احبار 1:26-13
احبار 1:26-13 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
” ’تُم اَپنے لیٔے بُت نہ بنانا اَور نہ کویٔی مُورت یا کویٔی مُقدّس پتّھر کھڑا کرنا اَور نہ اَپنے مُلک میں کویٔی شَبیہ دار پتّھر رکھنا کہ اُس کے آگے سَجدہ کرو۔ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔ ” ’اَور تُم میرے سَبتوں کو ماَننا اَور میرے پاک مَقدِس کی تعظیم کرنا کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ ” ’اگر تُم میرے قوانین پر عَمل کروگے اَور میرے اَحکام کو ماننے میں محتاط رہوگے، تو مَیں تمہارے لیٔے بروقت بارش کیا کروں گا، اَور زمین اَپنی پیداوار دے گی، اَور میدان کے درخت اَپنے پھل دیں گے۔ تمہاری کٹائی انگور کی فصل تک جاری رہے گی، اَور تمہاری انگور کی فصل، بیج کی بُوائی تک جاری رہے گی، چنانچہ تُم بھرپیٹ کھانا کھاؤگے اَور اَپنے مُلک میں سلامتی سے بسے رہوگے۔ ” ’اَور مَیں مُلک میں اَمن بخشوں گا، تاکہ تُم چَین سے سوؤ اَور کسی چیز کا تُمہیں خوف نہ ہو۔ اَور مَیں جنگلی حَیوانوں کو تمہارے مُلک سے بھگا دُوں گا، اَور تمہارے مُلک میں کویٔی بھی تلوار سے ہلاک نہ ہوگا۔ لیکن تُم اَپنے دُشمنوں کا تعاقب کروگے اَور وہ تمہارے سامنے تلوار سے مارے جایٔیں گے۔ تُم میں سے پانچ شخص سَو کو اَور سَو دس ہزار کو کھدیڑ دیں گے، اَور تمہارے دُشمن تمہارے سامنے تلوار سے مارے جایٔیں گے۔ ” ’اَور میری تُم پر نظرِکرم ہوگی اَور مَیں تُمہیں سرفراز کروں گا، اَور مَیں تمہاری تعداد کو بڑھاؤں گا اَور تمہارے ساتھ کئےگئے اَپنے عہد کو پُورا کروں گا۔ تُم ابھی پچھلے سال کا ہی اناج کھا رہے ہوگے کہ تُمہیں اُسے باہر نکالنا پڑےگا تاکہ تُم نئے فصل کا ذخیرہ گودام میں رکھنے کے واسطے جگہ بنا سکو۔ میں اَپنی قِیام گاہ تمہارے درمیان قائِم کروں گا، اَور مَیں تُم سے نفرت نہیں کروں گا۔ مَیں تمہارے درمیان چلا پھرا کروں گا، اَور مَیں تمہارا خُدا ہُوں گا اَور تُم میری اُمّت ہوگے۔ مَیں یَاہوِہ ہی تمہارا خُدا ہُوں جو تُمہیں مِصر سے نکال لایا تاکہ تُم مِصریوں کے غُلام نہ بنے رہو؛ مَیں نے تمہارے جُوئے کی سلاخیں توڑ ڈالی ہیں اَور تُمہیں سَر اُونچا کرکے چلنے کے لائق بنا دیا۔
احبار 1:26-13 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اپنے لئے بُت نہ بنانا۔ نہ اپنے لئے دیوتا کے مجسمے یا پتھر کے مخصوص کئے ہوئے ستون کھڑے کرنا، نہ سجدہ کرنے کے لئے اپنے ملک میں ایسے پتھر رکھنا جن میں دیوتا کی تصویر کندہ کی گئی ہو۔ مَیں رب تمہارا خدا ہوں۔ سبت کا دن منانا اور میرے مقدِس کی تعظیم کرنا۔ مَیں رب ہوں۔ اگر تم میری ہدایات پر چلو اور میرے احکام مان کر اُن پر عمل کرو تو مَیں وقت پر بارش بھیجوں گا، زمین اپنی پیداوار دے گی اور درخت اپنے اپنے پھل لائیں گے۔ کثرت کے باعث اناج کی فصل کی کٹائی انگور توڑتے وقت تک جاری رہے گی اور انگور کی فصل اُس وقت تک توڑی جائے گی جب تک بیج بونے کا موسم آئے گا۔ اِتنی خوراک ملے گی کہ تم کبھی بھوکے نہیں ہو گے۔ اور تم اپنے ملک میں محفوظ رہو گے۔ مَیں ملک کو امن و امان بخشوں گا۔ تم آرام سے لیٹ جاؤ گے، کیونکہ کسی خطرے سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ مَیں وحشی جانور ملک سے دُور کر دوں گا، اور وہ تلوار کی قتل و غارت سے بچا رہے گا۔ تم اپنے دشمنوں پر غالب آ کر اُن کا تعاقب کرو گے، اور وہ تمہاری تلوار سے مارے جائیں گے۔ تمہارے پانچ آدمی سَو دشمنوں کا پیچھا کریں گے، اور تمہارے سَو آدمی اُن کے دس ہزار آدمیوں کو بھگا دیں گے۔ تمہارے دشمن تمہاری تلوار سے مارے جائیں گے۔ میری نظرِ کرم تم پر ہو گی۔ مَیں تمہاری اولاد کی تعداد بڑھاؤں گا اور تمہارے ساتھ اپنا عہد قائم رکھوں گا۔ ایک سال اِتنی فصل ہو گی کہ جب اگلی فصل کی کٹائی ہو گی تو نئے اناج کے لئے جگہ بنانے کی خاطر پرانے اناج کو پھینک دینا پڑے گا۔ مَیں تمہارے درمیان اپنا مسکن قائم کروں گا اور تم سے گھن نہیں کھاؤں گا۔ مَیں تم میں پھروں گا، اور تم میری قوم ہو گے۔ مَیں رب تمہارا خدا ہوں جو تمہیں مصر سے نکال لایا تاکہ تمہاری غلامی کی حالت ختم ہو جائے۔ مَیں نے تمہارے جوئے کو توڑ ڈالا، اور اب تم آزاد اور سیدھے ہو کر چل سکتے ہو۔
احبار 1:26-13 کِتابِ مُقادّس (URD)
تُم اپنے لِئے بُت نہ بنانا اور نہ کوئی تراشی ہُوئی مُورت یا لاٹ اپنے لِئے کھڑی کرنا اور نہ اپنے مُلک میں کوئی شبِیہہ دار پتّھر رکھنا کہ اُسے سِجدہ کرو اِس لِئے کہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ تُم میرے سبتوں کو ماننا اور میرے مَقدِس کی تعظِیم کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ اگر تُم میری شرِیعت پر چلو اور میرے حُکموں کو مانو اور اُن پر عمل کرو۔ تو مَیں تُمہارے لِئے بر وقت مِینہہ برساؤں گا اور زمِین سے اناج پَیدا ہو گا اور مَیدان کے درخت پھلیں گے۔ یہاں تک کہ انگُور جمع کرنے کے وقت تک تُم داؤتے رہو گے اور جوتنے بونے کے وقت تک انگُور جمع کرو گے اور پیٹ بھر اپنی روٹی کھایا کرو گے اور چَین سے اپنے مُلک میں بسے رہو گے۔ اور مَیں مُلک میں امن بخشُوں گا اور تُم سوؤ گے اور تُم کو کوئی نہیں ڈرائے گا اور مَیں بُرے درِندوں کو مُلک سے نیست کر دُوں گا اور تلوار تُمہارے مُلک میں نہیں چلے گی۔ اور تُم اپنے دُشمنوں کا پِیچھا کرو گے اور وہ تُمہارے آگے آگے تلوار سے مارے جائیں گے۔ اور تُمہارے پانچ آدمی سَو کو رگیدیں گے اور تُمہارے سَو آدمی دس ہزار کو کھدیڑ دیں گے اور تُمہارے دُشمن تلوار سے تُمہارے آگے آگے مارے جائیں گے۔ اور مَیں تُم پر نظرِ عِنایت رکھّوں گا اور تُم کو برومند کرُوں گا اور بڑھاؤُں گا اور جو میرا عہد تُمہارے ساتھ ہے اُسے پُورا کرُوں گا۔ اور تُم عرصہ کا ذخِیرہ کِیا ہُؤا پُرانا اناج کھاؤ گے اور نئے کے سبب سے پُرانے کو نِکال باہر کرو گے۔ اور مَیں اپنا مسکن تُمہارے درمِیان قائِم رکھُّوں گا اور میری رُوح تُم سے نفرت نہ کرے گی۔ اور مَیں تُمہارے درمِیان چلا پِھرا کرُوں گا اور تُمہارا خُدا ہُوں گا اور تُم میری قَوم ہو گے۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جو تُم کو مُلکِ مِصرؔ سے اِسی لِئے نِکال کر لے آیا کہ تُم اُن کے غُلام نہ بنے رہو اور مَیں نے تُمہارے جوئے کی چوبیں توڑ ڈالی ہیں اور تُم کو سِیدھا کھڑا کر کے چلایا۔