یشوع 1:3-13 - Compare All Versions

یشوع 1:3-13 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)

صبح سویرے اُٹھ کر یشوع اور تمام اسرائیلی شِطّیم سے روانہ ہوئے۔ جب وہ دریائے یردن پر پہنچے تو اُسے عبور نہ کیا بلکہ رات کے لئے کنارے پر رُک گئے۔ وہ تین دن وہاں رہے۔ پھر نگہبانوں نے خیمہ گاہ میں سے گزر کر لوگوں کو حکم دیا، ”جب آپ دیکھیں کہ لاوی کے قبیلے کے امام رب آپ کے خدا کے عہد کا صندوق اُٹھائے ہوئے ہیں تو اپنے اپنے مقام سے روانہ ہو کر اُس کے پیچھے ہو لیں۔ پھر آپ کو پتا چلے گا کہ کہاں جانا ہے، کیونکہ آپ پہلے کبھی وہاں نہیں گئے۔ لیکن صندوق کے تقریباً ایک کلو میٹر پیچھے رہیں اور زیادہ قریب نہ جائیں۔“ یشوع نے لوگوں کو بتایا، ”اپنے آپ کو مخصوص و مُقدّس کریں، کیونکہ کل رب آپ کے درمیان حیرت انگیز کام کرے گا۔“ اگلے دن یشوع نے اماموں سے کہا، ”عہد کا صندوق اُٹھا کر لوگوں کے آگے آگے دریا کو پار کریں۔“ چنانچہ امام صندوق کو اُٹھا کر آگے آگے چل دیئے۔ اور رب نے یشوع سے فرمایا، ”مَیں تجھے تمام اسرائیلیوں کے سامنے سرفراز کر دوں گا، اور آج ہی مَیں یہ کام شروع کروں گا تاکہ وہ جان لیں کہ جس طرح مَیں موسیٰ کے ساتھ تھا اُسی طرح تیرے ساتھ بھی ہوں۔ عہد کا صندوق اُٹھانے والے اماموں کو بتا دینا، ’جب آپ دریائے یردن کے کنارے پہنچیں گے تو وہاں پانی میں رُک جائیں‘۔“ یشوع نے اسرائیلیوں سے کہا، ”میرے پاس آئیں اور رب اپنے خدا کے فرمان سن لیں۔ آج آپ جان لیں گے کہ زندہ خدا آپ کے درمیان ہے اور کہ وہ یقیناً آپ کے آگے آگے جا کر دوسری قوموں کو نکال دے گا، خواہ وہ کنعانی، حِتّی، حِوّی، فرِزّی، جرجاسی، اموری یا یبوسی ہوں۔ یہ یوں ظاہر ہو گا کہ عہد کا یہ صندوق جو تمام دنیا کے مالک کا ہے آپ کے آگے آگے دریائے یردن میں جائے گا۔ اب ایسا کریں کہ ہر قبیلے میں سے ایک ایک آدمی کو چن لیں تاکہ بارہ افراد جمع ہو جائیں۔ پھر امام تمام دنیا کے مالک رب کے عہد کا صندوق اُٹھا کر دریا میں جائیں گے۔ اور جوں ہی وہ اپنے پاؤں پانی میں رکھیں گے تو پانی کا بہاؤ رُک جائے گا اور آنے والا پانی ڈھیر بن کر کھڑا رہے گا۔“

دوسروں تک پہنچائیں
یشوع 3 URDGVU

یشوع 1:3-13 URD (کِتابِ مُقادّس)

تب یشُوع صُبح سویرے اُٹھا اور وہ اور سب بنی اِسرائیل شطِّیم سے کُوچ کر کے یَردن پر آئے اور پار اُترنے سے پہلے وہِیں ٹِکے۔ اور تِین دِن کے بعد منصب دار لشکر کے بِیچ سے ہو کر گُذرے۔ اور اُنہوں نے لوگوں کو حُکم دِیا کہ جب تُم خُداوند اپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کو دیکھو اور کاہِن اور لاوی اُسے اُٹھائے ہُوئے ہوں تو تُم اپنی جگہ سے اُٹھ کر اُس کے پِیچھے پِیچھے چلنا۔ لیکن تُمہارے اور اُس کے درمِیان پَیمایش کر کے قرِیب دو ہزار ہاتھ کا فاصِلہ رہے۔ اُس کے نزدِیک نہ جانا تاکہ تُم کو معلُوم ہو کہ کِس راستے تُم کو چلنا ہے کیونکہ تُم اب تک اِس راہ سے کبھی نہیں گُذرے۔ اور یشُوع نے لوگوں سے کہا تُم اپنے آپ کو مُقدّس کرو کیونکہ کل کے دِن خُداوند تُمہارے درمِیان عجِیب و غرِیب کام کرے گا۔ پِھر یشُوع نے کاہِنوں سے کہا کہ تُم عہد کے صندُوق کو لے کر لوگوں کے آگے آگے پار اُترو۔ چُنانچہ وہ عہد کے صندُوق کو لے کر لوگوں کے آگے آگے چلے۔ اور خُداوند نے یشُوع سے کہا آج کے دِن سے مَیں تُجھے سب اِسرائیلِیوں کے سامنے سرفراز کرنا شرُوع کرُوں گا تاکہ وہ جان لیں کہ جَیسے مَیں مُوسیٰ کے ساتھ رہا وَیسے ہی تیرے ساتھ رہُوں گا۔ اور تُو اُن کاہِنوں کو جو عہد کے صندُوق کو اُٹھائیں یہ حُکم دینا کہ جب تُم یَردن کے پانی کے کنارے پُہنچو تو یَردن میں کھڑے رہنا۔ اور یشُوع نے بنی اِسرائیل سے کہا کہ پاس آ کر خُداوند اپنے خُدا کی باتیں سُنو۔ اور یشُوع کہنے لگا کہ اِس سے تُم جان لو گے کہ زِندہ خُدا تُمہارے درمِیان ہے اور وُہی ضرُور کنعانیوں اور حتِّیوں اور حویّوں اور فرزیوّں اور جرجاسیوں اور امورِیوں اور یبُوسیوں کو تُمہارے آگے سے دفع کرے گا۔ دیکھو ساری زمِین کے مالِک کے عہد کا صندُوق تُمہارے آگے آگے یَردن میں جانے کو ہے۔ سو اب تُم ہر قبِیلہ پِیچھے ایک آدمی کے حِساب سے بارہ آدمی اِسرائیلؔ کے قبِیلوں میں سے چُن لو۔ اور جب یَردن کے پانی میں اُن کاہِنوں کے پاؤں کے تلوے ٹِک جائیں گے جو خُداوند یعنی ساری دُنیا کے مالِک کے عہد کا صندُوق اُٹھاتے ہیں تو یَردن کا پانی یعنی وہ پانی جو اُوپر سے بہتا ہُؤا نِیچے آتا ہے تھم جائے گا اور اُس کا ڈھیر لگ جائے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
یشوع 3 URD

یشوع 1:3-13 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)

صُبح ہوتے ہی یہوشُعؔ تمام بنی اِسرائیل کے ساتھ شِطِّیمؔ سے کوچ کرکے یردنؔ کے کنارے پر آئے اَور پار اُترنے سے پہلے وہاں قِیام کیا۔ تین دِن کے بعد سرداروں نے چھاؤنی کے درمیان جا کر لوگوں کو حُکم دیا: ”جَب تُم لیوی کاہِنوں کو یَاہوِہ اَپنے خُدا کے عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے دیکھو تو تُم اَپنی جگہ سے کوچ کرکے اُس کے پیچھے پیچھے چلنے لگنا۔ تَب تُم جان لوگے کہ تُمہیں کس راہ سے چلنا ہے کیونکہ اِس سے قبل تُم اِس راستہ سے کبھی نہیں گزرے۔ البتّہ اَپنے اَور صندُوق کے درمیان تقریباً نَو سو میٹر کا فاصلہ رکھنا۔ اُس کے قریب مت جانا۔“ یہوشُعؔ نے لوگوں سے فرمایا، ”اَپنے آپ کو مُقدّس کر لو کیونکہ کل کے دِن یَاہوِہ تمہارے درمیان عجِیب و غریب کام کریں گے۔“ پھر یہوشُعؔ نے کاہِنوں سے فرمایا، ”تُم عہد کا صندُوق لے کر لوگوں کے آگے آگے چلو۔“ چنانچہ اُنہُوں نے اُسے اُٹھایا اَور وہ اُن کے آگے آگے چلنے لگے۔ اَور یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے فرمایا، ”آج کے دِن سے مَیں تمام اِسرائیلیوں کے سامنے تُمہیں سرفراز کرنا شروع کروں گا تاکہ وہ جان لیں کہ جَیسے مَیں مَوشہ کے ساتھ تھا وَیسے ہی تمہارے ساتھ بھی ہُوں۔ اَور تُم عہد کا صندُوق اُٹھانے والے کاہِنوں کو یہ حُکم دینا، ’جَب تُم یردنؔ کے کنارے پہُنچو تو پانی میں جا کر کھڑے ہو جانا۔‘ “ یہوشُعؔ نے بنی اِسرائیل سے فرمایا، ”پاس آکر یَاہوِہ اَپنے خُدا کا کلام سُنو، یہوشُعؔ نے کہا اُس سے تُم جان جاؤگے کہ زندہ خُدا تمہارے درمیان ہیں اَور وہ یقیناً تمہارے سامنے سے کنعانیوں حِتّیوں حِوّیوں پَرزّیوں گِرگاشیوں امُوریوں اَور یبُوسیوں کو نکال دیں گے۔ دیکھو ساری زمین کے خُدا کے عہد کا صندُوق تمہارے آگے آگے یردنؔ میں جانے کو ہے۔ اِس لیٔے اَب اِسرائیل کے ہر قبیلہ میں سے ایک ایک آدمی لے کر بَارہ آدمیوں کو مُنتخب کرنا۔ اَور جِس گھڑی ساری زمین کے خُدا یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق اُٹھانے والے کاہِنوں کے قدم یردنؔ کے پانی میں پڑیں گے اُس وقت یردنؔ کا اُوپر سے بہتا ہُوا پانی تھم جائے گا اَور اُس کا ڈھیر لگ جائے گا۔“

دوسروں تک پہنچائیں
یشوع 3 UCV