یونس 1:1-4
یونس 1:1-4 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یَاہوِہ کا کلام یُوناہؔ بِن امِتّائی پر نازل ہُوا: ”اُٹھ کر اُس بڑے شہر نینوہؔ کو جا اَور اُس کے خِلاف مُنادی کر کیونکہ اُن کی بدی میرے سامنے تک آ پہُنچی ہے۔“ لیکن یُوناہؔ یَاہوِہ کے حُضُور سے ترشیشؔ کی طرف جانے کو بھاگے اَور یافؔا جا پہُنچے۔ وہاں اُنہیں ترشیشؔ کو جانے والا ایک پانی کا جہاز مِلا۔ اَور وہ کرایہ دے کر اُس میں سوار ہُوئے تاکہ اُن کے ساتھ یَاہوِہ کی حُضُوری سے ترشیشؔ کو چلے جائیں۔ تَب یَاہوِہ نے سمُندر پر ایک اَیسی آندھی بھیجی کہ جہاز کے ٹکڑے ٹکڑے ہو جانے کا خطرہ پیدا ہو گیا۔
یونس 1:1-4 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب یونس بن امِتّی سے ہم کلام ہوا، ”بڑے شہر نینوہ جا کر اُس پر میری عدالت کا اعلان کر، کیونکہ اُن کی بُرائی میرے حضور تک پہنچ گئی ہے۔“ یونس روانہ ہوا، لیکن مشرقی شہر نینوہ کے لئے نہیں بلکہ مغربی شہر ترسیس کے لئے۔ رب کے حضور سے فرار ہونے کے لئے وہ یافا شہر پہنچ گیا جہاں ایک بحری جہاز ترسیس کو جانے والا تھا۔ سفر کا کرایہ ادا کر کے یونس جہاز میں بیٹھ گیا تاکہ رب کے حضور سے بھاگ نکلے۔ لیکن رب نے سمندر پر زبردست آندھی بھیجی۔ طوفان اِتنا شدید تھا کہ جہاز کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کا خطرہ تھا۔
یونس 1:1-4 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُداوند کا کلام یُوناؔہ بِن امِتَّی پر نازِل ہُؤا۔ کہ اُٹھ اُس بڑے شہر نِینوؔہ کو جا اور اُس کے خِلاف مُنادی کر کیونکہ اُن کی شرارت میرے حضُور پُہنچی ہے۔ لیکن یُوناؔہ خُداوند کے حضُور سے ترسِیس کو بھاگا اور یافا میں پُہنچا اور وہاں اُسے ترسِیس کو جانے والا جہاز مِلا اور وہ کِرایہ دے کر اُس میں سوار ہُؤا تاکہ خُداوند کے حضُور سے ترسِیس کو اہلِ جہاز کے ساتھ جائے۔ لیکن خُداوند نے سمُندر پر بڑی آندھی بھیجی اور سمُندر میں سخت طُوفان برپا ہُؤا اور اندیشہ تھا کہ جہاز تباہ ہو جائے۔