فلیمون 1:1-7
فلیمون 1:1-7 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
خُداوؔند المسیح یِسوعؔ کی خاطِر قَیدی پَولُسؔ اَور ہمارے بھایٔی تِیمُتھِیُس کی جانِب سے، ہمارے عزیز ہم خدمت فِلیمون، اَور بہن اَفّیہؔ، اَور بھایٔی اَرخِپُّسؔ جو ہم فَوجی ہے اَور اُس جماعت کے نام خط جو فِلیمون کے گھر میں جمع ہوتی ہے۔ ہمارے خُدا باپ اَور خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔ اَپنی دعاؤں مَیں تُجھے یاد کرتے ہویٔے میں ہمیشہ اَپنے خُدا کا شُکر اَدا کرتا ہُوں، کیونکہ مَیں سُنتا ہُوں کہ تُم خُدا کے سَب مُقدّسین سے مَحَبّت رکھتے ہو اَور تمہارا ایمان خُداوؔند یِسوعؔ پر ہے۔ میری دعا ہے کہ کاش ایمان میں ہمارے ساتھ تمہاری شراکت المسیح کی خاطِر ہماری طرف سے تقسیم کی جانے والی ہر اَچھّی چیز کے بارے میں تمہاری سمجھ کو گہرا اَور مؤثر کرے۔ اَے بھایٔی! مُجھے تیری مَحَبّت سے بہت خُوشی اَور تسلّی ہُوئی ہے کیونکہ تُونے مُقدّسین کے دِلوں کو تازہ کیا ہے۔
فلیمون 1:1-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یہ خط مسیح عیسیٰ کے قیدی پولس اور تیمُتھیُس کی طرف سے ہے۔ مَیں اپنے عزیز دوست اور ہم خدمت فلیمون کو لکھ رہا ہوں اور ساتھ ساتھ اپنی بہن افیہ، اپنے ہم سپاہ ارخپس اور اُس جماعت کو جو آپ کے گھر میں جمع ہوتی ہے۔ خدا ہمارا باپ اور خداوند عیسیٰ مسیح آپ کو فضل اور سلامتی عطا کریں۔ جب بھی مَیں دعا کرتا ہوں تو آپ کو یاد کر کے اپنے خدا کا شکر کرتا ہوں۔ کیونکہ مجھے خداوند عیسیٰ کے بارے میں آپ کے ایمان اور آپ کی تمام مُقدّسین سے محبت کی خبر ملتی رہتی ہے۔ میری دعا ہے کہ آپ کی جو رفاقت ایمان سے پیدا ہوئی ہے وہ آپ میں یوں زور پکڑے کہ آپ کو بہتر طور پر ہر اُس اچھی چیز کی سمجھ آئے جو ہمیں مسیح میں حاصل ہے۔ بھائی، آپ کی محبت دیکھ کر مجھے بڑی خوشی اور تسلی ہوئی ہے، کیونکہ آپ نے مُقدّسین کے دلوں کو تر و تازہ کر دیا ہے۔
فلیمون 1:1-7 کِتابِ مُقادّس (URD)
پَولُس کی طرف سے جو مسِیح یِسُوع کا قَیدی ہے اور بھائی تِیمُتِھیُس کی طرف سے اپنے عزِیز اور ہم خِدمت فِلیموؔن۔ اور بہن افیؔہ اور اپنے ہم سِپاہ اَرخِپُّسؔ اور فِلیموؔن کے گھر کی کلِیسیا کے نام۔ فضل اور اِطمِینان ہمارے باپ خُدا اور خُداوند یِسُوع مسِیح کی طرف سے تُمہیں حاصِل ہوتا رہے۔ مَیں تیری اُس مُحبّت کا اور اِیمان کا حال سُن کر جو سب مُقدّسوں کے ساتھ اور خُداوند یِسُوع پر ہے۔ ہمیشہ اپنے خُدا کا شُکر کرتا ہُوں اور اپنی دُعاؤں میں تُجھے یاد کرتا ہُوں۔ تاکہ تیرے اِیمان کی شِراکت تُمہاری ہر خُوبی کی پہچان میں مسِیح کے واسطے مؤثِر ہو۔ کیونکہ اَے بھائی! مُجھے تیری مُحبّت سے بُہت خُوشی اور تسلّی ہُوئی اِس لِئے کہ تیرے سبب سے مُقدّسوں کے دِل تازہ ہُوئے ہیں۔