احبار 1:6-30
احبار 1:6-30 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”اگر کویٔی اَپنے پڑوسی کے خِلاف گُناہ کرے اَور یَاہوِہ سے دغا کرے اَور اَپنے پڑوسی کی اَمانت یا جو چیز اُس کے سُپرد کی گئی ہو، واپس نہ کرے، یا اَپنے پڑوسی کو لُوٹے یا اُس پر ظُلم کرے۔ یا اگر اُسے کوئی کھوئی ہُوئی چیز مِل گئی ہو، لیکن وہ اُس کے متعلّق جھُوٹ بول کر لوگ جھُوٹی قَسم کھائے، یعنی اِن میں سے کسی بھی کام کو کرکے کویٔی گُناہ کرے؛ اَور اگر اُس سے اِس طرح کا کویٔی گُناہ ہُواہے اَور اِس کا احساس اُسے ہے تو وہ مُجرم ہے، تو جو کچھ اُس نے چُرایا ہے یا جبراً لے لیا ہے یا جو کچھ اُس کے پاس اَمانت کے طور پر رکھا گیا تھا یا جو کھوئی ہُوئی چیز اُسے مِل گئی تھی، یا جِس کسی بھی چیز کے بارے میں اُس نے جھُوٹی قَسم کھائی تھی، تو لازِم ہے کہ وہ اُسے پُورا واپس کرے اَور اصل کے ساتھ اُس کے مُعاوضہ کی قیمت کا بیس فیصد اِضافہ کے ساتھ اُس کے مالک کو اَپنی خطا کی قُربانی پیش کرنے کے دِن لَوٹا دے۔ تَب وہ بطور جُرمانہ گلّہ سے مُقرّرہ قیمت کا ایک بے عیب مینڈھا خطا کی قُربانی کے طور پر کاہِنؔ کے پاس یعنی یَاہوِہ کے حُضُور لایٔے۔ اِس طرح کاہِنؔ یَاہوِہ کے حُضُور اُس کے لیٔے کفّارہ دے گا، اَور اِس طرح اُسے اُن تمام خطاؤں کی جو اُس نے کی ہیں جِن سے وہ مُجرم ٹھہرا ہے مُعافی مِل جائے گی۔“ اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کو یہ حُکم دو، ’سوختنی نذر کے لیٔے ضوابط یہ ہیں: سوختنی نذر مذبح کے آتِشدان پر ساری رات صُبح ہونے تک رہے اَور مذبح پر آگ لازماً جلتی رہے۔ اَور تَب کاہِنؔ اَپنا کتان کا لباس اَور اَپنے نیچے پاجامہ پہن کر مذبح پر آگ سے بھسم کی ہُوئی سوختنی نذر کی راکھ کو اُٹھاکر مذبح کے ایک طرف رکھ دے۔ اَور پھر اُن کپڑوں کو اُتار کر دُوسرا پہنے اَور اُس راکھ کو اُٹھاکر چھاؤنی سے باہر کسی رسماً پاک و صَاف جگہ لے جائے۔ اَور مذبح پر آگ جلتی رہے اَور وہ کبھی بُجھنے نہ پایٔے۔ ہر صُبح کاہِنؔ مذبح پر لکڑیاں رکھے، اَور سوختنی نذر کو اُن پر رکھے، اَور اُس کے اُوپر سلامتی کی نذروں کی چربی رکھ کر جَلایا کرے۔ اَور مذبح پر آگ ہمیشہ جلتی رہے اَور کبھی بُجھنے نہ پایٔے۔ ” ’اَور اناج کی نذر گذرانے کے ضوابط یہ ہیں: اَہرونؔ کے بیٹے اُسے مذبح کے سامنے یَاہوِہ کے حُضُور لائیں۔ اَور کاہِنؔ اناج کی نذر میں سے مُٹّھی بھر مَیدہ اَور تیل اَور ساتھ ہی اُس پر رکھا ہُوا تمام لوبان لے کر اِس یادگاری حِصّہ کو یَاہوِہ کے لیٔے فرحت بخش خُوشبو کے طور پر مذبح پر جَلایٔے۔ اَور اُس میں سے جو باقی بچے اُسے اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹے کھایٔیں۔ لیکن وہ بے خمیر کے پاک مَقدِس میں یعنی خیمہ اِجتماع کے صحن کے اَندر کھایٔیں۔ اَور اُسے خمیر کے ساتھ پکایا نہ جایٔے۔ مَیں نے اِسے اَپنی بطور غِذا آتِشی قُربانیوں میں سے اُن کو حِصّہ کے طور پر دیا ہے۔ اَور یہ گُناہ کی قُربانی اَور خطا کی قُربانی کی مانند نہایت ہی پاک ہے۔ اَور اَہرونؔ کی نَسل کے سارے مَرد اِسے کھا سکتے ہیں۔ اَور یَاہوِہ کو نذر کی گئی بطور غِذا آتِشی قُربانیوں میں سے پُشت در پُشت تمہاری پُشتوں کے لیٔے یہ اُن کے دائمی حِصّہ کے طور پر اَبد تک ملتا رہے گا۔ اَورجو کویٔی اِن قُربانیوں کو چھُوئے گا وہ پاک ہو جایٔےگا۔‘ “ اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے یہ بھی فرمایا، ”جِس دِن اَہرونؔ کا مَسح کیا جائے اُس دِن وہ اَور اُن کے بیٹے یَاہوِہ کے حُضُور یہ نذر پیش کریں: ڈیڑھ کِلو مَیدہ اَور اُس کا آدھا صُبح اَور آدھا شام کو ہمیشہ اناج کی قُربانی کے طور پر لائیں۔ اُسے تیل کے ساتھ مَل کر توے پر اَچھّی طرح پکانا اَور پھر تُم اُسے لاکر ٹکڑے ٹکڑے کرکے اُس اناج کی نذر کو یَاہوِہ کے حُضُور فرحت بخش خُوشبو کے طور پر نذر کرنا۔ اَور اَہرونؔ کے بیٹوں میں سے اُن کی جگہ پر جانشین کاہِنؔ کے طور پر جِس کا مَسح کیاجایٔے، وہ اُس نذر کو گزرانے۔ یہ یَاہوِہ کا دائمی حِصّہ ہے کہ اُسے بالکُل جَلا دیا جائے۔ اَور کاہِنؔ کی ہر ایک اناج کی قُربانی کو مُکمّل طور پر جَلا دیا جائے اَور اُسے کبھی کھایا نہ جائے۔“ اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں کو حُکم دے گُناہ کی قُربانی کے ضوابط یہ ہیں: گُناہ کی قُربانی کے جانور کو یَاہوِہ کے حُضُور اُسی جگہ ذبح کیا جائے جہاں سوختنی نذر کا جانور ذبح کیا جاتا ہے کیونکہ وہ نہایت ہی پاک ہے۔ اَور اِس کو وُہی کاہِنؔ کھائے جو اِسے گُناہ کی قُربانی کے طور پر نذر گذرانے۔ اَور اِسے صرف پاک مَقدِس یعنی خیمہ اِجتماع کے صحن میں ہی کھایا جائے۔ جو بھی قُربانی کے اُس گوشت کو چھُوئے گا وہ پاک ٹھہرے گا۔ اَور اگر اُس کے خُون کی چھینٹیں کسی کپڑے پر پڑ جائے تو تُم اُسے لازماً اُسی پاک مَقدِس کی جگہ میں ہی دھونا۔ اَور مٹّی کا وہ برتن جِس میں قُربانی کا گوشت پکایا جائے لازماً توڑ دیا جائے۔ لیکن اگر وہ کانسے کے برتن میں پکایا گیا ہو، تو اُس برتن کو مانج کر پانی سے دھو دیا جائے۔ اَور کاہِنؔ کے خاندان کا کویٔی بھی مَرد گُناہ کی قُربانی کا گوشت کھا سَکتا ہے۔ یہ نہایت ہی پاک ہے۔ لیکن جِس گُناہ کی قُربانی کا خُون کفّارہ دینے کے لیٔے خیمہ اِجتماع کے پاک مقام میں لایا گیا ہو، اُس کا گوشت کبھی نہ کھایا جائے۔ بَلکہ اُسے آگ میں جَلا دیاجایٔے۔
احبار 1:6-30 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب نے موسیٰ سے کہا، ”ہو سکتا ہے کسی نے گناہ کر کے بےایمانی کی ہے، مثلاً اُس نے اپنے پڑوسی کی کوئی چیز واپس نہیں کی جو اُس کے سپرد کی گئی تھی یا جو اُسے گروی کے طور پر ملی تھی، یا اُس نے اُس کی کوئی چیز چوری کی، یا اُس نے کسی سے کوئی چیز چھین لی، یا اُس نے کسی کی گم شدہ چیز کے بارے میں جھوٹ بولا جب اُسے مل گئی، یا اُس نے قَسم کھا کر جھوٹ بولا ہے، یا اِس طرح کا کوئی اَور گناہ کیا ہے۔ اگر وہ اِس طرح کا گناہ کر کے قصوروار ٹھہرے تو لازم ہے کہ وہ وہی چیز واپس کرے جو اُس نے چوری کی یا چھین لی یا جو اُس کے سپرد کی گئی یا جو گم شدہ ہو کر اُس کے پاس آ گئی ہے یا جس کے بارے میں اُس نے قَسم کھا کر جھوٹ بولا ہے۔ وہ اُس کا اُتنا ہی واپس کر کے 20 فیصد زیادہ دے۔ اور وہ یہ سب کچھ اُس دن واپس کرے جب وہ اپنی قصور کی قربانی پیش کرتا ہے۔ قصور کی قربانی کے طور پر وہ ایک بےعیب اور قیمت کے لحاظ سے مناسب مینڈھا امام کے پاس لے آئے اور رب کو پیش کرے۔ اُس کی قیمت مقدِس کی شرح کے مطابق مقرر کی جائے۔ پھر امام رب کے سامنے اُس کا کفارہ دے گا تو اُسے معافی مل جائے گی۔“ رب نے موسیٰ سے کہا، ”ہارون اور اُس کے بیٹوں کو بھسم ہونے والی قربانیوں کے بارے میں ذیل کی ہدایات دینا: بھسم ہونے والی قربانی پوری رات صبح تک قربان گاہ کی اُس جگہ پر رہے جہاں آگ جلتی ہے۔ آگ کو بجھنے نہ دینا۔ صبح کو امام کتان کا لباس اور کتان کا پاجامہ پہن کر قربانی سے بچی ہوئی راکھ قربان گاہ کے پاس زمین پر ڈالے۔ پھر وہ اپنے کپڑے بدل کر راکھ کو خیمہ گاہ کے باہر کسی پاک جگہ پر چھوڑ آئے۔ قربان گاہ پر آگ جلتی رہے۔ وہ کبھی بھی نہ بجھے۔ ہر صبح امام لکڑیاں چن کر اُس پر بھسم ہونے والی قربانی ترتیب سے رکھے اور اُس پر سلامتی کی قربانی کی چربی جلا دے۔ آگ ہمیشہ جلتی رہے۔ وہ کبھی نہ بجھنے پائے۔ غلہ کی نذر کے بارے میں ہدایات یہ ہیں: ہارون کے بیٹے اُسے قربان گاہ کے سامنے رب کو پیش کریں۔ پھر امام یادگار کا حصہ یعنی تیل سے ملایا گیا مٹھی بھر بہترین میدہ اور قربانی کا تمام لُبان لے کر قربان گاہ پر جلا دے۔ اِس کی خوشبو رب کو پسند ہے۔ ہارون اور اُس کے بیٹے قربانی کا باقی حصہ کھا لیں۔ لیکن وہ اُسے مُقدّس جگہ پر یعنی ملاقات کے خیمے کی چاردیواری کے اندر کھائیں، اور اُس میں خمیر نہ ہو۔ اُسے پکانے کے لئے اُس میں خمیر نہ ڈالا جائے۔ مَیں نے جلنے والی قربانیوں میں سے یہ حصہ اُن کے لئے مقرر کیا ہے۔ یہ گناہ کی قربانی اور قصور کی قربانی کی طرح نہایت مُقدّس ہے۔ ہارون کی اولاد کے تمام مرد اُسے کھائیں۔ یہ اصول ابد تک قائم رہے۔ جو بھی اُسے چھوئے گا وہ مخصوص و مُقدّس ہو جائے گا۔“ رب نے موسیٰ سے کہا، ”جب ہارون اور اُس کے بیٹوں کو امام کی ذمہ داری اُٹھانے کے لئے مخصوص کر کے تیل سے مسح کیا جائے گا تو وہ ڈیڑھ کلو گرام بہترین میدہ پیش کریں۔ اُس کا آدھا حصہ صبح کو اور آدھا حصہ شام کے وقت پیش کیا جائے۔ وہ غلہ کی یہ نذر روزانہ پیش کریں۔ اُسے تیل کے ساتھ ملا کر توے پر پکانا ہے۔ پھر اُسے ٹکڑے ٹکڑے کر کے غلہ کی نذر کے طور پر پیش کرنا۔ اُس کی خوشبو رب کو پسند ہے۔ یہ قربانی ہمیشہ ہارون کی نسل کا وہ آدمی پیش کرے جسے مسح کر کے امامِ اعظم کا عُہدہ دیا گیا ہے، اور وہ اُسے پورے طور پر رب کے لئے جلا دے۔ امام کی غلہ کی نذر ہمیشہ پورے طور پر جلانا۔ اُسے نہ کھانا۔“ رب نے موسیٰ سے کہا، ”ہارون اور اُس کے بیٹوں کو گناہ کی قربانی کے بارے میں ذیل کی ہدایات دینا: گناہ کی قربانی کو رب کے سامنے وہیں ذبح کرنا ہے جہاں بھسم ہونے والی قربانی ذبح کی جاتی ہے۔ وہ نہایت مُقدّس ہے۔ اُسے پیش کرنے والا امام اُسے مُقدّس جگہ پر یعنی ملاقات کے خیمے کی چاردیواری کے اندر کھائے۔ جو بھی اِس قربانی کے گوشت کو چھو لیتا ہے وہ مخصوص و مُقدّس ہو جاتا ہے۔ اگر قربانی کے خون کے چھینٹے کسی لباس پر پڑ جائیں تو اُسے مُقدّس جگہ پر دھونا ہے۔ اگر گوشت کو ہنڈیا میں پکایا گیا ہو تو اُس برتن کو بعد میں توڑ دینا ہے۔ اگر اُس کے لئے پیتل کا برتن استعمال کیا گیا ہو تو اُسے خوب مانجھ کر پانی سے صاف کرنا۔ اماموں کے خاندانوں میں سے تمام مرد اُسے کھا سکتے ہیں۔ یہ کھانا نہایت مُقدّس ہے۔ لیکن گناہ کی ہر وہ قربانی کھائی نہ جائے جس کا خون ملاقات کے خیمے میں اِس لئے لایا گیا ہے کہ مقدِس میں کسی کا کفارہ دیا جائے۔ اُسے جلانا ہے۔
احبار 1:6-30 کِتابِ مُقادّس (URD)
پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ اگر کِسی سے یہ خطا ہو کہ وہ خُداوند کا قصُور کرے اور امانت یا لین دین یا لُوٹ کے مُعاملہ میں اپنے ہمسایہ کو فریب دے یا اپنے ہمسایہ پر ظُلم کرے۔ یا کِسی کھوئی ہُوئی چِیز کو پا کر فریب دے اور جُھوٹی قَسم بھی کھا لے پس اِن میں سے خواہ کوئی بات ہو جِس میں کِسی شخص سے خطا ہو گئی ہے۔ سو اگر اُس سے خطا ہُوئی ہے اور وہ مُجرم ٹھہرا ہے تو جو چِیز اُس نے لُوٹی یا جو چِیز اُس نے ظُلم کر کے چِھینی یا جو چِیز اُس کے پاس امانت تھی یا جو کھوئی ہُوئی چِیز اُسے مِلی۔ یا جِس چِیز کے بارے میں اُس نے جُھوٹی قَسم کھائی اُس چِیز کو وہ ضرُور پُورا پُورا واپس کرے اور اصل کے ساتھ پانچواں حِصّہ بھی بڑھا کر دے۔ جِس دِن یہ معلُوم ہو کہ وہ مُجرم ہے اُسی دِن وہ اُسے اُس کے مالِک کو واپس دے۔ اور اپنے جُرم کی قُربانی خُداوند کے حضُور چڑھائے اور جِتنا دام تُو مُقرّر کرے اُتنے دام کا ایک بے عَیب مینڈھا ریوڑ میں سے جُرم کی قُربانی کے طَور پر کاہِن کے پاس لائے۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے تو جِس کام کو کر کے وہ مُجرم ٹھہرا ہے اُس کی اُسے مُعافی مِلے گی۔ پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کو یُوں حُکم دے کہ سوختنی قُربانی کے بارے میں شرع یہ ہے کہ سوختنی قُربانی مذبح کے اُوپر آتشدان پر تمام رات صُبح تک رہے اور مذبح کی آگ اُس پر جلتی رہے۔ اور کاہِن اپنا کتان کا لِباس پہنے اور کتان کے پاجامے کو اپنے تن پر ڈالے اور آگ نے جو سوختنی قُربانی کو مذبح پر بھسم کر کے راکھ کر دِیا ہے اُس راکھ کو اُٹھا کر اُسے مذبح کی ایک طرف رکھّے۔ پِھر وہ اپنے لِباس کو اُتار کر دُوسرے کپڑے پہنے اور اُس راکھ کو اُٹھا کر لشکر گاہ کے باہر کِسی صاف جگہ میں لے جائے۔ اور مذبح پر آگ جلتی رہے اور کبھی بُجھنے نہ پائے اور کاہِن ہر صُبح کو اُس پر لکڑیاں جلا کر سوختنی قُربانی کو اُس کے اُوپر چُن دے اور سلامتی کے ذبِیحوں کی چربی کو اُس کے اُوپر جلایا کرے۔ مذبح پر آگ ہمیشہ جلتی رکھّی جائے۔ وہ کبھی بُجھنے نہ پائے۔ اور نذر کی قُربانی کے بارے میں شرع یہ ہے کہ ہارُونؔ کے بیٹے اُسے مذبح کے آگے خُداوند کے حضُور گُذرانیں۔ اور وہ نذر کی قُربانی میں سے اپنی مُٹّھی بھر اِس طرح نِکالے کہ اُس میں تھوڑا سا مَیدہ اور کُچھ تیل جو اُس میں پڑا ہو گا اور نذر کی قُربانی کا سب لُبان آ جائے اور اِس یادگاری کے حِصّہ کو مذبح پر خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کے طَور پر جلائے۔ اور جو باقی بچے اُسے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹے کھائیں۔ وہ بغَیر خمِیر کے پاک جگہ میں کھایا جائے یعنی وہ خَیمۂِ اِجتماع کے صحن میں اُسے کھائیں۔ وہ خمِیر کے ساتھ پکایا نہ جائے۔ مَیں نے یہ اپنی آتِشِین قُربانیوں میں سے اُن کا حِصّہ دِیا ہے اور یہ خطا کی قُربانی اور جُرم کی قُربانی کی طرح نِہایت پاک ہے۔ ہارُونؔ کی اَولاد کے سب مَرد اُس میں سے کھائیں۔ تُمہاری پُشت در پُشت خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں سے یہ اُن کا حق ہو گا۔ جو کوئی اُنہیں چُھوئے وہ پاک ٹھہرے گا۔ اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ جِس دِن ہارُونؔ کو مَسح کِیا جائے اُس دِن وہ اور اُس کے بیٹے خُداوند کے حضُور یہ چڑھاوا چڑھائیں کہ ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر مَیدہ آدھا صُبح کو اور آدھا شام کو ہمیشہ نذر کی قُربانی کے لِئے لائیں۔ وہ توے پر تیل میں پکایا جائے۔ جب وہ تر ہو جائے تو تُو اُسے لے آنا۔ اِس نذر کی قُربانی کو پکوان کے ٹُکڑوں کی صُورت میں گُذراننا تاکہ وہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو بھی ہو۔ اور جو اُس کے بیٹوں میں سے اُس کی جگہ کاہِن ممسُوح ہو وہ اُسے گُذرانے۔ یہ دائمی قانُون ہو گا کہ وہ خُداوند کے حضُور بالکُل جلایا جائے۔ کاہِن کی ہر ایک نذر کی قُربانی بالکُل جلائی جائے۔ وہ کبھی کھائی نہ جائے۔ اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں سے کہہ کہ خطا کی قُربانی کے بارے میں شرع یہ ہے کہ جِس جگہ سوختنی قُربانی کا جانور ذبح کِیا جاتا ہے وہِیں خطا کی قُربانی کا جانور بھی خُداوند کے آگے ذبح کِیا جائے۔ وہ نِہایت پاک ہے۔ جو کاہِن اُسے خطا کے لِئے گُذرانے وہ اُسے کھائے۔ وہ پاک جگہ میں یعنی خَیمۂِ اِجتماع کے صحن میں کھایا جائے۔ جو کُچھ اُس کے گوشت سے چُھو جائے وہ پاک ٹھہرے گا اور اگر کِسی کپڑے پر اُس کے خُون کی چِھینٹ پڑ جائے تو جِس کپڑے پر اُس کی چِھینٹ پڑی ہے تُو اُسے کِسی پاک جگہ میں دھونا۔ اور مِٹّی کا وہ برتن جِس میں وہ پکایا جائے توڑ دِیا جائے پر اگر وہ پِیتل کے برتن میں پکایا جائے تو اُس برتن کو مانج کر پانی سے دھو لِیا جائے۔ اور کاہِنوں میں سے ہر مَرد اُسے کھائے۔ وہ نِہایت پاک ہے۔ پر جِس خطا کی قُربانی کا کُچھ خُون خُیمۂِ اِجتماع کے اندر پاک مقام میں کفّارہ کے لِئے پُہنچایا گیا ہے اُس کا گوشت کبھی نہ کھایا جائے بلکہ وہ آگ سے جلا دِیا جائے۔