یونس 1:2-9 - Compare All Versions
یونس 1:2-9 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)
مچھلی کے پیٹ میں یونس نے رب اپنے خدا سے ذیل کی دعا کی، ”مَیں نے بڑی مصیبت میں آ کر رب سے التجا کی، اور اُس نے مجھے جواب دیا۔ مَیں نے پاتال کی گہرائیوں سے چیخ کر فریاد کی تو تُو نے میری سنی۔ تُو نے مجھے گہرے پانی بلکہ سمندر کے بیچ میں ہی پھینک دیا۔ پانی کے زوردار بہاؤ نے مجھے گھیر لیا، تیری تمام لہریں اور موجیں مجھ پر سے گزر گئیں۔ تب مَیں بولا، ’مجھے تیرے حضور سے خارج کر دیا گیا ہے، لیکن مَیں تیرے مُقدّس گھر کی طرف تکتا رہوں گا۔‘ پانی میرے گلے تک پہنچ گیا، سمندر کی گہرائیوں نے مجھے چھپا لیا۔ میرے سر سے سمندری پودے لپٹ گئے۔ پانی میں اُترتے اُترتے مَیں پہاڑوں کی بنیادوں تک پہنچ گیا۔ مَیں زمین میں دھنس کر ایک ایسے ملک میں آ گیا جس کے دروازے ہمیشہ کے لئے میرے پیچھے بند ہو گئے۔ لیکن اے رب، میرے خدا، تُو ہی میری جان کو گڑھے سے نکال لایا! جب میری جان نکلنے لگی تو تُو، اے رب مجھے یاد آیا، اور میری دعا تیرے مُقدّس گھر میں تیرے حضور پہنچی۔ جو بُتوں کی پوجا کرتے ہیں اُنہوں نے اللہ سے وفادار رہنے کا وعدہ توڑ دیا ہے۔ لیکن مَیں شکرگزاری کے گیت گاتے ہوئے تجھے قربانی پیش کروں گا۔ جو مَنت مَیں نے مانی اُسے پورا کروں گا۔ رب ہی نجات دیتا ہے۔“
یونس 1:2-9 URD (کِتابِ مُقادّس)
تب یُوناؔہ نے مچھلی کے پیٹ میں خُداوند اپنے خُدا سے یہ دُعا کی۔:- مَیں نے اپنی مُصِیبت میں خُداوند سے دُعا کی اور اُس نے میری سُنی۔ مَیں نے پاتال کی تہ سے دُہائی دی۔ تُو نے میری فریاد سُنی۔ تُو نے مُجھے گہرے سمُندر کی تہ میں پھینک دِیا اور سَیلاب نے مُجھے گھیر لِیا۔ تیری سب مَوجیں اور لہریں مُجھ پر سے گُذر گئِیں اور مَیں سمجھا کہ تیرے حضُور سے دُور ہو گیا ہُوں لیکن مَیں پِھر تیری مُقدّس ہَیکل کو دیکُھوں گا۔ سَیلاب نے میری جان کا مُحاصرہ کِیا۔ سمُندر میری چاروں طرف تھا۔ بحری نبات میرے سر پر لِپٹ گئی۔ مَیں پہاڑوں کی تہ تک غرق ہو گیا۔ زمِین کے اڑبنگے ہمیشہ کے لِئے مُجھ پر بند ہو گئے۔ تَو بھی اَے خُداوند میرے خُدا تُو نے میری جان پاتال سے بچائی۔ جب میرا دِل بیتاب ہُؤا تو مَیں نے خُداوند کو یاد کِیا اور میری دُعا تیری مُقدّس ہَیکل میں تیرے حضُور پُہنچی۔ جو لوگ جُھوٹے معبُودوں کو مانتے ہیں وہ شفقت سے محرُوم ہو جاتے ہیں۔ مَیں حمد کرتا ہُؤا تیرے حضُور قُربانی گُذرانُوں گا۔ مَیں اپنی نذریں ادا کرُوں گا۔ نجات خُداوند کی طرف سے ہے۔
یونس 1:2-9 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)
تَب یُوناہؔ نبی نے مچھلی کے پیٹ کے اَندر سے یَاہوِہ اَپنے خُدا سے فریاد کی۔ اُس نے کہا: ”اَپنی مُصیبت کے دَوران مَیں نے یَاہوِہ سے دعا کی، اَور اُس نے میری سُن لی۔ مَیں نے پاتال کی گہرائی سے مدد کے لیٔے پُکارا، اَور خُدا نے میری فریاد سُنی۔ خُدا نے مُجھے سمُندر کی گہرائی میں پھینک دیا تھا اَور لہروں نے مُجھے گھیرلیا تھا؛ تیری تمام موجیں اَور لہریں میرے اُوپر سے گزر گئیں۔ مَیں نے کہا، ’مَیں آپ کی نظروں سے دُور کر دیا گیا ہُوں؛ لیکن مَیں پھر سے آپ کے بیت المُقدّس کو دیکھوں گا۔‘ ہیبت ناک پانی نے مُجھے خوفزدہ کر دیا، گہرائی میرے چاروں طرف تھی؛ سمُندری نباتات میرے سَر کے چاروں طرف لپٹ گئی تھی۔ میں پہاڑوں کی گہرائی تک ڈُوب گیا تھا؛ زمین کے راستے ہمیشہ کے لئے مجھ پر بندہو گئے تھے۔ لیکن آپ نے اَے یَاہوِہ، میرے خُدا، میری جان کو پاتال سے باہر نکالا۔“ جَب میری زندگی ختم ہو رہی تھی، تَب اَے یَاہوِہ، مَیں نے آپ کو یاد کیا، اَور میری دعا آپ کے بیت المُقدّس میں آپ کے حُضُور میں پہُنچی۔ جو لوگ جھُوٹے معبُودوں سے لپٹے رہتے ہیں وہ خُود کو خُدا کی شفقت سے محروم رکھتے ہیں۔ لیکن مَیں تیری شُکر گزاری کا نغمہ گاتے ہُوئے، آپ کے لئے قُربانی گذرانوں گا۔ مَیں نے جو مَنّت مانگی ہے اُسے پُورا کروں گا۔ میں گواہی دیتا ہُوں، نَجات یَاہوِہ کی طرف سے آتی ہے۔