نحمیاہ 31:12-43

نحمیاہ 31:12-43 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

میں یہُوداہؔ کے اُمرا کو فصیل کے اُوپر لے گیا اَور شُکر گزاری کرنے کے لیٔے مَیں نے گانے والوں کے دو بڑے گِروہ بھی مُقرّر کئے کہ ایک گِروہ فصیل کے اُوپر مشرق کی طرف گوبر پھاٹک کی طرف چلے۔ اَور ہوشعیاہؔ اَور یہُوداہؔ کے آدھے سربراہ اُن کے پیچھے پیچھے چلیں۔ اَور عزریاہؔ، عزراؔ، مِشُلّامؔ، یہُوداہؔ، بِنیامین، شمعیاہؔ، یرمیاہؔ اُن کے ساتھی تھے۔ کچھ کاہِنؔ بھی نرسنگے لیٔے ہُوئے اَور زکریاؔہ بِن یُوناتانؔ بِن شمعیاہؔ بِن متّنیاہؔ بِن میکایاہؔ بِن زکُورؔ بِن آسفؔ بھی اُن کے ہمراہ تھا۔ اَور اُس کے بھایٔی شمعیاہؔ، عزرایلؔ، مِلالائی، گِلَلائی، ماعیؔ، نتنی ایل، یہُوداہؔ اَور حنانیؔ مَرد خُدا داویؔد کے موسیقی کے ساز لیٔے ہُوئے تھے۔ اَور شَریعت کا مُعلّم عزراؔ جلوس کی رہنمائی کر رہاتھا۔ چشمہ پھاٹک پر سے وہ سیدھے آگے چلتے گیٔے اَور داویؔد کے شہر کی سِیڑھیوں کے اُوپر سے فصیل کی چڑھائی کی جانِب اَور داویؔد کے محل کے اُوپر سے گزر کر مشرق کی طرف پانی کے پھاٹک کو گیٔے۔ موسیقاروں کا دُوسرا گِروہ اُن کی مُخالف سمت کو گیا اَور مَیں فصیل کے اُوپر دیگر لوگوں کے ہمراہ اُن کے پیچھے پیچھے چلا اَور تنوروں کے بُرج کے پاس سے ہوکر چوڑی فصیل تک اَور اِفرائیمؔ کے پھاٹک، یشانہؔ پھاٹک یعنی پرانے پھاٹک، مچھلی پھاٹک، حَنن ایل کے بُرج، ہمّیاہؔ کے بُرج پر سے ہوتے ہُوئے بھیڑ پھاٹک تک گیٔے اَور پہرے والوں کے پھاٹک پر رُک گیٔے۔ شُکر گُزاری کرنے والے دونوں گِروہ خُدا کے گھر میں اَپنی اَپنی جگہ کھڑے ہو گئے۔ مَیں نے اَور میرے ساتھ والے آدھے اُمرا نے بھی یہی کیا۔ اَور کاہِنؔ یعنی اِلیاقیؔم، معسیاہؔ، مِنیامین، میکایاہؔ، الیوعینائی، زکریاؔہ اَور حننیاہؔ نرسنگے لیٔے ہُوئے تھے اَور معسیاہؔ، شمعیاہؔ، الیعزرؔ، عُزّی، یِہُوحنانؔ، ملکیاہؔ عیلامؔ اَور عزرؔ اَور گانے والے گِروہ نے اَپنے سردار یزرحیاہؔ کی زیرِ ہدایت خُوب نغمہ گائے۔ اَور اُس دِن اُنہُوں نے خُوشی سے بہت سِی قُربانیاں چڑھائیں کیونکہ خُدا نے اُنہیں بڑی خُوشی عطا فرمائی تھی۔ عورتوں اَور بچّوں نے بھی خُوشی منائی اَور یروشلیمؔ میں جَشن منانے کی آواز دُور تک سُنایٔی دیتی تھی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 12

نحمیاہ 31:12-43 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اِس کے بعد مَیں نے یہوداہ کے قبیلے کے بزرگوں کو فصیل پر چڑھنے دیا اور گلوکاروں کو شکرگزاری کے دو بڑے گروہوں میں تقسیم کیا۔ پہلا گروہ فصیل پر چلتے چلتے جنوب میں واقع کچرے کے دروازے کی طرف بڑھ گیا۔ اِن گلوکاروں کے پیچھے ہوسعیاہ یہوداہ کے آدھے بزرگوں کے ساتھ چلا جبکہ اِن کے پیچھے عزریاہ، عزرا، مسُلّام، یہوداہ، بن یمین، سمعیاہ اور یرمیاہ چلے۔ آخری گروہ امام تھے جو تُرم بجاتے رہے۔ اِن کے پیچھے ذیل کے موسیقار آئے: زکریاہ بن یونتن بن سمعیاہ بن متنیاہ بن میکایاہ بن زکور بن آسف اور اُس کے بھائی سمعیاہ، عزرایل، مِللی، جِللی، ماعی، نتنی ایل، یہوداہ اور حنانی۔ یہ آدمی مردِ خدا داؤد کے ساز بجاتے رہے۔ شریعت کے عالِم عزرا نے جلوس کی راہنمائی کی۔ چشمے کے دروازے کے پاس آ کر وہ سیدھے اُس سیڑھی پر چڑھ گئے جو یروشلم کے اُس حصے تک پہنچاتی ہے جو ’داؤد کا شہر‘ کہلاتا ہے۔ پھر داؤد کے محل کے پیچھے سے گزر کر وہ شہر کے مغرب میں واقع پانی کے دروازے تک پہنچ گئے۔ شکرگزاری کا دوسرا گروہ فصیل پر چلتے چلتے شمال میں واقع تنوروں کے بُرج اور ’موٹی دیوار‘ کی طرف بڑھ گیا، اور مَیں باقی لوگوں کے ساتھ اُس کے پیچھے ہو لیا۔ ہم افرائیم کے دروازے، یسانہ کے دروازے، مچھلی کے دروازے، حنن ایل کے بُرج، میا بُرج اور بھیڑ کے دروازے سے ہو کر محافظوں کے دروازے تک پہنچ گئے جہاں ہم رُک گئے۔ پھر شکرگزاری کے دونوں گروہ رب کے گھر کے پاس کھڑے ہو گئے۔ مَیں بھی بزرگوں کے آدھے حصے اور ذیل کے تُرم بجانے والے اماموں کے ساتھ رب کے گھر کے صحن میں کھڑا ہوا: اِلیاقیم، معسیاہ، من یمین، میکایاہ، اِلیوعینی، زکریاہ اور حننیاہ۔ معسیاہ، سمعیاہ، اِلی عزر، عُزّی، یوحنان، ملکیاہ، عیلام اور عزر بھی ہمارے ساتھ تھے۔ گلوکار اِزرخیاہ کی راہنمائی میں حمد و ثنا کے گیت گاتے رہے۔ اُس دن ذبح کی بڑی بڑی قربانیاں پیش کی گئیں، کیونکہ اللہ نے ہم سب کو بال بچوں سمیت بڑی خوشی دلائی تھی۔ خوشیوں کا اِتنا شور مچ گیا کہ اُس کی آواز دُوردراز علاقوں تک پہنچ گئی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 12

نحمیاہ 31:12-43 کِتابِ مُقادّس (URD)

تب مَیں یہُوداؔہ کے امِیروں کو دِیوار پر لایا اور مَیں نے دو بڑے غول مُقرّر کِئے جو حمد کرتے ہُوئے جلُوس میں نِکلے۔ ایک اُن میں سے دہنے ہاتھ کی طرف دِیوار کے اُوپر اُوپر سے کُوڑے کے پھاٹک کی طرف گیا۔ اور یہ اُن کے پِیچھے پِیچھے گئے یعنی ہُوسعیاؔہ اور یہُوداؔہ کے آدھے سردار۔ عزریاؔہ عزرا اور مُسلاّؔم۔ یہُوداؔہ اور بِنیمِین اور سمعیاؔہ اور یِرمیاؔہ۔ اور کُچھ کاہِن زادے نرسِنگے لِئے ہُوئے یعنی زکریاؔہ بِن یُونتن بِن سمعیاؔہ بِن متّنیاؔہ بِن مِیکاؔیاہ بِن زکُّور بِن آسف۔ اور اُس کے بھائی سمعیاؔہ اور عزراؔیل۔ مِللَی۔ جِللَی۔ ماعَی۔ نتنی ایل اور یہُوداؔہ اور حنانی مَردِ خُدا داؤُد کے باجوں کو لِئے ہُوئے جاتے تھے اور عزُرا فقِیہہ اُن کے آگے آگے تھا۔ اور وہ چشمہ پھاٹک سے ہو کر سِیدھے آگے گئے اور داؤُد کے شہر کی سِیڑھیوں پر چڑھ کر شہر پناہ کی اُونچائی پر پُہنچے اور داؤُد کے محلّ کے اُوپر ہو کر پانی پھاٹک تک مشرِق کی طرف گئے۔ اور شُکرگُذاری کرنے والوں کا دُوسرا غول اور اُن کے پِیچھے پِیچھے مَیں اور آدھے لوگ اُن سے مِلنے کو دِیوار پر تنُوروں کے بُرج کے اُوپر چَوڑی دِیوار تک۔ اور اِفرائیمی پھاٹک کے اُوپر پُرانے پھاٹک اور مچھلی پھاٹک اور حنن ایل کے بُرج اور ہمّیاؔہ کے بُرج پر سے ہوتے ہُوئے بھیڑ پھاٹک تک گئے اور پہرے والوں کے پھاٹک پر کھڑے ہو گئے۔ سو شُکرگُذاری کرنے والوں کے دونوں غول اور مَیں اور میرے ساتھ آدھے حاکِم خُدا کے گھر میں کھڑے ہو گئے۔ اور کاہِن الِیاقِیم معسیاؔہ مِنیمِین مِیکاؔیاہ الیوعینی زکرؔیاہ حننیاؔہ نرسِنگے لِئے ہُوئے تھے۔ اور معسیاؔہ اور سمعیاؔہ اور الِیعزؔر اور عُزّی اور یہُوحناؔن اور ملکیاہ اور عیلاؔم اور عزر اپنے سردار گانے والے اِزرخیاؔہ کے ساتھ بُلند آواز سے گاتے تھے۔ اور اُس دِن اُنہوں نے بُہت سی قُربانِیاں چڑھائِیں اور خُوشی کی کیونکہ خُدا نے اَیسی خُوشی اُن کو بخشی کہ وہ نِہایت شادمان ہُوئے اور عَورتوں اور بچّوں نے بھی خُوشی منائی سو یروشلیِم کی خُوشی کی آواز دُور تک سُنائی دیتی تھی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 12