یسعیاہ 1:48-6
یسعیاہ 1:48-6 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
”یہ بات سُنو اَے یعقوب کے گھرانے والو، تُم جو اِسرائیل کے نام سے پُکارے جاتے ہو اَور یہُوداہؔ کی نَسل سے ہو، اَورجو یَاہوِہ کے نام کی قَسم کھاتے ہو اَور اِسرائیل کے خُدا سے مُخاطِب ہوتے ہو لیکن سچّائی اَور راستبازی سے نہیں تُم جو اَپنے آپ کو مُقدّس شہر کے باشِندے جتاتے ہو اَور اِسرائیل کے خُدا پر توکّل کرتے ہو جِن کا نام قادرمُطلق یَاہوِہ ہے: عرصہ ہُوا مَیں نے قدیم سے ہونے والی باتوں کی خبر دی، میرے مُنہ سے اُن کا اعلان کیا اَور مَیں نے اُنہیں ظاہر کیا؛ پھر اَچانک اُنہیں عَمل میں لایا اَور وہ وقوع میں آئیں۔ کیونکہ مَیں جانتا تھا کہ تُم کس قدر ضِدّی ہو؛ تیری گردن کے پٹھّے لوہے کے تھے، اَور تیری پیشانی کانسے کی تھی۔ اِس لیٔے مَیں نے یہ باتیں تُجھے قدیم سے ہی بتا دیں؛ اِس سے پہلے کہ وہ واقع ہُوں، مَیں نے تُجھے بتا دیں۔ تاکہ تُو یہ نہ کہے کہ، ’یہ میرے بُتوں کا کام ہے؛ یا میری لکڑی کی گھڑی ہُوئی مُورت اَور دھات سے ڈھالی ہُوئی دیوی نے اِسے اَنجام دیا۔‘ تُونے یہ باتیں سُنی ہیں؛ اُن سَب پر نظر ڈال۔ کیا تُو اُن کو نہ مانے گا؟
یسعیاہ 1:48-6 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے یعقوب کے گھرانے، سنو! تم جو اسرائیل کہلاتے اور یہوداہ کے قبیلے کے ہو، دھیان دو! تم جو رب کے نام کی قَسم کھا کر اسرائیل کے خدا کو یاد کرتے ہو، اگرچہ تمہاری بات نہ سچائی، نہ انصاف پر مبنی ہے، غور کرو! ہاں توجہ دو، تم جو مُقدّس شہر کے لوگ کہلاتے اور اسرائیل کے خدا پر اعتماد کرتے ہو، سنو کہ اللہ جس کا نام رب الافواج ہے کیا فرماتا ہے۔ جو کچھ پیش آیا ہے اُس کا اعلان مَیں نے بڑی دیر پہلے کیا۔ میرے ہی منہ سے اُس کی پیش گوئی صادر ہوئی، مَیں ہی نے اُس کی اطلاع دی۔ پھر اچانک ہی مَیں اُسے عمل میں لایا اور وہ وقوع پذیر ہوا۔ مَیں جانتا تھا کہ تُو کتنا ضدی ہے۔ تیرے گلے کی نسیں لوہے جیسی بےلچک اور تیری پیشانی پیتل جیسی سخت ہے۔ یہ جان کر مَیں نے بڑی دیر پہلے اِن باتوں کی پیش گوئی کی۔ اُن کے پیش آنے سے پہلے مَیں نے تجھے اُن کی خبر دی تاکہ تُو دعویٰ نہ کر سکے، ’میرے بُت نے یہ کچھ کیا، میرے تراشے اور ڈھالے گئے دیوتا نے اِس کا حکم دیا۔‘ اب جب تُو نے یہ سن لیا ہے تو سب کچھ پر غور کر۔ تُو کیوں اِن باتوں کو ماننے کے لئے تیار نہیں؟ اب سے مَیں تجھے نئی نئی باتیں بتاؤں گا، ایسی پوشیدہ باتیں جو تجھے اب تک معلوم نہ تھیں۔
یسعیاہ 1:48-6 کِتابِ مُقادّس (URD)
یہ بات سُنو اَے یعقُوبؔ کے گھرانے جو اِسرائیل کے نام سے کہلاتے ہو اور یہُوداؔہ کے چشمہ سے نِکلے ہو جو خُداوند کا نام لے کر قَسم کھاتے ہو اور اِسرائیل کے خُدا کا اِقرار کرتے ہو پر امانت اور صداقت سے نہیں۔ کیونکہ وہ شہر قُدس کے لوگ کہلاتے ہیں اور اِسرائیل کے خُدا پر توکُّل کرتے ہیں جِس کا نام ربُّ الافواج ہے۔ مَیں نے قدِیم سے ہونے والی باتوں کی خبر دی ہے۔ ہاں وہ میرے مُنہ سے نِکلِیں۔ مَیں نے اُن کو ظاہِر کِیا۔ مَیں ناگہان اُن کو عمل میں لایا اور وہ وقُوع میں آئِیں۔ چُونکہ مَیں جانتا تھا کہ تُو ضِدّی ہے اور تیری گردن کا پٹھا لوہے کا ہے اور تیری پیشانی پِیتل کی ہے۔ اِس لِئے مَیں نے قدِیم ہی سے یہ باتیں تُجھے کہہ سُنائِیں اور اُن کے واقِع ہونے سے پیشتر تُجھ پر ظاہِر کر دِیا تا نہ ہو کہ تُو کہے میرے بُت نے یہ کام کِیا اور میرے کھودے ہُوئے صنم نے اور میری ڈھالی ہُوئی مُورت نے یہ باتیں فرمائِیں۔ تُو نے یہ سُنا ہے سو اِس سب پر توجُّہ کر۔ کیا تُم اِس کا اِقرار نہ کرو گے؟ اب مَیں تُجھے نئی چِیزیں اور پوشِیدہ باتیں جِن سے تُو واقِف نہ تھا دِکھاتا ہُوں۔