یرمیاہ 10:9-24

یرمیاہ 10:9-24 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

میں پہاڑوں کے لیٔے روؤں گا اَور ماتم کروں گا، اَور بیابان کی چراگاہوں کے لیٔے نوحہ کروں گا۔ وہ ویران ہو گئے ہیں اَور اَب کویٔی اُن میں سے ہوکر نہیں گزرتا، اَور اُن میں سے مویشیوں کی آواز تک نہیں آتی۔ ہَوا کے سَب پرندے تک بھاگ گیٔے اَور جانور بھی جا چُکے ہیں۔ ”مَیں یروشلیمؔ کو کھنڈروں کا ڈھیر، اَور گیدڑوں کا بسیرا بنا دُوں گا؛ اَور مَیں یہُودیؔہ کے شہروں کو اُجاڑ دُوں گا تاکہ وہاں کویٔی بُودوباش کرنے نہ پایٔے۔“ کون سا اِنسان اِس قدر دانشمند ہے جو یہ راز جان سکےگا؟ اَور کون ہے وہ جِس سے یَاہوِہ نے بَیان کیا ہے جو اُسے تفسیر سے بَیان کر سکے کہ یہ مُلک کیوں تباہ کیا گیا اَور صحرا کی مانند ویران ہُوا تاکہ کویٔی اُس میں سے سفر نہ کر سکے؟ یَاہوِہ نے خُود ہی جَواب دیا، ”اَیسا اِس لئے ہُوا کیونکہ اُنہُوں نے میری آئین کو ٹھکرا دیا جسے مَیں نے اُن کے سامنے رکھا تھا۔ اُنہُوں نے نہ تو میرا حُکم مانا، اَور نہ ہی میری آئین پر عَمل کیا۔ بَلکہ وہ اَپنے ضِدّی دِلوں پر اُڑے رہے اَور بَعل کے معبُودوں کی پیروی کرتے رہے جِن کی اُن کے آباؤاَجداد نے اُنہیں تعلیم دی تھی۔“ اِس لیٔے قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں: ”دیکھ! میں اِس قوم کو کڑوی غِذا کھانے اَور زہریلا پانی پینے پر مجبُور کروں گا۔ میں اُنہیں اَیسی قوموں کے درمیان مُنتشر کروں گا جنہیں نہ تو وہ اَور نہ اُن کے آباؤاَجداد جانتے تھے۔ اَور مَیں اُن کا تعاقب تلوار لے کر اُس وقت تک کرتا رہُوں گا جَب تک اُن سَب کو ہلاک نہ کر دُوں۔“ قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”اَب غور کرو، اَور ماتم کرنے والی عورتوں کو بُلاؤ؛ بَلکہ جو ماتم کرنے میں زِیادہ مہارت رکھتی ہُوں اُنہیں بُلاؤ؛ وہ جلد آئیں، اَور ہمارے لیٔے نوحہ کریں یہاں تک کہ ہماری آنکھوں سے آنسُو بہنے لگیں۔ اَور ہماری پلکوں سے آنسُوؤں کے چشمہ جاری ہو جائیں۔ صِیّونؔ سے ماتم کی آواز سُنایٔی دیتی ہے، ’ہم کیسے برباد ہُوئے! ہم سخت رُسوا ہُوئے! ہمیں اَپنا مُلک چھوڑنا پڑا کیونکہ ہمارے مکانات ڈھا دئیے گیٔے ہیں۔‘ “ اَب، اَے عورتوں! یَاہوِہ کا کلام سُنو؛ اُن کے مُنہ کے کلام کی طرف کان لگاؤ۔ اَپنی بیٹیوں کو ماتم کرنا؛ اَور اَپنے پڑوسنوں کو نوحہ گری سِکھاؤ۔ کیونکہ موت کھڑکیوں سے چڑھ کر ہمارے محلوں میں داخل ہو چُکی ہے؛ اُس نے سڑکوں میں بچّوں کو اَور چوراہوں پر نوجوانوں کو فنا کر دیا ہے۔ اعلان کرو، ”یَاہوِہ کا یہی فرمان ہے: ” ’اِنسانوں کی لاشیں کھُلے میدان میں گوبر کی مانند پڑی ہُوں گی، اَور کاٹنے والوں کے ہاتھ سے چُھوٹی ہوئی فصل کی مانند ہُوں گی جسے اُن کو جمع کرنے والا کوئی نہیں ہوگا۔‘ “ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”نہ تو دانشمند اَپنی دانائی پر اَور نہ طاقتور اَپنی طاقت پر اَور نہ اَمیر اَپنی دولت پر فخر کرے، لیکن جو فخر کرتا ہے وہ اِس بات پر فخر کرے کہ وہ مُجھے نزدیکی سے جانتا اَور سمجھتا ہے، کہ میں ہی یَاہوِہ ہُوں جو زمین پر رحم، عدل اَور راستی کے کام کرتا ہُوں، کیونکہ اِن ہی باتوں سے میں خُوش ہوتا ہُوں،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یرمیاہ 9

یرمیاہ 10:9-24 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

مَیں پہاڑوں کے بارے میں آہ و زاری کروں گا، بیابان کی چراگاہوں پر ماتم کا گیت گاؤں گا۔ کیونکہ وہ یوں تباہ ہو گئے ہیں کہ نہ کوئی اُن میں سے گزرتا، نہ ریوڑوں کی آوازیں اُن میں سنائی دیتی ہیں۔ پرندے اور جانور سب بھاگ کر چلے گئے ہیں۔ ”یروشلم کو مَیں ملبے کا ڈھیر بنا دوں گا، اور آئندہ گیدڑ اُس میں جا بسیں گے۔ یہوداہ کے شہروں کو مَیں ویران و سنسان کر دوں گا۔ ایک بھی اُن میں نہیں بسے گا۔“ کون اِتنا دانش مند ہے کہ یہ سمجھ سکے؟ کس کو رب سے اِتنی ہدایت ملی ہے کہ وہ بیان کر سکے کہ ملک کیوں برباد ہو گیا ہے؟ وہ کیوں ریگستان جیسا بن گیا ہے، اِتنا ویران کہ اُس میں سے کوئی نہیں گزرتا؟ رب نے فرمایا، ”وجہ یہ ہے کہ اُنہوں نے میری شریعت کو ترک کیا، وہ ہدایت جو مَیں نے خود اُنہیں دی تھی۔ نہ اُنہوں نے میری سنی، نہ میری شریعت کی پیروی کی۔ اِس کے بجائے وہ اپنے ضدی دلوں کی پیروی کر کے بعل دیوتاؤں کے پیچھے لگ گئے ہیں۔ اُنہوں نے وہی کچھ کیا جو اُن کے باپ دادا نے اُنہیں سکھایا تھا۔“ اِس لئے رب الافواج جو اسرائیل کا خدا ہے فرماتا ہے، ”دیکھو، مَیں اِس قوم کو کڑوا کھانا کھلا کر زہریلا پانی پلا دوں گا۔ مَیں اُنہیں ایسی قوموں میں منتشر کر دوں گا جن سے نہ وہ اور نہ اُن کے باپ دادا واقف تھے۔ میری تلوار اُس وقت تک اُن کے پیچھے پڑی رہے گی جب تک ہلاک نہ ہو جائیں۔“ رب الافواج فرماتا ہے، ”دھیان دے کر گریہ کرنے والی عورتوں کو بُلاؤ۔ جو جنازوں پر واویلا کرتی ہیں اُن میں سے سب سے ماہر عورتوں کو بُلاؤ۔ وہ جلد آ کر ہم پر آہ و زاری کریں تاکہ ہماری آنکھوں سے آنسو بہہ نکلیں، ہماری پلکوں سے پانی خوب ٹپکنے لگے۔ کیونکہ صیون سے گریہ کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں، ’ہائے، ہمارے ساتھ کیسی زیادتی ہوئی ہے، ہماری کیسی رُسوائی ہوئی ہے! ہم ملک کو چھوڑنے پر مجبور ہیں، کیونکہ دشمن نے ہمارے گھروں کو ڈھا دیا ہے‘۔“ اے عورتو، رب کا پیغام سنو۔ اپنے کانوں کو اُس کی ہر بات پر دھرو! اپنی بیٹیوں کو نوحہ کرنے کی تعلیم دو، ایک دوسری کو ماتم کا یہ گیت سکھاؤ، ”موت پھلانگ کر ہماری کھڑکیوں میں سے گھس آئی اور ہمارے قلعوں میں داخل ہوئی ہے۔ اب وہ بچوں کو گلیوں میں سے اور نوجوانوں کو چوکوں میں سے مٹا ڈالنے جا رہی ہے۔“ رب فرماتا ہے، ”نعشیں کھیتوں میں گوبر کی طرح اِدھر اُدھر بکھری پڑی رہیں گی۔ جس طرح کٹا ہوا گندم فصل کاٹنے والے کے پیچھے اِدھر اُدھر پڑا رہتا ہے اُسی طرح لاشیں اِدھر اُدھر پڑی رہیں گی۔ لیکن اُنہیں اکٹھا کرنے والا کوئی نہیں ہو گا۔“ رب فرماتا ہے، ”نہ دانش مند اپنی حکمت پر فخر کرے، نہ زورآور اپنے زور پر یا امیر اپنی دولت پر۔ فخر کرنے والا فخر کرے کہ اُسے سمجھ حاصل ہے، کہ وہ رب کو جانتا ہے اور کہ مَیں رب ہوں جو دنیا میں مہربانی، انصاف اور راستی کو عمل میں لاتا ہوں۔ کیونکہ یہی چیزیں مجھے پسند ہیں۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یرمیاہ 9

یرمیاہ 10:9-24 کِتابِ مُقادّس (URD)

مَیں پہاڑوں کے لِئے گِریہ و زاری اور بیابان کی چراگاہوں کے لِئے نَوحہ کرُوں گا کیونکہ وہ یہاں تک جل گئِیں کہ کوئی اُن میں قدم نہیں رکھتا۔ چَوپایوں کی آواز سُنائی نہیں دیتی۔ ہوا کے پرِندے اور مویشی بھاگ گئے۔ وہ چلے گئے۔ مَیں یروشلیِم کو کھنڈر اور گِیدڑوں کا مسکن بنا دُوں گا اور یہُوداؔہ کے شہروں کو اَیسا وِیران کرُوں گا کہ کوئی باشِندہ نہ رہے گا۔ صاحِبِ حِکمت آدمی کَون ہے کہ اِسے سمجھے؟ اور وہ جِس سے خُداوند کے مُنہ نے فرمایا کہ اِس بات کا اِعلان کرے؟ کہ یہ سرزمِین کِس لِئے وِیران ہُوئی اور بیابان کی مانِند جل گئی کہ کوئی اِس میں قدم نہیں رکھتا؟ اور خُداوند فرماتا ہے اِس لِئے کہ اُنہوں نے میری شرِیعت کو جو مَیں نے اُن کے آگے رکھّی تھی ترک کر دِیا اور میری آواز کو نہ سُنا اور اُس کے مُطابِق نہ چلے۔ بلکہ اُنہوں نے اپنے ہٹّی دِلوں کی اور بعلیم کی پَیروی کی جِس کی اُن کے باپ دادا نے اُن کو تعلِیم دی تھی۔ اِس لِئے ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اِن کو ہاں اِن لوگوں کو ناگدَونا کھِلاؤُں گا اور اِندراین کا پانی پِلاؤُں گا۔ اور اِن کو اُن قَوموں میں جِن کو نہ یہ نہ اِن کے باپ دادا جانتے تھے تِتّربِتّر کرُوں گا اور تلوار اِن کے پِیچھے بھیج کر اِن کو نابُود کر ڈالُوں گا۔ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ سوچو اور ماتم کرنے والی عَورتوں کو بُلاؤ کہ آئیں اور ماہِر عَورتوں کو بُلوا بھیجو کہ وہ بھی آئیں۔ اور جلدی کریں اور ہمارے لِئے نَوحہ اُٹھائیں تاکہ ہماری آنکھوں سے آنسُو جاری ہوں اور ہماری پلکوں سے سَیلابِ اشک بہہ نِکلے۔ یقِیناً صِیُّون سے نَوحہ کی آواز سُنائی دیتی ہے۔ ہم کَیسے غارت ہُوئے! ہم سخت رُسوا ہُوئے کیونکہ ہم وطن سے آوارہ ہُوئے اور ہمارے گھر گِرا دِئے گئے۔ اَے عَورتو! خُداوند کا کلام سُنو اور تُمہارے کان اُس کے مُنہ کی بات قبُول کریں اور تُم اپنی بیٹِیوں کو نَوحہ گری اور اپنی پڑوسنوں کو مرثِیہ خوانی سِکھاؤ۔ کیونکہ مَوت ہماری کِھڑکیوں میں چڑھ آئی ہے اور ہمارے قصروں میں گُھس بَیٹھی ہے تاکہ باہر بچّوں کو اور بازاروں میں جوانوں کو کاٹ ڈالے۔ کہہ دے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ آدمِیوں کی لاشیں مَیدان میں کھاد کی طرح گِریں گی اور اُس مُٹّھی بھر کی مانِند ہوں گی جو فصل کانٹے والے کے پِیچھے رہ جائے جِسے کوئی جمع نہیں کرتا۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ نہ صاحِبِ حِکمت اپنی حِکمت پر اور نہ قَوی اپنی قُوّت پر اور نہ مال دار اپنے مال پر فخر کرے۔ لیکن جو فخر کرتا ہے اِس پر فخر کرے کہ وہ سمجھتا اور مُجھے جانتا ہے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں جو دُنیا میں شفقت و عدل اور راست بازی کو عمل میں لاتا ہُوں کیونکہ میری خُوشنُودی اِن ہی باتوں میں ہے خُداوند فرماتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یرمیاہ 9