ہوں۔ آپ بھی اِسی وجہ سے خوش ہوں اور میرے ساتھ خوشی منائیں۔
فِلپّیوں 14:2-18 کِتابِ مُقادّس (URD)
سب کام شِکایت اور تکرار بغَیر کِیا کرو۔ تاکہ تُم بے عَیب اور بھولے ہو کر ٹیڑھے اور کجرَو لوگوں میں خُدا کے بے نُقص فرزند بنے رہو (جِن کے درمِیان تُم دُنیا میں چَراغوں کی طرح دِکھائی دیتے ہو۔ اور زِندگی کا کلام پیش کرتے ہو) تاکہ مسِیح کے دِن مُجھے فخر ہو کہ نہ میری دَوڑ دُھوپ بے فائِدہ ہُوئی نہ میری مِحنت اَکارت گئی۔ اور اگر مُجھے تُمہارے اِیمان کی قُربانی اور خِدمت کے ساتھ اپنا خُون بھی بہانا پڑے تَو بھی خُوش ہُوں اور تُم سب کے ساتھ خُوشی کرتا ہُوں۔ تُم بھی اِسی طرح خُوش ہو اور میرے ساتھ خُوشی کرو۔