نحمیاہ 1:6-9

نحمیاہ 1:6-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

جَب سنبلّطؔ، طُوبیاہؔ، گیشمؔ عربی اَور ہمارے باقی دُشمنوں کو خبر مِلی کہ مَیں نے دیوار دوبارہ تعمیر کرلی ہے اَور اُس میں کویٔی بھی شگاف باقی نہیں رہا۔ اگرچہ مَیں نے ابھی تک پھاٹکوں میں دروازے نہیں لگائے تھے۔ سنبلّطؔ اَور گیشمؔ نے مُجھے یہ پیغام بھیجا: ”بڑا اَچھّا ہوگا اگر ہم اُونوؔ کے میدان کے کسی گاؤں میں باہم مُلاقات کر سکیں۔“ مگر حقیقت یہ تھی کہ وہ مُجھے ضرر پہُنچانے کے منصُوبے باندھ رہے تھے۔ اِس لیٔے مَیں نے اِس جَواب کے ساتھ اُن کی طرف قاصِد بھیجے: ”میں ایک بڑے منصُوبہ پر کام میں مصروف ہُوں اِس لیٔے نہیں آسکتا۔ یہ کام چھوڑکر تمہارے پاس میرے آنے سے کام کیوں بندہو؟“ چار بار اُنہُوں نے مُجھے یہی پیغام بھیجا اَور مَیں نے بھی ہر دفعہ اُنہیں یہی جَواب دیا۔ تَب پانچویں مرتبہ سنبلّطؔ نے یہی پیغام دے کر اَپنے ایک مُعاوِن کو میرے پاس بھیجا جو اَپنے ہاتھ میں ایک کھُلا خط لیٔے ہُوئے تھا جِس میں لِکھّا تھا: ”قوموں میں یہ افواہ پھیلی ہُوئی ہے اَور گیشمؔ کہتاہے کہ یہ سچ ہے کہ تُو اَور یہُودی مِل کر بغاوت کرنے کی سازش کر رہے ہو۔ اَور اِسی لیٔے تُو فصیل تعمیر کر رہاہے۔ اِن باتوں سے صَاف ظاہر ہے کہ تُو اُن کا بادشاہ بننا چاہتاہے۔ اَور تُونے یروشلیمؔ میں نبی بھی مُقرّر کئے ہیں جو تیرے حق میں یہ اعلان کریں: ’یہُوداہؔ میں ایک بادشاہ ہے!‘ اَب یہ خبر بادشاہ تک بھی جا پہُنچے گی۔ لہٰذا آ ہم باہم صلاح مشورہ کریں۔“ مَیں نے اُسے یہ جَواب بھیجا: ”جو کچھ تُو کہتاہے اَیسی کویٔی بات نہیں ہُوئی اَور یہ صِرف تیرے اَپنے دماغ کی ایجاد ہے۔“ وہ سَب یہ سوچ کر ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہے تھے، ”ہمارے ہاتھ کام کرنے کے لیٔے کمزور پڑ جایٔیں، لہٰذا کام مُکمّل نہیں ہو پایٔےگا۔“ لیکن مَیں نے دعا کی، ”میرے ہاتھوں کو مضبُوط کیجئے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 6

نحمیاہ 1:6-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

سنبلّط، طوبیاہ، جشم عربی اور ہمارے باقی دشمنوں کو پتا چلا کہ مَیں نے فصیل کو تکمیل تک پہنچایا ہے اور دیوار میں کہیں بھی خالی جگہ نظر نہیں آتی۔ صرف دروازوں کے کواڑ اب تک لگائے نہیں گئے تھے۔ تب سنبلّط اور جشم نے مجھے پیغام بھیجا، ”ہم وادیٔ اونو کے شہر کفیریم میں آپ سے ملنا چاہتے ہیں۔“ لیکن مجھے معلوم تھا کہ وہ مجھے نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ اِس لئے مَیں نے قاصدوں کے ہاتھ جواب بھیجا، ”مَیں اِس وقت ایک بڑا کام تکمیل تک پہنچا رہا ہوں، اِس لئے مَیں آ نہیں سکتا۔ اگر مَیں آپ سے ملنے آؤں تو پورا کام رُک جائے گا۔“ چار دفعہ اُنہوں نے مجھے یہی پیغام بھیجا اور ہر بار مَیں نے وہی جواب دیا۔ پانچویں مرتبہ جب سنبلّط نے اپنے ملازم کو میرے پاس بھیجا تو اُس کے ہاتھ میں ایک کھلا خط تھا۔ خط میں لکھا تھا، ”پڑوسی ممالک میں افواہ پھیل گئی ہے کہ آپ اور باقی یہودی بغاوت کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ جشم نے اِس بات کی تصدیق کی ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ اِسی وجہ سے آپ فصیل بنا رہے ہیں۔ اِن رپورٹوں کے مطابق آپ اُن کے بادشاہ بنیں گے۔ کہا جاتا ہے کہ آپ نے نبیوں کو مقرر کیا ہے جو یروشلم میں اعلان کریں کہ آپ یہوداہ کے بادشاہ ہیں۔ بےشک ایسی افواہیں شہنشاہ تک بھی پہنچیں گی۔ اِس لئے آئیں، ہم مل کر ایک دوسرے سے مشورہ کریں کہ کیا کرنا چاہئے۔“ مَیں نے اُسے جواب بھیجا، ”جو کچھ آپ کہہ رہے ہیں وہ جھوٹ ہی جھوٹ ہے۔ کچھ نہیں ہو رہا، بلکہ آپ نے فرضی کہانی گھڑ لی ہے!“ اصل میں دشمن ہمیں ڈرانا چاہتے تھے۔ اُنہوں نے سوچا، ”اگر ہم ایسی باتیں کہیں تو وہ ہمت ہار کر کام سے باز آئیں گے۔“ لیکن اب مَیں نے زیادہ عزم کے ساتھ کام جاری رکھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 6

نحمیاہ 1:6-9 کِتابِ مُقادّس (URD)

جب سنبلّط اور طُوبیاؔہ اور جشم عربی اور ہمارے باقی دُشمنوں نے سُنا کہ مَیں شہر پناہ کو بنا چُکا اور اُس میں کوئی رخنہ باقی نہیں رہا (اگرچہ اُس وقت تک مَیں نے پھاٹکوں میں کواڑے نہیں لگائے تھے)۔ تو سنبلّط اور جشم نے مُجھے یہ کہلا بھیجا کہ آ ہم اونو کے مَیدان کے کِسی گاؤں میں باہم مُلاقات کریں پر وہ مُجھ سے بدی کرنے کی فِکر میں تھے۔ سو مَیں نے اُن کے پاس قاصِدوں سے کہلا بھیجا کہ مَیں بڑے کام میں لگا ہُوں اور آ نہیں سکتا۔ میرے اِسے چھوڑ کر تُمہارے پاس آنے سے یہ کام کیوں مَوقُوف رہے؟ اُنہوں نے چار بار میرے پاس اَیسا ہی پَیغام بھیجا اور مَیں نے اُن کو اِسی طرح کا جواب دِیا۔ پِھر سنبلّط نے پانچوِیں بار اُسی طرح سے اپنے نَوکر کو میرے پاس ہاتھ میں کُھلی چِٹّھی لِئے ہُوئے بھیجا۔ جِس میں لِکھا تھا کہ اَور قَوموں میں یہ افواہ ہے اور جشمُو یِہی کہتا ہے کہ تیرا اور یہُودیوں کا اِرادہ بغاوت کرنے کا ہے۔ اِسی سبب سے تُو شہر پناہ بناتا ہے اور تُو اِن باتوں کے مُطابِق اُن کا بادشاہ بننا چاہتا ہے۔ اور تُو نے نبِیوں کو بھی مُقرّر کِیا کہ یروشلیِم میں تیرے حق میں مُنادی کریں اور کہیں کہ یہُوداؔہ میں ایک بادشاہ ہے۔ پس اِن باتوں کے مُطابِق بادشاہ کو اِطلاع کی جائے گی۔ سو اب آ ہم باہم مشورَہ کریں۔ تب مَیں نے اُس کے پاس کہلا بھیجا جو تُو کہتا ہے اِس طرح کی کوئی بات نہیں ہُوئی بلکہ تُو یہ باتیں اپنے ہی دِل سے بناتا ہے۔ وہ سب تو ہم کو ڈرانا چاہتے تھے اور کہتے تھے کہ اِس کام میں اُن کے ہاتھ اَیسے ڈِھیلے پڑ جائیں گے کہ وہ ہونے ہی کا نہیں پر اب اَے خُدا تُو میرے ہاتھوں کو زور بخش۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 6