احبار 24:18-30
احبار 24:18-30 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
” ’تُم اِن کاموں میں سے کسی بھی کام کو کرکے خُود کو ناپاک نہ کرنا کیونکہ جِن قوموں کو مَیں تمہارے سامنے بے دخل کرنے جا رہا ہُوں اُنہُوں نے اِسی طرح کے مکرُوہ کام کرکے خُود کو نجِس کیا ہے۔ یہاں تک کہ اُن کا مُلک بھی اُن کی ناپاکی سے آلُودہ ہو چُکاہے۔ لہٰذا مَیں نے اُس کی بدکاری کی سزا اُسے دی ہے اَور اُس مُلک نے اَپنے باشِندوں کو اُگل دیا ہے۔ چنانچہ تُم میرے قوانین اَور آئین کو ضروُر ماَننا۔ اَور تُم میں سے کویٔی بھی خواہ وہ مُلک اِسرائیل کا باشِندہ ہو یا غَیراِسرائیلی جو تمہارے درمیان قِیام کرتا ہو، اِن مکرُوہ کاموں میں سے کسی کام کو کبھی نہ کرے۔ کیونکہ اُن لوگوں نے جو پہلے اُس مُلک میں رہتے تھے یہ سَب مکرُوہ کام کرکے مُلک کو آلُودہ کر دیا تھا۔ اَور اگر تُم بھی اُس مُلک کی ناپاکی کا باعث ہوگے تو وہ تُم کو بھی اُگل دے گا جَیسے اُس نے اُن قوموں کو جو تُم سے پہلے تھیں اُگل دیا۔ ” ’اَور اگر کویٔی شخص اِن مکرُوہ کاموں میں سے کویٔی بھی کام کرے، تو اُن تمام اَیسے اَشخاص کو ضروُر اَپنے لوگوں میں سے خارج کر دیاجایٔے۔ اِس لیٔے میرے تقاضوں کو ماَننا اَور وہ مکرُوہ رسمیں جو تُم سے پیشتر رائج تھیں، تُم اُن میں سے کسی مکرُوہ رسموں کو عَمل میں نہ لانا، اَور اُن میں پھنس کرکے خُود کو آلُودہ نہ کرنا۔ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔‘ “
احبار 24:18-30 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
ایسی حرکتوں سے اپنے آپ کو ناپاک نہ کرنا۔ کیونکہ جو قومیں مَیں تمہارے آگے ملک سے نکالوں گا وہ اِسی طرح ناپاک ہوتی رہیں۔ ملک خود بھی ناپاک ہوا۔ اِس لئے مَیں نے اُسے اُس کے قصور کے سبب سے سزا دی، اور نتیجے میں اُس نے اپنے باشندوں کو اُگل دیا۔ لیکن تم میری ہدایات اور احکام کے مطابق چلو۔ نہ دیسی اور نہ پردیسی ایسی کوئی گھناؤنی حرکت کریں۔ کیونکہ یہ تمام قابلِ گھن باتیں اُن سے ہوئیں جو تم سے پہلے اِس ملک میں رہتے تھے۔ یوں ملک ناپاک ہوا۔ لہٰذا اگر تم بھی ملک کو ناپاک کرو گے تو وہ تمہیں اِسی طرح اُگل دے گا جس طرح اُس نے تم سے پہلے موجود قوموں کو اُگل دیا۔ جو بھی مذکورہ گھناؤنی حرکتوں میں سے ایک کرے اُسے اُس کی قوم میں سے مٹایا جائے۔ میرے احکام کے مطابق چلتے رہو اور ایسے قابلِ گھن رسم و رواج نہ اپنانا جو تمہارے آنے سے پہلے رائج تھے۔ اِن سے اپنے آپ کو ناپاک نہ کرنا۔ مَیں رب تمہارا خدا ہوں۔“
احبار 24:18-30 کِتابِ مُقادّس (URD)
تُم اِن کاموں میں سے کِسی میں پھنس کر آلُودہ نہ ہو جانا کیونکہ جِن قَوموں کو مَیں تُمہارے آگے سے نِکالتا ہُوں وہ اِن سب کاموں کے سبب سے آلُودہ ہیں۔ اور اُن کا مُلک بھی آلُودہ ہو گیا ہے۔ اِس لِئے میں اُس کی بدکاری کی سزا اُسے دیتا ہُوں اَیسا کہ وہ اپنے باشندوں کو اُگلے دیتا ہے۔ لِہٰذا تُم میرے آئِین اور احکام کو ماننا اور تُم میں سے کوئی خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی جو تُم میں بُود و باش رکھتا ہو اِن مکرُوہات میں سے کِسی کام کو نہ کرے۔ کیونکہ اُس مُلک کے باشندوں نے جو تُم سے پہلے تھے یہ سب مکرُوہ کام کِئے ہیں اور مُلک آلُودہ ہو گیا ہے۔ سو اَیسا نہ ہو کہ جِس طرح اُس مُلک نے اُس قَوم کو جو تُم سے پہلے وہاں تھی اُگل دِیا اُسی طرح تُم کو بھی جب تُم اُسے آلُودہ کرو تو اُگل دے۔ کیونکہ جو اِن مکرُوہ کاموں میں سے کِسی کو کرے گا وہ اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔ اِس لِئے میری شرِیعت کو ماننا اور یہ مکرُوہ رسمیں جو تُم سے پہلے ادا کی جاتی تِھیں اِن میں سے کِسی کو عمل میں نہ لانا اور اِن میں پھنس کر آلُودہ نہ ہو جانا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔