احبار 57:13-59
احبار 57:13-59 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
لیکن اگر وہ پھپھُوندی اُس کپڑے میں یا اُس سے بنی ہُوئی کسی بُنی ہُوئی چیز میں یا چمڑے کی کسی چیز میں پھر سے نموُدار ہو تو گویا وہ اُس میں پھیل رہی ہے لہٰذا لازِم ہے کہ اُس متعدّی پھپھُوندی سے متاثر چیز کو آگ میں جَلا دیا جائے۔ اَور اگر اُس کپڑے یا کپڑے سے بنی ہُوئی یا بُنی ہُوئی یا چمڑے کی بنی ہُوئی کسی چیز کو دھونے کے بعد اُس کی پھپھُوندی جاتی رہے تو اُسے پھر سے دھویا جائے اَور تَب وہ پاک سَمجھی جائے گی۔“ اُونی یا سُوتی کپڑے، سُوت یا اُون سے بُنے ہویٔے لباس یا چمڑے کی بنی ہُوئی کسی چیز میں کوڑھ کی متعدّی لگی ہو، تو اُسے پاک یا ناپاک قرار دینے کے ضوابط یہی ہیں۔
احبار 57:13-59 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
توبھی ہو سکتا ہے کہ پھپھوندی دوبارہ اُسی کپڑے یا چمڑے پر نظر آئے۔ اِس کا مطلب ہے کہ وہ پھیل رہی ہے اور اُسے جلا دینا لازم ہے۔ لیکن اگر پھپھوندی دھونے کے بعد غائب ہو جائے تو اُسے ایک اَور دفعہ دھونا ہے۔ پھر متاثرہ چیز پاک ہو گی۔ اِسی طرح پھپھوندی سے نپٹنا ہے، چاہے وہ اُون یا کتان کے کسی لباس کو لگ گئی ہو، چاہے اُون یا کتان کے کسی ٹکڑے یا چمڑے کی کسی چیز کو لگ گئی ہو۔ اِن ہی اصولوں کے تحت فیصلہ کرنا ہے کہ متاثرہ چیز پاک ہے یا ناپاک۔“
احبار 57:13-59 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور اگر وہ بلا پِھر بھی کپڑے کے تانے یا بانے میں یا چمڑے کی چِیز میں دِکھائی دے تو وہ پُھوٹ کر نِکل رہی ہے۔ پس تُو اُس چِیز کو جِس میں وہ بلا ہے آگ میں جلا دینا۔ اور اگر اُس کپڑے کے تانے یا بانے میں سے یا چمڑے کی چِیز میں سے جِسے تُو نے دھویا ہے وہ بلا جاتی رہے تو وہ چِیز دوبارہ دھوئی جائے اور وہ پاک ٹھہرے گی۔ اُون یا کتان کے تانے یا بانے میں یا چمڑے کی کِسی چِیز میں اگر کوڑھ کی بلا ہو تو اُسے پاک یا ناپاک قرار دینے کے لِئے شرع یِہی ہے۔