یرمیاہ 1:42-22
یرمیاہ 1:42-22 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تَب تمام فَوجی افسر اَور یوحانانؔ بِن قاریحؔ اَور عزریاہؔ بِن ہوشعیاہؔ اَور ادنیٰ سے لے کر اعلیٰ تک سبھی لوگ یرمیاہؔ نبی کے پاس پہُنچے اَور اُن سے مِنّت کی، ”ہماری درخواست سُن اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا سے اُن تمام باقی بچے ہُوئے لوگوں کی خاطِر دعا کر کیونکہ جَیسا کہ آپ دیکھ رہے ہو، کسی زمانہ میں ہم بہت تھے لیکن اَب چند ہی باقی بچے ہیں۔ دعا کرو تاکہ یَاہوِہ آپ کے خُدا ہمیں بتائیں کہ ہم کس راستے پر چلیں اَور کیا کریں۔“ یرمیاہؔ نبی نے فرمایا، ”مَیں نے تمہاری سُنی ہے۔ میں یقیناً تمہارے کہنے کے مُطابق یَاہوِہ تمہارے خُدا سے دعا کروں گا اَورجو کچھ جَواب یَاہوِہ تمہارے لیٔے دیں گے وہ میں تُمہیں بتاؤں گا اَور تُم سے کچھ نہ چھُپاؤں گا۔“ تَب اُنہُوں نے یرمیاہؔ سے درخواست کی، ”اگر ہم ہر بات پرجو یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تمہاری مَعرفت بتایٔی ہے عَمل نہ کریں تو یَاہوِہ ہمارے خِلاف سچّا اَور وفادار گواہ ٹھہریں۔ خواہ وہ ہمارے حق میں بھلا ہو یا بُرا ہم یَاہوِہ اَپنے خُدا کا حُکم مانیں گے جِس کے پاس ہم آپ کو بھیجتے ہیں تاکہ جَب ہم اَپنے خُدا یَاہوِہ کی فرمانبرداری کریں تو ہمارا بھلا ہو۔“ دس دِن کے بعد یَاہوِہ کا کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا۔ چنانچہ یرمیاہؔ نے یوحانانؔ بِن قاریحؔ کو، تمام فَوجی افسروں کو جو اُس کے ساتھ تھے اَور ادنیٰ سے اعلیٰ تک سبھی لوگوں کو اَپنے پاس بُلاکر، اُن سے فرمایا، ”یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا جِن کے پاس تُم نے مُجھے اَپنی درخواست کے ساتھ بھیجا تھا وہ یُوں فرماتے ہیں، اگر تُم اِس مُلک میں ٹھہرے رہوگے تو میں تُمہیں قائِم رکھوں گا، برباد نہیں کروں گا؛ میں تُمہیں لگاؤں گا، اُکھاڑوں گا نہیں۔ کیونکہ جو تباہی مَیں نے تُم پر آنے دی اُس سے مُجھے دُکھ ہُواہے۔ شاہِ بابیل کا خوف نہ کرو جِس سے کہ اَب تُم ڈر رہے ہو۔ اُس سے نہ ڈرو۔ یَاہوِہ فرماتے ہیں؛ کیونکہ مَیں تمہارے ساتھ ہُوں اَور تُمہیں بچاؤں گا اَور اُس کے ہاتھ سے تُمہیں چھُڑا لُوں گا۔ میں تُم پر رحم کروں گا تاکہ وہ تُم پر رحم کرے اَور تُمہیں تمہارے مُلک میں بحال کرے۔ ”لیکن اگر تُم کہو، ’ہم اِس مُلک میں نہ رہیں گے،‘ اَور اِس طرح سے یَاہوِہ اَپنے خُدا کا حُکم نہ مانیں گے؛ اَور اگر تُم کہو، ’نہیں، ہم مِصر میں جا کر بسیں گے جہاں ہم جنگ نہ دیکھنے پائیں گے، نہ نرسنگے کی آواز سُنیں یا روٹی کے بھُوکے ہوں گے،‘ تو اَے بنی یہُوداہؔ کے باقی بچے ہُوئے لوگوں! یَاہوِہ کا کلام سُنو، قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں: ’اگر تُم واقعی مِصر میں جا کر آباد ہونے پر آمادہ ہو، تو یُوں ہوگا کہ جِس تلوار سے تُم ڈرتے ہو وہ مِصر میں وہاں تُم پر غالب آئے گی اَور وہ قحط جِس کا تُمہیں خوف ہے مِصر تک تمہارا تعاقب کرےگا اَور وہاں تُم مَر جاؤگے۔ یقیناً وہ سَب لوگ جو مِصر میں جا کر بس جانا چاہتے ہیں تلوار، قحط اَور وَبا سے مَر جایٔیں گے اَور اُن میں سے ایک بھی اُس آفت سے بچ نہ سکےگا جو میں اُن پر لاؤں گا۔‘ کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں: ’جِس طرح میرا غُصّہ اَور قہر اُن لوگوں پر اُنڈیلا گیا جو یروشلیمؔ میں رہتے تھے اُسی طرح سے جَب تُم مِصر جاؤگے تَب میرا قہر تُم لوگوں پر اُنڈیلا جائے گا۔ تُم لعنت و حیرت اَور ملامت اَور طَعنہ زنی کا باعث ہوگے اَور تُم پھر کبھی یہ جگہ دیکھ نہ پاؤگے۔‘ ”اَے بنی یہُوداہؔ کے باقی بچے ہُوئے لوگوں، یَاہوِہ نے تُم سے فرمایاہے، ’مِصر میں نہ جاؤ۔‘ یقین جانو کہ میں آج تُم کو جتا رہا ہُوں۔ جَب تُم نے مُجھے یَاہوِہ تمہارے خُدا کے پاس یہ کہہ کر بھیجا، ’یَاہوِہ ہمارے خُدا سے دعا کر اَور وہ جو کچھ کہے ہم سے کہہ تاکہ ہم اُس پر عَمل کریں تو تُم نے بڑی غلطی کی۔‘ مَیں نے آج تُمہیں بتا دیا ہے لیکن اَب تک تُم نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کا حُکم نہیں مانا جو اُنہُوں نے میری مَعرفت تمہارے پاس بھیجا تھا۔ پس اَب یقین جانو کہ تُم جہاں جا کر آباد ہونا چاہتے ہو وہاں تلوار، قحط اَور وَبا سے مروگے۔“
یرمیاہ 1:42-22 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یوحنان بن قریح، یزنیاہ بن ہوسعیاہ اور دیگر فوجی افسر باقی تمام لوگوں کے ساتھ چھوٹے سے لے کر بڑے تک یرمیاہ نبی کے پاس آئے اور کہنے لگے، ”ہماری منت قبول کریں اور رب اپنے خدا سے ہمارے لئے دعا کریں۔ آپ خود دیکھ سکتے ہیں کہ گو ہم پہلے متعدد لوگ تھے، لیکن اب تھوڑے ہی رہ گئے ہیں۔ دعا کریں کہ رب آپ کا خدا ہمیں دکھائے کہ ہم کہاں جائیں اور کیا کچھ کریں۔“ یرمیاہ نے جواب دیا، ”ٹھیک ہے، مَیں دعا میں ضرور رب آپ کے خدا کو آپ کی گزارش پیش کروں گا۔ اور جو بھی جواب رب دے وہ مَیں لفظ بہ لفظ آپ کو بتا دوں گا۔ مَیں آپ کو کسی بھی بات سے محروم نہیں رکھوں گا۔“ اُنہوں نے کہا، ”رب ہمارا وفادار اور قابلِ اعتماد گواہ ہے۔ اگر ہم ہر بات پر عمل نہ کریں جو رب آپ کا خدا آپ کی معرفت ہم پر نازل کرے گا تو وہی ہمارے خلاف گواہی دے۔ خواہ اُس کی ہدایت ہمیں اچھی لگے یا بُری، ہم رب اپنے خدا کی سنیں گے جس کے پاس ہم آپ کو بھیج رہے ہیں تاکہ ہماری سلامتی ہو۔ ہم تو ضرور رب اپنے خدا کی سنیں گے۔“ دس دن گزرنے کے بعد رب کا کلام یرمیاہ پر نازل ہوا۔ اُس نے یوحنان، اُس کے ساتھی افسروں اور باقی تمام لوگوں کو چھوٹے سے لے کر بڑے تک اپنے پاس بُلا کر کہا، ”آپ نے مجھے رب اسرائیل کے خدا کے پاس بھیجا تاکہ مَیں آپ کی گزارش اُس کے سامنے لاؤں۔ اب اُس کا فرمان سنیں! ’اگر تم اِس ملک میں رہو تو مَیں تمہیں نہیں گراؤں گا بلکہ تعمیر کروں گا، تمہیں جڑ سے نہیں اُکھاڑوں گا بلکہ پنیری کی طرح لگا دوں گا۔ کیونکہ مجھے اُس مصیبت پر افسوس ہے جس میں مَیں نے تمہیں مبتلا کیا ہے۔ اِس وقت تم شاہِ بابل سے ڈرتے ہو، لیکن اُس سے خوف مت کھانا!‘ رب فرماتا ہے، ’اُس سے دہشت نہ کھاؤ، کیونکہ مَیں تمہارے ساتھ ہوں اور تمہاری مدد کر کے اُس کے ہاتھ سے چھٹکارا دوں گا۔ مَیں تم پر رحم کروں گا، اِس لئے وہ بھی تم پر رحم کر کے تمہیں تمہارے ملک میں واپس آنے دے گا۔ لیکن اگر تم رب اپنے خدا کی سننے کے لئے تیار نہ ہو بلکہ کہو کہ ہم اِس ملک میں نہیں رہیں گے بلکہ مصر جائیں گے جہاں نہ جنگ دیکھیں گے، نہ جنگی نرسنگے کی آواز سنیں گے اور نہ بھوکے رہیں گے تو رب کا جواب سنو! اے یہوداہ کے بچے ہوئے لوگو، رب اسرائیل کا خدا فرماتا ہے کہ اگر تم مصر میں جا کر وہاں پناہ لینے پر تُلے ہوئے ہو تو یقین جانو کہ جس تلوار اور کال سے تم ڈرتے ہو وہ وہیں مصر میں تمہارا پیچھا کرتا رہے گا۔ وہاں جا کر تم یقیناً مرو گے۔ جتنے بھی مصر جا کر وہاں رہنے پر تُلے ہوئے ہوں وہ سب تلوار، کال اور مہلک بیماریوں کی زد میں آ کر مر جائیں گے۔ جس مصیبت میں مَیں اُنہیں ڈال دوں گا اُس سے کوئی نہیں بچے گا۔‘ کیونکہ رب الافواج جو اسرائیل کا خدا ہے فرماتا ہے، ’پہلے میرا سخت غضب یروشلم کے باشندوں پر نازل ہوا۔ اگر تم مصر جاؤ تو میرا غضب تم پر بھی نازل ہو گا۔ تمہیں دیکھ کر لوگوں کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے، اور تم اُن کی لعن طعن اور حقارت کا نشانہ بنو گے۔ لعنت کرنے والا اپنے دشمنوں کے لئے تمہارے جیسا انجام چاہے گا۔ جہاں تک تمہارے وطن کا تعلق ہے، تم اُسے آئندہ کبھی نہیں دیکھو گے۔‘ اے یہوداہ کے بچے ہوئے لوگو، اب رب آپ سے ہم کلام ہوا ہے۔ اُس کا جواب صاف ہے۔ مصر کو مت جانا! یہ بات خوب جان لیں کہ آج مَیں نے آپ کو آگاہ کر دیا ہے۔ آپ نے اپنے آپ کو سخت دھوکا دیا ہے۔ کیونکہ آپ ہی نے مجھے رب اپنے خدا کے پاس بھیج کر کہا، ’رب ہمارے خدا سے ہمارے لئے دعا کریں۔ جو بھی وہ فرمائے وہ ہمیں بتائیں تو ہم اُس پر عمل کریں گے۔‘ آج مَیں نے یہ کیا ہے، لیکن آپ رب اپنے خدا کی سننے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ جو کچھ بھی اُس نے مجھے آپ کو سنانے کو کہا ہے اُس پر آپ عمل نہیں کرنا چاہتے۔ چنانچہ اب جان لیں کہ جہاں آپ جا کر پناہ لینا چاہتے ہیں وہاں آپ تلوار، کال اور مہلک بیماریوں کی زد میں آ کر ہلاک ہو جائیں گے۔“
یرمیاہ 1:42-22 کِتابِ مُقادّس (URD)
تب سب فَوجی سردار اور یُوحناؔن بِن قرِیح اور یزنیاؔہ بِن ہُوسعیاؔہ اور ادنیٰ و اعلیٰ سب لوگ آئے۔ اور یَرمِیاؔہ نبی سے کہا کہ تُو دیکھتا ہے کہ ہم بُہتوں میں سے چند ہی رہ گئے ہیں۔ ہماری درخواست قبُول کر اور اپنے خُداوند خُدا سے ہمارے لِئے ہاں اِس تمام بقِیّہ کے لِئے دُعا کر۔ تاکہ خُداوند تیرا خُدا ہم کو وہ راہ جِس میں ہم چلیں اور وہ کام جو ہم کریں بتلا دے۔ تب یَرمِیاؔہ نبی نے اُن سے کہا مَیں نے سُن لِیا۔ دیکھو اب مَیں خُداوند تُمہارے خُدا سے تُمہارے کہنے کے مُطابِق دُعا کرُوں گا اور جو جواب خُداوند تُم کو دے گا مَیں تُم کو سُناؤُں گا۔ مَیں تُم سے کُچھ نہ چِھپاؤُں گا۔ اور اُنہوں نے یَرمِیاؔہ سے کہا کہ جو کُچھ خُداوند تیرا خُدا تیری معرفت ہم سے فرمائے اگر ہم اُس پر عمل نہ کریں تو خُداوند ہمارے خِلاف سچّا اور وفادار گواہ ہو۔ خواہ بھلا معلُوم ہو خواہ بُرا ہم خُداوند اپنے خُدا کا حُکم جِس کے حضُور ہم تُجھے بھیجتے ہیں مانیں گے تاکہ جب ہم خُداوند اپنے خُدا کی فرمانبرداری کریں تو ہمارا بھلا ہو۔ اب دس دِن کے بعد یُوں ہُؤا کہ خُداوند کا کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ اور اُس نے یُوحناؔن بِن قرِیح اور سب فَوجی سرداروں کو جو اُس کے ساتھ تھے اور ادنیٰ و اعلیٰ سب کو بُلایا۔ اور اُن سے کہا کہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا جِس کے پاس تُم نے مُجھے بھیجا کہ مَیں اُس کے حضُور تُمہاری درخواست پیش کرُوں یُوں فرماتا ہے۔ اگر تُم اِس مُلک میں ٹھہرے رہو گے تو مَیں تُم کو برباد نہیں بلکہ آباد کرُوں گا اور اُکھاڑُوں گا نہیں بلکہ لگاؤُں گا کیونکہ مَیں اُس بدی سے جو مَیں نے تُم سے کی ہے باز آیا۔ شاہِ بابل سے جِس سے تُم ڈرتے ہو نہ ڈرو۔ خُداوند فرماتا ہے اُس سے نہ ڈرو کیونکہ مَیں تُمہارے ساتھ ہُوں کہ تُم کو بچاؤُں اور اُس کے ہاتھ سے چُھڑاؤُں۔ اور مَیں تُم پر رحم کرُوں گا تاکہ وہ تُم پر رحم کرے اور تُم کو تُمہارے مُلک میں واپس جانے کی اِجازت دے۔ لیکن اگر تُم کہو کہ ہم اِس مُلک میں نہ رہیں گے اور خُداوند اپنے خُدا کی بات نہ مانیں گے۔ اور کہو کہ نہیں ہم تو مُلکِ مِصرؔ میں جائیں گے جہاں نہ لڑائی دیکھیں گے نہ تُرہی کی آواز سُنیں گے۔ نہ بُھوک سے روٹی کو ترسیں گے اور ہم تو وہِیں بسیں گے۔ تو اَے یہُوداؔہ کے باقی لوگو خُداوند کا کلام سُنو! ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اگر تُم واقِعی مِصرؔ میں جا کر بسنے پر آمادہ ہو۔ تو یُوں ہو گا کہ وہ تلوار جِس سے تُم ڈرتے ہو مُلکِ مِصرؔ میں تُم کو جا لے گی اور وہ کال جِس سے تُم ہِراسان ہو مِصرؔ تک تُمہارا پِیچھا کرے گا اور تُم وہِیں مَرو گے۔ بلکہ یُوں ہو گا کہ وہ سب لوگ جو مِصرؔ کا رُخ کرتے ہیں کہ وہاں جا کر رہیں تلوار اور کال اور وبا سے مَریں گے۔ اُن میں سے کوئی باقی نہ رہے گا اور نہ کوئی اُس بلا سے جو مَیں اُن پر نازِل کرُوں گا بچے گا۔ کیونکہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ جِس طرح میرا قہر و غضب یروشلیِم کے باشِندوں پر نازِل ہُؤا اُسی طرح میرا قہر تُم پر بھی جب تُم مِصرؔ میں داخِل ہو گے نازِل ہو گا اور تُم لَعنت و حَیرت اور طعن و تشنِیع کا باعِث ہو گے اور اِس مُلک کو تُم پِھر نہ دیکھو گے۔ اَے یہُوداؔہ کے باقی ماندہ لوگو! خُداوند نے تُمہاری بابت فرمایا ہے کہ مِصرؔ میں نہ جاؤ۔ یقِین جانو کہ مَیں نے آج تُم کو جتا دِیا ہے۔ فی الحقِیقت تُم نے اپنی جانوں کو فریب دِیا ہے کیونکہ تُم نے مُجھ کو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور یُوں کہہ کر بھیجا کہ تُو خُداوند ہمارے خُدا سے ہمارے لِئے دُعا کر اور جو کُچھ خُداوند ہمارا خُدا کہے ہم پر ظاہِر کر اور ہم اُس پر عمل کریں گے۔ اور مَیں نے آج تُم پر یہ ظاہِر کر دِیا ہے تَو بھی تُم نے خُداوند اپنے خُدا کی آواز کو یا کِسی بات کو جِس کے لِئے اُس نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے نہیں مانا۔ اب تُم یقِین جانو کہ تُم اُس مُلک میں جہاں جانا اور رہنا چاہتے ہو تلوار اور کال اور وبا سے مَرو گے۔