یشوع 1:8-8
یشوع 1:8-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تَب یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے کہا، ”خوف نہ کرو اَور ہِراساں نہ ہو۔ سارے لشکر کو اَپنے ساتھ لے جاؤ اَور عَیؔ پر چڑھائی کر دو کیونکہ مَیں نے عَیؔ کے بادشاہ اُس کی رعایا اُس کے شہر اَور اُس کے مُلک کو تمہارے قبضہ میں کر دیا ہے۔ تُم عَیؔ اَور اُس کے بادشاہ کے ساتھ وَیسا ہی سلُوک کرنا جَیسا یریحوؔ اَور اُس کے بادشاہ کے ساتھ کیا تھا لیکن اُن کا سارا مال و اَسباب اَور سارے مویشی تُم اَپنے لیٔے مالِ غنیمت کے طور پر لے سکتے ہو۔ لہٰذا شہر کے پیچھے جا کر گھات میں لگے رہو۔“ لہٰذا یہوشُعؔ اَور لشکر کے تمام آدمی عَیؔ پر چڑھائی کرنے کے لیٔے نکل پڑے۔ اُنہُوں نے اَپنے بہترین سُورماؤں میں سے تیس ہزار لوگوں کو مُنتخب کرکے اَور اُنہیں رات ہی کو اِن اَحکام کے ساتھ روانہ کیا، غور سے سُنو: ”تُم شہر کے عقب میں گھات لگا کر بیٹھنا۔ شہر سے بہت دُور مت جانا اَور سَب کے سَب چوکنّے رہنا۔ میں اَپنے سَب ساتھیوں سمیت شہر کی طرف بڑھوں گا اَور جَب وہ لوگ پہلے کی طرح ہمارے مقابل آئیں گے تو ہم اُن کے سامنے سے بھاگ نکلیں گے۔ وہ یہ سوچ کر کہ ہم پہلے کی طرح اُن کے سامنے سے بھاگ رہے ہیں ہمارا تعاقب کریں گے، ’یہاں تک کہ ہم اُنہیں شہر سے دُور نکال لے جایٔیں گے۔‘ لہٰذا جَب ہم اُن کے سامنے سے بھاگ نکلیں، تَب تُم گھات میں سے اُٹھ کر شہر پر قبضہ جما لینا۔ یَاہوِہ تمہارے خُدا اُسے تمہارے قبضہ میں کر دیں گے۔ تُم شہر کو اَپنے قبضہ میں لینے کے بعد اُسے آگ لگادینا۔ یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق کام کرنا۔ دیکھو مَیں نے تُمہیں حُکم دے دیا ہے۔“
یشوع 1:8-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پھر رب نے یشوع سے کہا، ”مت ڈر اور مت گھبرا بلکہ تمام فوجی اپنے ساتھ لے کر عَی شہر پر حملہ کر۔ کیونکہ مَیں نے عَی کے بادشاہ، اُس کی قوم، اُس کے شہر اور ملک کو تیرے ہاتھ میں کر دیا ہے۔ لازم ہے کہ تُو عَی اور اُس کے بادشاہ کے ساتھ وہ کچھ کرے جو تُو نے یریحو اور اُس کے بادشاہ کے ساتھ کیا تھا۔ لیکن اِس مرتبہ تم اُس کا مال اور مویشی اپنے پاس رکھ سکتے ہو۔ حملہ کرتے وقت شہر کے پیچھے گھات لگا۔“ چنانچہ یشوع پورے لشکر کے ساتھ عَی پر حملہ کرنے کے لئے نکلا۔ اُس نے اپنے سب سے اچھے فوجیوں میں سے 30,000 کو چن لیا اور اُنہیں رات کے وقت عَی کے خلاف بھیج کر حکم دیا، ”دھیان دیں کہ آپ شہر کے پیچھے گھات لگائیں۔ سب کے سب شہر کے قریب ہی تیار رہیں۔ اِتنے میں مَیں باقی مردوں کے ساتھ شہر کے قریب آ جاؤں گا۔ اور جب شہر کے لوگ پہلے کی طرح ہمارے ساتھ لڑنے کے لئے نکلیں گے تو ہم اُن کے آگے آگے بھاگ جائیں گے۔ وہ ہمارے پیچھے پڑ جائیں گے اور یوں ہم اُنہیں شہر سے دُور لے جائیں گے، کیونکہ وہ سمجھیں گے کہ ہم اِس دفعہ بھی پہلے کی طرح اُن سے بھاگ رہے ہیں۔ پھر آپ اُس جگہ سے نکلیں جہاں آپ گھات میں بیٹھے ہوں گے اور شہر پر قبضہ کر لیں۔ رب آپ کا خدا اُسے آپ کے ہاتھ میں کر دے گا۔ جب شہر آپ کے قبضے میں ہو گا تو اُسے جلا دینا۔ وہی کریں جو رب نے فرمایا ہے۔ میری اِن ہدایات پر دھیان دیں۔“
یشوع 1:8-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور خُداوند نے یشُوؔع سے کہا خَوف نہ کھا اور نہ ہِراسان ہو۔ سب جنگی مَردوں کو ساتھ لے اور اُٹھ کر عی پر چڑھائی کر۔ دیکھ مَیں نے عی کے بادشاہ اور اُس کی رعیّت اور اُس کے شہر اور اُس کے عِلاقہ کو تیرے قبضہ میں کر دِیا ہے۔ اور تُو عی اور اُس کے بادشاہ سے وُہی کرنا جو تُو نے یرِیحُو اور اُس کے بادشاہ سے کِیا۔ فقط وہاں کے مالِ غنِیمت اور چَوپایوں کو تُم اپنے لِئے لُوٹ کے طَور پر لے لینا۔ سو تُو اُس شہر کے لِئے اُسی کے پِیچھے اپنے آدمی گھات میں لگا دے۔ پس یشُوع اور سب جنگی مَرد عی پر چڑھائی کرنے کو اُٹھے اور یشُوع نے تِیس ہزار مَرد جو زبردست سُورما تھے چُن کر رات ہی کو اُن کو روانہ کِیا۔ اور اُن کو یہ حُکم دِیا کہ دیکھو! تُم اُس شہر کے مُقابِل شہر ہی کے پِیچھے گھات میں بَیٹھنا۔ شہر سے بُہت دُور نہ جانا بلکہ تُم سب تیّار رہنا۔ اور مَیں اُن سب آدمِیوں کو لے کر جو میرے ساتھ ہیں شہر کے نزدِیک آؤں گا اور اَیسا ہو گا کہ جب وہ ہمارا سامنا کرنے کو پہلے کی طرح نِکل آئیں گے تو ہم اُن کے سامنے سے بھاگیں گے۔ اور وہ ہمارے پِیچھے پِیچھے نِکلے چلے آئیں گے یہاں تک کہ ہم اُن کو شہر سے دُور نِکال لے جائیں گے کیونکہ وہ کہیں گے کہ یہ تو پہلے کی طرح ہمارے سامنے سے بھاگے جاتے ہیں۔ سو ہم اُن کے آگے سے بھاگیں گے۔ اور تُم گھات میں سے اُٹھ کر شہر پر قبضہ کر لینا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا اُسے تُمہارے قبضہ میں کر دے گا۔ اور جب تُم اُس شہر کو لے لو تو اُسے آگ لگا دینا۔ خُداوند کے کہنے کے مُوافِق کام کرنا۔ دیکھو مَیں نے تُم کو حُکم کر دِیا۔