یسعیاہ 1:51-8

یسعیاہ 1:51-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَے لوگو، تُم جو راستبازی کے پیروی کرتے ہو اَور یَاہوِہ کے طالب ہو، میری سُنو: جِس چٹّان میں سے تُم کاٹے گیٔے اَور جِس کان میں سے تُم کھودے اَور تراشے گیٔے، اُس پر نظر کرو: اَپنے باپ اَبراہامؔ پر، اَور سارہؔ پر جِس نے تُمہیں پیدا کیا، نظر کرو۔ جَب مَیں نے اُسے بُلایا وہ اکیلا تھا، اَور مَیں نے اُسے برکت دی اَور اُسے کثرت بخشی۔ یقیناً یَاہوِہ صِیّونؔ کو تسلّی دے گا اَور اُس کے تمام بنجر زمینوں پر نظرِ عنایت کرےگا؛ اَور اُس کے صحراؤں کو عدنؔ کی مانند اَور اُس کے بنجر علاقہ کو یَاہوِہ عدنؔ کی مانند کر دے گا۔ اُس میں خُوشی اَور خُرّمی، اَور شُکر گزاری اَور گانے کی آواز پائی جائے گی۔ اَے میرے لوگو، میری طرف متوجّہ ہو؛ اَے میری اُمّت، میری طرف کان لگا: ہدایات میری طرف سے دی جائے گی میرا عدل قوموں کے لیٔے نُور ٹھہرے گا۔ میری راستی تیزی سے قریب آ رہی ہے، اَور میری نَجات راہ میں ہے، میں اَپنے بازو (کی قُوّت) سے قوموں پر حُکمرانی کروں گا۔ جزیرے میری راہ دیکھیں گے اَور میرے بازو پر اُمّید لگائے بیٹھیں گے۔ اَپنی نگاہیں آسمان کی طرف اُٹھاؤ، اَور نیچے زمین کو دیکھو؛ آسمان دھوئیں کی مانند غائب ہو جایٔیں گے، اَور زمین کپڑے کی طرح پُرانی ہو جائے گی اَور اُس کے باشِندے مکھّیوں کی طرح مَر جایٔیں گے۔ لیکن میری نَجات اَبد تک قائِم رہے گی، اَور میری راستی کبھی موقُوف نہ ہوگی۔ ”اَے لوگو! تُم جو صداقت سے آشنا ہو، جِن کے دِلوں میں میری ہدایت ہے، کان لگا کر میری سُنو: لوگوں کی ملامت سے مت ڈرو اَور اُن کی طَعنہ زنی سے خوفزدہ نہ ہو۔ کیونکہ اُنہیں کپڑے کی طرح گھُن لگ جائے گا؛ اَور کیڑا اُن کو اُون کی طرح چٹ کر جائے گا۔ لیکن میری راستبازی اَبد تک قائِم رہے گی، اَور میری نَجات پُشت در پُشت برقرار رہے گی۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 51

یسعیاہ 1:51-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

”تم جو راستی کے پیچھے لگے رہتے، جو رب کے طالب ہو، میری بات سنو! اُس چٹان پر دھیان دو جس میں سے تمہیں تراش کر نکالا گیا ہے، اُس کان پر غور کرو جس میں سے تمہیں کھودا گیا ہے۔ یعنی اپنے باپ ابراہیم اور اپنی ماں سارہ پر توجہ دو، جس نے دردِ زہ کی تکلیف اُٹھا کر تمہیں جنم دیا۔ ابراہیم بےاولاد تھا جب مَیں نے اُسے بُلایا، لیکن پھر مَیں نے اُسے برکت دے کر بہت اولاد بخشی۔“ یقیناً رب صیون کو تسلی دے گا۔ وہ اُس کے تمام کھنڈرات کو تشفی دے کر اُس کے ریگستان کو باغِ عدن میں اور اُس کی بنجر زمین کو رب کے باغ میں بدل دے گا۔ تب اُس میں خوشی و شادمانی پائی جائے گی، ہر طرف شکرگزاری اور گیتوں کی آوازیں سنائی دیں گی۔ ”اے میری قوم، مجھ پر دھیان دے! اے میری اُمّت، مجھ پر غور کر! کیونکہ ہدایت مجھ سے صادر ہو گی، اور میرا انصاف قوموں کی روشنی بنے گا۔ میری راستی قریب ہی ہے، میری نجات راستے میں ہے، اور میرا زورآور بازو قوموں میں انصاف قائم کرے گا۔ جزیرے مجھ سے اُمید رکھیں گے، وہ میری قدرت دیکھنے کے انتظار میں رہیں گے۔ اپنی آنکھیں آسمان کی طرف اُٹھاؤ! نیچے زمین پر نظر ڈالو! آسمان دھوئیں کی طرح بکھر جائے گا، زمین پرانے کپڑے کی طرح گھسے پھٹے گی اور اُس کے باشندے مچھروں کی طرح مر جائیں گے۔ لیکن میری نجات ابد تک قائم رہے گی، اور میری راستی کبھی ختم نہیں ہو گی۔ اے صحیح راہ کو جاننے والو، اے قوم جس کے دل میں میری شریعت ہے، میری بات سنو! جب لوگ تمہاری بےعزتی کرتے ہیں تو اُن سے مت ڈرنا، جب وہ تمہیں گالیاں دیتے ہیں تو مت گھبرانا۔ کیونکہ کِرم اُنہیں کپڑے کی طرح کھا جائے گا، کیڑا اُنہیں اُون کی طرح ہضم کرے گا۔ لیکن میری راستی ابد تک قائم رہے گی، میری نجات پشت در پشت برقرار رہے گی۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 51

یسعیاہ 1:51-8 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے لوگو جو صداقت کی پَیروی کرتے ہو اور خُداوند کے جویان ہو میری سُنو! اُس چٹان پر جِس میں سے تُم کاٹے گئے ہو اور اُس گڑھے کے سُوراخ پر جہاں سے تُم کھودے گئے ہو نظر کرو۔ اپنے باپ ابرہامؔ پر اور سارؔہ پر جِس سے تُم پَیدا ہُوئے نِگاہ کرو کہ جب مَیں نے اُسے بُلایا وہ اکیلا تھا پر مَیں نے اُس کو برکت دی اور اُس کو کثرت بخشی۔ یقِیناً خُداوند صِیُّون کو تسلّی دے گا۔ وہ اُس کے تمام وِیرانوں کی دِل داری کرے گا۔ وہ اُس کا بیابان عدن کی مانِند اور اُس کا صحرا خُداوند کے باغ کی مانِند بنائے گا۔ خُوشی اور شادمانی اُس میں پائی جائے گی۔ شُکرگُذاری اور گانے کی آواز اُس میں ہو گی۔ میری طرف مُتوجِّہ ہو اَے میرے لوگو! میری طرف کان لگا اَے میری اُمّت! کیونکہ شرِیعت مُجھ سے صادِر ہوگی اور مَیں اپنے عدل کو لوگوں کی رَوشنی کے لِئے قائِم کرُوں گا۔ میری صداقت نزدِیک ہے۔ میری نجات ظاہِر ہے اور میرے بازُو لوگوں پر حُکمرانی کریں گے۔ جزِیرے میرا اِنتظار کریں گے اور میرے بازُو پر اُن کا توکُّل ہو گا۔ اپنی آنکھیں آسمان کی طرف اُٹھاؤ اور نِیچے زمِین پر نِگاہ کرو کیونکہ آسمان دُھوئیں کی مانِند غائِب ہو جائیں گے اور زمِین کپڑے کی طرح پُرانی ہو جائے گی اور اُس کے باشِندے مچھّروں کی طرح مَر جائیں گے لیکن میری نجات ابد تک رہے گی اور میری صداقت مَوقُوف نہ ہو گی۔ اَے صداقت شِناسو! میری سُنو۔ اَے لوگو جِن کے دِل میں میری شرِیعت ہے! اِنسان کی ملامت سے نہ ڈرو اور اُن کی طعنہ زنی سے ہِراسان نہ ہو۔ کیونکہ کِیڑا اُن کو کپڑے کی مانِند کھائے گا اور کِرم اُن کو پشمِینہ کی طرح کھا جائے گا لیکن میری صداقت ابد تک رہے گی اور میری نجات پُشت در پُشت۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 51