یشوع 1:13-6

یشوع 1:13-6 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

جَب یہوشُعؔ ضعیف اَور عمر رسیدہ ہو گئے، تَب یَاہوِہ نے اُن سے کہا، ”تُم بہت ضعیف ہو چُکے ہو اَور مُلک کا کافی حِصّہ ابھی حاصل کرنا باقی ہے۔ ”جو علاقہ باقی ہے وہ یہ ہے: ”فلسطینیوں کا سارا علاقہ اَور سَب گیشُوریوں؛ مِصر کے مشرق میں واقع دریائے شیحُورؔ سے لے کر شمال کی جانِب عقرونؔ کی حَد تک جو کہ کنعانیوں کا علاقہ گِنا جاتا ہے، (یعنی فلسطینیوں کے پانچ حُکمرانوں کی سرزمین جو غزّہؔ، اشدُودؔ، اشقلونؔ، گاتؔھ اَور عقرونؔ پر مُشتمل ہے؛ اَور عوّیؔ کا علاقہ)۔ جُنوب کی طرف سے؛ کنعانیوں کا سارا مُلک، صیدونیوں کے معارہؔ سے لے کر امُوریوں کے علاقہ افیقؔ تک، گبلیوں کا علاقہ؛ اَور مشرق کی طرف کوہِ حرمُونؔ کے نیچے کے بَعل گادؔ سے لے کر لیبو حماتؔ کے مدخل تک سارا لبانونؔ۔ ”جہاں تک لبانونؔ سے لے کر مِسرفوتؔ المائم تک کے کوہستانی علاقہ کے باشِندوں کا تعلّق ہے جو سَب کے سَب صیدونی ہیں، اُنہیں میں خُود اِسرائیلیوں کے سامنے سے ہٹا دوں گا۔ جَیسا کہ مَیں نے تُم کو ہدایت کی ہے، اُس کے مُطابق تُم یہ مُلک بنی اِسرائیل کی مِیراث کے لیٔے مخصُوص‏ کردینا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یشوع 13

یشوع 1:13-6 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

جب یشوع بوڑھا تھا تو رب نے اُس سے کہا، ”تُو بہت بوڑھا ہو چکا ہے، لیکن ابھی کافی کچھ باقی رہ گیا ہے جس پر قبضہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اِس میں فلستیوں کے تمام علاقے اُن کے شاہی شہروں غزہ، اشدود، اسقلون، جات اور عقرون سمیت شامل ہیں اور اِسی طرح جسور کا علاقہ جس کی جنوبی سرحد وادیٔ سیحور ہے جو مصر کے مشرق میں ہے اور جس کی شمالی سرحد عقرون ہے۔ اُسے بھی ملکِ کنعان کا حصہ قرار دیا جاتا ہے۔ عَوّیوں کا علاقہ بھی جو جنوب میں ہے اب تک اسرائیل کے قبضے میں نہیں آیا۔ یہی بات شمال پر بھی صادق آتی ہے۔ صیدانیوں کے شہر معارہ سے لے کر افیق شہر اور اموریوں کی سرحد تک سب کچھ اب تک اسرائیل کی حکومت سے باہر ہے۔ اِس کے علاوہ جبلیوں کا ملک اور مشرق میں پورا لبنان حرمون پہاڑ کے دامن میں بعل جد سے لے کر لبو حمات تک باقی رہ گیا ہے۔ اِس میں اُن صیدانیوں کا تمام علاقہ بھی شامل ہے جو لبنان کے پہاڑوں اور مسرفات مائم کے درمیان کے پہاڑی علاقے میں آباد ہیں۔ اسرائیلیوں کے بڑھتے بڑھتے مَیں خود ہی اِن لوگوں کو اُن کے سامنے سے نکال دوں گا۔ لیکن لازم ہے کہ تُو قرعہ ڈال کر یہ پورا ملک میرے حکم کے مطابق اسرائیلیوں میں تقسیم کرے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یشوع 13

یشوع 1:13-6 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور یشُوع بُڈّھا اور عُمر رسِیدہ ہُؤا اور خُداوند نے اُس سے کہا کہ تُو بُڈّھا اور عُمر رسِیدہ ہے اور قبضہ کرنے کو ابھی بُہت سا مُلک باقی ہے۔ اور وہ مُلک جو باقی ہے سو یہ ہے فلِستیوں کی سب اِقلیم اور سب جسُوری۔ سیحور سے جو مِصرؔ کے سامنے ہے شِمال کی طرف عقروُؔن کی حد تک جو کنعانیوں کا گِنا جاتا ہے۔ فلِستیوں کے پانچ سردار یعنی غزی اور اشدُودی اور اسقلونی اور جاتی اور عقرُونی اور عوّیم بھی۔ جو جنُوب کی طرف ہیں اور کنعانیوں کا سارا مُلک اور مغارہ جو صیدانیوں کا ہے۔ افیق یعنی اموریوں کی سرحد تک۔ اور جبلیوں کا مُلک اور مشرِق کی طرف سے بعل جد سے جو کوہِ حرموؔن کے نِیچے ہے حمات کے مدخل تک سارا لُبناؔن۔ پِھر لُبناؔن سے مِسرفاؔت المائِم تک کوہِستانی مُلک کے سب باشِندے یعنی سب صَیدانی۔ اُن کو مَیں بنی اِسرائیل کے سامنے سے نِکال ڈالُوں گا۔ تُو فقط جَیسا مَیں نے تُجھے حُکم دِیا ہے مِیراث کے طَور پر اُسے اِسرائیلیوں کو تقسِیم کر دے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یشوع 13