ایوب 1:5-27

ایوب 1:5-27 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

”ذرا آواز دو، کیا کویٔی ہے جو تُمہیں جَواب دے گا؟ تُم مُقدّسین میں سے کس کی طرف رُجُوع کروگے؟ کیونکہ رنجیدگی بےوقُوف کو مار ڈالتی ہے، اَور حَسد سادہ دِلوں کی جان لے لیتا ہے۔ مَیں نے خُود ایک بےوقُوف کو جڑ پکڑتے دیکھاہے، لیکن اَچانک اُس کا گھر لعنتی ہو گیا۔ اُس کی اَولاد سلامتی سے دُور رہتی ہے، اُنہیں عدالت میں کسی مُحافظ کے نہ ہونے سے روندا جاتا ہے۔ بھُوکے اُس کی فصل کھا جاتے ہیں، یہاں تک کہ کانٹے دار باڑوں میں محفوظ فصل بھی لے لیتے ہیں، اَور لالچی اُس کی دولت نگل جاتے ہیں۔ کیونکہ مُصیبت خاک میں سے نہیں نکلتی، اَور نہ ہی آفت زمین سے اُگتی ہے۔ جَیسے چنگاریاں اُوپر کی طرح ہی اُٹھتی ہیں۔ وَیسے ہی اِنسان بھی دُکھ اُٹھانے کے لیٔے پیدا ہُواہے۔ ”لیکن اگر مَیں تمہاری جگہ ہوتا تو میں خُدا سے اِلتجا کرتا؛ اَور مَیں اَپنا مُعاملہ خُدا کے سامنے رکھتا۔ خُدا اِس قدر حیرت اَنگیز کام کرتے ہیں جو سمجھ سے باہر ہیں، اَور اِتنے معجزے کرتے ہیں جنہیں گِنا نہیں جا سَکتا۔ وہ رُوئے زمین پر مینہ برساتے ہیں؛ اَور کھیتوں کو سیراب کرتے ہیں۔ وہ مسکینوں کو اُونچے مقاموں پر بِٹھاتے ہیں، اَور ماتم کرنے والوں کو سلامتی بخشتے ہیں۔ وہ عیّاروں کے منصُوبے ناکام کر دیتے ہیں، تاکہ اُن کے ہاتھ ناکامی حاصل ہو۔ وہ داناؤں کو اُن ہی کی چالاکی میں پھنسا دیتے ہیں، اَور بدکار اِنسانوں کے منصُوبے مٹّی میں مِلا دیتے ہیں۔ دِن کے وقت اُن پر اَندھیرا چھا جاتا ہے؛ اَور دوپہر کے وقت بھی وہ اَیسے ٹٹولتے پھرتے ہیں جَیسے رات کو۔ حاجتمندوں کو وہ اُن کی مُنہ کی تلوار سے بچاتے ہیں؛ اَور اُنہیں زبردست کے قبضے سے مخلصی بخشتے ہیں۔ چنانچہ مُحتاج اُمّید رکھتے ہیں، اَور نااِنصافی اَپنا مُنہ بند کر لیتی ہے۔ ”مُبارک ہے وہ شخص جِس کی تنبیہ خُدا کرتے ہیں؛ چنانچہ قادرمُطلق کی تادیب کو حقیر نہ جانو۔ کیونکہ وُہی زخمی کرتے ہیں لیکن مرہم پٹّی بھی باندھتے ہیں؛ وُہی مجروح کرتے ہیں لیکن اُن کے ہاتھ شفا بھی بخشتے ہیں۔ خُدا تُمہیں چھ آفتوں سے بچائیں گے؛ اَور اگر سات بھی ہُوں تو بھی تُمہیں چھُونے نہ پائیں گی۔ خشک سالی میں وہ تُمہیں موت سے بچائیں گے، اَور جنگ میں تُمہیں تلوار کی دھار سے۔ تُم زبان کے کوڑے سے محفوظ رکھے جاؤگے، اَور جَب تباہی آئے گی تو تُمہیں خوف نہ ہوگا۔ تُم بربادی اَور خشک سالی پر ہنسوگے، اَور زمین کے جنگلی جانوروں سے خوف نہ کھاؤگے۔ میدان کے پتّھروں سے تمہارا عہد ہوگا، اَور جنگلی جانور تمہارے ساتھ اَمن سے رہیں گے۔ تُم جانوگے کہ تمہارا خیمہ محفوظ ہے؛ تُم اَپنی مِلکیّت کا حِساب لوگے اَور کویٔی شَے غائب نہ پاؤگے۔ تُمہیں مَعلُوم ہوگا کہ تمہاری اَولاد بہت ہوگی، اَور تمہاری نَسل زمین کی گھاس کی طرح بڑھےگی۔ جَیسے اناج کے پُولے اَپنے وقت پر اِکٹھّے کیٔے جاتے ہیں، وَیسے ہی تُم بھی عمر رسیدہ ہوکر قبر تک پہُنچوگے۔ ”ہم نے اِس بات کی تحقیق کی ہے اَور اُسے صحیح پایا ہے۔ لہٰذا اِسے سُنو اَور اِسے اَپنی زندگی میں عَمل کرو۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ایوب 5

ایوب 1:5-27 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

بےشک آواز دے، لیکن کون جواب دے گا؟ کوئی نہیں! مُقدّسین میں سے تُو کس کی طرف رجوع کر سکتا ہے؟ کیونکہ احمق کی رنجیدگی اُسے مار ڈالتی، سادہ لوح کی سرگرمی اُسے موت کے گھاٹ اُتار دیتی ہے۔ مَیں نے خود ایک احمق کو جڑ پکڑتے دیکھا، لیکن مَیں نے فوراً ہی اُس کے گھر پر لعنت بھیجی۔ اُس کے فرزند نجات سے دُور رہتے۔ اُنہیں شہر کے دروازے میں روندا جاتا ہے، اور بچانے والا کوئی نہیں۔ بھوکے اُس کی فصل کھا جاتے، کانٹےدار باڑوں میں محفوظ مال بھی چھین لیتے ہیں۔ پیاسے افراد ہانپتے ہوئے اُس کی دولت کے پیچھے پڑ جاتے ہیں۔ کیونکہ بُرائی خاک سے نہیں نکلتی اور دُکھ درد مٹی سے نہیں پھوٹتا بلکہ انسان خود اِس کا باعث ہے، دُکھ درد اُس کی وراثت میں ہی پایا جاتا ہے۔ یہ اِتنا یقینی ہے جتنا یہ کہ آگ کی چنگاریاں اوپر کی طرف اُڑتی ہیں۔ لیکن اگر مَیں تیری جگہ ہوتا تو اللہ سے دریافت کرتا، اُسے ہی اپنا معاملہ پیش کرتا۔ وہی اِتنے عظیم کام کرتا ہے کہ کوئی اُن کی تہہ تک نہیں پہنچ سکتا، اِتنے معجزے کہ کوئی اُنہیں گن نہیں سکتا۔ وہی رُوئے زمین کو بارش عطا کرتا، کھلے میدان پر پانی برسا دیتا ہے۔ پست حالوں کو وہ سرفراز کرتا اور ماتم کرنے والوں کو اُٹھا کر محفوظ مقام پر رکھ دیتا ہے۔ وہ چالاکوں کے منصوبے توڑ دیتا ہے تاکہ اُن کے ہاتھ ناکام رہیں۔ وہ دانش مندوں کو اُن کی اپنی چالاکی کے پھندے میں پھنسا دیتا ہے تو ہوشیاروں کی سازشیں اچانک ہی ختم ہو جاتی ہیں۔ دن کے وقت اُن پر اندھیرا چھا جاتا، اور دوپہر کے وقت بھی وہ ٹٹول ٹٹول کر پھرتے ہیں۔ اللہ ضرورت مندوں کو اُن کے منہ کی تلوار اور زبردست کے قبضے سے بچا لیتا ہے۔ یوں پست حالوں کو اُمید دی جاتی اور ناانصافی کا منہ بند کیا جاتا ہے۔ مبارک ہے وہ انسان جس کی ملامت اللہ کرتا ہے! چنانچہ قادرِ مطلق کی تادیب کو حقیر نہ جان۔ کیونکہ وہ زخمی کرتا لیکن مرہم پٹی بھی لگا دیتا ہے، وہ ضرب لگاتا لیکن اپنے ہاتھوں سے شفا بھی بخشتا ہے۔ وہ تجھے چھ مصیبتوں سے چھڑائے گا، اور اگر اِس کے بعد بھی کوئی آئے تو تجھے نقصان نہیں پہنچے گا۔ اگر کال پڑے تو وہ فدیہ دے کر تجھے موت سے بچائے گا، جنگ میں تجھے تلوار کی زد میں آنے نہیں دے گا۔ تُو زبان کے کوڑوں سے محفوظ رہے گا، اور جب تباہی آئے تو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ تُو تباہی اور کال کی ہنسی اُڑائے گا، زمین کے وحشی جانوروں سے خوف نہیں کھائے گا۔ کیونکہ تیرا کھلے میدان کے پتھروں کے ساتھ عہد ہو گا، اِس لئے اُس کے جنگلی جانور تیرے ساتھ سلامتی سے زندگی گزاریں گے۔ تُو جان لے گا کہ تیرا خیمہ محفوظ ہے۔ جب تُو اپنے گھر کا معائنہ کرے تو معلوم ہو گا کہ کچھ گم نہیں ہوا۔ تُو دیکھے گا کہ تیری اولاد بڑھتی جائے گی، تیرے فرزند زمین پر گھاس کی طرح پھیلتے جائیں گے۔ تُو وقت پر جمع شدہ پُولوں کی طرح عمر رسیدہ ہو کر قبر میں اُترے گا۔ ہم نے تحقیق کر کے معلوم کیا ہے کہ ایسا ہی ہے۔ چنانچہ ہماری بات سن کر اُسے اپنا لے!“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ایوب 5

ایوب 1:5-27 کِتابِ مُقادّس (URD)

ذرا پُکار۔ کیا کوئی ہے جو تُجھے جواب دے گا؟ اور مُقدّسوں میں سے تُو کِس کی طرف پِھرے گا؟ کیونکہ کُڑھنا بیوُقُوف کو مار ڈالتا ہے اور جلن احمق کی جان لے لیتی ہے۔ مَیں نے بیوُقُوف کو جڑ پکڑتے دیکھا ہے پر ناگہان اُس کے مسکن پر لَعنت کی۔ اُس کے بال بچّے سلامتی سے دُور ہیں۔ وہ پھاٹک ہی پر کُچلے جاتے ہیں اور کوئی نہیں جو اُنہیں چُھڑائے۔ بُھوکا اُس کی فصل کو کھاتا ہے بلکہ اُسے کانٹوں میں سے بھی نِکال لیتا ہے اور پِیاسا اُس کے مال کو نِگل جاتا ہے۔ کیونکہ مُصِیبت مِٹّی میں سے نہیں اُگتی۔ نہ دُکھ زمِین میں سے نِکلتا ہے۔ پر جَیسے چِنگارِیاں اُوپر ہی کو اُڑتی ہیں وَیسے ہی اِنسان دُکھ کے لِئے پَیدا ہُؤا ہے۔ لیکن مَیں تو خُدا کا ہی طالِب رہُوں گا اور اپنا مُعاملہ خُدا ہی پر چھوڑُوں گا۔ جو اَیسے بڑے بڑے کام جو دریافت نہیں ہو سکتے اور بے شُمار عجِیب کام کرتا ہے۔ وُہی زمِین پر مِینہہ برساتا اور کھیتوں میں پانی بھیجتا ہے۔ اِسی طرح وہ فروتنوں کو اُونچی جگہ پر بِٹھاتا ہے اور ماتم کرنے والے سلامتی کی سرفرازی پاتے ہیں۔ وہ عیّاروں کی تدبِیروں کو باطِل کر دیتا ہے۔ یہاں تک کہ اُن کے ہاتھ اُن کے مقصُود کو پُورا نہیں کر سکتے وہ ہوشیاروں کو اُن ہی کی چالاکِیوں میں پھنساتا ہے اور ٹیڑھے لوگوں کی مشورت جلد جاتی رہتی ہے۔ اُنہیں دِن دِہاڑے اندھیرے سے پالا پڑتا ہے اور وہ دوپہر کے وقت اَیسے ٹٹولتے پِھرتے ہیں جَیسے رات کو۔ لیکن مُفلِس کو اُن کے مُنہ کی تلوار اور زبردست کے ہاتھ سے وہ بچا لیتا ہے۔ سو مسکِین کو اُمّید رہتی ہے اور بدکاری اپنا مُنہ بند کر لیتی ہے۔ دیکھ! وہ آدمی جِسے خُدا تنبِیہ کرتا ہے خُوش قِسمت ہے۔ اِس لِئے قادِرِ مُطلق کی تادِیب کو حقِیر نہ جان۔ کیونکہ وُہی مجرُوح کرتا اور پٹّی باندھتا ہے۔ وُہی زخمی کرتا ہے اور اُسی کے ہاتھ چنگا کرتے ہیں۔ وہ تُجھے چھ مُصِیبتوں سے چُھڑائے گا بلکہ سات میں بھی کوئی آفت تُجھے چُھونے نہ پائے گی۔ کال میں وہ تُجھ کو مَوت سے بچائے گا اور لڑائی میں تلوار کی دھار سے۔ تُو زُبان کے کوڑے سے محفُوظ رکھّا جائے گا اور جب ہلاکت آئے گی تو تُجھے ڈر نہیں لگے گا۔ تُو ہلاکت اور خُشک سالی پر ہنسے گا اور زمِین کے درِندوں سے تُجھے کُچھ خَوف نہ ہو گا۔ مَیدان کے پتّھروں کے ساتھ تیرا ایکا ہو گا اور جنگلی درِندے تُجھ سے میل رکھّیں گے اور تُو جانے گا کہ تیرا ڈیرا محفُوظ ہے اور تُو اپنے مسکن میں جائے گا اور کوئی چِیز غائِب نہ پائے گا۔ تُجھے یہ بھی معلُوم ہو گا کہ تیری نسل بڑی اور تیری اَولاد زمِین کی گھاس کی مانِند برومند ہوگی۔ تُو پُوری عُمر میں اپنی قبر میں جائے گا جَیسے اناج کے پُولے اپنے وقت پر جمع کِئے جاتے ہیں۔ دیکھ! ہم نے اِس کی تحقِیق کی اور یہ بات یُوں ہی ہے۔ اِسے سُن لے اور اپنے فائِدہ کے لِئے اِسے یاد رکھ۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ایوب 5