یشوع 1:14-15
یشوع 1:14-15 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جو علاقے بنی اِسرائیل نے کنعانؔ کے مُلک میں بطور مِیراث پایٔے، جنہیں الیعزرؔ کاہِنؔ یہوشُعؔ بِن نُونؔ اَور بنی اِسرائیل کے قبائلی برادریوں کے سربراہوں نے اُن میں تقسیم کیا وہ یہ ہیں، اَور جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کی مَعرفت حُکم دیا تھا، اُن کے مُطابق اُن کی مِیراث اُن ساڑھے نَو قبیلوں میں قُرعہ اَندازی سے تقسیم کی گئی۔ مَوشہ نے ڈھائی قبیلوں کو اُن کی مِیراث یردنؔ کے مشرق میں دے رکھی تھی لیکن لیویوں کو دُوسروں کے درمیان کویٔی مِیراث نہ دی گئی کیونکہ یُوسیفؔ کی نَسل سے دو قبیلے وُجُود میں آ چُکے تھے منشّہ اَور اِفرائیمؔ۔ لیویوں کو مُلک کا کویٔی حِصّہ نہ مِلا سِوائے اُن شہروں کے جو اُن کے رہنے کے لیٔے تھے اَور بعض چراگاہیں جو اُن کے گلّوں اَور ریوڑوں کے لیٔے تھیں اُن کے حِصّے میں آئیں۔ چنانچہ بنی اِسرائیل نے مُلک کو ٹھیک اُسی طرح بانٹ لیا جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔ تَب یہُوداہؔ گِلگالؔ میں یہوشُعؔ سے مِلنے آئے اَور قِنزّی یفُنّہؔ کے بیٹے کالبؔ نے اُن سے کہا، ”تُم جانتے ہوگے، یَاہوِہ نے قادِسؔ برنیع میں مَرد خُدا مَوشہ سے تمہارے اَور میرے بارے میں کیا فرمایا تھا؟ جَب یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ نے مُجھے قادِسؔ برنیع سے اُس مُلک کا حال مَعلُوم کرنے کے لیٔے بھیجا تھا، تَب میں چالیس بَرس کا تھا اَور مَیں نے واپس آکر اُسے تمام حقیقی حالات سے آگاہ کر دیا تھا۔ لیکن جو بھایٔی میرے ہمراہ گیٔے تھے اُنہُوں نے لوگوں کے دِلوں کو دہشت سے بھر دیا۔ البتّہ مَیں نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی پُوری طرح پیروی کی۔ چنانچہ اُس روز مَوشہ نے قَسم کھا کر مُجھ سے کہا، ’جِس زمین پر تمہارے قدم پڑے ہیں وہ ہمیشہ کے لیٔے تُم اَور تمہاری اَولاد کی مِیراث ہوگی کیونکہ تُم نے یَاہوِہ میرے خُدا کی پُوری طرح پیروی کی ہے۔‘ ”اَور اَب پھر جِس طرح اُنہُوں نے یہ بات مَوشہ سے کہی تَب سے اُن پینتالیس برسوں تک جِن میں بنی اِسرائیل بیابان میں بھٹکتے پھرے، یَاہوِہ نے اَپنے وعدہ کے مُطابق مُجھے زندہ رکھا۔ چنانچہ اَب مَیں پچاسی بَرس کا ہُوں! میں آج بھی اُسی قدر زورآور ہُوں جِس قدر اُس دِن تھا جَب مَوشہ نے مُجھے بھیجا تھا۔ میں آج بھی میدانِ جنگ میں جا کر لڑنے کے لیٔے اُتنی ہی قُوّت رکھتا ہُوں جِتنی تَب رکھتا تھا۔ چنانچہ اَب یہ کوہستانی مُلک مُجھے عطا کریں جَیسا یَاہوِہ نے اُس دِن مُجھ سے وعدہ کیا تھا۔ تُم نے خُود اُس وقت سُنا تھا کہ وہاں عناقیمؔ بستے ہیں اَور اُن کے شہر بڑے اَور فصیلدار ہیں۔ لیکن اگر خُداوؔند میرے ساتھ ہوں گے تو میں اُن کے قول کے مُطابق اُنہیں نکال دُوں گا۔“ تَب یہوشُعؔ نے یفُنّہؔ کے بیٹے کالبؔ کو برکت دی اَور اُسے حِبرونؔ مِیراث کے طور پر عنایت فرمایا۔ تَب سے آج تک حِبرونؔ قِنزّی یفُنّہؔ کے بیٹے کالبؔ کی مِیراث ہے، کیونکہ اُنہُوں نے یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کی پُوری طرح پیروی کی تھی۔ (پہلے حِبرونؔ کا نام قِریت اربعؔ تھا اِس لیٔے کہ اربعؔ عناقیوں میں سَب سے بڑا آدمی سمجھا جاتا تھا۔) تَب اُس مُلک کو جنگ سے فراغت نصیب ہُوئی۔
یشوع 1:14-15 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اسرائیل کے باقی ساڑھے نو قبیلوں کو دریائے یردن کے مغرب میں یعنی ملکِ کنعان میں زمین مل گئی۔ اِس کے لئے اِلی عزر امام، یشوع بن نون اور قبیلوں کے آبائی گھرانوں کے سربراہوں نے قرعہ ڈال کر مقرر کیا کہ ہر قبیلے کو کون کون سا علاقہ مل جائے۔ یوں ویسا ہی ہوا جس طرح رب نے موسیٰ کو حکم دیا تھا۔ موسیٰ اڑھائی قبیلوں کو اُن کی موروثی زمین دریائے یردن کے مشرق میں دے چکا تھا، کیونکہ یوسف کی اولاد کے دو قبیلے منسّی اور افرائیم وجود میں آئے تھے۔ لیکن لاویوں کو اُن کے درمیان زمین نہ ملی۔ اسرائیلیوں نے لاویوں کو زمین نہ دی بلکہ اُنہیں صرف رہائش کے لئے شہر اور ریوڑوں کے لئے چراگاہیں دیں۔ یوں اُنہوں نے زمین کو اُن ہی ہدایات کے مطابق تقسیم کیا جو رب نے موسیٰ کو دی تھیں۔ جِلجال میں یہوداہ کے قبیلے کے مرد یشوع کے پاس آئے۔ یفُنّہ قنِزّی کا بیٹا کالب بھی اُن کے ساتھ تھا۔ اُس نے یشوع سے کہا، ”آپ کو یاد ہے کہ رب نے مردِ خدا موسیٰ سے آپ کے اور میرے بارے میں کیا کچھ کہا جب ہم قادس برنیع میں تھے۔ مَیں 40 سال کا تھا جب رب کے خادم موسیٰ نے مجھے ملکِ کنعان کا جائزہ لینے کے لئے قادس برنیع سے بھیج دیا۔ جب واپس آیا تو مَیں نے موسیٰ کو دیانت داری سے سب کچھ بتایا جو دیکھا تھا۔ افسوس کہ جو بھائی میرے ساتھ گئے تھے اُنہوں نے لوگوں کو ڈرایا۔ لیکن مَیں رب اپنے خدا کا وفادار رہا۔ اُس دن موسیٰ نے قَسم کھا کر مجھ سے وعدہ کیا، ’جس زمین پرتیرے پاؤں چلے ہیں وہ ہمیشہ تک تیری اور تیری اولاد کی وراثت میں رہے گی۔ کیونکہ تُو رب میرے خدا کا وفادار رہا ہے۔‘ اور اب ایسا ہی ہوا ہے جس طرح رب نے وعدہ کیا تھا۔ اُس نے مجھے اب تک زندہ رہنے دیا ہے۔ رب کو موسیٰ سے یہ بات کئے 45 سال گزر گئے ہیں۔ اُس سارے عرصے میں ہم ریگستان میں گھومتے پھرتے رہے ہیں۔ آج مَیں 85 سال کا ہوں، اور اب تک اُتنا ہی طاقت ور ہوں جتنا کہ اُس وقت تھا جب مَیں جاسوس تھا۔ اب تک میری باہر نکلنے اور جنگ کرنے کی وہی قوت قائم ہے۔ اب مجھے وہ پہاڑی علاقہ دے دیں جس کا وعدہ رب نے اُس دن مجھ سے کیا تھا۔ آپ نے خود سنا ہے کہ عناقی وہاں بڑے قلعہ بند شہروں میں بستے ہیں۔ لیکن شاید رب میرے ساتھ ہو اور مَیں اُنہیں نکال دوں جس طرح اُس نے فرمایا ہے۔“ تب یشوع نے کالب بن یفُنّہ کو برکت دے کر اُسے وراثت میں حبرون دے دیا۔ پہلے حبرون قِریَت اربع یعنی اربع کا شہر کہلاتا تھا۔ اربع عناقیوں کا سب سے بڑا آدمی تھا۔ آج تک یہ شہر کالب کی اولاد کی ملکیت رہی ہے۔ وجہ یہ ہے کہ کالب رب اسرائیل کے خدا کا وفادار رہا۔ پھر جنگ ختم ہوئی، اور ملک میں امن و امان قائم ہو گیا۔
یشوع 1:14-15 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور وہ حِصّے جِن کو کنعانؔ کے مُلک میں بنی اِسرائیل نے مِیراث کے طَور پر پایا اور جِن کو الیِعزر کاہِن اور نُون کے بیٹے یشُوع اور بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے آبائی خاندانوں کے سرداروں نے اُن کو تقسِیم کِیا یہ ہیں۔ اُن کی مِیراث قُرعہ سے دی گئی جَیسا خُداوند نے ساڑھے نَو قبِیلوں کے حق میں مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔ کیونکہ مُوسیٰ نے یَردن کے اُس پار ڈھائی قبِیلوں کی مِیراث اُن کو دے دی تھی پر اُس نے لاویوں کو اُن کے درمِیان کُچھ مِیراث نہیں دی۔ کیونکہ بنی یُوسفؔ کے دو قبِیلے تھے منسّی اور اِفراؔئِیم۔ سو لاویوں کو اُس مُلک میں کُچھ حِصّہ نہ مِلا سِوا شہروں کے جو اُن کے رہنے کے لِئے تھے اور اُن کی نواحی کے جو اُن کے چَوپایوں اور مال کے لِئے تھی۔ جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی بنی اِسرائیل نے کِیا اور مُلک کو بانٹ لِیا۔ تب بنی یہُوداؔہ جِلجاؔل میں یشُوع کے پاس آئے اور قنِزی یُفنّہ کے بیٹے کالِب نے اُس سے کہا تُجھے معلُوم ہے کہ خُداوند نے مَردِ خُدا مُوسیٰ سے میری اور تیری بابت قادِس برنِیع میں کیا کہا تھا۔ جب خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے قادِس برنِیع سے مُجھ کو اِس مُلک کا حال دریافت کرنے کو بھیجا اُس وقت مَیں چالِیس برس کا تھا اور مَیں نے اُس کو وُہی خبر لا کر دی جو میرے دِل میں تھی۔ تَو بھی میرے بھائیوں نے جو میرے ساتھ گئے تھے لوگوں کے دِلوں کو پِگھلا دِیا لیکن مَیں نے خُداوند اپنے خُدا کی پُوری پَیروی کی۔ تب مُوسیٰ نے اُس دِن قَسم کھا کر کہا کہ جِس زمِین پر تیرا قدم پڑا ہے وہ ہمیشہ کے لِئے تیری اور تیرے بیٹوں کی مِیراث ٹھہرے گی کیونکہ تُو نے خُداوند میرے خُدا کی پُوری پَیروی کی ہے۔ اور اب دیکھ جب سے خُداوند نے یہ بات مُوسیٰ سے کہی تب سے اِن پَینتالِیس برسوں تک جِن میں بنی اِسرائیل بیابان میں آوارہ پِھرتے رہے خُداوند نے مُجھے اپنے قَول کے مُطابِق جِیتا رکھّا اور اب دیکھ مَیں آج کے دِن پچاسی برس کا ہُوں۔ اور آج کے دِن بھی مَیں وَیسا ہی ہُوں جَیسا اُس دِن تھا جب مُوسیٰ نے مُجھے بھیجا تھا اور جنگ کے لِئے اور باہر جانے اور لَوٹنے کے لِئے جَیسی قُوّت مُجھ میں اُس وقت تھی وَیسی ہی اب بھی ہے۔ سو یہ پہاڑی جِس کا ذِکر خُداوند نے اُس روز کِیا تھا مُجھ کو دے دے کیونکہ تُو نے اُس دِن سُن لِیا تھا کہ عناقِیم وہاں بستے ہیں اور وہاں کے شہر بڑے اور فصِیل دار ہیں۔ یہ مُمکِن ہے کہ خُداوند میرے ساتھ ہو اور مَیں اُن کو خُداوند کے قَول کے مُطابِق نِکال دُوں۔ تب یشُوع نے یُفنّہ کے بیٹے کالِب کو دُعا دی اور اُس کو حبرُوؔن مِیراث کے طَور پر دے دِیا۔ سو حبرُوؔن اُس وقت سے آج تک قنِزی یُفنّہ کے بیٹے کالِب کی مِیراث ہے اِس لِئے کہ اُس نے خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کی پُوری پَیروی کی۔ اور اگلے وقت میں حبرُوؔن کا نام قریت اربع تھا اور وہ اربع عناقِیم میں سب سے بڑا آدمی تھا اور اُس مُلک کو جنگ سے فراغت مِلی۔