یشوع 1:20-9

یشوع 1:20-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

تَب یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے کہا، ”بنی اِسرائیل سے کہہ دو کہ وہ اُن ہدایات کے مُطابق جو مَیں نے مَوشہ کی مَعرفت دی ہیں پناہ کے شہر مُقرّر کر دیں۔ تاکہ اگر کویٔی شخص اِتّفاقاً یا غَیر اِرادتاً کسی کو مار ڈالے تو وہ وہاں بھاگ جائے تاکہ خُون کا اِنتقام لینے والے سے پناہ پا سکے۔ جَب وہ اُن میں سے کسی شہر کو بھاگ جائے تو وہ شہر کے پھاٹک پر کھڑا ہوکر اُس شہر کے بُزرگوں کو اَپنی سرگزشت سُنائے۔ تَب وہ اُسے شہر میں داخل ہونے دیں اَور اُسے اَپنے ساتھ لے جا کر رہنے کے لیٔے کویٔی جگہ دیں۔ اگر خُون کا اِنتقام لینے والا اُس کے تعاقب میں ہو تو وہ اُس مُلزم کو اُس کے حوالہ نہ کریں کیونکہ اُس نے اَپنے پڑوسی کو غَیر اِرادتاً مارا تھا اَور اُس کی اُس سے کویٔی دیرینہ عداوت نہ تھی۔ اَور جَب تک وہ فیصلہ کے لیٔے جماعت کے سامنے کھڑا نہ ہو اَور جَب تک وہ اعلیٰ کاہِن جو اُن دِنوں برسر خدمت ہو مَر نہ جائے تَب تک وہ مُلزم اُسی شہر میں رہے۔ اُس کے بعد وہ اُس شہر میں اَپنے گھر واپس چلا جائے جہاں سے وہ بھاگ کر آیاتھا۔“ چنانچہ اُنہُوں نے نفتالی کے کوہستانی مُلک میں گلِیل کے قِدِشؔ کو اِفرائیمؔ کے کوہستانی مُلک میں شِکیمؔ کو اَور یہُوداہؔ کے کوہستانی مُلک میں قِریت اربعؔ یعنی حِبرونؔ کو الگ کیا۔ اَور یریحوؔ کے پاس یردنؔ کے مشرق کی جانِب رُوبِنؔ کے قبیلہ کے بیابانی علاقہ کی ہموار سطح پر بسے ہُوئے بضرؔ کو اَور گادؔ کے قبیلہ کے راموتؔ کو جو گِلعادؔ میں ہے اَور منشّہ کے قبیلہ کے گولانؔ کو جو باشانؔ میں ہے مُقرّر کیا۔ کویٔی اِسرائیلی یا اُن کے درمیان بسا ہُوا کویٔی پردیسی جو کسی کو اِتّفاقاً مار ڈالے بھاگ کر اُن مُقرّر کَردہ شہروں کو جا سَکتا تھا تاکہ وہ اِنصاف کے لیٔے جماعت کے سامنے پیش ہونے تک خُون کا بدلہ لینے والے کے ہاتھوں ہلاک نہیں ہو سکتا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یشوع 20

یشوع 1:20-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

رب نے یشوع سے کہا، ”اسرائیلیوں کو حکم دے کہ اُن ہدایات کے مطابق پناہ کے شہر چن لو جنہیں مَیں تمہیں موسیٰ کی معرفت دے چکا ہوں۔ اِن شہروں میں وہ لوگ فرار ہو سکتے ہیں جن سے کوئی اتفاقاً یعنی غیرارادی طور پر ہلاک ہوا ہو۔ یہ اُنہیں مرے ہوئے شخص کے اُن رشتے داروں سے پناہ دیں گے جو بدلہ لینا چاہیں گے۔ لازم ہے کہ ایسا شخص پناہ کے شہر کے پاس پہنچنے پر شہر کے دروازے کے پاس بیٹھے بزرگوں کو اپنا معاملہ پیش کرے۔ اُس کی بات سن کر بزرگ اُسے اپنے شہر میں داخل ہونے کی اجازت دیں اور اُسے اپنے درمیان رہنے کے لئے جگہ دے دیں۔ اب اگر بدلہ لینے والا اُس کے پیچھے پڑ کر وہاں پہنچے تو بزرگ ملزم کو اُس کے ہاتھ میں نہ دیں، کیونکہ یہ موت غیرارادی طور پر اور نفرت رکھے بغیر ہوئی ہے۔ وہ اُس وقت تک شہر میں رہے جب تک مقامی عدالت معاملے کا فیصلہ نہ کر دے۔ اگر عدالت اُسے بےگناہ قرار دے تو وہ اُس وقت کے امامِ اعظم کی موت تک اُس شہر میں رہے۔ اِس کے بعد اُسے اپنے اُس شہر اور گھر کو واپس جانے کی اجازت ہے جس سے وہ فرار ہو کر آیا ہے۔“ اسرائیلیوں نے پناہ کے یہ شہر چن لئے: نفتالی کے پہاڑی علاقے میں گلیل کا قادس، افرائیم کے پہاڑی علاقے میں سِکم اور یہوداہ کے پہاڑی علاقے میں قِریَت اربع یعنی حبرون۔ دریائے یردن کے مشرق میں اُنہوں نے بصر کو چن لیا جو یریحو سے کافی دُور میدانِ مرتفع میں ہے اور روبن کے قبیلے کی ملکیت ہے۔ ملکِ جِلعاد میں رامات جو جد کے قبیلے کا ہے اور بسن میں جولان جو منسّی کے قبیلے کا ہے چنا گیا۔ یہ شہر تمام اسرائیلیوں اور اسرائیل میں رہنے والے اجنبیوں کے لئے مقرر کئے گئے۔ جس سے بھی غیرارادی طور پر کوئی ہلاک ہوا اُسے اِن میں پناہ لینے کی اجازت تھی۔ اِن میں وہ اُس وقت تک بدلہ لینے والوں سے محفوظ رہتا تھا جب تک مقامی عدالت فیصلہ نہیں کر دیتی تھی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یشوع 20

یشوع 1:20-9 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اپنے لِئے پناہ کے شہر جِن کی بابت مَیں نے مُوسیٰ کی معرفت تُم کو حُکم کِیا مُقرّر کرو۔ تاکہ وہ خُونی جو بُھول سے اور نادانِستہ کِسی کو مار ڈالے وہاں بھاگ جائے اور وہ خُون کے اِنتِقام لینے والے سے تُمہاری پناہ ٹھہریں۔ وہ اُن شہروں میں سے کِسی میں بھاگ جائے اور اُس شہر کے دروازہ پر کھڑا ہو کر اُس شہر کے بزُرگوں کو اپنا حال کہہ سُنائے۔ تب وہ اُسے شہر میں اپنے ہاں لے جا کر کوئی جگہ دیں تاکہ وہ اُن کے درمِیان رہے۔ اور اگر خُون کا اِنتِقام لینے والا اُس کا پِیچھا کرے تو وہ اُس خُونی کو اُس کے حوالہ نہ کریں کیونکہ اُس نے اپنے پڑوسی کو نادانِستہ مارا اور پہلے سے اُس کی اُس سے عداوت نہ تھی۔ اور وہ جب تک فَیصلہ کے لِئے جماعت کے آگے کھڑا نہ ہو اور اُن دِنوں کا سردار کاہِن مَر نہ جائے تب تک اُسی شہر میں رہے۔ اِس کے بعد وہ خُونی لَوٹ کر اپنے شہر اور اپنے گھر میں یعنی اُسی شہر میں آئے جہاں سے وہ بھاگا تھا۔ پس اُنہوں نے نفتالی کے کوہِستانی مُلک میں جلِیل کے قادِس کو اور اِفرائِیم کے کوہِستانی مُلک میں سِکم کو اور یہُوداؔہ کے کوہِستانی مُلک میں قریت اؔربع کو جو حبرُوؔن ہے الگ کِیا۔ اور یرِیحُو کے پاس کے یَردن کے مشرِق کی طرف رُوبِن کے قبِیلہ کے مَیدان میں بصر کو جو بیابان میں ہے اور جدّ کے قبِیلہ کے حِصّہ میں رامہ کو جو جِلعاد میں ہے اور منسّی کے قبِیلہ کے حِصّہ میں جولاؔن کو جو بسن میں ہے مُقرّر کِیا۔ یِہی وہ شہر ہیں جو سب بنی اِسرائیل اور اُن مُسافِروں کے لِئے جو اُن کے درمِیان بستے ہیں اِس لِئے ٹھہرائے گئے کہ جو کوئی نادانِستہ کِسی کو قتل کرے وہ وہاں بھاگ جائے اور جب تک وہ جماعت کے آگے کھڑا نہ ہو تب تک خُون کے اِنتِقام لینے والے کے ہاتھ سے مارا نہ جائے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یشوع 20