مرقس 1:15-5
مرقس 1:15-5 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
صُبح ہوتے ہی، اہم کاہِنوں نے یہُودی بُزرگوں، شَریعت کے عالِموں اَور عدالتِ عالیہ کے باقی اراکین سے مِل کر مشورہ کیا، اَور فیصلہ کرکے یِسوعؔ، کو بندھوایا اَور لے جا کر پِیلاطُسؔ کے حوالہ کر دیا۔ پِیلاطُسؔ نے آپ سے پُوچھا، ”کیا آپ یہُودیوں کے بادشاہ ہیں؟“ آپ نے جَواب دیا، ”تُم خُود ہی کہہ رہے ہو۔“ اہم کاہِن آپ پر طرح طرح کے اِلزام لگانے لگے۔ لہٰذا پِیلاطُسؔ نے آپ سے دوبارہ پُوچھا، ”آپ نے کویٔی جَواب نہیں دیا؟ دیکھئے یہ لوگ آپ پر کتنے اِلزام پر اِلزام لگا رہے ہیں۔“ پھر بھی یِسوعؔ نے کویٔی جَواب نہیں دیا، اَور اِس پر پِیلاطُسؔ کو بڑا تعجُّب ہُوا۔
مرقس 1:15-5 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
صبح سویرے ہی راہنما امام بزرگوں، شریعت کے علما اور پوری یہودی عدالتِ عالیہ کے ساتھ مل کر فیصلے تک پہنچ گئے۔ وہ عیسیٰ کو باندھ کر وہاں سے لے گئے اور رومی گورنر پیلاطس کے حوالے کر دیا۔ پیلاطس نے اُس سے پوچھا، ”کیا تم یہودیوں کے بادشاہ ہو؟“ عیسیٰ نے جواب دیا، ”جی، آپ خود کہتے ہیں۔“ راہنما اماموں نے اُس پر بہت الزام لگائے۔ چنانچہ پیلاطس نے دوبارہ اُس سے سوال کیا، ”کیا تم کوئی جواب نہیں دو گے؟ یہ تو تم پر بہت سے الزامات لگا رہے ہیں۔“ لیکن عیسیٰ نے اِس پر بھی کوئی جواب نہ دیا، اور پیلاطس بڑا حیران ہوا۔
مرقس 1:15-5 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور فی الفَور صُبح ہوتے ہی سردار کاہِنوں نے بُزُرگوں اور فقِیہوں اور سب صدرعدالت والوں سمیت صلاح کر کے یِسُوعؔ کو بندھوایا اور لے جا کر پِیلاطُسؔ کے حوالہ کِیا۔ اور پِیلاطُسؔ نے اُس سے پُوچھا کیا تُو یہُودیوں کا بادشاہ ہے؟ اُس نے جواب میں اُس سے کہا تُو خُود کہتا ہے۔ اور سردار کاہِن اُس پر بُہت باتوں کا اِلزام لگاتے رہے۔ پِیلاطُسؔ نے اُس سے دوبارہ سوال کر کے یہ کہا تُو کُچھ جواب نہیں دیتا؟ دیکھ یہ تُجھ پر کِتنی باتوں کا اِلزام لگاتے ہیں؟ یِسُوعؔ نے پِھر بھی کُچھ جواب نہ دِیا یہاں تک کہ پِیلاطُسؔ نے تَعجُّب کِیا۔