یسعیاہ 11:43-28 - Compare All Versions

یسعیاہ 11:43-28 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)

مَیں ہی یَاہوِہ ہُوں، اَور میرے سِوا کویٔی مُنجّی نہیں۔ مَیں نے ہی ظاہر کیا، نَجات بخشی اَور اعلان کیا۔ صِرف مَیں نے، نہ کہ تُم میں سے کسی غَیر معبُود نے۔ تُم میرے گواہ ہو،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”مَیں ہی خُدا ہُوں۔ ہاں، ہمیشہ سے مَیں ہی خُدا ہُوں۔ میرے ہاتھ سے کویٔی چھُڑانے والا نہیں۔ جَب مَیں کویٔی کام کرتا ہُوں تو اُسے کویٔی نہیں بدل سَکتا؟“ یَاہوِہ، تمہارے نَجات دِہندہ اَور اِسرائیل کے قُدُّوس یُوں فرماتے ہیں: ”تمہاری خاطِر میں بابیل سے مدد بھیجوں گا اَور وہاں کے تمام باشِندوں کو جنہیں اَپنے جہازوں پر ناز تھا، بھگوڑوں کی حالت میں لے آؤں گا۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں، تمہارا قُدُّوس، اِسرائیل کا خالق اَور تمہارا بادشاہ۔“ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں۔ جِس نے سمُندر میں راہ تیّار کی، اَور سیلاب میں سے گُذرگاہ بنائی، جو رتھوں اَور گھوڑوں کو، اَور لشکر اَور بہادروں کو باہم نکال لایٔے، اَور وہ وہیں ڈھیر ہو گئے اَور پھر کبھی نہیں اُٹھ پائیں گے، وہ ایک بتّی کی طرح پھُونک سے بُجھا دئیے گیٔے۔ ”پُرانی باتیں یاد نہ کرو؛ اَور ماضی پر غور نہ کرو۔ دیکھو، مَیں ایک نیا کام کر رہا ہُوں! وہ اَب ظہُور میں آنے کو ہے، کیا تُم اُسے جانوگے نہیں؟ میں بیابان میں ایک راہ نکال رہا ہُوں اَور بنجر زمین میں ندیاں جاری کر رہا ہُوں۔ جنگلی جانور، گیدڑ اَور اُلّو، میری تعظیم کرتے ہیں، کیونکہ مَیں بنجر میں پانی مُہیّا کرتا ہُوں اَور صحرا میں ندیاں جاری کرتا ہُوں، تاکہ میری اُمّت کے لیٔے، میری مُنتخب اُمّت کے لیٔے پینے کو پانی ہو، اَور وہ اَیسی اُمّت جنہیں مَیں نے اَپنے لیٔے بنایا تاکہ میری حَمد کریں۔ ”تو بھی اَے یعقوب، تُم نے مُجھے نہ پُکارا، اَے اِسرائیل، تُم نے میرے لیٔے اَپنے آپ کو نہیں تھکایا۔ بَلکہ اَے اِسرائیل، تُم مُجھ سے عاجز آ گئے۔ تُم سوختنی نذروں کے لیٔے میرے حُضُور برّے نہ لائے، اَور نہ ہی ذبیحوں سے میری تعظیم کی۔ مَیں نے تُجھ پر نذر کی قُربانیاں گذراننے کا بار نہ ڈالا نہ ہی بخُور طلب کرکے تُمہیں تکلیف دی۔ تُم نے میرے لیٔے کویٔی خُوشبودار مَسالہ نہیں خریدا، اَور نہ اَپنے ذبیحوں کی چربی مُجھ پر نذر کی۔ لیکن تُم نے اَپنے گُناہوں کا بار مُجھ پر لاد دیا ہے اَور اَپنی خطاؤں سے مُجھے تھکا دیا ہے۔ ”میں ہی وہ ہُوں جو خُود اَپنی خاطِر تمہاری خطاؤں کو مٹا دیتا ہُوں، اَور تمہارے گُناہوں کو پھر کبھی یاد نہیں کروں گا۔ مُجھے یاد دِلاؤ، آؤ ہم آپَس میں بحث کریں؛ اَور تُم اَپنی بےگُناہی کے ثبوت پیش کرو۔ تمہارے بڑے باپ نے گُناہ کیا؛ تمہارے اَساتذہ نے میرے خِلاف بغاوت کی۔ اِس لیٔے مَیں تمہارے ہیکل کے مُعزّز اُمرا کو ناپاک کروں گا، اَور یعقوب کو برباد اَور اِسرائیل کو ذلیل ہونے دُوں گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
یسعیاہ 43 UCV

یسعیاہ 11:43-28 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)

مَیں، صرف مَیں رب ہوں، اور میرے سوا کوئی اَور نجات دہندہ نہیں ہے۔ مَیں ہی نے اِس کا اعلان کر کے تمہیں چھٹکارا دیا، مَیں ہی تمہیں اپنا کلام پہنچاتا رہا۔ اور یہ تمہارے درمیان کے کسی اجنبی معبود سے کبھی نہیں ہوا بلکہ صرف مجھ ہی سے۔ تم ہی میرے گواہ ہو کہ مَیں ہی خدا ہوں۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔ ”ازل سے مَیں وہی ہوں۔ کوئی نہیں ہے جو میرے ہاتھ سے چھڑا سکے۔ جب مَیں کچھ عمل میں لاتا ہوں تو کون اِسے بدل سکتا ہے؟“ رب جو تمہارا چھڑانے والا اور اسرائیل کا قدوس ہے فرماتا ہے، ”تمہاری خاطر مَیں بابل کے خلاف فوج بھیج کر تمام کنڈے تڑوا دوں گا۔ تب بابل کی شادمانی گریہ و زاری میں بدل جائے گی۔ مَیں رب ہوں، تمہارا قدوس جو اسرائیل کا خالق اور تمہارا بادشاہ ہے۔“ رب فرماتا ہے، ”مَیں ہی نے سمندر میں سے گزرنے کی راہ اور گہرے پانی میں سے راستہ بنا دیا۔ میرے کہنے پر مصر کی فوج اپنے سورماؤں، رتھوں اور گھوڑوں سمیت لڑنے کے لئے نکل آئی۔ اب وہ مل کر سمندر کی تہہ میں پڑے ہوئے ہیں اور دوبارہ کبھی نہیں اُٹھیں گے۔ وہ بتی کی طرح بجھ گئے۔ لیکن ماضی کی باتیں چھوڑ دو، جو کچھ گزر گیا ہے اُس پر دھیان نہ دو۔ کیونکہ دیکھو، مَیں ایک نیا کام وجود میں لا رہا ہوں جو ابھی پھوٹ نکلنے کو ہے۔ کیا یہ تمہیں نظر نہیں آ رہا؟ مَیں ریگستان میں راستہ اور بیابان میں نہریں بنا رہا ہوں۔ جنگلی جانور، گیدڑ اور عقابی اُلّو میرا احترام کریں گے، کیونکہ مَیں ریگستان میں پانی مہیا کروں گا، بیابان میں نہریں بناؤں گا تاکہ اپنی برگزیدہ قوم کو پانی پلاؤں۔ جو قوم مَیں نے اپنے لئے تشکیل دی ہے وہ میرے کام سنا کر میری تمجید کرے۔ اے یعقوب کی اولاد، اے اسرائیل، بات یہ نہیں کہ تُو نے مجھ سے فریاد کی، کہ تُو میری مرضی دریافت کرنے کے لئے کوشاں رہا۔ کیونکہ نہ تُو نے میرے لئے اپنی بھیڑبکریاں بھسم کیں، نہ اپنی ذبح کی قربانیوں سے میرا احترام کیا۔ نہ مَیں نے غلہ کی نذروں سے تجھ پر بوجھ ڈالا، نہ بخور کی قربانی سے تنگ کیا۔ تُو نے نہ میرے لئے قیمتی مسالا خریدا، نہ مجھے اپنی قربانیوں کی چربی سے خوش کیا۔ اِس کے برعکس تُو نے اپنے گناہوں سے مجھ پر بوجھ ڈالا اور اپنی بُری حرکتوں سے مجھے تنگ کیا۔ تاہم مَیں، ہاں مَیں ہی اپنی خاطر تیرے جرائم کو مٹا دیتا اور تیرے گناہوں کو ذہن سے نکال دیتا ہوں۔ جا، کچہری میں میرے خلاف مقدمہ دائر کر! آ، ہم دونوں عدالت میں حاضر ہو جائیں! اپنا معاملہ پیش کر تاکہ تُو بےقصور ثابت ہو۔ شروع میں تیرے خاندان کے بانی نے گناہ کیا، اور اُس وقت سے لے کر آج تک تیرے نمائندے مجھ سے بےوفا ہوتے آئے ہیں۔ اِس لئے مَیں مقدِس کے بزرگوں کو یوں رُسوا کروں گا کہ اُن کی مُقدّس حالت جاتی رہے گی، مَیں یعقوب کی اولاد اسرائیل کو مکمل تباہی اور لعن طعن کے لئے مخصوص کروں گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
یسعیاہ 43 URDGVU

یسعیاہ 11:43-28 URD (کِتابِ مُقادّس)

مَیں ہی یہوواؔہ ہُوں اور میرے سِوا کوئی بچانے والا نہیں۔ مَیں نے اِعلان کِیا اور مَیں نے نجات بخشی اور مَیں ہی نے ظاہِر کِیا جب تُم میں کوئی اجنبی معبُود نہ تھا۔ سو تُم میرے گواہ ہو خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں ہی خُدا ہُوں۔ آج سے مَیں ہی ہُوں اور کوئی نہیں جو میرے ہاتھ سے چُھڑا سکے۔ مَیں کام کرُوں گا۔ کَون ہے جو اُسے رَدّ کر سکے؟ خُداوند تُمہارا نجات دینے والا اِسرائیل کا قُدُّوس یُوں فرماتا ہے کہ تُمہاری خاطِر مَیں نے بابل پر خرُوج کرایا اور مَیں اُن سب کو فراریوں کی حالت میں اور کَسدیوں کو بھی جو اپنے جہازوں میں للکارتے تھے لے آؤُں گا۔ مَیں خُداوند تُمہارا قُدُّوس اِسرائیل کا خالِق تُمہارا بادشاہ ہُوں۔ جِس نے سمُندر میں راہ اور سَیلاب میں گُذرگاہ بنائی۔ جو جنگی رتھوں اور گھوڑوں اور لشکر اور بہادُروں کو نِکال لاتا ہے۔ (وہ سب کے سب لیٹ گئے۔ وہ پِھر نہ اُٹھیں گے وہ بُجھ گئے ہاں وہ بتّی کی طرح بُجھ گئے)۔ یعنی خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ پِچھلی باتوں کو یاد نہ کرو اور قدِیم باتوں پر سوچتے نہ رہو۔ دیکھو مَیں ایک نیا کام کرُوں گا۔ اب وہ ظہُور میں آئے گا۔ کیا تُم اُس سے ناواقِف رہو گے؟ ہاں مَیں بیابان میں ایک راہ اور صحرا میں ندیاں جاری کرُوں گا۔ جنگلی جانور گِیدڑ اور شُتر مُرغ میری تعظِیم کریں گے کیونکہ مَیں بیابان میں پانی اور صحرا میں ندیاں جاری کرُوں گا تاکہ میرے لوگوں کے لِئے یعنی میرے برگُزِیدوں کے پِینے کے لِئے ہوں۔ مَیں نے اِن لوگوں کو اپنے لِئے بنایا تاکہ وہ میری حمد کریں۔ تَو بھی اَے یعقُوبؔ! تُو نے مُجھے نہ پُکارا بلکہ اَے اِسرائیل! تُو مُجھ سے تنگ آ گیا۔ تُو برّوں کو اپنی سوختنی قُربانِیوں کے لِئے میرے حضُور نہیں لایا اور تُو نے اپنے ذبِیحوں سے میری تعظِیم نہیں کی۔ مَیں نے تُجھے ہدیہ لانے پر مجبُور نہیں کِیا اور لُبان جلانے کی تکلِیف نہیں دی۔ تُو نے رُوپیہ سے میرے لِئے اگر کو نہیں خرِیدا اور تُو نے مُجھے اپنے ذبِیحوں کی چربی سے سیر نہیں کِیا لیکن تُو نے اپنے گُناہوں سے مُجھے زیر بار کِیا اور اپنی خطاؤں سے مُجھے بیزار کر دِیا۔ مَیں ہی وہ ہُوں جو اپنے نام کی خاطِر تیرے گُناہوں کو مِٹاتا ہُوں اور مَیں تیری خطاؤں کو یاد نہیں رکُھّوں گا۔ مُجھے یاد دِلا۔ ہم آپس میں بحث کریں۔ اپنا حال بیان کر تاکہ تُو صادِق ٹھہرے۔ تیرے بڑے باپ نے گُناہ کِیا اور تیرے تفسِیر کرنے والوں نے میری مُخالفت کی ہے۔ اِس لِئے مَیں نے مَقدِس کے امِیروں کو ناپاک ٹھہرایا اور یعقُوبؔ کو لَعنت اور اِسرائیل کو طعنہ زنی کے حوالہ کِیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
یسعیاہ 43 URD