یشوع 1:6-16

یشوع 1:6-16 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اہلِ یریحوؔ نے بنی اِسرائیل کی وجہ سے شہر کا پھاٹک مضبُوطی سے بند کیا ہُوا تھا۔ نہ کویٔی باہر جاتا اَور نہ کویٔی اَندر آتا تھا۔ تَب یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے کہا، ”دیکھ، مَیں نے یریحوؔ کو اُس کے بادشاہ اَور زبردست سُورماؤں سمیت تمہارے ہاتھ میں کر دیا ہے۔ تمام مُسلّح مَردوں کو لے کر شہر کے گِرد گشت لگاؤ۔ چھ دِن تک اَیسا ہی کرتے رہو اَور سات کاہِنؔ صوفار یعنی مینڈھوں کے سینگوں کے سات نرسنگے لیٔے ہُوئے صندُوق کے آگے آگے چلیں۔ ساتویں دِن تُم شہر کے گِرد سات بار گشت لگانا اَور کاہِنؔ اَپنے نرسنگے پھُونکتے رہیں۔ جَب تُم اُنہیں نرسنگوں کو زور سے پھُونکتے سُنو تو سَب لوگ زور سے نعرے لگائیں۔ اُس وقت شہر کی فصیل گِر جائے گی اَور لوگ اُس پر اَپنے اَپنے سامنے سیدھے چڑھ جایٔیں گے۔“ چنانچہ یہوشُعؔ بِن نُونؔ نے کاہِنوں کو بُلاکر اُن سے کہا، ”یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو اُٹھالو اَور سات کاہِنؔ اُس کے آگے آگے نرسنگے لیٔے ہُوئے چلیں۔“ اَور اُنہُوں نے لوگوں کو حُکم دیا، ”آگے بڑھو اَور شہر کے گِرد گشت لگاؤ اَور مُسلّح مَرد یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے آگے آگے چلیں۔“ اَور جَب یہوشُعؔ لوگوں سے یہ باتیں کہہ چُکے تو وہ سات کاہِنؔ جو یَاہوِہ کے سامنے سات نرسنگے لیٔے ہُوئے تھے اَپنے نرسنگے پھُونکتے ہُوئے چلے اَور یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق اُن کے پیچھے پیچھے چلا۔ مُسلّح سپاہی اُن کاہِنوں کے آگے آگے چلے جو نرسنگے پھُونک رہے تھے اَور پچھلے سپاہی صندُوق کے پیچھے پیچھے چلے اَور نرسنگوں کی آواز لگاتار گونج رہی تھی۔ یہوشُعؔ نے لوگوں کو حُکم دیا تھا، ”نہ تو جنگ کا نعرہ لگانا نہ اَپنی آوازیں بُلند کرنا بَلکہ اَپنے مُنہ بند رکھنا اَور جَب مَیں تُمہیں للکارنے کا حُکم دُوں تَب للکارنا!“ اِس طرح اُنہُوں نے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کا ایک بار شہر کے گِرد چکّر لگوایا۔ پھر وہ سَب چھاؤنی میں واپس ہُوئے اَور رات وہیں گزاری۔ دُوسرے دِن یہوشُعؔ صُبح سویرے اُٹھے اَور کاہِنوں نے یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُٹھایا۔ اَور وہ سات کاہِنؔ نرسنگے لیٔے ہُوئے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے آگے آگے چل رہے تھے اَور نرسنگے پھُونکتے جا رہے تھے۔ مُسلّح آدمی اُن کے آگے تھے اَور عقب والے سپاہی یَاہوِہ کے صندُوق کے پیچھے اَور نرسنگوں کی آواز گونجتی چلی جا رہی تھی۔ اِس طرح دُوسرے دِن بھی اُنہُوں نے شہر کے گِرد ایک بار چکّر لگایا اَور پھر چھاؤنی میں آ گئے۔ وہ چھ دِن تک اَیسا ہی کرتے رہے۔ ساتویں دِن وہ علی الصبح اُٹھ کر اِسی طرح شہر کے گِرد گھُومے۔ اُس دِن اُنہُوں نے شہر کے سات چکّر لگائے۔ ساتویں بار جَب کہ کاہِنوں نے زور سے نرسنگے پھُونکے تَب یہوشُعؔ نے لوگوں کو حُکم دیا، ”للکارو! کیونکہ یَاہوِہ نے یہ شہر تُمہیں دے دیا ہے!

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یشوع 6

یشوع 1:6-16 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اُن دنوں میں اسرائیلیوں کی وجہ سے یریحو کے دروازے بند ہی رہے۔ نہ کوئی باہر نکلا، نہ کوئی اندر گیا۔ رب نے یشوع سے کہا، ”مَیں نے یریحو کو اُس کے بادشاہ اور فوجی افسروں سمیت تیرے ہاتھ میں کر دیا ہے۔ جو اسرائیلی جنگ کے لئے تیرے ساتھ نکلیں گے اُن کے ساتھ شہر کی فصیل کے ساتھ ساتھ چل کر ایک چکر لگاؤ اور پھر خیمہ گاہ میں واپس آ جاؤ۔ چھ دن تک ایسا ہی کرو۔ سات امام ایک ایک نرسنگا اُٹھائے عہد کے صندوق کے آگے آگے چلیں۔ پھر ساتویں دن شہر کے گرد سات چکر لگاؤ۔ ساتھ ساتھ امام نرسنگے بجاتے رہیں۔ جب وہ نرسنگوں کو بجاتے بجاتے لمبی سی پھونک ماریں گے تو پھر تمام اسرائیلی بڑے زور سے جنگ کا نعرہ لگائیں۔ اِس پر شہر کی فصیل گر جائے گی اور تیرے لوگ ہر جگہ سیدھے شہر میں داخل ہو سکیں گے۔“ یشوع بن نون نے اماموں کو بُلا کر اُن سے کہا، ”رب کے عہد کا صندوق اُٹھا کر میرے ساتھ چلیں۔ اور سات امام ایک ایک نرسنگا اُٹھائے صندوق کے آگے آگے چلیں۔“ پھر اُس نے باقی لوگوں سے کہا، ”آئیں، شہر کی فصیل کے ساتھ ساتھ چل کر ایک چکر لگائیں۔ مسلح آدمی رب کے صندوق کے آگے آگے چلیں۔“ سب کچھ یشوع کی ہدایات کے مطابق ہوا۔ سات امام نرسنگے بجاتے ہوئے رب کے آگے آگے چلے جبکہ رب کے عہد کا صندوق اُن کے پیچھے پیچھے تھا۔ مسلح آدمیوں میں سے کچھ بجانے والے اماموں کے آگے آگے اور کچھ صندوق کے پیچھے پیچھے چلنے لگے۔ اِتنے میں امام نرسنگے بجاتے رہے۔ لیکن یشوع نے باقی لوگوں کو حکم دیا تھا کہ اُس دن جنگ کا نعرہ نہ لگائیں۔ اُس نے کہا، ”جب تک مَیں حکم نہ دوں اُس وقت تک ایک لفظ بھی نہ بولنا۔ جب مَیں اشارہ دوں گا تو پھر ہی خوب نعرہ لگانا۔“ اِسی طرح رب کے صندوق نے شہر کی فصیل کے ساتھ ساتھ چل کر چکر لگایا۔ پھر لوگوں نے خیمہ گاہ میں لوٹ کر وہاں رات گزاری۔ اگلے دن یشوع صبح سویرے اُٹھا، اور اماموں اور فوجیوں نے دوسری مرتبہ شہر کا چکر لگایا۔ اُن کی وہی ترتیب تھی۔ پہلے کچھ مسلح آدمی، پھر سات نرسنگے بجانے والے امام، پھر رب کے عہد کا صندوق اُٹھانے والے امام اور آخر میں مزید کچھ مسلح آدمی تھے۔ چکر لگانے کے دوران امام نرسنگے بجاتے رہے۔ اِس دوسرے دن بھی وہ شہر کا چکر لگا کر خیمہ گاہ میں لوٹ آئے۔ اُنہوں نے چھ دن تک ایسا ہی کیا۔ ساتویں دن اُنہوں نے صبح سویرے اُٹھ کر شہر کا چکر یوں لگایا جیسے پہلے چھ دنوں میں، لیکن اِس دفعہ اُنہوں نے کُل سات چکر لگائے۔ ساتویں چکر پر اماموں نے نرسنگوں کو بجاتے ہوئے لمبی سی پھونک ماری۔ تب یشوع نے لوگوں سے کہا، ”جنگ کا نعرہ لگائیں، کیونکہ رب نے آپ کو یہ شہر دے دیا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یشوع 6

یشوع 1:6-16 کِتابِ مُقادّس (URD)

(اور یرِیحُو بنی اِسرائیل کے سبب سے نِہایت مضبُوطی سے بند تھا اور نہ تو کوئی باہر جاتا اور نہ کوئی اندر آتا تھا)۔ اور خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ دیکھ مَیں نے یرِیحُو کو اور اُس کے بادشاہ اور زبردست سُورماؤں کو تیرے ہاتھ میں کر دِیا ہے۔ سو تُم سب جنگی مَرد شہر کو گھیر لو اور ایک دفعہ اُس کے چَوگِرد گشت کرو۔ چھ دِن تک تُم اَیسا ہی کرنا۔ اور سات کاہِن صندُوق کے آگے آگے مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے چلیں اور ساتویں دِن تُم شہر کی چاروں طرف سات بار گُھومنا اور کاہِن نرسِنگے پُھونکیں۔ اور یُوں ہو گا کہ جب وہ مینڈھے کے سِینگ کو زور سے پُھونکیں اور تُم نرسِنگے کی آواز سُنو تو سب لوگ نِہایت زور سے للکاریں۔ تب شہر کی دِیوار بِالکُل گِر جائے گی اور لوگ اپنے اپنے سامنے سِیدھے چڑھ جائیں۔ اور نُون کے بیٹے یشُوع نے کاہِنوں کو بُلا کر اُن سے کہا کہ عہد کے صندُوق کو اُٹھاؤ اور سات کاہِن مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے خُداوند کے صندُوق کے آگے آگے چلیں۔ اور اُنہوں نے لوگوں سے کہا بڑھ کر شہر کو گھیر لو اور جو آدمی مُسلّح ہیں وہ خُداوند کے صندُوق کے آگے آگے چلیں۔ اور جب یشُوع لوگوں سے یہ باتیں کہہ چُکا تو سات کاہِن مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے خُداوند کے آگے آگے چلے اور وہ نرسِنگے پُھونکتے گئے اور خُداوند کے عہد کا صندُوق اُن کے پِیچھے پِیچھے چلا۔ اور وہ مُسلّح آدمی اُن کاہِنوں کے آگے آگے چلے جو نرسِنگے پُھونک رہے تھے اور دُنبالہ صندُوق کے پِیچھے پِیچھے چلا اور کاہِن چلتے چلتے نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے۔ اور یشُوع نے لوگوں کو یہ حُکم دِیا کہ نہ تو تُم للکارنا اور نہ تُمہاری آواز سُنائی دے اور نہ تُمہارے مُنہ سے کوئی بات نِکلے۔ جب مَیں تُم کو للکارنے کو کہُوں تب تُم للکارنا۔ سو اُس نے خُداوند کے صندُوق کو شہر کے گِرد ایک بار پِھروایا۔ تب وہ خَیمہ گاہ میں آئے اور وہِیں رات کاٹی۔ اور یشُوع صُبح سویرے اُٹھا اور کاہِنوں نے خُداوند کا صندُوق اُٹھا لِیا۔ اور وہ سات کاہِن مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے خُداوند کے صندُوق کے آگے آگے برابر چلتے اور نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے اور وہ مُسلّح آدمی آگے آگے ہو لِئے اور دُنبالہ خُداوند کے صندُوق کے پِیچھے پِیچھے چلا اور کاہِن چلتے چلتے نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے۔ اور دُوسرے دِن بھی وہ ایک بار شہر کے گِرد گُھوم کر خَیمہ گاہ میں پِھر آئے۔ اُنہوں نے چھ دِن تک اَیسا ہی کِیا۔ اور ساتویں دِن یُوں ہُؤا کہ وہ صبُح کو پَو پھٹنے کے وقت اُٹھے اور اُسی طرح شہر کے گِرد سات بار پِھرے۔ سات بار شہر کے گِرد فقط اُسی دِن پِھرے۔ اور ساتوِیں بار اَیسا ہُؤا کہ جب کاہِنوں نے نرسِنگے پُھونکے تو یشُوع نے لوگوں سے کہا للکارو! کیونکہ خُداوند نے یہ شہر تُم کو دے دِیا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یشوع 6