احبار 1:19-18 - Compare All Versions
احبار 1:19-18 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)
رب نے موسیٰ سے کہا، ”اسرائیلیوں کی پوری جماعت کو بتانا کہ مُقدّس رہو، کیونکہ مَیں رب تمہارا خدا قدوس ہوں۔ تم میں سے ہر ایک اپنے ماں باپ کی عزت کرے۔ ہفتے کے دن کام نہ کرنا۔ مَیں رب تمہارا خدا ہوں۔ نہ بُتوں کی طرف رجوع کرنا، نہ اپنے لئے دیوتا ڈھالنا۔ مَیں ہی رب تمہارا خدا ہوں۔ جب تم رب کو سلامتی کی قربانی پیش کرتے ہو تو اُسے یوں چڑھاؤ کہ تم منظور ہو جاؤ۔ اُس کا گوشت اُسی دن یا اگلے دن کھایا جائے۔ جو بھی تیسرے دن تک بچ جاتا ہے اُسے جلانا ہے۔ اگر کوئی اُسے تیسرے دن کھائے تو اُسے علم ہونا چاہئے کہ یہ قربانی ناپاک ہے اور رب کو پسند نہیں ہے۔ ایسے شخص کو اپنے قصور کی سزا اُٹھانی پڑے گی، کیونکہ اُس نے اُس چیز کی مُقدّس حالت ختم کی ہے جو رب کے لئے مخصوص کی گئی تھی۔ اُسے اُس کی قوم میں سے مٹایا جائے۔ کٹائی کے وقت اپنی فصل پورے طور پر نہ کاٹنا بلکہ کھیت کے کناروں پر کچھ چھوڑ دینا۔ اِس طرح جو کچھ کٹائی کرتے وقت کھیت میں بچ جائے اُسے چھوڑنا۔ انگور کے باغوں میں بھی جو کچھ انگور توڑتے وقت بچ جائے اُسے چھوڑ دینا۔ جو انگور زمین پر گر جائیں اُنہیں اُٹھا کر نہ لے جانا۔ اُنہیں غریبوں اور پردیسیوں کے لئے چھوڑ دینا۔ مَیں رب تمہارا خدا ہوں۔ چوری نہ کرنا، جھوٹ نہ بولنا، ایک دوسرے کو دھوکا نہ دینا۔ میرے نام کی قَسم کھا کر دھوکا نہ دینا، ورنہ تم میرے نام کو داغ لگاؤ گے۔ مَیں رب ہوں۔ ایک دوسرے کو نہ دبانا اور نہ لُوٹنا۔ کسی کی مزدوری اُسی دن کی شام تک دے دینا اور اُسے اگلی صبح تک روکے نہ رکھنا۔ بہرے کو نہ کوسنا، نہ اندھے کے راستے میں کوئی چیز رکھنا جس سے وہ ٹھوکر کھائے۔ اِس میں بھی اپنے خدا کا خوف ماننا۔ مَیں رب ہوں۔ عدالت میں کسی کی حق تلفی نہ کرنا۔ فیصلہ کرتے وقت کسی کی بھی جانب داری نہ کرنا، چاہے وہ غریب یا اثر و رسوخ والا ہو۔ انصاف سے اپنے پڑوسی کی عدالت کر۔ اپنی قوم میں اِدھر اُدھر پھرتے ہوئے کسی پر بہتان نہ لگانا۔ کوئی بھی ایسا کام نہ کرنا جس سے کسی کی جان خطرے میں پڑ جائے۔ مَیں رب ہوں۔ دل میں اپنے بھائی سے نفرت نہ کرنا۔ اگر کسی کی سرزنش کرنی ہے تو رُوبرُو کرنا، ورنہ تُو اُس کے سبب سے قصوروار ٹھہرے گا۔ انتقام نہ لینا۔ اپنی قوم کے کسی شخص پر دیر تک تیرا غصہ نہ رہے بلکہ اپنے پڑوسی سے ویسی محبت رکھنا جیسی تُو اپنے آپ سے رکھتا ہے۔ مَیں رب ہوں۔
احبار 1:19-18 URD (کِتابِ مُقادّس)
پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے کہہ کہ تُم پاک رہو کیونکہ مَیں جو خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں پاک ہُوں۔ تُم میں سے ہر ایک اپنی ماں اور اپنے باپ سے ڈرتا رہے اور تُم میرے سبتوں کو ماننا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ تُم بُتوں کی طرف رُجوع نہ ہونا اور نہ اپنے لِئے ڈھالے ہُوئے دیوتا بنانا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ اور جب تُم خُداوند کے حضُور سلامتی کے ذبِیحے گُذرانو تو اُن کو اِس طرح گُذراننا کہ تُم مقبُول ہو۔ اور جِس دِن اُسے گُذرانو اُس دِن اور دُوسرے دِن وہ کھایا جائے اور اگر تِیسرے دِن تک کُچھ بچا رہ جائے تو وہ آگ میں جلا دِیا جائے۔ اور اگر وہ ذرا بھی تِیسرے دِن کھایا جائے تو مکرُوہ ٹھہرے گا اور مقبُول نہ ہو گا۔ بلکہ جو کوئی اُسے کھائے اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا کیونکہ اُس نے خُداوند کی پاک چِیز کو نجِس کِیا۔ سو وہ شخص اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔ اور جب تُم اپنی زمِین کی پَیداوار کی فصل کاٹو تو تُو اپنے کھیت کے کونے کونے تک پُورا پُورا نہ کاٹنا اور نہ کٹائی کی گِری پڑی بالوں کو چُن لینا۔ اور تُو اپنے انگورِستان کا دانہ دانہ نہ توڑ لینا اور نہ اپنے انگورِستان کے گِرے ہُوئے دانوں کو جمع کرنا۔ اُن کو غریبوں اور مُسافِروں کے لِئے چھوڑ دینا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ تُم چوری نہ کرنا اور نہ دغا دینا اور نہ ایک دُوسرے سے جُھوٹ بولنا۔ اور تُم میرا نام لے کر جُھوٹی قَسم نہ کھانا جِس سے تُو اپنے خُدا کے نام کو ناپاک ٹھہرائے۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ تُو اپنے پڑوسی پر ظُلم نہ کرنا نہ اُسے لُوٹنا۔ مزدُور کی مزدُوری تیرے پاس ساری رات صُبح تک رہنے نہ پائے۔ تُو بہرے کو نہ کوسنا اور نہ اندھے کے آگے ٹھوکر کھلانے کی چِیز کو دھرنا بلکہ اپنے خُدا سے ڈرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ تُم فَیصلہ میں ناراستی نہ کرنا۔ نہ تو تُو غریب کی رِعایت کرنا اور نہ بڑے آدمی کا لحاظ بلکہ راستی کے ساتھ اپنے ہمسایہ کا اِنصاف کرنا۔ تُو اپنی قَوم میں اِدھر اُدھر لُتراپن نہ کرتے پِھرنا اور نہ اپنے ہمسایہ کا خُون کرنے پر آمادہ ہونا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ تُو اپنے دِل میں اپنے بھائی سے بُغض نہ رکھنا اور اپنے ہمسایہ کو ضرُور ڈانٹتے بھی رہنا تاکہ اُس کے سبب سے تیرے سر گُناہ نہ لگے۔ تُو اِنتقام نہ لینا اور نہ اپنی قَوم کی نسل سے کِینہ رکھنا بلکہ اپنے ہمسایہ سے اپنی مانِند مُحبّت کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
احبار 1:19-18 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)
پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے مُخاطِب ہو اَور اُن سے کہو، ’تُم پاک بنو، کیونکہ مَیں جو تمہارا یَاہوِہ خُدا ہُوں، پاک خُدا ہُوں۔ ” ’اَور تُم میں سے ہر ایک اَپنی ماں اَور اَپنے باپ کا اِحترام کرے اَور تُم میرے سَبتوں کو ماَننا۔ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔ ” ’تُم بُتوں کی طرف رُجُوع نہ ہونا اَور نہ ہی اَپنے لیٔے دھات سے ڈھالے ہویٔے معبُود بنانا۔ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔ ” ’اَور جَب تُم یَاہوِہ کے حُضُور سلامتی کی نذر کی قُربانی پیش کرو، تو اُسے اِس طرح پیش کرنا کہ وہ تمہاری طرف سے مقبُول ہو۔ اَور جِس دِن قُربانی پیش کی جائے وہ اُسی دِن یا اگلے دِن تک کھا لی جائے؛ اَور اگر اُس میں سے کچھ تیسرے دِن تک بچا رہ جائے تو اُسے ضروُر آگ میں جَلا دیا جائے۔ مگر تیسرے دِن اُس قُربانی کے گوشت میں سے کچھ بھی کھایا نہ جائے کیونکہ وہ آلُودہ ہو چُکاہے اَور قبُول نہ ہوگا۔ اَورجو کویٔی اُسے کھائے گا اُس کا گُناہ اُسی کے سَر لگے گا کیونکہ اُس نے یَاہوِہ کی پاک چیز کو بےحُرمت کیا ہے؛ لہٰذا اُس شخص کو بھی جماعت سے ضروُر خارج کر دیاجایٔے۔ ” ’اَور جَب تُم اَپنی زمین کی پیداوار کی فصل کاٹو، تو اَپنے کھیت کے اِنتہائی کناروں تک ساری کی ساری نہ کاٹنا اَور نہ ہی کٹائی کرتے وقت گری ہویٔی بالوں کو چُن لینا۔ اَور نہ ہی اَپنے انگوری باغ کے دانہ توڑنے دوبارہ جانا، اَور نہ اَپنے انگوری باغ کے گِرے ہویٔے دانوں کو جمع کرنا؛ بَلکہ اُنہیں غریبوں اَور پردیسیوں کے لیٔے چھوڑ دینا۔ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔ ” ’تُم چوری نہ کرنا۔ ” ’تُم جھُوٹ مت بولنا۔ ” ’اَور نہ ایک دُوسرے کو دھوکا دینا۔ ” ’تُم میرا نام لے کر جھُوٹی قَسم نہ کھانا جِس سے تمہارے خُدا کے نام کی بےحُرمتی ہو۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ ” ’تُم اَپنے پڑوسی کو مت ٹھگنا اَور نہ ہی اُسے لُوٹنا۔ ” ’اَور نہ کسی مزدُور کی مزدُوری اَپنے پاس رات سے صُبح تک روکے رکھنا۔ ” ’تُم بہرے کو نہ بد دعا دینا، اَور نہ ہی اَندھے کے آگے کویٔی اَیسی شَے رکھنا جِس سے وہ ٹھوکر کھائے۔ بَلکہ اَپنے خُدا سے ڈرنا کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ ” ’تُم فیصلہ کرتے وقت نااِنصافی مت کرنا؛ اَور نہ تو غریب کی طرفداری کرنا اَور نہ ہی بڑے شخص کی طرفداری، لہٰذا راستی سے اَپنے ہمسایہ کا اِنصاف کرنا۔ ” ’تُم اَپنے لوگوں میں اِدھر اُدھر افواہیں پھیلاتے نہ پِھرنا۔ ” ’اَور نہ اَپنے پڑوسی کی زندگی کو خطرے میں ڈالنا کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ ” ’اَور تُم اَپنے دِل میں اَپنے اِسرائیلی بھایٔی سے نفرت نہ رکھنا۔ تُم اَپنے ہمسایہ کو ضروُر ملامت کرنا، تاکہ تُم اُس کے خطا کے جُرم میں شریک نہ ہونے پاؤ۔ ” ’اِنتقام نہ لینا اَور نہ اَپنی قوم کے کسی شخص سے کینہ رکھنا بَلکہ اَپنے پڑوسی سے اَپنی مانِند مَحَبّت رکھنا کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔