نحمیاہ 28:10-33
نحمیاہ 28:10-33 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
”باقی بچے لوگ کاہِنؔ، لیوی، دربان، موسیقار، بیت المُقدّس کے خُدّام اَور وہ تمام جنہوں نے خُدا کی تورہ کی پیروی کی خاطِر اَپنے آپ کو پڑوسی اَقوام سے الگ کر لیا تھا مع اَپنی بیویوں اَور بیٹے، بیٹیوں کے جو سمجھدار تھے۔ اَب اَپنے بھائیوں اَور اُمرا کے ساتھ مِل کر اِس قَسم میں شامل ہُوئے کہ وہ خُدا کے خادِم مَوشہ کی مَعرفت دی گئی خُدا کی تورہ کی پیروی کریں گے اَور بڑی احتیاط کے ساتھ یَاہوِہ اَپنے خُدا کے تمام اَحکام، ضوابط اَور قوانین کو مانیں گے۔ اگر نہیں تو ملعُون ٹھہریں گے۔ ”ہم وعدہ کرتے ہیں کہ شادی کے لیٔے ہم اَپنی بیٹیاں اَپنے اِردگرد کی اَقوام کو نہیں دیں گے اَور نہ ہی اَپنے بیٹوں کے لیٔے اُن کی بیٹیاں لیں گے۔ ”اگر پڑوسی مُلک تِجارت کا سامان یا اناج بیچنے کے لیٔے سَبت کے دِن لائیں تو ہم سَبت کے دِن یا کسی مُقدّس دِن اُسے اُن سے ہرگز نہ خریدیں گے۔ ہر ساتویں سال ہم زمین نہیں جوتیں گے اَور قرض دی ہُوئی رقم مُعاف کر دیں گے۔ ”اَپنے خُدا کے گھر کی خدمت کے لیٔے ہر سال ثاقل کا تیسرا حِصّہ دینے کے حُکم کی تعمیل کی ہم ذمّہ داری لیتے ہیں۔ یعنی نذر کی روٹی کے لیٔے، اناج کی دائمی نذروں اَور سوختنی نذروں کے لیٔے، سَبتوں، نئے چاند کی عیدوں اَور مُقرّرہ عیدوں کے لیٔے، پاکیزگی کی نذروں کے لیٔے اَور اِسرائیل کے کفّارے کے لئے گُناہ کی قُربانی کی نذروں کے لیٔے اَور اَپنے خُدا کے گھر میں دیگر فرائض کے لیٔے۔
نحمیاہ 28:10-33 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
قوم کے باقی لوگ بھی عہد میں شریک ہوئے یعنی باقی امام، لاوی، رب کے گھر کے دربان اور خدمت گار، گلوکار، نیز سب جو غیریہودی قوموں سے الگ ہو گئے تھے تاکہ رب کی شریعت کی پیروی کریں۔ اُن کی بیویاں اور وہ بیٹے بیٹیاں بھی شریک ہوئے جو عہد کو سمجھ سکتے تھے۔ اپنے بزرگ بھائیوں کے ساتھ مل کر اُنہوں نے قَسم کھا کر وعدہ کیا، ”ہم اُس شریعت کی پیروی کریں گے جو اللہ نے ہمیں اپنے خادم موسیٰ کی معرفت دی ہے۔ ہم احتیاط سے رب اپنے آقا کے تمام احکام اور ہدایات پر عمل کریں گے۔“ نیز، اُنہوں نے قَسم کھا کر وعدہ کیا، ”ہم اپنے بیٹے بیٹیوں کی شادی غیریہودیوں سے نہیں کرائیں گے۔ جب غیریہودی ہمیں سبت کے دن یا رب کے لئے مخصوص کسی اَور دن اناج یا کوئی اَور مال بیچنے کی کوشش کریں تو ہم کچھ نہیں خریدیں گے۔ ہر ساتویں سال ہم زمین کی کھیتی باڑی نہیں کریں گے اور تمام قرضے منسوخ کریں گے۔ ہم سالانہ رب کے گھر کی خدمت کے لئے چاندی کا چھوٹا سِکہ دیں گے۔ اِس خدمت میں ذیل کی چیزیں شامل ہیں: اللہ کے لئے مخصوص روٹی، غلہ کی نذر اور بھسم ہونے والی وہ قربانیاں جو روزانہ پیش کی جاتی ہیں، سبت کے دن، نئے چاند کی عید اور باقی عیدوں پر پیش کی جانے والی قربانیاں، خاص مُقدّس قربانیاں، اسرائیل کا کفارہ دینے والی گناہ کی قربانیاں، اور ہمارے خدا کے گھر کا ہر کام۔
نحمیاہ 28:10-33 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور باقی لوگ اور کاہِن اور لاوی اور دربان اور گانے والے اور نتنیِم اور سب جو خُدا کی شرِیعت کی خاطِر اَور مُلکوں کی قَوموں سے الگ ہو گئے تھے اور اُن کی بِیویاں اور اُن کے بیٹے اور بیٹیاں غرض جِن میں سمجھ اور عقل تھی۔ وہ سب کے سب اپنے بھائی امِیروں کے ساتھ مِل کر لَعنت و قَسم میں شامِل ہُوئے تاکہ خُدا کی شرِیعت پر جو بندۂِ خُدا مُوسیٰ کی معرفت مِلی چلیں اور یہُوواؔہ ہمارے خُداوند کے سب حُکموں اور فرمانوں اور آئِین کو مانیں اور اُن پر عمل کریں۔ اور ہم اپنی بیٹیاں مُلک کے باشِندوں کو نہ دیں اور نہ اپنے بیٹوں کے لِئے اُن کی بیٹیاں لیں۔ اور اگر مُلک کے لوگ سبت کے دِن کُچھ مال یا کھانے کی چِیز بیچنے کو لائیں تو ہم سبت کو یا کِسی مُقدّس دِن کو اُن سے مول نہ لیں اور ساتواں سال اور ہر قرض کا مُطالبہ چھوڑ دیں۔ اور ہم نے اپنے لِئے قانُون ٹھہرائے کہ اپنے خُدا کے گھر کی خِدمت کے لِئے سال بہ سال مِثقال کا تِیسرا حِصّہ دِیا کریں۔ یعنی سبتوں اور نئے چاندوں کی نذر کی روٹی اور دائِمی نذر کی قُربانی اور دائِمی سوختنی قُربانی کے لِئے اور مُقرّرہ عِیدوں اور مُقدّس چِیزوں اور خطا کی قُربانِیوں کے لِئے کہ اِسرائیل کے واسطے کفّارہ ہو اور اپنے خُدا کے گھر کے سب کاموں کے لِئے۔