یسعیاہ 1:44-18
یسعیاہ 1:44-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
”لیکن اَب میرے خادِم یعقوب، اَور میرے برگُزیدہ اِسرائیل، سُن! یَاہوِہ، تیرا خالق، جِس نے تُجھے رحم میں بنایا، اَورجو تیری مدد کریں گے، یُوں فرماتے ہیں: اَے میرے خادِم یعقوب، اَور میرے برگُزیدہ یسُورُونؔ، خوف نہ کر۔ کیونکہ مَیں پیاسی زمین پر پانی اُنڈیلوں گا، اَور خشک زمین پر ندیاں جاری کروں گا؛ میں اَپنی رُوح تیری نَسل پر، اَور اَپنی برکت تیری اَولاد پر نازل کروں گا۔ وہ چراگاہ میں گھاس کی مانند، اَور بہتی ہُوئی دریاؤں کے کنارے اُگے ہُوئے بید کی طرح تیزی سے بڑھیں گے۔ کویٔی کہے گا، ’میں یَاہوِہ کا ہُوں‘؛ کویٔی اَپنا نام یعقوب سے منسوب کرےگا؛ کویٔی اَور اَپنے ہاتھ پر لکھے گا، ’میں یَاہوِہ کا ہُوں،‘ اَور اَپنے آپ کو اِسرائیل سے مُلقّب کرےگا۔ ”یہ وُہی یَاہوِہ، اِسرائیل کے بادشاہ اَور نَجات دِہندہ، قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: میں ہی اوّل اَور مَیں ہی آخِر ہُوں؛ میرے سِوا کویٔی خُدا نہیں۔ میری طرح اَور کون ہے؟ اگر کویٔی ہو تو وہ اعلان کرے۔ اَور بتائے کہ جَب سے مَیں نے قدیم لوگوں کو قائِم کیا، تَب سے اَب تک کیا ہُوا اَور آئندہ کیا ہونے والا ہے۔ ہاں وہ پیشن گوئی کرے کہ آئندہ کیا ہوگا۔ تُم نہ ڈرو اَور ہِراساں مت ہو۔ کیا مَیں نے قدیم ہی سے یہ سَب باتیں تُمہیں نہیں بتائیں اَور پیشن گوئی نہیں کی تھی؟ تُم میرے گواہ ہو، میرے سِوا کیا کویٔی اَور خُدا ہے؟ نہیں، کویٔی اَور چٹّان نہیں میں کسی اَور کو نہیں جانتا۔“ جو مورتیاں بناتے ہیں وہ کچھ بھی نہیں ہیں، اَور جِن چیزوں کو وہ عزیز رکھتے ہیں وہ بیکار ہیں۔ جو اُن کے حق میں گواہی دیتے ہیں وہ اَندھے ہیں؛ وہ جاہل ہیں اَور بے شرم۔ کس نے خُدا کا بُت تراشا اَور مورتی ڈھالی جِس سے اُس کو ذرّے بھر بھی فائدہ ہُوا ہو؟ وہ اَور اُس کے سَب ساتھی پشیمان ہوں گے؛ دستکار تو محض اِنسان ہیں۔ وہ سَب اِکٹھّے ہوکر کھڑے ہوں؛ وہ خوفزدہ ہوں گے اَور پشیمان کئے جایٔیں گے۔ لوہار اوزار لیتا ہے اَور اَنگاروں میں گرم کرکے؛ وہ ہتھوڑوں سے بُت کو تشکیل دیتاہے، اَور اَپنے بازو کی قُوّت سے اُس کو گڑھتا ہے۔ وہ بھُوکا ہو جاتا ہے اَور اَپنی قُوّت کھو بیٹھتا ہے؛ وہ پانی نہیں پیتا اَور تھک جاتا ہے۔ بڑھئی سُوت سے ناپتا ہے اَور آلہ سے خاکہ کھینچتا ہے؛ اَور اُسے رندے سے صَاف کرتا ہے اَور پرکار سے اُس پر نقش بناتا ہے۔ وہ اُسے اِنسان کی شکل میں، اَور اُس کی تمام شان و شوکت میں اُسے شکل دیتاہے، تاکہ وہ بُتکدے میں رکھا جائے۔ اُس نے دیودار کو کاٹا، یا شاید سَرو یا بلُوط کو لیا۔ اُس نے اُسے جنگل کے درختوں میں بڑھنے دیا، یا صنوبر کا درخت لگایا اَور بارش نے اُسے سیِنچا اَور بڑھایا۔ تَب وہ آدمی کے لیٔے ایندھن کے کام آتا ہے؛ وہ اُس میں سے کچھ سُلگا کر تاپتا ہے، اَور آگ جَلا کر روٹی پکاتا ہے۔ لیکن وہ اُسی سے خُدا کی مُورت بھی بناتا ہے اَور اُس کی پرستش کرتا ہے؛ اَور بُت بنا کر اُس کے سامنے جھُکتا ہے۔ آدھی لکڑی تو وہ آگ میں جَلاتا ہے؛ جِس پر وہ اَپنا کھانا پکاتا ہے، اَور اَپنا گوشت بھُونتا ہے اَور سَیر ہوکر کھاتا ہے۔ پھر خُود کو تاپ کر کہتاہے، ”آہا! میں گرم ہو گیا، مَیں نے آگ دیکھی ہے۔“ پھر بچے ہُوئے سے حِصّہ سے وہ ایک بُت گڑھتا ہے جو اُس کا معبُود ہے؛ اَور اُس کے سامنے جھُک کر اُس کی پرستش کرتا ہے۔ اَور اُس سے اِلتجا کرکے کہتاہے، ”مُجھے بچا لیں کیونکہ آپ میرے خُدا ہیں!“ وہ کچھ نہیں جانتے، نہ کچھ سمجھ رکھتے ہیں؛ اُن کی آنکھوں پر پردہ پڑا ہے اِس لیٔے وہ دیکھ نہیں سکتے، اَور اُن کے دِل سخت ہیں، وہ سمجھ نہیں سکتے۔
یسعیاہ 1:44-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
لیکن اب سن، اے یعقوب میرے خادم! میری بات پر توجہ دے، اے اسرائیل جسے مَیں نے چن لیا ہے۔ رب جس نے تجھے بنایا اور ماں کے پیٹ سے ہی تشکیل دے کر تیری مدد کرتا آیا ہے وہ فرماتا ہے، ’اے یعقوب میرے خادم، مت ڈر! اے یسورون جسے مَیں نے چن لیا ہے، خوف نہ کھا۔ کیونکہ مَیں پیاسی زمین پر پانی ڈالوں گا اور خشکی پر ندیاں بہنے دوں گا۔ مَیں اپنا روح تیری اولاد پر نازل کروں گا، اپنی برکت تیرے بچوں کو بخشوں گا۔ تب وہ پانی کے درمیان کی ہریالی کی طرح پھوٹ نکلیں گے، نہروں پر سفیدہ کے درختوں کی طرح پھلیں پھولیں گے۔‘ ایک کہے گا، ’مَیں رب کا ہوں،‘ دوسرا یعقوب کا نام لے کر پکارے گا اور تیسرا اپنے ہاتھ پر ’رب کا بندہ‘ لکھ کر اسرائیل کا اعزازی نام رکھے گا۔“ رب الافواج جو اسرائیل کا بادشاہ اور چھڑانے والا ہے فرماتا ہے، ”مَیں اوّل اور آخر ہوں۔ میرے سوا کوئی اَور خدا نہیں ہے۔ کون میری مانند ہے؟ وہ آواز دے کر بتائے اور اپنے دلائل پیش کرے۔ وہ ترتیب سے سب کچھ سنائے جو اُس قدیم وقت سے ہوا ہے جب مَیں نے اپنی قوم کو قائم کیا۔ وہ آنے والی باتوں کا اعلان کر کے بتائے کہ آئندہ کیا کچھ پیش آئے گا۔ گھبرا کر دہشت زدہ نہ ہو۔ کیا مَیں نے بہت دیر پہلے تجھے اطلاع نہیں دی تھی کہ یہ کچھ پیش آئے گا؟ تم خود میرے گواہ ہو۔ کیا میرے سوا کوئی اَور خدا ہے؟ ہرگز نہیں! اَور کوئی چٹان نہیں ہے، مَیں کسی اَور کو نہیں جانتا۔“ بُت بنانے والے سب ہیچ ہی ہیں، اور جو چیزیں اُنہیں پیاری لگتی ہیں وہ بےفائدہ ہیں۔ اُن کے گواہ نہ دیکھ اور نہ جان سکتے ہیں، لہٰذا آخرکار شرمندہ ہو جائیں گے۔ یہ کس طرح کے لوگ ہیں جو اپنے لئے دیوتا بناتے اور بےفائدہ بُت ڈھال لیتے ہیں؟ اُن کے تمام ساتھی شرمندہ ہو جائیں گے۔ آخر بُت بنانے والے انسان ہی تو ہیں۔ آؤ، وہ سب جمع ہو کر خدا کے حضور کھڑے ہو جائیں۔ کیونکہ وہ دہشت کھا کر سخت شرمندہ ہو جائیں گے۔ لوہار اوزار لے کر اُسے جلتے ہوئے کوئلوں میں استعمال کرتا ہے۔ پھر وہ اپنے ہتھوڑے سے ٹھونک ٹھونک کر بُت کو تشکیل دیتا ہے۔ پورے زور سے کام کرتے کرتے وہ طاقت کے جواب دینے تک بھوکا ہو جاتا، پانی نہ پینے کی وجہ سے نڈھال ہو جاتا ہے۔ جب بُت کو لکڑی سے بنانا ہے تو کاری گر فیتے سے ناپ کر پنسل سے لکڑی پر خاکہ کھینچتا ہے۔ پرکار بھی کام آ جاتا ہے۔ پھر کاری گر لکڑی کو چھری سے تراش تراش کر آدمی کی شکل بناتا ہے۔ یوں شاندار آدمی کا مجسمہ کسی کے گھر میں لگنے کے لئے تیار ہو جاتا ہے۔ کاری گر بُت بنانے کے لئے دیودار کا درخت کاٹ لیتا ہے۔ کبھی کبھی وہ بلوط یا کسی اَور قسم کا درخت چن کر اُسے جنگل کے دیگر درختوں کے بیچ میں اُگنے دیتا ہے۔ یا وہ صنوبر کا درخت لگاتا ہے، اور بارش اُسے پھلنے پھولنے دیتی ہے۔ دھیان دو کہ انسان لکڑی کو ایندھن کے لئے بھی استعمال کرتا، کچھ لے کر آگ تاپتا، کچھ جلا کر روٹی پکاتا ہے۔ باقی حصے سے وہ بُت بنا کر اُسے سجدہ کرتا، دیوتا کا مجسمہ تیار کر کے اُس کے سامنے جھک جاتا ہے۔ وہ لکڑی کا آدھا حصہ جلا کر اُس پر اپنا گوشت بھونتا، پھر جی بھر کر کھانا کھاتا ہے۔ ساتھ ساتھ وہ آگ سینک کر کہتا ہے، ”واہ، آگ کی گرمی کتنی اچھی لگ رہی ہے، اب گرمی محسوس ہو رہی ہے۔“ لیکن باقی لکڑی سے وہ اپنے لئے دیوتا کا بُت بناتا ہے جس کے سامنے وہ جھک کر پوجا کرتا ہے۔ اُس سے وہ التماس کرتا ہے، ”مجھے بچا، کیونکہ تُو میرا دیوتا ہے۔“ یہ لوگ کچھ نہیں جانتے، کچھ نہیں سمجھتے۔ اُن کی آنکھوں اور دلوں پر پردہ پڑا ہے، اِس لئے نہ وہ دیکھ سکتے، نہ سمجھ سکتے ہیں۔
یسعیاہ 1:44-18 کِتابِ مُقادّس (URD)
لیکن اب اَے یعقُوبؔ میرے خادِم اور اِسرائیل میرے برگُزِیدہ سُن! خُداوند تیرا خالِق جِس نے رَحِم ہی سے تُجھے بنایا اور تیری مدد کرے گا۔ یُوں فرماتا ہے کہ اَے یعقُوبؔ میرے خادِم اور یسُورُوؔن میرے برگُزِیدہ خَوف نہ کر۔ کیونکہ مَیں پِیاسی زمِین پر پانی اُنڈیلُوں گا اور خُشک زمِین میں ندیاں جاری کرُوں گا۔ مَیں اپنی رُوح تیری نسل پر اور اپنی برکت تیری اَولاد پر نازِل کرُوں گا۔ اور وہ گھاس کے درمِیان اُگیں گے جَیسے بہتے پانی کے کنارے پر بید ہو۔ ایک تو کہے گا مَیں خُداوند کا ہُوں اور دُوسرا اپنے آپ کو یعقُوبؔ کے نام کا ٹھہرائے گا اور تِیسرا اپنے ہاتھ پر لِکھے گا مَیں خُداوند کا ہُوں اور اپنے آپ کو اِسرائیل کے نام سے مُلقّب کرے گا۔ خُداوند اِسرائیل کا بادشاہ اور اُس کا فِدیہ دینے والا ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ مَیں ہی اوّل اور مَیں ہی آخِر ہُوں اور میرے سِوا کوئی خُدا نہیں۔ اور جب سے مَیں نے قدِیم لوگوں کی بِنا ڈالی کَون میری طرح بُلائے گا اور اُس کو بیان کر کے میرے لِئے ترتِیب دے گا؟ ہاں جو کُچھ ہو رہا ہے اور جو کُچھ ہونے والا ہے اُس کا بیان کریں۔ تُم نہ ڈرو اور ہِراسان نہ ہو۔ کیا مَیں نے قدِیم ہی سے تُجھے یہ نہیں بتایا اور ظاہِر نہیں کِیا؟ تُم میرے گواہ ہو۔ کیا میرے سِوا کوئی اَور خُدا ہے؟ نہیں کوئی چٹان نہیں مَیں تو کوئی نہیں جانتا۔ کھودی ہُوئی مُورتوں کے بنانے والے سب کے سب باطِل ہیں اور اُن کی پسندِیدہ چِیزیں بے نفع۔ اُن ہی کے گواہ دیکھتے نہیں اور سمجھتے نہیں تاکہ پشیمان ہوں۔ کِس نے کوئی بُت بنایا یا کوئی مُورت ڈھالی جِس سے کُچھ فائِدہ ہو؟ دیکھ اُس کے سب ساتھی شرمِندہ ہوں گے کیونکہ بنانے والے تو اِنسان ہیں وہ سب کے سب جمع ہو کر کھڑے ہوں۔ وہ ڈر جائیں گے وہ سب کے سب شرمِندہ ہوں گے۔ لُہار کُلہاڑا بناتا ہے اور اپنا کام انگاروں سے کرتا ہے اور اُسے ہتھوڑوں سے درُست کرتا اور اپنے بازُو کی قُوّت سے گھڑتا ہے۔ ہاں وہ بُھوکا ہو جاتا ہے اور اُس کا زور گھٹ جاتا ہے۔ وہ پانی نہیں پِیتا اور تھک جاتا ہے۔ بڑھئی سُوت پَھیلاتا ہے اور نُکِیلے ہتھیار سے اُس کی صُورت کھینچتا ہے وہ اُس کو رندے سے صاف کرتا ہے اور پرکار سے اُس پر نقش بناتا ہے وہ اُسے اِنسان کی شکل بلکہ آدمی کی خُوب صُورت شبِیہہ بناتا ہے تاکہ اُسے گھر میں نصب کرے۔ وہ دیوداروں کو اپنے لِئے کاٹتا ہے اور قِسم قِسم کے بلُوط کو لیتا ہے اور جنگل کے درختوں سے جِس کو پسند کرتا ہے۔ وہ صنَوبر کا درخت لگاتا ہے اور مِینہہ اُسے سِینچتا ہے۔ تب وہ آدمی کے لِئے اِیندھن ہوتا ہے۔ وہ اُس میں سے کُچھ سُلگا کر تاپتا ہے۔ وہ اُس کو جلا کر روٹی پکاتا ہے بلکہ اُس سے بُت بنا کر اُس کو سِجدہ کرتا ہے۔ وہ کھودی ہُوئی مُورت بناتا ہے اور اُس کے آگے مُنہ کے بل گِرتا ہے۔ اُس کا ایک ٹُکڑا لے کر آگ میں جلاتا ہے اور اُسی کے ایک ٹُکڑے پر گوشت کباب کر کے کھاتا اور سیر ہوتا ہے۔ پِھر وہ تاپتا اور کہتا ہے اہا! مَیں گرم ہو گیا۔ مَیں نے آگ دیکھی۔ پِھر اُس کی باقی لکڑی سے دیوتا یعنی کھودی ہُوئی مُورت بناتا ہے اور اُس کے آگے مُنہ کے بل گِر جاتا ہے اور اُسے سِجدہ کرتا اور اُس سے اِلتِجا کر کے کہتا ہے مُجھے نجات دے کیونکہ تُو میرا خُدا ہے۔ وہ نہیں جانتے اور نہیں سمجھتے کیونکہ اُن کی آنکھیں بند ہیں۔ پس وہ دیکھتے نہیں اور اُن کے دِل سخت ہیں۔ پس وہ سمجھتے نہیں۔