یشوع 4:4-7 - Compare All Versions
یشوع 4:4-7 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)
چنانچہ یشوع نے اُن بارہ آدمیوں کو بُلایا جنہیں اُس نے اسرائیل کے ہر قبیلے سے چن لیا تھا اور اُن سے کہا، ”رب اپنے خدا کے صندوق کے آگے آگے چل کر دریا کے درمیان تک جائیں۔ آپ میں سے ہر آدمی ایک ایک پتھر اُٹھا کر اپنے کندھے پر رکھے اور باہر لے جائے۔ کُل بارہ پتھر ہوں گے، اسرائیل کے ہر قبیلے کے لئے ایک۔ یہ پتھر آپ کے درمیان ایک یادگار نشان رہیں گے۔ آئندہ جب آپ کے بچے آپ سے پوچھیں گے کہ اِن پتھروں کا کیا مطلب ہے تو اُنہیں بتانا، ’یہ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ دریائے یردن کا بہاؤ رُک گیا جب رب کا عہد کا صندوق اُس میں سے گزرا۔‘ یہ پتھر ابد تک اسرائیل کو یاد دلاتے رہیں گے کہ یہاں کیا کچھ ہوا تھا۔“
یشوع 4:4-7 URD (کِتابِ مُقادّس)
تب یشُوع نے اُن بارہ آدمِیوں کو جِن کو اُس نے بنی اِسرائیل میں سے قبِیلہ پِیچھے ایک آدمی کے حِساب سے تیّار کر رکھّا تھا بُلایا۔ اور یشُوع نے اُن سے کہا تُم خُداوند اپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کے آگے آگے یَردن کے بِیچ میں جاؤ اور تُم میں سے ہر شخص بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے شُمار کے مُطابِق ایک ایک پتّھر اپنے اپنے کندھے پر اُٹھا لے۔ تاکہ یہ تُمہارے درمِیان ایک نِشان ہو اور جب تُمہاری اَولاد آیندہ زمانہ میں تُم سے پُوچھے کہ اِن پتّھروں سے تُمہارا مطلب کیا ہے؟ تو تُم اُن کو جواب دینا کہ یَردن کا پانی خُداوند کے عہد کے صندُوق کے آگے دو حِصّے ہو گیا تھا کیونکہ جب وہ یَردن پار آ رہا تھا تب یَردن کا پانی دو حِصّے ہو گیا۔ یُوں یہ پتّھر ہمیشہ کے لِئے بنی اِسرائیل کے واسطے یادگار ٹھہریں گے۔
یشوع 4:4-7 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)
تَب یہوشُعؔ نے اُن بَارہ آدمیوں کو جنہیں اُنہُوں نے بنی اِسرائیل کے ہر قبیلہ میں سے ایک ایک کرکے مُنتخب کیا تھا بُلایا، اَور یہوشُعؔ نے کہا اُن سے کہا، ”تُم خُدا اَپنے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے آگے آگے یردنؔ کے درمیان جاؤ اَور تُم میں سے ہر ایک اِسرائیل کے قبیلوں کے شُمار کے مُطابق ایک ایک پتّھر اَپنے کندھے پر اُٹھالے، تاکہ یہ تمہارے درمیان ایک نِشان ہو اَور جَب آئندہ زمانہ میں تمہاری اَولاد یہ پُوچھے، ’اِن پتّھروں کا کیا مطلب ہے؟‘ تو تُم اُنہیں یہ جَواب دینا کہ یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے سامنے یردنؔ کے پانی کا بہنا رُک گیا تھا، کیونکہ جَب اُسے یردنؔ کے پار لے جایا جا رہاتھا تَب یردنؔ کا پانی دو حِصّے ہو گیا۔ یُوں یہ پتّھر ہمیشہ کے لیٔے بنی اِسرائیل کے لیٔے یادگار ٹھہریں گے۔“