گِنتی 1:25-18

گِنتی 1:25-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اِسرائیلی شِطِّیمؔ میں رہتے تھے اَور لوگوں نے اُن مُوآبی عورتوں کے ساتھ حرام کاری شروع کر دی، جو اُنہیں اَپنے معبُودوں کی قُربانیوں میں آنے کی دعوت دیتی تھیں۔ یہ لوگ وہاں جا کر کھاتے اَور اُن معبُودوں کو سَجدہ کرتے تھے۔ اِس طرح بنی اِسرائیل نے پعورؔ کے بَعل کی عبادت میں شرکت کی اَور یَاہوِہ کا قہر اُن پر بھڑکا۔ یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: ”اِن لوگوں کے سَب سربراہوں اَور سرغنوں کو لے کر قتل کر اَور اُنہیں یَاہوِہ کے حُضُور دِن کی رَوشنی میں ٹانگ دینا تاکہ یَاہوِہ کا قہرِ شدید بنی اِسرائیل پر سے ٹل جائے۔“ چنانچہ مَوشہ نے اِسرائیل کے حاکموں سے کہا، ”تمہارے جِن جِن آدمیوں نے پعورؔ کے بَعل کی عبادت میں شرکت کی وہ سَب قتل کئے جایٔیں۔“ اَور جَب بنی اِسرائیل کی ساری جماعت خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر رو رہی تھی تَب ایک اِسرائیلی مَوشہ اَور سَب لوگوں کی آنکھوں کے سامنے ایک مِدیانی عورت کو اَپنے خاندان میں لے آیا۔ تَب الیعزرؔ کے بیٹے فِنحاسؔ نے جو اَہرونؔ کاہِنؔ کا پوتا تھا یہ دیکھا تو اُس نے جماعت میں سے اُٹھ کر ہاتھ میں ایک نیزہ لیا۔ اَور اُس اِسرائیلی کے پیچھے پیچھے خیمہ میں داخل ہُوا اَور اُس نے اُس اِسرائیلی مَرد اَور اُس عورت دونوں کے پیٹ میں نیزہ بھونک دیا۔ تَب بنی اِسرائیل پر آئی ہُوئی وَبا جاتی رہی اَور جتنے لوگ وَبا سے مَرے تھے اُن کی تعداد چوبیس ہزار تھی۔ یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”الیعزرؔ کے بیٹے فِنحاسؔ نے جو اَہرونؔ کاہِنؔ کا پوتا ہے میرے قہر کو بنی اِسرائیل پر سے ہٹا دیا کیونکہ اُس نے اُن کے درمیان میرے لیٔے اَپنی غیرت کا اَیسا مظاہرہ کیا کہ مَیں نے اَپنی غیرت کے جوش میں اُنہیں نابود نہیں کیا اِس لیٔے اُس سے کہہ کہ میں اُس کے ساتھ اَپنا عہدِ اَمن باندھ رہا ہُوں۔ وہ اُس کے اَور اُس کی اَولاد کے لیٔے دائمی کہانت کا عہد ہوگا کیونکہ وہ اَپنے خُدا کے واسطے غیرت مند ہُوا اَور اُس نے بنی اِسرائیل کے لیٔے کفّارہ دیا۔“ اُس اِسرائیلی مَرد کا نام جو اُس مِدیانی عورت کے ساتھ مارا گیا وہ زِمریؔ تھا جو شمعُونؔ کے خاندان کا سردار سالوؔ کا بیٹا تھا۔ اَور اُس مِدیانی عورت کا نام جو ماری گئی تھی کوزبیؔ تھا۔ وہ ضُورؔ کی بیٹی تھی جو ایک مِدیانی خاندان کا قبائلی سردار تھا۔ یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”مِدیانیوں کو حریف جان کر مار ڈالو۔ کیونکہ اُنہُوں نے بھی جَب تُمہیں دھوکا دیا تو حریف ہی جانا جَیسا پعورؔ کے مُعاملہ میں اَور اُن کی بہن کوزبیؔ کے مُعاملہ میں ہُوا جو مِدیانی سردار کی بیٹی تھی اَور اُس وَبا میں جو پعورؔ کے سبب پھیلی تھی ماری گئی تھی۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں گِنتی 25

گِنتی 1:25-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

جب اسرائیلی شِطّیم میں رہ رہے تھے تو اسرائیلی مرد موآبی عورتوں سے زناکاری کرنے لگے۔ یہ ایسا ہوا کہ موآبی عورتیں اپنے دیوتاؤں کو قربانیاں پیش کرتے وقت اسرائیلیوں کو شریک ہونے کی دعوت دینے لگیں۔ اسرائیلی دعوت قبول کر کے قربانیوں سے کھانے اور دیوتاؤں کو سجدہ کرنے لگے۔ اِس طریقے سے اسرائیلی موآبی دیوتا بنام بعل فغور کی پوجا کرنے لگے، اور رب کا غضب اُن پر آن پڑا۔ اُس نے موسیٰ سے کہا، ”اِس قوم کے تمام راہنماؤں کو سزائے موت دے کر سورج کی روشنی میں رب کے سامنے لٹکا، ورنہ رب کا اسرائیلیوں پر سے غضب نہیں ٹلے گا۔“ چنانچہ موسیٰ نے اسرائیل کے قاضیوں سے کہا، ”لازم ہے کہ تم میں سے ہر ایک اپنے اُن آدمیوں کو جان سے مار دے جو بعل فغور دیوتا کی پوجا میں شریک ہوئے ہیں۔“ موسیٰ اور اسرائیل کی پوری جماعت ملاقات کے خیمے کے دروازے پر جمع ہو کر رونے لگے۔ اتفاق سے اُسی وقت ایک آدمی وہاں سے گزرا جو ایک مِدیانی عورت کو اپنے گھر لے جا رہا تھا۔ یہ دیکھ کر ہارون کا پوتا فینحاس بن اِلی عزر جماعت سے نکلا اور نیزہ پکڑ کر اُس اسرائیلی کے پیچھے چل پڑا۔ وہ عورت سمیت اپنے خیمے میں داخل ہوا تو فینحاس نے اُن کے پیچھے پیچھے جا کر نیزہ اِتنے زور سے مارا کہ وہ دونوں میں سے گزر گیا۔ اُس وقت وبا پھیلنے لگی تھی، لیکن فینحاس کے اِس عمل سے وہ رُک گئی۔ توبھی 24,000 افراد مر چکے تھے۔ رب نے موسیٰ سے کہا، ”ہارون کے پوتے فینحاس بن اِلی عزر نے اسرائیلیوں پر میرا غصہ ٹھنڈا کر دیا ہے۔ میری غیرت اپنا کر وہ اسرائیل میں دیگر معبودوں کی پوجا کو برداشت نہ کر سکا۔ اِس لئے میری غیرت نے اسرائیلیوں کو نیست و نابود نہیں کیا۔ لہٰذا اُسے بتا دینا کہ مَیں اُس کے ساتھ سلامتی کا عہد قائم کرتا ہوں۔ اِس عہد کے تحت اُسے اور اُس کی اولاد کو ابد تک امام کا عُہدہ حاصل رہے گا، کیونکہ اپنے خدا کی خاطر غیرت کھا کر اُس نے اسرائیلیوں کا کفارہ دیا۔“ جس آدمی کو مِدیانی عورت کے ساتھ مار دیا گیا اُس کا نام زِمری بن سلو تھا، اور وہ شمعون کے قبیلے کے ایک آبائی گھرانے کا سرپرست تھا۔ مِدیانی عورت کا نام کزبی تھا، اور وہ صور کی بیٹی تھی جو مِدیانیوں کے ایک آبائی گھرانے کا سرپرست تھا۔ رب نے موسیٰ سے کہا، ”مِدیانیوں کو دشمن قرار دے کر اُنہیں مار ڈالنا۔ کیونکہ اُنہوں نے اپنی چالاکیوں سے تمہارے ساتھ دشمن کا سا سلوک کیا، اُنہوں نے تمہیں بعل فغور کی پوجا کرنے پر اُکسایا اور تمہیں اپنی بہن مِدیانی سردار کی بیٹی کزبی کے ذریعے جسے وبا پھیلتے وقت مار دیا گیا بہکایا۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں گِنتی 25

گِنتی 1:25-18 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور اِسرائیلی شِطّیم میں رہتے تھے اور لوگوں نے موآبی عَورتوں کے ساتھ حرام کاری شرُوع کر دی۔ کیونکہ وہ عَورتیں اِن لوگوں کو اپنے دیوتاؤں کی قُربانیوں میں آنے کی دعوت دیتی تِھیں اور یہ لوگ جا کر کھاتے اور اُن کے دیوتاؤں کو سِجدہ کرتے تھے۔ یُوں اِسرائیلی بعل فغُور کو پُوجنے لگے۔ تب خُداوند کا قہر بنی اِسرائیل پر بھڑکا۔ اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا قَوم کے سب سرداروں کو پکڑ کر خُداوند کے حضُور دُھوپ میں ٹانگ دے تاکہ خُداوند کا شدِید قہر اِسرائیلؔ پر سے ٹل جائے۔ سو مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کے حاکِموں سے کہا کہ تُمہارے جو جو آدمی بعل فغُور کی پُوجا کرنے لگے ہیں اُن کو قتل کر ڈالو۔ اور جب بنی اِسرائیل کی جماعت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر رو رہی تھی تو ایک اِسرائیلی مُوسیٰ اور تمام لوگوں کی آنکھوں کے سامنے ایک مِدیانی عَورت کو اپنے ساتھ اپنے بھائِیوں کے پاس لے آیا۔ جب فِینحاؔس بِن الِیعزر بِن ہارُون کاہِن نے یہ دیکھا تو اُس نے جماعت میں سے اُٹھ ہاتھ میں ایک برچھی لی۔ اور اُس مَرد کے پِیچھے جا کر خَیمہ کے اندر گُھسا اور اُس اِسرائیلی مَرد اور اُس عَورت دونوں کا پیٹ چھید دِیا۔ تب بنی اِسرائیل میں سے وبا جاتی رہی۔ اور جِتنے اِس وبا سے مَرے اُن کا شُمار چَوبِیس ہزار تھا۔ اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ فِینحاؔس بِن الِیعزر بِن ہارُون کاہِن نے میرے قہر کو بنی اِسرائیل پر سے ہٹایا کیونکہ اُن کے بِیچ اُسے میرے لِئے غَیرت آئی۔ اِسی لِئے مَیں نے بنی اِسرائیل کو اپنی غَیرت کے جوش میں نابُود نہیں کِیا۔ سو تُو کہہ دے کہ مَیں نے اُس سے اپنا صُلح کا عہد باندھا۔ اور وہ اُس کے لِئے اور اُس کے بعد اُس کی نسل کے لِئے کہانت کا دائِمی عہد ہو گا کیونکہ وہ اپنے خُدا کے لِئے غیرت مند ہُؤا اور اُس نے بنی اِسرائیل کے لِئے کفّارہ دِیا۔ اُس اِسرائیلی مَرد کا نام جو اُس مِدیانی عَورت کے ساتھ مارا گیا زِمرؔی تھا جو سلُو کا بیٹا اور شمعُوؔن کے قبِیلہ کے ایک آبائی خاندان کا سردار تھا۔ اور جو مِدیانی عَورت ماری گئی اُس کا نام کزبی تھا۔ وہ صُور کی بیٹی تھی جو مِدیان میں ایک آبائی خاندان کے لوگوں کا سردار تھا۔ اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ مِدیانِیوں کو ستانا اور اُن کو مارنا۔ کیونکہ وہ تُم کو اپنے مکر کے دام میں پھنسا کر ستاتے ہیں جَیسا فغُور کے مُعاملہ میں ہُؤا اور کزبی کے مُعاملہ میں بھی ہُؤا جو مِدیاؔن کے سردار کی بیٹی اور مِدیانِیوں کی بہن تھی اور فغُور ہی کے مُعاملہ میں وبا کے دِن ماری گئی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں گِنتی 25