یرمیاہ 6:32-15
یرمیاہ 6:32-15 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یرمیاہؔ نے فرمایا، ”یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا، تمہارے چچا شلُّومؔ کا بیٹا حَنامیلؔ تمہارے پاس آکر یہ کہے گا کہ میرا کھیت جو عناتوت میں ہے اَپنے لیٔے خرید لے کیونکہ قریبی رشتہ دار ہونے کی وجہ سے اُس پر تمہارا حق ہے اَور تمہارا فرض ہے کہ تُم اُسے خرید لو۔ ”تَب جَیسا کہ یَاہوِہ نے فرمایا تھا میرا چچازاد بھایٔی حَنامیلؔ قَیدخانہ کے صحن میں میرے پاس آیا اَور کہا، ’میرا کھیت جو عناتوت میں بِنیامین کے علاقہ میں ہے خرید لے کیونکہ اُسے چھُڑا کر اُس کا مالک بننا تمہارا حق ہے اِس لیٔے اُسے اَپنے لیٔے خرید لے۔‘ ”تَب مَیں نے جان لیا کہ یہ یَاہوِہ کا کلام ہے۔ اِس لیٔے مَیں نے اَپنے چچازاد بھایٔی حَنامیلؔ سے عناتوت کا کھیت خرید لیا اَور سترہ ثاقل چاندی تول کر اُسے دے دی۔ مَیں نے دستاویز پر دستخط کرکے اُس پر مُہر لگا دی اَور گواہوں کے سامنے ترازو میں چاندی تول کر اُسے دے دی۔ مَیں نے کھیت کی خرید کی دستاویز لے لی یعنی مُہر شُدہ دستاویز جِس میں شرائط و ضوابط درج تھیں اَور دُوسری جو بغیر مُہر کی تھی۔ اَور مَیں نے یہ دستاویز اَپنے چچازاد بھایٔی حَنامیلؔ کے سامنے اَور اُن گواہوں کے سامنے جنہوں نے دستاویز پر دستخط کئے تھے اَور اُن تمام یہُودیوں کے رُوبرو جو پہرےدار کے صحن میں بیٹھے ہُوئے تھے محسیاہؔ کے پوتے باروکؔ بِن نیریاہؔ کے سُپرد کر دی۔ ”اُن کے سامنے مَیں نے باروکؔ کو یہ ہدایات دیں، قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، دستاویزوں کی دونوں نقل لے لے، ایک مُہر شُدہ اَور دُوسری بغیر مُہر کے، اُنہیں مٹّی کے مرتبان میں رکھ دینا تاکہ وہ کافی عرصہ تک محفوظ رہیں۔ کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا فرماتے ہیں، اِس مُلک میں مکانات، کھیتوں اَور انگوری باغوں کی پھر سے خریدوفروخت ہوگی۔
یرمیاہ 6:32-15 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
جب رب کا کلام یرمیاہ پر نازل ہوا تو یرمیاہ نے کہا، ”رب مجھ سے ہم کلام ہوا، ’تیرا چچا زاد بھائی حنم ایل بن سلّوم تیرے پاس آ کر کہے گا کہ عنتوت میں میرا کھیت خرید لیں۔ آپ سب سے قریبی رشتے دار ہیں، اِس لئے اُسے خریدنا آپ کا حق بلکہ فرض بھی ہے تاکہ زمین ہمارے خاندان کی ملکیت رہے۔‘ ایسا ہی ہوا جس طرح رب نے فرمایا تھا۔ میرا چچا زاد بھائی حنم ایل شاہی محافظوں کے صحن میں آیا اور مجھ سے کہا، ’بن یمین کے قبیلے کے شہر عنتوت میں میرا کھیت خرید لیں۔ یہ کھیت خریدنا آپ کا موروثی حق بلکہ فرض بھی ہے تاکہ زمین ہمارے خاندان کی ملکیت رہے۔ آئیں، اُسے خرید لیں!‘ تب مَیں نے جان لیا کہ یہ وہی بات ہے جو رب نے فرمائی تھی۔ چنانچہ مَیں نے اپنے چچا زاد بھائی حنم ایل سے عنتوت کا کھیت خرید کر اُسے چاندی کے 17 سِکے دے دیئے۔ مَیں نے انتقال نامہ لکھ کر اُس پر مُہر لگائی، پھر چاندی کے سِکے تول کر اپنے بھائی کو دے دیئے۔ مَیں نے گواہ بھی بُلائے تھے تاکہ وہ پوری کارروائی کی تصدیق کریں۔ اِس کے بعد مَیں نے مُہرشدہ انتقال نامہ تمام شرائط اور قواعد سمیت باروک بن نیریاہ بن محسیاہ کے سپرد کر دیا۔ ساتھ ساتھ مَیں نے اُسے ایک نقل بھی دی جس پر مُہر نہیں لگی تھی۔ حنم ایل، انتقال نامے پر دست خط کرنے والے گواہ اور صحن میں حاضر باقی ہم وطن سب اِس کے گواہ تھے۔ اُن کے دیکھتے دیکھتے مَیں نے باروک کو ہدایت دی، ’رب الافواج جو اسرائیل کا خدا ہے فرماتا ہے کہ مُہرشدہ انتقال نامہ اور اُس کی نقل لے کر مٹی کے برتن میں ڈال دے تاکہ لمبے عرصے تک محفوظ رہیں۔ کیونکہ رب الافواج جو اسرائیل کا خدا ہے فرماتا ہے کہ ایک وقت آئے گا جب اِس ملک میں دوبارہ گھر، کھیت اور انگور کے باغ خریدے جائیں گے۔‘
یرمیاہ 6:32-15 کِتابِ مُقادّس (URD)
تب یَرمِیاؔہ نے کہا کہ خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا۔ دیکھ تیرے چچا سلُوؔم کا بیٹا حنم ایل تیرے پاس آ کر کہے گا کہ میرا کھیت جو عنتوت میں ہے اپنے لِئے خرِید لے کیونکہ اُس کو چُھڑانا تیرا حق ہے۔ تب میرے چچا کا بیٹا حنم ایل قَید خانہ کے صحن میں میرے پاس آیا اور جَیسا خُداوند نے فرمایا تھا مُجھ سے کہا کہ میرا کھیت جو عنتوت میں بِنیمِین کے علاقہ میں ہے خرِید لے کیونکہ یہ تیرا مَورُوثی حق ہے اور اُس کو چُھڑانا تیرا کام ہے اُسے اپنے لِئے خرِید لے۔ تب مَیں نے جانا کہ یہ خُداوند کا کلام ہے۔ اور مَیں نے اُس کھیت کو جو عنتوت میں تھا اپنے چچا کے بیٹے حنم ایل سے خرِید لِیا اور نقد ستّرہ مِثقال چاندی تول کر اُسے دی۔ اور مَیں نے ایک قبالہ لِکھا اور اُس پر مُہر کی اور گواہ ٹھہرائے اور چاندی ترازُو میں تول کر اُسے دی۔ سو مَیں نے اُس قبالہ کو لِیا یعنی وہ جو آئِین اور دستُور کے مُطابِق سربمُہر تھا اور وہ جو کُھلا تھا۔ اور مَیں نے اُس قبالہ کو اپنے چچا کے بیٹے حنم ایل کے سامنے اور اُن گواہوں کے رُوبرُو جِنہوں نے اپنے نام قبالہ پر لِکھے تھے اُن سب یہُودِیوں کے رُوبرُو جو قَید خانہ کے صحن میں بَیٹھے تھے بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ بِن محسیاؔہ کو سَونپا۔ اور مَیں نے اُن کے رُوبرُو بارُوؔک کو تاکِید کی۔ کہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ یہ کاغذات لے یعنی یہ قبالہ جو سربمُہر ہے اور یہ جو کُھلا ہے اور اُن کو مِٹّی کے برتن میں رکھ تاکہ بُہت دِنوں تک محفُوظ رہیں۔ کیونکہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اِس مُلک میں پِھر گھروں اور کھیتوں اور تاکِستانوں کی خرِید و فروخت ہو گی۔