میکاہ 1:1-7 - Compare All Versions

میکاہ 1:1-7 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)

ذیل میں رب کا وہ کلام درج ہے جو میکاہ مورشتی پر یہوداہ کے بادشاہوں یوتام، آخز اور حِزقیاہ کے دورِ حکومت میں نازل ہوا۔ اُس نے سامریہ اور یروشلم کے بارے میں یہ باتیں رویا میں دیکھیں۔ اے تمام اقوام، سنو! اے زمین اور جو کچھ اُس پر ہے، دھیان دو! رب قادرِ مطلق تمہارے خلاف گواہی دے، قادرِ مطلق اپنے مُقدّس گھر کی طرف سے گواہی دے۔ کیونکہ دیکھو، رب اپنی سکونت گاہ سے نکل رہا ہے تاکہ اُتر کر زمین کی بلندیوں پر چلے۔ اُس کے پاؤں تلے پہاڑ پگھل جائیں گے اور وادیاں پھٹ جائیں گی، وہ آگ کے سامنے پگھلنے والے موم یا ڈھلان پر اُنڈیلے گئے پانی کی مانند ہوں گے۔ یہ سب کچھ یعقوب کے جرم، اسرائیلی قوم کے گناہوں کے سبب سے ہو رہا ہے۔ کون یعقوب کے جرم کا ذمہ دار ہے؟ سامریہ! کس نے یہوداہ کو بلند جگہوں پر بُت پرستی کرنے کی تحریک دی؟ یروشلم نے! اِس لئے رب فرماتا ہے، ”مَیں سامریہ کو کھلے میدان میں ملبے کا ڈھیر بنا دوں گا، اِتنی خالی جگہ کہ لوگ وہاں انگور کے باغ لگائیں گے۔ مَیں اُس کے پتھر وادی میں پھینک دوں گا، اُسے اِتنے دھڑام سے گرا دوں گا کہ اُس کی بنیادیں ہی نظر آئیں گی۔ اُس کے تمام بُت ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں گے، اُس کی عصمت فروشی کا پورا اجر نذرِ آتش ہو جائے گا۔ مَیں اُس کے دیوتاؤں کے تمام مجسموں کو تباہ کر دوں گا۔ کیونکہ سامریہ نے یہ تمام چیزیں اپنی عصمت فروشی سے حاصل کی ہیں، اور اب یہ سب اُس سے چھین لی جائیں گی اور دیگر عصمت فروشوں کو معاوضے کے طور پر دی جائیں گی۔“

دوسروں تک پہنچائیں
میکاہ 1 URDGVU

میکاہ 1:1-7 URD (کِتابِ مُقادّس)

سامرؔیہ اور یروشلیِم کی بابت خُداوند کا کلام جو شاہانِ یہُوداؔہ یُوتام و آخز و حِزقِیاہ کے ایاّم میں مِیکاؔہ مورشتی پر رویا میں نازِل ہُؤا۔:- اَے سب لوگو سُنو! اے زمِین اور اُس کی معمُوری کان لگاؤ! اور خُداوند خُدا ہاں خُداوند اپنے مُقدّس مَسکِن سے تُم پر گواہی دے۔ کیونکہ دیکھ خُداوند اپنے مسکن سے باہر آتا ہے اور نازِل ہو کر زمِین کے اُونچے مقاموں کو پایمال کرے گا۔ اور پہاڑ اُس کے نِیچے پِگھل جائیں گے اور وادِیاں پھٹ جائیں گی جَیسے موم آگ سے پِگھل جاتا اور پانی کراڑے پر سے بہہ جاتا ہے۔ یہ سب یعقُوب کی خطا اور اِسرائیل کے گھرانے کے گُناہ کا نتِیجہ ہے۔ یعقُوب کی خطا کیا ہے؟ کیا سامریہ نہیں؟ اور یہُوداؔہ کے اُونچے مقام کیا ہیں؟ کیا یروشلِیم نہیں؟ اِس لِئے مَیں سامریہ کو کھیت کے تُودے کی مانِند اور تاکِستان لگانے کی جگہ کی مانِند بناؤُں گا اور مَیں اُس کے پتّھروں کو وادی میں ڈُھلکاؤُں گا اور اُس کی بُنیاد اُکھاڑ دُوں گا۔ اور اُس کی سب کھودی ہُوئی مُورتیں چُور چُور کی جائیں گی اور جو کُچھ اُس نے اُجرت میں پایا آگ سے جلایا جائے گا اور مَیں اُس کے سب بُتوں کو توڑ ڈالُوں گا کیونکہ اُس نے یہ سب کُچھ کسبی کی اُجرت سے پَیدا کِیا ہے اور وہ پِھر کسبی کی اُجرت ہو جائے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
میکاہ 1 URD

میکاہ 1:1-7 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)

سامریہؔ اَور یروشلیمؔ کی بابت یَاہوِہ کا کلام جو شاہانِ یہُوداہؔ یُوتامؔ و آحازؔ اَور حِزقیاہؔ کے ایّام میں موریشیت کے میکاہؔ پر رُویا میں نازل ہُوا۔ اَے سَب لوگو، سُنو، اَے زمین اَور اُس کی معموُری، کان لگاؤ، تاکہ یَاہوِہ قادر، ہاں یَاہوِہ اَپنے مُقدّس مَسکن سے تمہارے خِلاف گواہی دے۔ دیکھو! یَاہوِہ اَپنی قِیام گاہ سے باہر نکل رہے ہیں؛ وہ نیچے اُترا ہے تاکہ زمین کے اُونچے مقاموں کو پامال کرے۔ پہاڑ اُس کے نیچے پگھل جاتے ہیں اَور وادیاں پھٹ جاتی ہیں، جِس طرح موم آگ سے پگھل جاتا ہے، اَور پانی ڈھلان سے نیچے آتا ہے۔ یہ سَب یعقوب کی سرکشی اَور اِسرائیل کے گھرانے کے گُناہ کے باعث ہے۔ یعقوب کی سرکشی کیا ہے؟ کیا سامریہؔ نہیں؟ یہُوداہؔ کا اُونچا مقام کیا ہے؟ کیا یروشلیمؔ نہیں؟ اِس لیٔے میں سامریہؔ کو کوڑے کرکٹ کا ڈھیر بنا دُوں گا، اَور تاکستان لگانے کی جگہ کی مانند بناؤں گا۔ میں اُس کے پتّھروں کو وادی میں لُڑھکا دُوں گا اَور اُس کی بُنیاد اُکھاڑ دُوں گا۔ اُس کے سارے بُت چکنا چُور کر دئیے جایٔیں گے؛ اُس کے بُت خانوں کے تمام عطیات آگ میں جَلا دئیے جایٔیں گے؛ میں اُس کی مورتیاں تباہ کر دُوں گا۔ کیونکہ اُس نے اُنہیں طوائفوں کی کمائی سے جمع کیا تھا، اَور وہ پھر طوائف بازی کی کمائی کی طرح اِستعمال کئے جایٔیں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
میکاہ 1 UCV