متی 1:9-7
متی 1:9-7 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یِسوعؔ کشتی میں سوار ہوکر جھیل پار کرکے اَپنے شہر میں تشریف لایٔے۔ اَور کُچھ لوگ ایک مفلُوج کو جو بچھونے پر پڑا ہُوا تھا حُضُور کے پاس لایٔے۔ جَب یِسوعؔ نے اُن کا ایمان دیکھا تو اُس مفلُوج سے فرمایا، ”بیٹا، اِطمینان رکھ؛ تیرے گُناہ مُعاف ہویٔے۔“ اِس پر بعض عُلمائے شَریعت اَپنے دِل میں کہنے لگے، ”یہ تو کُفر بَکتا ہے۔“ یِسوعؔ نے اُن کے خیالات جانتے ہُوئے فرمایا، ”تُم اَپنے دِلوں میں بُری باتیں کیوں سوچتے ہو؟ یہ کہنا زِیادہ آسان ہے: ’تیرے گُناہ مُعاف ہُوئے،‘ یا ’یہ کہنا کہ اُٹھ اَور چل پھر‘؟ لیکن مَیں چاہتا ہُوں کہ تُمہیں مَعلُوم ہو کہ اِبن آدمؔ کو زمین پر گُناہ مُعاف کرنے کا اِختیار ہے۔“ حُضُور نے مفلُوج سے کہا، ”مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، اُٹھ اَور اَپنا بچھونا اُٹھاکر اَپنے گھر چلا جا۔“ تَب وہ اُٹھا اَور اَپنے گھر چلا گیا۔
متی 1:9-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
کشتی میں بیٹھ کر عیسیٰ نے جھیل کو پار کیا اور اپنے شہر پہنچ گیا۔ وہاں ایک مفلوج آدمی کو چارپائی پر ڈال کر اُس کے پاس لایا گیا۔ اُن کا ایمان دیکھ کر عیسیٰ نے کہا، ”بیٹا، حوصلہ رکھ۔ تیرے گناہ معاف کر دیئے گئے ہیں۔“ یہ سن کر شریعت کے کچھ علما دل میں کہنے لگے، ”یہ کفر بک رہا ہے!“ عیسیٰ نے جان لیا کہ یہ کیا سوچ رہے ہیں، اِس لئے اُس نے اُن سے پوچھا، ”تم دل میں بُری باتیں کیوں سوچ رہے ہو؟ کیا مفلوج سے یہ کہنا زیادہ آسان ہے کہ ’تیرے گناہ معاف کر دیئے گئے ہیں‘ یا یہ کہ ’اُٹھ اور چل پھر‘؟ لیکن مَیں تم کو دکھاتا ہوں کہ ابنِ آدم کو واقعی دنیا میں گناہ معاف کرنے کا اختیار ہے۔“ یہ کہہ کر وہ مفلوج سے مخاطب ہوا، ”اُٹھ، اپنی چارپائی اُٹھا کر گھر چلا جا۔“ وہ آدمی کھڑا ہوا اور اپنے گھر چلا گیا۔
متی 1:9-7 کِتابِ مُقادّس (URD)
پِھر وہ کشتی پر چڑھ کر پار گیا اور اپنے شہر میں آیا۔ اور دیکھو لوگ ایک مفلُوج کو چارپائی پر پڑا ہُؤا اُس کے پاس لائے۔ یِسُوعؔ نے اُن کا اِیمان دیکھ کر مفلُوج سے کہا بیٹا خاطِر جمع رکھ تیرے گُناہ مُعاف ہُوئے۔ اور دیکھو بعض فقِیہوں نے اپنے دِل میں کہا یہ کُفر بکتا ہے۔ یِسُوعؔ نے اُن کے خیال معلُوم کر کے کہا کہ تُم کیوں اپنے دِلوں میں بُرے خیال لاتے ہو؟ آسان کیا ہے۔ یہ کہنا کہ تیرے گُناہ مُعاف ہُوئے یا یہ کہنا کہ اُٹھ اور چل پِھر؟ لیکن اِس لِئے کہ تُم جان لو کہ اِبنِ آدمؔ کو زمِین پر گُناہ مُعاف کرنے کا اِختیار ہے (اُس نے مفلُوج سے کہا) اُٹھ۔ اپنی چارپائی اُٹھا اور اپنے گھر چلا جا۔ وہ اُٹھ کر اپنے گھر چلا گیا۔