قُضاۃ 28:6-40
قُضاۃ 28:6-40 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
صُبح جَب شہر کے لوگ جاگے تو اُنہُوں نے دیکھا کہ بَعل کا مذبح ڈھایا ہُواہے اَور اُس کے پاس کی اشیراہؔ کٹی ہُوئی ہے اَور نئے سِرے سے بنائے ہُوئے مذبح پر دُوسرے بَیل کی قُربانی چڑھائی گئی ہے۔ وہ ایک دُوسرے سے پُوچھنے لگے، ”یہ کس کا کام ہے؟“ جَب وہ تحقیقات کرنے لگے تو اُنہیں بتایا گیا، ”یُوآشؔ کے بیٹے گدعونؔ نے یہ حرکت کی ہے۔“ تَب شہر کے لوگوں نے یُوآشؔ سے کہا، ”اَپنے بیٹے کو باہر لے آ تاکہ وہ قتل کیا جائے کیونکہ اُس نے بَعل کا مذبح ڈھا دیا ہے اَور اُس کے پاس کی اشیراہؔ کو کاٹ ڈالا ہے۔“ لیکن یُوآشؔ نے اُن لوگوں سے جو اُس کے اِردگرد ہُجوم جمع تھا اَور غُصّہ سے بھرے ہُوئے تھے کہا، ”کیا تُم بَعل کی خاطِر مُقدّمہ لڑوگے؟ کیا تُم اُسے بچانے کی کوشش کر رہے ہو؟ جو کویٔی اُس کی خاطِر جھگڑا کرےگا وہ صُبح تک ماراجائے گا۔ اگر بَعل واقعی خُدا ہے اَور کویٔی اُس کا مذبح ڈھا دے تو وہ اَپنا بچاؤ آپ کر سَکتا ہے۔“ اِس لیٔے اُس دِن اُنہُوں نے گدعونؔ کا نام یہ کہہ کر یرُبّعلؔ رکھا، ”کہ بَعل آپ اُس سے جھگڑ لے، کیونکہ اُس نے بَعل کا مذبح ڈھا دیا تھا۔“ تَب سَب مِدیانی اَور عمالیقی اَور دُوسرے اہلِ مشرق اِکٹھّے ہُوئے اَور یردنؔ کو پار کرکے یزرعیلؔ کی وادی میں خیمہ زن ہُوئے۔ تَب یَاہوِہ کا رُوح گدعونؔ پر نازل ہُوا اَور اُس نے نرسنگا پھُونکا اَور ابیعزیریوں کو اَپنے پیچھے آنے کو کہا۔ اُس نے تمام بنی منشّہ کے پاس قاصِد بھیجے اَور اُنہیں مُسلّح ہوکر جنگ پر آمادہ کیا۔ اَور اُس نے آشیر، زبُولُون اَور نفتالی کے پاس بھی قاصِد بھیجے چنانچہ وہ بھی بنی منشّہ سے آ ملے۔ تَب گدعونؔ نے خُدا سے کہا، ”اگر آپ اَپنے قول کے مُطابق میرے ہاتھ سے اِسرائیل کو بچا رہے ہیں۔ تو دیکھیں میں ایک بھیڑ کی اُون کھلیان میں رکھ دُوں گا۔ اگر اوس صِرف اُس اُون پر پڑے اَور آس پاس کی زمین سُوکھی رہ جائے تو میں جان لُوں گا کہ آپ اَپنے قول کے مُطابق بنی اِسرائیل کو میرے ہی ہاتھوں رِہائی بخشیں گے۔“ اَور اَیسا ہی ہُوا۔ گدعونؔ دُوسرے دِن صُبح سویرے اُٹھا اَور اُس نے اُس اُون میں سے اوس نچُوڑی تو پیالہ بھر پانی نِکلا۔ تَب گدعونؔ نے خُدا سے کہا، ”مُجھ پر خفا نہ ہو۔ مُجھے صِرف ایک اَور درخواست کرنے دیں۔ مُجھے اُس اُون سے ایک اَور آزمائش کرنے دیں۔ اَب کی بار اُون خشک رہنے دیں اَور اوس آس پاس کی زمین پر پڑے۔“ اُس رات خُدا نے اَیسا ہی کیا یعنی اُون خشک رہی اَور ساری زمین اوس سے تر ہو گئی۔
قُضاۃ 28:6-40 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
صبح کے وقت جب شہر کے لوگ اُٹھے تو دیکھا کہ بعل کی قربان گاہ ڈھا دی گئی ہے اور یسیرت دیوی کا ساتھ والا کھمبا کاٹ دیا گیا ہے۔ اِن کی جگہ ایک نئی قربان گاہ بنائی گئی ہے جس پر بَیل کو چڑھایا گیا ہے۔ اُنہوں نے ایک دوسرے سے پوچھا، ”کس نے یہ کیا؟“ جب وہ اِس بات کی تفتیش کرنے لگے تو کسی نے اُنہیں بتایا کہ جدعون بن یوآس نے یہ سب کچھ کیا ہے۔ تب وہ یوآس کے گھر گئے اور تقاضا کیا، ”اپنے بیٹے کو گھر سے نکال لائیں۔ لازم ہے کہ وہ مر جائے، کیونکہ اُس نے بعل کی قربان گاہ کو گرا کر ساتھ والا یسیرت دیوی کا کھمبا بھی کاٹ ڈالا ہے۔“ لیکن یوآس نے اُن سے جو اُس کے سامنے کھڑے تھے کہا، ”کیا آپ بعل کے دفاع میں لڑنا چاہتے ہیں؟ جو بھی بعل کے لئے لڑے گا اُسے کل صبح تک مار دیا جائے گا۔ اگر بعل واقعی خدا ہے تو وہ خود اپنے دفاع میں لڑے جب کوئی اُس کی قربان گاہ کو ڈھا دے۔“ چونکہ جدعون نے بعل کی قربان گاہ گرا دی تھی اِس لئے اُس کا نام یرُبعل یعنی ’بعل اُس سے لڑے‘ پڑ گیا۔ کچھ دیر کے بعد تمام مِدیانی، عمالیقی اور دوسری مشرقی قومیں جمع ہوئیں اور دریائے یردن کو پار کر کے اپنے ڈیرے میدانِ یزرعیل میں لگائے۔ پھر رب کا روح جدعون پر نازل ہوا۔ اُس نے نرسنگا پھونک کر ابی عزر کے خاندان کے مردوں کو اپنے پیچھے ہو لینے کے لئے بُلایا۔ ساتھ ساتھ اُس نے اپنے قاصدوں کو منسّی کے قبیلے اور آشر، زبولون اور نفتالی کے قبیلوں کے پاس بھی بھیج دیا۔ تب وہ بھی آئے اور جدعون کے مردوں کے ساتھ مل کر اُس کے پیچھے ہو لئے۔ جدعون نے اللہ سے دعا کی، ”اگر تُو واقعی اسرائیل کو اپنے وعدے کے مطابق میرے ذریعے بچانا چاہتا ہے تو مجھے یقین دلا۔ مَیں رات کو تازہ کتری ہوئی اُون گندم گاہنے کے فرش پر رکھ دوں گا۔ کل صبح اگر صرف اُون پر اوس پڑی ہو اور ارد گرد کا سارا فرش خشک ہو تو مَیں جان لوں گا کہ واقعی تُو اپنے وعدے کے مطابق اسرائیل کو میرے ذریعے بچائے گا۔“ وہی کچھ ہوا جس کی درخواست جدعون نے کی تھی۔ اگلے دن جب وہ صبح سویرے اُٹھا تو اُون اوس سے تر تھی۔ جب اُس نے اُسے نچوڑا تو اِتنا پانی تھا کہ برتن بھر گیا۔ پھر جدعون نے اللہ سے کہا، ”مجھ سے غصے نہ ہو جانا اگر مَیں تجھ سے ایک بار پھر درخواست کروں۔ مجھے ایک آخری دفعہ اُون کے ذریعے تیری مرضی جانچنے کی اجازت دے۔ اِس دفعہ اُون خشک رہے اور ارد گرد کے سارے فرش پر اوس پڑی ہو۔“ اُس رات اللہ نے ایسا ہی کیا۔ صرف اُون خشک رہی جبکہ ارد گرد کے سارے فرش پر اوس پڑی تھی۔
قُضاۃ 28:6-40 کِتابِ مُقادّس (URD)
جب اُس شہر کے لوگ صُبح سویرے اُٹھے تو کیا دیکھتے ہیں کہ بعل کا مذبح ڈھایا ہُؤا اور اُس کے پاس کی یسِیرت کٹی ہُوئی اور اُس مذبح پر جو بنایا گیا تھا وہ دُوسرا بَیل چڑھایا ہُؤا ہے۔ اور وہ آپس میں کہنے لگے کِس نے یہ کام کِیا؟ اور جب اُنہوں نے تحقِیقات اور پُرسِش کی تو لوگوں نے کہا کہ یُوآؔس کے بیٹے جِدعوؔن نے یہ کام کِیا ہے۔ تب اُس شہر کے لوگوں نے یُوآؔس سے کہا کہ اپنے بیٹے کو نِکال لا تاکہ قتل کِیا جائے اِس لِئے کہ اُس نے بعل کا مذبح ڈھا دِیا اور اُس کے پاس کی یسِیرت کاٹ ڈالی ہے۔ یُوآؔس نے اُن سبھوں کو جو اُس کے سامنے کھڑے تھے کہا کیا تُم بعل کے واسطے جھگڑا کرو گے یا تُم اُسے بچا لو گے؟ جو کوئی اُس کی طرف سے جھگڑا کرے وہ اِسی صُبح مارا جائے۔ اگر وہ خُدا ہے تو آپ ہی اپنے لِئے جھگڑے کیونکہ کِسی نے اُس کا مذبح ڈھا دِیا ہے۔ اِس لِئے اُس نے اُس دِن جِدعوؔن کا نام یہ کہہ کر یرُبّعل رکھّا کہ بعل آپ اِس سے جھگڑ لے اِس لِئے کہ اِس نے اُس کا مذبح ڈھا دِیا ہے۔ تب سب مِدیانی اور عمالِیقی اور اہِل مشرِق اِکٹّھے ہُوئے اور پار ہو کر یِزرعیل کی وادی میں اُنہوں نے ڈیرا کِیا۔ تب خُداوند کی رُوح جِدعوؔن پر نازِل ہُوئی سو اُس نے نرسِنگا پُھونکا اور ابیعزؔر کے لوگ اُس کی پَیروی میں اِکٹّھے ہُوئے۔ پِھر اُس نے سارے منسّی کے پاس قاصِد بھیجے۔ سو وہ بھی اُس کی پَیروی میں فراہم ہُوئے اور اُس نے آشر اور زبُولُون اور نفتالی کے پاس بھی قاصِد روانہ کِئے۔ سو وہ اُن کے اِستقبال کو آئے۔ تب جِدعوؔن نے خُدا سے کہا کہ اگر تُو اپنے قَول کے مُطابِق میرے ہاتھ کے وسِیلہ سے بنی اِسرائیل کو رہائی دینی چاہتا ہے۔ تو دیکھ مَیں بھیڑ کی اُون کھلِیہان میں رکھ دُوں گا سو اگر اوس فقط اُون ہی پر پڑے اور آس پاس کی زمِین سب سُوکھی رہے تو مَیں جان لُوں گا کہ تُو اپنے قَول کے مُطابِق بنی اِسرائیل کو میرے ہاتھوں کے وسِیلہ سے رہائی بخشے گا۔ اور اَیسا ہی ہُؤا کیونکہ وہ صُبح کو جو سویرے اُٹھا اور اُس اُون کو دبایا اور اُون میں سے اوس نچوڑی تو پِیالہ بھر پانی نِکلا۔ تب جِدعوؔن نے خُدا سے کہا کہ تیرا غُصّہ مُجھ پر نہ بھڑکے۔ مَیں فقط ایک بار اَور عرض کرتا ہُوں۔ مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ فقط ایک بار اَور اِس اُون سے آزمایش کر لُوں۔ اب صِرف اُون ہی اُون خُشک رہے اور آس پاس کی سب زمِین پر اوس پڑے۔ سو خُدا نے اُس رات اَیسا ہی کِیا کیونکہ فقط اُون ہی خُشک رہی اور ساری زمِین پر اوس پڑی۔