یسعیاہ 17:42-25
یسعیاہ 17:42-25 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
لیکن جو مُورتوں پر توکّل رکھتے ہیں، اَور تراشے ہُوئے بُتوں سے کہتے ہیں کہ، تُم ہمارے معبُود ہو، اُنہیں نہایت شرمندہ کرکے پیچھے ہٹا دیا جائے گا۔ ”اَے بہرو سُنو؛ اَے اَندھو، آنکھیں کھولو اَور دیکھو! میرے خادِم کے سِوا کون اَندھا ہے، اَور کون میرے پیغمبر کی طرح بہرہ ہے؟ میرے بندہ کی مانند کون نابینا ہے، یَاہوِہ کے خادِم کی مانند اَندھا کون ہے؟ تُم نے بہت سِی چیزیں دیکھیں، لیکن دھیان نہیں دیا؛ تمہارے کان تو کھُلے ہیں، پر تُم کچھ نہیں سُنتے۔“ یَاہوِہ کو پسند آیا کہ اَپنی راستی کی خاطِر وہ اَپنے آئین کو عظیم اَور جلالی بنائے۔ لیکن یہ وہ لوگ ہیں جو تباہ ہُوئے اَور لُٹ گیٔے، یہ سَب کے سَب گڑھے میں ڈالے گیٔے یا قَیدخانوں میں بند کر دئیے گیٔے۔ وہ مالِ غنیمت بَن گیٔے ہیں، اَور اُنہیں چھُڑانے والا کویٔی نہیں؛ وہ لُوٹ کا مال بَن گیٔے ہیں، لیکن کویٔی یہ کہنے والا نہیں، ”کہ اُنہیں واپس کرو۔“ تُم میں سے کون اِس پر کان لگائے گا یا آنے والے دِنوں کے بارے میں خُوب توجّہ سے سُنے گا؟ کس نے یعقوب کو لُٹوایا، اَور اِسرائیل کو لُٹیروں کے حوالہ کیا؟ کیا وہ یَاہوِہ نہ تھے، جِس کے خِلاف ہم نے گُناہ کیا؟ کیونکہ اُنہُوں نے اُن کی راہوں پر چلنا نہ چاہا؛ اَور نہ وہ اُن کے آئین کے تابع ہُوئے۔ اِس لیٔے اُنہُوں نے اُن پر اَپنے قہر کی آگ نازل کی، اَور جنگ میں شِدّت پیدا کر دی۔ شُعلوں نے اُنہیں چاروں طرف سے گھیرلیا پھر بھی وہ سمجھ نہ پایٔے؛ وہ جلنے لگے لیکن پھر بھی اُن پر کویٔی اثر نہ ہُوا۔
یسعیاہ 17:42-25 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
لیکن جو بُتوں پر بھروسا رکھ کر اُن سے کہتے ہیں، ’تم ہمارے دیوتا ہو‘ وہ سخت شرم کھا کر پیچھے ہٹ جائیں گے۔ اے بہرو، سنو! اے اندھو، نظر اُٹھاؤ تاکہ دیکھ سکو! کون میرے خادم جیسا اندھا ہے؟ کون میرے پیغمبر جیسا بہرا ہے، اُس جیسا جسے مَیں بھیج رہا ہوں؟ گو مَیں نے اُس کے ساتھ عہد باندھا توبھی رب کے خادم جیسا اندھا اور نابینا کوئی نہیں ہے۔ گو تُو نے بہت کچھ دیکھا ہے تُو نے توجہ نہیں دی، گو تیرے کان ہر بات سن لیتے ہیں تُو سنتا نہیں۔“ رب نے اپنی راستی کی خاطر اپنی شریعت کی عظمت اور جلال کو بڑھایا ہے، کیونکہ یہ اُس کی مرضی تھی۔ لیکن اب اُس کی قوم کو غارت کیا گیا، سب کچھ لُوٹ لیا گیا ہے۔ سب کے سب گڑھوں میں جکڑے یا جیلوں میں چھپائے ہوئے ہیں۔ وہ لُوٹ کا مال بن گئے ہیں، اور کوئی نہیں ہے جو اُنہیں بچائے۔ اُنہیں چھین لیا گیا ہے، اور کوئی نہیں ہے جو کہے، ”اُنہیں واپس کرو!“ کاش تم میں سے کوئی دھیان دے، کوئی آئندہ کے لئے توجہ دے۔ سوچ لو! کس نے اجازت دی کہ یعقوب کی اولاد کو غارت کیا جائے؟ کس نے اسرائیل کو لٹیروں کے حوالے کر دیا؟ کیا یہ رب کی طرف سے نہیں ہوا، جس کے خلاف ہم نے گناہ کیا ہے؟ لوگ تو اُس کی راہوں پر چلنا ہی نہیں چاہتے تھے، وہ اُس کی شریعت کے تابع رہنے کے لئے تیار ہی نہ تھے۔ اِسی وجہ سے اُس نے اُن پر اپنا سخت غضب نازل کیا، اُنہیں شدید جنگ کی زد میں آنے دیا۔ لیکن افسوس، گو آگ نے قوم کو گھیر کر جُھلسا دیا تاہم اُسے سمجھ نہیں آئی، گو وہ بھسم ہوئی توبھی اُس نے دل سے سبق نہیں سیکھا۔
یسعیاہ 17:42-25 کِتابِ مُقادّس (URD)
جو کھودی ہُوئی مُورتوں پر بھروسا کرتے اور ڈھالے ہُوئے بُتوں سے کہتے ہیں تُم ہمارے معبُود ہو وہ پِیچھے ہٹیں گے اور بُہت شرمِندہ ہوں گے۔ اَے بہرو سُنو! اَے اندھو! نظر کرو تاکہ تُم دیکھو۔ میرے خادِم کے سِوا اندھا کَون ہے؟ اور کَون اَیسا بہرا ہے جَیسا میرا رسُول جِسے مَیں بھیجتا ہُوں؟ میرے دوست کی اور خُداوند کے خادِم کی مانِند نابِینا کَون ہے؟ تُو بُہت سی چِیزوں پر نظر کرتا ہے پر دیکھتا نہیں۔ کان تو کُھلے ہیں پر سُنتا نہیں۔ خُداوند کو پسند آیا کہ اپنی صداقت کی خاطِر شرِیعت کو بزُرگی دے اور اُسے قابِلِ تعظِیم بنائے۔ لیکن یہ وہ لوگ ہیں جو لُٹ گئے اور غارت ہُوئے۔ وہ سب کے سب زِندانوں میں گرِفتار اور قَیدخانوں میں پوشِیدہ ہیں۔ وہ شِکار ہُوئے اور کوئی نہیں چُھڑاتا۔ وہ لُٹ گئے اور کوئی نہیں کہتا پھیر دو۔ تُم میں کَون ہے جو اِس پر کان لگائے؟ جو آیندہ کی بابت توجُّہ سے سُنے؟ کِس نے یعقُوبؔ کو حوالہ کِیا کہ غارت ہو اور اِسرائیل کو کہ لُٹیروں کے ہاتھ میں پڑے؟ کیا خُداوند نے نہیں جِس کے خِلاف ہم نے گُناہ کِیا؟ کیونکہ اُنہوں نے نہ چاہا کہ اُس کی راہوں پر چلیں اور وہ اُس کی شرِیعت کے تابِع نہ ہُوئے۔ اِس لِئے اُس نے اپنے قہر کی شِدّت اور جنگ کی سختی کو اُس پر ڈالا اور اُسے ہر طرف سے آگ لگ گئی پر وہ اُسے دریافت نہیں کرتا۔ وہ اُس سے جل جاتا ہے پر خاطِر میں نہیں لاتا۔