قُضاۃ 6:2-13

قُضاۃ 6:2-13 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

یہوشُعؔ کے بنی اِسرائیل کو رخصت کرنے کے بعد، وہ اَپنی اَپنی مِیراث میں مُلک کا قبضہ لینے کے لیٔے چلے گیٔے۔ یہوشُعؔ کی زندگی بھر اَور اُن بُزرگوں کی خدمت کی جو یہوشُعؔ کے بعد بھی زندہ رہے اَور اُن سَب بڑے بڑے کاموں سے واقف تھے جو یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کے لیٔے کئے تھے اِسرائیلی یَاہوِہ ہی کی عبادت کرتے رہے۔ یَاہوِہ کا خادِم یہوشُعؔ بِن نُونؔ ایک سَو دس بَرس میں فوت ہو گئے۔ اَور اُنہُوں نے اُسے اُس کی مِیراث میں تِمنتھ حیریشؔ میں دفن کیا جو اِفرائیمؔ کے کوہستانی مُلک میں کوہِ گعشؔ کے شمال میں واقع ہے۔ جَب وہ ساری پُشت اَپنے آباؤاَجداد سے جا مِلی تو ایک اَور پُشت پیدا ہُوئی جو نہ یَاہوِہ کو جانتی تھی اَور نہ اُس کام کو جو اُنہُوں نے اِسرائیل کے لیٔے کئے تھے۔ اَور بنی اِسرائیل نے یَاہوِہ کی نظر میں بدی کی اَور وہ بَعل معبُودوں کی پرستش کرنے لگے۔ اُنہُوں نے یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کو ترک کر دیا جو اُنہیں مِصر سے نکال لائے تھے۔ وہ اَپنے آس پاس کے لوگوں کے مُختلف معبُودوں کی پیروی اَور پرستش کرنے لگے اَور اُنہُوں نے یَاہوِہ کے غُصّہ کو بھڑکایا۔ کیونکہ اُنہُوں نے یَاہوِہ کو ترک کیا اَور بَعل اَور عستوریتؔ کی خدمت کرنے لگے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں قُضاۃ 2

قُضاۃ 6:2-13 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یشوع کے قوم کو رُخصت کرنے کے بعد ہر ایک قبیلہ اپنے علاقے پر قبضہ کرنے کے لئے روانہ ہوا تھا۔ جب تک یشوع اور وہ بزرگ زندہ رہے جنہوں نے وہ عظیم کام دیکھے ہوئے تھے جو رب نے اسرائیلیوں کے لئے کئے تھے اُس وقت تک اسرائیلی رب کی وفاداری سے خدمت کرتے رہے۔ پھر رب کا خادم یشوع بن نون انتقال کر گیا۔ اُس کی عمر 110 سال تھی۔ اُسے تِمنت حرِس میں اُس کی اپنی موروثی زمین میں دفنایا گیا۔ (یہ شہر افرائیم کے پہاڑی علاقے میں جعس پہاڑ کے شمال میں ہے۔) جب ہم عصر اسرائیلی سب مر کر اپنے باپ دادا سے جا ملے تو نئی نسل اُبھر آئی جو نہ تو رب کو جانتی، نہ اُن کاموں سے واقف تھی جو رب نے اسرائیل کے لئے کئے تھے۔ اُس وقت وہ ایسی حرکتیں کرنے لگے جو رب کو بُری لگیں۔ اُنہوں نے بعل دیوتا کے بُتوں کی پوجا کر کے رب اپنے باپ دادا کے خدا کو ترک کر دیا جو اُنہیں مصر سے نکال لایا تھا۔ وہ گرد و نواح کی قوموں کے دیگر معبودوں کے پیچھے لگ گئے اور اُن کی پوجا بھی کرنے لگے۔ اِس سے رب کا غضب اُن پر بھڑکا، کیونکہ اُنہوں نے اُس کی خدمت چھوڑ کر بعل دیوتا اور عستارات دیوی کی پوجا کی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں قُضاۃ 2

قُضاۃ 6:2-13 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور جِس وقت یشُوع نے جماعت کو رُخصت کِیا تھا تب بنی اِسرائیل میں سے ہر ایک اپنی مِیراث کو لَوٹ گیا تھا تاکہ اُس مُلک پر قبضہ کرے۔ اور وہ لوگ خُداوند کی پرستِش یشُوع کے جِیتے جی اور اُن بزُرگوں کے جِیتے جی کرتے رہے جو یشُوع کے بعد زِندہ رہے اور جِنہوں نے خُداوند کے سب بڑے کام جو اُس نے اِسرائیلؔ کے لِئے کِئے دیکھے تھے۔ اور نُون کا بیٹا یشُوع خُداوند کا بندہ ایک سَو دس برس کا ہو کر رِحلت کر گیا۔ اور اُنہوں نے اُسی کی مِیراث کی حد پر تِمنت حرس میں اِفراؔئِیم کے کوہِستانی مُلک میں جو کوہِ جعس کے شِمال کی طرف ہے اُس کو دفن کِیا۔ اور وہ ساری پُشت بھی اپنے باپ دادا سے جا مِلی اور اُن کے بعد ایک اَور پُشت پَیدا ہُوئی جو نہ خُداوند کو اور نہ اُس کام کو جو اُس نے اِسرائیلؔ کے لِئے کِیا جانتی تھی۔ اور بنی اِسرائیل نے خُداوند کے آگے بدی کی اور بعلِیم کی پرستِش کرنے لگے۔ اور اُنہوں نے خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کو جو اُن کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا تھا چھوڑ دِیا اور دُوسرے معبُودوں کی جو اُن کے چَوگِرد کی قَوموں کے دیوتاؤں میں سے تھے پَیروی کرنے اور اُن کو سِجدہ کرنے لگے اور خُداوند کو غُصّہ دِلایا۔ اور وہ خُداوند کو چھوڑ کر بعل اور عستاراؔت کی پرستِش کرنے لگے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں قُضاۃ 2