گِنتی 1:20-13
گِنتی 1:20-13 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پہلے مہینے میں بنی اِسرائیل کی ساری جماعت صینؔ کے بیابان میں پہُنچی اَور وہ لوگ قادِسؔ میں رہنے لگے۔ اَور مِریمؔ نے وہاں وفات پائی اَور وہیں پر دفن ہُوئی۔ وہاں اِسرائیل کے لوگوں کے لیٔے پانی نہ مِلا۔ لہٰذا وہ مَوشہ اَور اَہرونؔ کے خِلاف اِکھٹّے ہُوئے۔ مَوشہ سے جھگڑا کرکے کہنے لگے، ”کاش ہم بھی اُس وقت ہی مَر گیٔے ہوتے جَب ہمارے بھایٔی یَاہوِہ کے حُضُور مَر گیٔے! تُم یَاہوِہ کی جماعت کو اِس بیابان میں کیوں لے آئے ہو کہ ہم اَور ہمارے مویشی یہاں مَر جایٔیں؟ تُم نے ہمیں مِصر سے نکال کر اِس ہولناک جگہ میں کیوں پہُنچا دیا؟ یہاں نہ تو اناج ہے نہ اَنجیر، نہ انگوری باغ ہیں نہ انار۔ یہاں تک کہ پینے کے لیٔے پانی بھی مُیسّر نہیں ہے!“ تَب مَوشہ اَور اَہرونؔ جماعت کے پاس سے خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر جا کر مُنہ کے بَل گِرے اَور یَاہوِہ کا جلال اُن پر ظاہر ہُوا۔ اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: ”اُس عصا کو لے لینا اَور تُم اَور تمہارا بھایٔی اَہرونؔ دونوں مِل کر جماعت کو جمع کرو اَور اُن کی آنکھوں کے سامنے اُس چٹّان سے کہو اَور وہ اَپنا پانی اُنڈیل دے گی۔ اِس طرح تُم جماعت کے لیٔے اُس چٹّان سے پانی نکالنا تاکہ وہ اَور اُن کے مویشی پی سکیں۔“ چنانچہ مَوشہ نے یَاہوِہ کے حُضُور ٹھیک اُن کے حُکم کے مُطابق وہ عصا لیا اَور اُس نے اَور اَہرونؔ نے جماعت کو اُس چٹّان کے سامنے جمع کیا اَور مَوشہ نے اُن سے کہا، ”اَے باغیو! سُنو کیا ہم تمہارے لیٔے اِسی چٹّان سے پانی نکالیں؟“ تَب مَوشہ نے اَپنا ہاتھ اُٹھایا اَور اُس چٹّان پر دو بار عصا مارا اَور پانی بہہ نِکلا، جسے جماعت نے اَور اُن کے مویشیوں نے پیا۔ لیکن یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے کہا، ”چونکہ تُم نے مُجھ پر اِتنا بھروسا نہ رکھا کہ بنی اِسرائیل کے سامنے میری تقدیس اَور میرا اِحترام کرتے اِس لیٔے تُم اِس جماعت کو اُس مُلک میں نہیں پہُنچاؤگے جسے میں اُنہیں دے رہا ہُوں۔“ مریبہؔ کا چشمہ یہی ہے جہاں بنی اِسرائیل نے یَاہوِہ سے جھگڑا کیا تھا اَور وہ اُن کے درمیان پاک ثابت ہُوا۔
گِنتی 1:20-13 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پہلے مہینے میں اسرائیل کی پوری جماعت دشتِ صین میں پہنچ کر قادس میں رہنے لگی۔ وہاں مریم نے وفات پائی اور وہیں اُسے دفنایا گیا۔ قادس میں پانی دست یاب نہیں تھا، اِس لئے لوگ موسیٰ اور ہارون کے مقابلے میں جمع ہوئے۔ وہ موسیٰ سے یہ کہہ کر جھگڑنے لگے، ”کاش ہم اپنے بھائیوں کے ساتھ رب کے سامنے مر گئے ہوتے! آپ رب کی جماعت کو کیوں اِس ریگستان میں لے آئے؟ کیا اِس لئے کہ ہم یہاں اپنے مویشیوں سمیت مر جائیں؟ آپ ہمیں مصر سے نکال کر اِس ناخوش گوار جگہ پر کیوں لے آئے ہیں؟ یہاں نہ تو اناج، نہ انجیر، انگور یا انار دست یاب ہیں۔ پانی بھی نہیں ہے!“ موسیٰ اور ہارون لوگوں کو چھوڑ کر ملاقات کے خیمے کے دروازے پر گئے اور منہ کے بل گرے۔ تب رب کا جلال اُن پر ظاہر ہوا۔ رب نے موسیٰ سے کہا، ”عہد کے صندوق کے سامنے پڑی لاٹھی پکڑ کر ہارون کے ساتھ جماعت کو اکٹھا کر۔ اُن کے سامنے چٹان سے بات کرو تو وہ اپنا پانی دے گی۔ یوں تُو چٹان میں سے جماعت کے لئے پانی نکال کر اُنہیں اُن کے مویشیوں سمیت پانی پلائے گا۔“ موسیٰ نے ایسا ہی کیا۔ اُس نے عہد کے صندوق کے سامنے پڑی لاٹھی اُٹھائی اور ہارون کے ساتھ جماعت کو چٹان کے سامنے اکٹھا کیا۔ موسیٰ نے اُن سے کہا، ”اے بغاوت کرنے والو، سنو! کیا ہم اِس چٹان میں سے تمہارے لئے پانی نکالیں؟“ اُس نے لاٹھی کو اُٹھا کر چٹان کو دو مرتبہ مارا تو بہت سا پانی پھوٹ نکلا۔ جماعت اور اُن کے مویشیوں نے خوب پانی پیا۔ لیکن رب نے موسیٰ اور ہارون سے کہا، ”تمہارا مجھ پر اِتنا ایمان نہیں تھا کہ میری قدوسیت کو اسرائیلیوں کے سامنے قائم رکھتے۔ اِس لئے تم اِس جماعت کو اُس ملک میں نہیں لے جاؤ گے جو مَیں اُنہیں دوں گا۔“ یہ واقعہ مریبہ یعنی ’جھگڑنا‘ کے پانی پر ہوا۔ وہاں اسرائیلیوں نے رب سے جھگڑا کیا، اور وہاں اُس نے اُن پر ظاہر کیا کہ وہ قدوس ہے۔
گِنتی 1:20-13 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور پہلے مہِینے میں بنی اِسرائیل کی ساری جماعت دشتِ صِین میں آ گئی اور وہ لوگ قادِس میں رہنے لگے اور مریمؔ نے وہاں وفات پائی اور وہیں دفن ہُوئی۔ اور جماعت کے لوگوں کے لِئے وہاں پانی نہ مِلا۔ سو وہ مُوسیٰ اور ہارُون کے برخِلاف اِکٹّھے ہُوئے۔ اور لوگ مُوسیٰ سے جھگڑنے اور یہ کہنے لگے ہائے کاش ہم بھی اُسی وقت مَر جاتے جب ہمارے بھائی خُداوند کے حضُور مَرے! تُم خُداوند کی جماعت کو اِس دشت میں کیوں لے آئے ہو کہ ہم بھی اور ہمارے جانور بھی یہاں مَریں؟ اور تُم نے کیوں ہم کو مِصرؔ سے نِکال کر اِس بُری جگہ پُہنچایا ہے؟ یہ تو بونے کی اور انجِیروں اور تاکوں اور اناروں کی جگہ نہیں ہے بلکہ یہاں تو پِینے کے لِئے پانی تک مُیسّر نہیں۔ اور مُوسیٰ اور ہارُون جماعت کے پاس سے جا کر خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر اَوندھے مُنہ گِرے۔ تب خُداوند کا جلال اُن پر ظاہِر ہُؤا۔ اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ اُس لاٹھی کو لے اور تُو اور تیرا بھائی ہارُون تُم دونوں جماعت کو اِکٹّھا کرو اور اُن کی آنکھوں کے سامنے اُس چٹان سے کہو کہ وہ اپنا پانی دے اور تُو اُن کے لِئے چٹان ہی سے پانی نِکالنا۔ یُوں جماعت کو اور اُن کے چَوپایوں کو پِلانا۔ چُنانچہ مُوسیٰ نے خُداوند کے حضُور سے اُسی کے حُکم کے مُطابِق وہ لاٹھی لی۔ اور مُوسیٰ اور ہارُون نے جماعت کو اُس چٹان کے سامنے اِکٹّھا کِیا اور اُس نے اُن سے کہا سُنو اَے باغیو! کیا ہم تُمہارے لِئے اِسی چٹان سے پانی نِکالیں؟ تب مُوسیٰ نے اپنا ہاتھ اُٹھایا اور اُس چٹان پر دو بار لاٹھی ماری اور کثرت سے پانی بہہ نِکلا اور جماعت نے اور اُن کے چَوپایوں نے پِیا۔ پر مُوسیٰ اور ہارُون سے خُداوند نے کہا چُونکہ تُم نے میرا یقِین نہیں کِیا کہ بنی اِسرائیل کے سامنے میری تقدِیس کرتے اِس لِئے تُم اِس جماعت کو اُس مُلک میں جو مَیں نے اُن کو دِیا ہے نہیں پُہنچانے پاؤ گے۔ مریبہ کا چشمہ یِہی ہے کیونکہ بنی اِسرائیل نے خُداوند سے جھگڑا کِیا اور وہ اُن کے درمیان قُدُّوس ثابِت ہُؤا۔