گِنتی 1:6-8
گِنتی 1:6-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُن سے کہو: ’اگر کویٔی مَرد یا عورت نذیر کی مَنّت یعنی اَپنے آپ کو یَاہوِہ کے لیٔے الگ رکھنے کی خاص مَنّت مانے، تو وہ مَے اَور شراب سے دُور رہے اَور مَے یا شراب سے بنایا ہُوا سِرکہ نہ پیے۔ وہ انگور کا رس بھی نہ پیے اَور نہ تازہ انگور یا کشمش کھائے۔ جَب تک کہ وہ نذیر رہے تَب تک جو کچھ انگور کی بیل سے پیدا ہوتاہے، اُس میں سے کچھ بھی نہ کھائے، بیج اَور چھِلکے بھی نہیں۔ ” ’اُس کی نذارت کی مَنّت کی ساری میعاد کے دَوران اُس کے سَر پر اُسترا نہ پھیرا جائے اَور اُس کی یَاہوِہ کے لیٔے الگ رہنے کی مُدّت پُوری ہونے تک وہ پاک رہے اَور اَپنے سَر کے بالوں کو بڑھنے دے۔ ” ’اَور یَاہوِہ اَپنی نذارت کی پُوری مُدّت تک وہ کسی لاش کے قریب نہ جائے۔ خواہ اُس کا اَپنا باپ یا ماں یا بھایٔی یا بہن بھی مَر جائے تو بھی وہ اُن کو چھُو کر اَپنے آپ کو نجِس نہ کر لے کیونکہ اَپنے یَاہوِہ کے لیٔے الگ رہنے کی علامت اُس کے سَر پر ہے۔ وہ اَپنی نذارت کی پُوری مُدّت تک یَاہوِہ کے لیٔے پاک ہے۔
گِنتی 1:6-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب نے موسیٰ سے کہا، ”اسرائیلیوں کو ہدایت دینا کہ اگر کوئی آدمی یا عورت مَنت مان کر اپنے آپ کو ایک مقررہ وقت کے لئے رب کے لئے مخصوص کرے تو وہ مَے یا کوئی اَور نشہ آور چیز نہ پیئے۔ نہ وہ انگور یا کسی اَور چیز کا سرکہ پیئے، نہ انگور کا رس۔ وہ انگور یا کشمش نہ کھائے۔ جب تک وہ مخصوص ہے وہ انگور کی کوئی بھی پیداوار نہ کھائے، یہاں تک کہ انگور کے بیج یا چھلکے بھی نہ کھائے۔ جب تک وہ اپنی مَنت کے مطابق مخصوص ہے وہ اپنے بال نہ کٹوائے۔ جتنی دیر کے لئے اُس نے اپنے آپ کو رب کے لئے مخصوص کیا ہے اُتنی دیر تک وہ مُقدّس ہے۔ اِس لئے وہ اپنے بال بڑھنے دے۔ جب تک وہ مخصوص ہے وہ کسی لاش کے قریب نہ جائے، چاہے وہ اُس کے باپ، ماں، بھائی یا بہن کی لاش کیوں نہ ہو۔ کیونکہ اِس سے وہ ناپاک ہو جائے گا جبکہ ابھی تک اُس کی مخصوصیت لمبے بالوں کی صورت میں نظر آتی ہے۔ وہ اپنی مخصوصیت کے دوران رب کے لئے مخصوص و مُقدّس ہے۔
گِنتی 1:6-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جب کوئی مَرد یا عَورت نذیر کی مَنّت یعنی اپنے آپ کو خُداوند کے لِئے الگ رکھنے کی خاص مَنّت مانے۔ تو وہ مَے اور شراب سے پرہیز کرے اور مَے کا یا شراب کا سِرکہ نہ پِئے اور نہ انگُور کا رس پِئے اور نہ تازہ یا خُشک انگُور کھائے۔ اور اپنی نذارت کے تمام ایّام میں بِیج سے لے کر چِھلکے تک جو کُچھ انگُور کے درخت میں پَیدا ہو اُسے نہ کھائے۔ اور اُس کی نذارت کی مَنّت کے دِنوں میں اُس کے سر پر اُسترہ نہ پھیرا جائے۔ جب تک وہ مُدّت جِس کے لِئے وہ خُداوند کا نذیر بنا ہے پُوری نہ ہو تب تک وہ مُقدّس رہے اور اپنے سر کے بالوں کی لٹوں کو بڑھنے دے۔ اُن تمام ایّام میں جب وہ خُداوند کا نذیر ہو وہ کِسی لاش کے نزدِیک نہ جائے۔ وہ اپنے باپ یا ماں یا بھائی یا بہن کی خاطِر بھی جب وہ مَریں اپنے آپ کو نجِس نہ کرے کیونکہ اُس کی نذارت جو خُدا کے لِئے ہے اُس کے سر پر ہے۔ وہ اپنی نذارت کی پُوری مُدّت تک خُداوند کے لِئے مُقدّس ہے۔