فِلپّیوں 1:2-8
فِلپّیوں 1:2-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پس اگر المسیح میں تُم میں تسلّی اَور مَحَبّت سے حوصلہ، اَور پاک رُوح کی رِفاقت میں رحمدلی اَور ہمدردی پائی جاتی ہے، تو میری یہ خُوشی پُوری کر دو کہ یکدل رہو، یکساں مَحَبّت رکھو، ایک جان ہو اَور ہم خیال رہو۔ تِفرقہ اَور فُضول فخر کے باعث کچھ نہ کرو۔ بَلکہ، فروتن ہوکر ایک شخص دُوسرے شخص کو اَپنے سے بہتر سمجھے۔ ہر ایک صِرف اَپنے مفاد کا نہیں بَلکہ دُوسروں کے مفاد کا بھی خیال رکھے۔ تمہارا مِزاج بھی وَیسا ہی ہو، جَیسا المسیح یِسوعؔ کا تھا: اگرچہ وہ خُدا کی صورت پر تھے، پھر بھی یِسوعؔ نے خُدا کی برابری کو اَپنے قبضہ میں رکھنے کی چیز نہ سمجھا؛ بَلکہ اَپنے آپ کو خالی کر دیا، اَور غُلام کی صورت اِختیار کرکے، اِنسانوں کے مُشابہ ہو گئے۔ یِسوعؔ نے اِنسانی شکل میں ظاہر ہوکر، اَپنے آپ کو فروتن کر دیا اَور موت بَلکہ صلیبی موت تک فرمانبردار رہے!
فِلپّیوں 1:2-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
کیا آپ کے درمیان مسیح میں حوصلہ افزائی، محبت کی تسلی، روح القدس کی رفاقت، نرم دلی اور رحمت پائی جاتی ہے؟ اگر ایسا ہے تو میری خوشی اِس میں پوری کریں کہ آپ ایک جیسی سوچ رکھیں اور ایک جیسی محبت رکھیں، ایک جان اور ایک ذہن ہو جائیں۔ خود غرض نہ ہوں، نہ باطل عزت کے پیچھے پڑیں بلکہ فروتنی سے دوسروں کو اپنے سے بہتر سمجھیں۔ ہر ایک نہ صرف اپنا فائدہ سوچے بلکہ دوسروں کا بھی۔ وہی سوچ رکھیں جو مسیح عیسیٰ کی بھی تھی۔ وہ جو اللہ کی صورت پر تھا نہیں سمجھتا تھا کہ میرا اللہ کے برابر ہونا کوئی ایسی چیز ہے جس کے ساتھ زبردستی چمٹے رہنے کی ضرورت ہے۔ نہیں، اُس نے اپنے آپ کو اِس سے محروم کر کے غلام کی صورت اپنائی اور انسانوں کی مانند بن گیا۔ شکل و صورت میں وہ انسان پایا گیا۔ اُس نے اپنے آپ کو پست کر دیا اور موت تک تابع رہا، بلکہ صلیبی موت تک۔
فِلپّیوں 1:2-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
پس اگر کُچھ تسلّی مسِیح میں اور مُحبّت کی دِل جمعی اور رُوح کی شِراکت اور رَحم دِلی و دَردمَندی ہے۔ تو میری یہ خُوشی پُوری کرو کہ یک دِل رہو۔ یکساں مُحبّت رکھّو۔ ایک جان ہو۔ ایک ہی خیال رکھّو۔ تفرِقے اور بے جا فخر کے باعِث کُچھ نہ کرو بلکہ فروتنی سے ایک دُوسرے کو اپنے سے بِہتر سمجھے۔ ہر ایک اپنے ہی اَحوال پر نہیں بلکہ ہر ایک دُوسروں کے اَحوال پر بھی نظر رکھّے۔ وَیسا ہی مِزاج رکھّو جَیسا مسِیح یِسُوعؔ کا بھی تھا۔ اُس نے اگرچہ خُدا کی صُورت پر تھا خُدا کے برابر ہونے کو قبضہ میں رکھنے کی چِیز نہ سمجھا۔ بلکہ اپنے آپ کو خالی کر دِیا اور خادِم کی صُورت اِختیار کی اور اِنسانوں کے مُشابِہ ہو گیا۔ اور اِنسانی شکل میں ظاہِر ہو کر اپنے آپ کو پَست کر دِیا اور یہاں تک فرمانبردار رہا کہ مَوت بلکہ صلِیبی مَوت گوارا کی۔