یسعیاہ 17:41-20
یسعیاہ 17:41-20 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
”مسکین اَور مُحتاج پانی کی کھوج میں ہیں، پر وہ ملتا نہیں؛ اُن کی زبانیں پیاس سے خشک ہو چُکی ہیں۔ لیکن مَیں یَاہوِہ اُن کی سُنوں گا؛ میں اِسرائیل کا خُدا اُنہیں ترک نہ کروں گا۔ میں بنجر ٹیلوں پر ندیاں بہاؤں گا، اَور وادیوں میں چشمے جاری کروں گا۔ میں صحرا کو پانی کے تالاب میں اَور خشک زمین کو چشموں میں بدل دُوں گا۔ میں بنجر زمین میں دیودار اَور کیکر اَور مہندی اَور زَیتُون کے درخت اُگاؤں گا۔ اَور صحرا میں چیڑ اَور سَرو اَور صنوبر اِکٹھّے لگاؤں گا، تاکہ لوگ دیکھیں اَور جانیں، غور کریں اَور سمجھیں، کہ یہ یَاہوِہ کے ہاتھ کا کام ہے، اَور اِسرائیل کے قُدُّوس کا اِنتظام ہے۔
یسعیاہ 17:41-20 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
غریب اور ضرورت مند پانی کی تلاش میں ہیں، لیکن بےفائدہ، اُن کی زبانیں پیاس کے مارے خشک ہو گئی ہیں۔ لیکن مَیں، رب اُن کی سنوں گا، مَیں جو اسرائیل کا خدا ہوں اُنہیں ترک نہیں کروں گا۔ مَیں بنجر بلندیوں پر ندیاں جاری کروں گا اور وادیوں میں چشمے پھوٹنے دوں گا۔ مَیں ریگستان کو جوہڑ میں اور سوکھی سوکھی زمین کو پانی کے سوتوں میں بدل دوں گا۔ میرے ہاتھ سے ریگستان میں دیودار، کیکر، مہندی اور زیتون کے درخت لگیں گے، بیابان میں جونیپر، صنوبر اور سرو کے درخت مل کر اُگیں گے۔ مَیں یہ اِس لئے کروں گا کہ لوگ دھیان دے کر جان لیں کہ رب کے ہاتھ نے یہ سب کچھ کیا ہے، کہ اسرائیل کے قدوس نے یہ پیدا کیا ہے۔“
یسعیاہ 17:41-20 کِتابِ مُقادّس (URD)
مُحتاج اور مِسکِین پانی ڈُھونڈتے پِھرتے ہیں پر مِلتا نہیں۔ اُن کی زُبان پِیاس سے خُشک ہے۔ مَیں خُداوند اُن کی سنُوں گا۔ مَیں اِسرائیل کا خُدا اُن کو ترک نہ کرُوں گا۔ مَیں ننگے ٹِیلوں پر نہریں اور وادِیوں میں چشمے کھولُوں گا۔ صحرا کو تالاب اور خُشک زمِین کو پانی کا چشمہ بنا دُوں گا۔ بیابان میں دیودار اور ببُول اور آس اور زَیتُون کے درخت لگاؤُں گا۔ صحرا میں چِیڑ اور سرو و صنَوبر اِکٹّھے لگاؤُں گا۔ تاکہ وہ سب دیکھیں اور جانیں اور غَور کریں اور سمجھیں کہ خُداوند ہی کے ہاتھ نے یہ بنایا اور اِسرائیل کے قُدُّوس نے یہ پَیدا کِیا۔