یسعیاہ 1:41-29

یسعیاہ 1:41-29 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

”اَے جزیروں، میرے حُضُور خاموش رہو! قوموں کو اَز سرِ نَو قُوّت حاصل کرنے دو! اُنہیں آگے آکر بولنے دو؛ آؤ ہم عدالت کی جگہ اِکٹھّے ہوکر ملیں۔ ”کس نے اُسے مشرق سے اُکسایا، جسے وہ راستی سے اَپنی خدمت میں بُلاتے ہیں؟ وہ قوموں کو اُس کے حوالہ کرتے ہیں اَور بادشاہوں کو اُن کے زیرِ فرمان کرتے ہیں۔ اَپنی تلوار سے وہ اُنہیں خاک کی طرح، اَور اَپنی کمان سے اُنہیں اُڑتے ہُوئے بھُوسے کی مانند کر دیتے ہیں۔ وہ اُن کا تعاقب کرتے ہیں، اَور اَیسی راہ سے جِس پر اُس نے پہلے قدم نہ رکھا تھا، زخموں کے بغیر سلامتی کے ساتھ آگے بڑھتا ہے۔ یہ کس نے کیا ہے اَور اُسے کس نے آگے بڑھایا ہے، شروع سے ہی نَسلوں کو آگے بڑھایا ہے؟ مَیں، اُن میں اوّل اَور آخِر، مَیں وُہی یَاہوِہ ہُوں۔“ جزیروں نے اُسے دیکھ لیا اَور وہ خوفزدہ ہیں؛ ساری زمین پر کپکپی طاری ہے۔ وہ بڑھ کر سامنے چلے آتے ہیں؛ وہ ایک دُوسرے کی مدد کرتے ہیں اَور ہر بھایٔی اَپنے بھایٔی سے کہتاہے، ”حوصلہ رکھ!“ دستکار سُنار کی ہمّت اَفزائی کرتا ہے، اَور وہ جو ہتھوڑے سے ہموار کرتا ہے دھات کے ڈھالنے والے کو یہ کہہ کر ہمّت دِلاتا ہے، ”بہت اَچھّا ہے۔“ پھر وہ میخیں ٹھونک کر بُت کو مضبُوط کر دیتاہے تاکہ وہ ڈگمگا کر گِرنے نہ پایٔے۔ ”پر تُم، اَے اِسرائیل، میرے خادِم، اَے یعقوب، جسے مَیں نے چُنا، میرے دوست اَبراہامؔ کی نَسل سے ہے، مَیں نے تُجھے زمین کی اِنتہا سے طلب کیا، اَور اُس کے دُور دراز کے کونوں سے بُلایا۔ اَور کہا، ’تُو میرا خادِم ہے‘؛ مَیں نے تُجھے چُن لیا اَور مُسترد نہیں کیا۔ اِس لیٔے تُو ڈر مت، کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہُوں؛ ہِراساں مت ہو، کیونکہ مَیں تیرا خُدا ہُوں۔ مَیں تُجھے تقویّت دُوں گا اَور تیری مدد کروں گا؛ اَور اَپنے صداقت کے داہنے ہاتھ سے تُجھے سنبھالے رہُوں گا۔ ”وہ سَب جو تُجھ پر غضبناک ہیں یقیناً پشیمان اَور رُسوا ہوں گے؛ جو تیری مُخالفت کرتے ہیں ناچیز ہوں گے اَور مِٹ جایٔیں گے۔ حالانکہ تُو اَپنے دُشمنوں کو ڈھونڈے گا، تُو اُنہیں نہیں پایٔےگا۔ جو تُجھ سے جنگ کرتے ہیں وہ ناچیز ہوکر مِٹ جایٔیں گے۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ، تیرا خُدا ہُوں، جو تیرا داہنا ہاتھ تھامتا ہے اَور تُجھ سے کہتاہے، ڈر مت؛ مَیں تیری مدد کروں گا۔ اَے کیڑے یعقوب ڈر مت، اَور اَے چُھوٹی سِی جماعت اِسرائیل ڈر مت، کیونکہ مَیں خُود ہی تیری مدد کروں گا،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں تیرا نَجات دِہندہ جو اِسرائیل کے قُدُّوس ہیں۔ دیکھ، مَیں تُجھے ایک نیا تیز اَور دندانہ دار گاہنے کا اوزار بناؤں گا۔ تُو پہاڑوں کو کُوٹ کر ریزہ ریزہ کرےگا، اَور پہاڑیوں کو بھُوسے کی مانند بنادے گا۔ تُو اُنہیں پھٹکے گا اَور ایک تُند ہَوا اُنہیں اُڑا لے جائے گی، اَور بگُولہ اُنہیں تِتّر بِتّر کر دے گا۔ لیکن تُو یَاہوِہ میں شادمان ہوگا اَور اِسرائیل کے قُدُّوس پر فخر کرےگا۔ ”مسکین اَور مُحتاج پانی کی کھوج میں ہیں، پر وہ ملتا نہیں؛ اُن کی زبانیں پیاس سے خشک ہو چُکی ہیں۔ لیکن مَیں یَاہوِہ اُن کی سُنوں گا؛ میں اِسرائیل کا خُدا اُنہیں ترک نہ کروں گا۔ میں بنجر ٹیلوں پر ندیاں بہاؤں گا، اَور وادیوں میں چشمے جاری کروں گا۔ میں صحرا کو پانی کے تالاب میں اَور خشک زمین کو چشموں میں بدل دُوں گا۔ میں بنجر زمین میں دیودار اَور کیکر اَور مہندی اَور زَیتُون کے درخت اُگاؤں گا۔ اَور صحرا میں چیڑ اَور سَرو اَور صنوبر اِکٹھّے لگاؤں گا، تاکہ لوگ دیکھیں اَور جانیں، غور کریں اَور سمجھیں، کہ یہ یَاہوِہ کے ہاتھ کا کام ہے، اَور اِسرائیل کے قُدُّوس کا اِنتظام ہے۔ ”اَپنا مُقدّمہ پیش کرو،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ”اَپنی دلیلیں واضح کرو۔“ یہ یعقوب کے بادشاہ کا فرمان ہے۔ ”اَپنے بُتوں کو لاؤ تاکہ وہ ہمیں بتائیں کہ کیا ہونے والا ہے۔ ہمیں بتائیں کہ پہلی چیزیں کیا تھیں، تاکہ ہم اُن پر غور کریں اَور اُن کا اَنجام جانیں۔ یا آئندہ کو ہونے والی باتوں سے ہمیں آگاہ کرو، ہمیں بتاؤ کہ آئندہ کیا ہوگا، تاکہ ہم جانیں کہ تُم معبُود ہو۔ چاہے بھلا یا بُرا، کچھ تو کرو تاکہ ہم سَب اُسے دیکھ کر ڈر جایٔیں۔ لیکن تُم تو خُود بھی نکمّے ہو اَور تمہارے کام بھی بالکُل فُضول ہیں؛ اَورجو تُمہیں پسند کرتا ہے وہ مکرُوہ ہے۔ ”مَیں نے شمال سے ایک کو اُکسایا ہے اَور وہ آ بھی پہُنچا۔ وہ آفتاب کے مطلع (مشرق) سے آیا ہے اَور میرا نام لیتا ہے۔ جِس طرح کُمہار گیلی مٹّی کو روندتا ہے، اُسی طرح وہ حُکمرانوں کو گارے کی مانند روندتا ہے۔ کس نے یہ بات پہلے سے بتا دی تھی تاکہ ہم جان لیں، کس نے پہلے سے یہ آشکار کر دیا تھا تاکہ ہم کہہ سکیں ’وہ سچ کہہ رہاتھا‘؟ لیکن کویٔی خبر دینے والا نہیں، کویٔی سُنانے والا نہیں، کویٔی نہیں تھا جو تمہاری باتیں سُنتا۔ میں ہی نے پہلے صِیّونؔ سے کہا: ’دیکھ، اُن باتوں کو ہوتا دیکھ!‘ مَیں نے یروشلیمؔ کو ایک مُبشَّر بخشا جو خُوشخبری دیں۔ لیکن مَیں نے دیکھا تو وہاں کسی کو نہ پایا۔ اُن کے معبُودوں میں مُشیر تو کویٔی بھی نہیں تھا، نہ ہی کویٔی ہے جو پُوچھنے پر جَواب دے سکے۔ دیکھ وہ سَب جھُوٹے ہیں! اُن کے کام ہیچ ہیں؛ اَور اُن کے ڈھالے ہُوئے بُت صرف ہَوا اَور الجھن ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 41

یسعیاہ 1:41-29 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

”اے جزیرو، خاموش رہ کر میری بات سنو! اقوام از سرِ نو تقویت پائیں اور میرے حضور آئیں، پھر بات کریں۔ آؤ، ہم ایک دوسرے سے مل کر عدالت میں حاضر ہو جائیں! کون اُس آدمی کو جگا کر مشرق سے لایا ہے جس کے دامن میں انصاف ہے؟ کون دیگر قوموں کو اِس شخص کے حوالے کر کے بادشاہوں کو خاک میں ملاتا ہے؟ اُس کی تلوار سے وہ گرد ہو جاتے ہیں، اُس کی کمان سے لوگ ہَوا میں بھوسے کی طرح اُڑ کر بکھر جاتے ہیں۔ وہ اُن کا تعاقب کر کے صحیح سلامت آگے نکلتا ہے، بھاگتے ہوئے اُس کے پاؤں راستے کو نہیں چھوتے۔ کس نے یہ سب کچھ کیا، کس نے یہ انجام دیا؟ اُسی نے جو ابتدا ہی سے نسلوں کو بُلاتا آیا ہے۔ مَیں، رب اوّل ہوں، اور آخر میں آنے والوں کے ساتھ بھی مَیں وہی ہوں۔“ جزیرے یہ دیکھ کر ڈر گئے، دنیا کے دُوردراز علاقے کانپ اُٹھے ہیں۔ وہ قریب آتے ہوئے ایک دوسرے کو سہارا دے کر کہتے ہیں، ”حوصلہ رکھ!“ دست کار سنار کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، اور جو بُت کی ناہمواریوں کو ہتھوڑے سے ٹھیک کرتا ہے وہ اہرن پر کام کرنے والے کی ہمت بڑھاتا اور ٹانکے کا معائنہ کر کے کہتا ہے، ”اب ٹھیک ہے!“ پھر مل کر بُت کو کیلوں سے مضبوط کرتے ہیں تاکہ ہلے نہ۔ ”لیکن تُو میرے خادم اسرائیل، تُو فرق ہے۔ اے یعقوب کی قوم، مَیں نے تجھے چن لیا، اور تُو میرے دوست ابراہیم کی اولاد ہے۔ مَیں تجھے پکڑ کر دنیا کی انتہا سے لایا، اُس کے دُوردراز کونوں سے بُلایا۔ مَیں نے فرمایا، ’تُو میرا خادم ہے۔‘ مَیں نے تجھے رد نہیں کیا بلکہ تجھے چن لیا ہے۔ چنانچہ مت ڈر، کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہوں۔ دہشت مت کھا، کیونکہ مَیں تیرا خدا ہوں۔ مَیں تجھے مضبوط کرتا، تیری مدد کرتا، تجھے اپنے دہنے ہاتھ کے انصاف سے قائم رکھتا ہوں۔ دیکھ، جتنے بھی تیرے خلاف طیش میں آ گئے ہیں وہ سب شرمندہ ہو جائیں گے، اُن کا منہ کالا ہو جائے گا۔ تجھ سے جھگڑنے والے ہیچ ہی ثابت ہو کر ہلاک ہو جائیں گے۔ تب تُو اپنے مخالفوں کا پتا کرے گا لیکن اُن کا نام و نشان تک نہیں ملے گا۔ تجھ سے لڑنے والے ختم ہی ہوں گے، ایسا ہی لگے گا کہ وہ کبھی تھے نہیں۔ کیونکہ مَیں رب تیرا خدا ہوں۔ مَیں تیرے دہنے ہاتھ کو پکڑ کر تجھے بتاتا ہوں، ’مت ڈرنا، مَیں ہی تیری مدد کرتا ہوں۔‘ اے کیڑے یعقوب مت ڈر، اے چھوٹی قوم اسرائیل خوف مت کھا۔ کیونکہ مَیں ہی تیری مدد کروں گا، اور جو عوضانہ دے کر تجھے چھڑا رہا ہے وہ اسرائیل کا قدوس ہے۔“ یہ ہے رب کا فرمان۔ ”میرے ہاتھ سے تُو گاہنے کا نیا اور متعدد تیز نوکیں رکھنے والا آلہ بنے گا۔ تب تُو پہاڑوں کو گاہ کر ریزہ ریزہ کر دے گا، اور پہاڑیاں بھوسے کی مانند ہو جائیں گی۔ تُو اُنہیں اُچھال اُچھال کر اُڑائے گا تو ہَوا اُنہیں لے جائے گی، آندھی اُنہیں دُور تک بکھیر دے گی۔ لیکن تُو رب کی خوشی منائے گا اور اسرائیل کے قدوس پر فخر کرے گا۔ غریب اور ضرورت مند پانی کی تلاش میں ہیں، لیکن بےفائدہ، اُن کی زبانیں پیاس کے مارے خشک ہو گئی ہیں۔ لیکن مَیں، رب اُن کی سنوں گا، مَیں جو اسرائیل کا خدا ہوں اُنہیں ترک نہیں کروں گا۔ مَیں بنجر بلندیوں پر ندیاں جاری کروں گا اور وادیوں میں چشمے پھوٹنے دوں گا۔ مَیں ریگستان کو جوہڑ میں اور سوکھی سوکھی زمین کو پانی کے سوتوں میں بدل دوں گا۔ میرے ہاتھ سے ریگستان میں دیودار، کیکر، مہندی اور زیتون کے درخت لگیں گے، بیابان میں جونیپر، صنوبر اور سرو کے درخت مل کر اُگیں گے۔ مَیں یہ اِس لئے کروں گا کہ لوگ دھیان دے کر جان لیں کہ رب کے ہاتھ نے یہ سب کچھ کیا ہے، کہ اسرائیل کے قدوس نے یہ پیدا کیا ہے۔“ رب جو یعقوب کا بادشاہ ہے فرماتا ہے، ”آؤ، عدالت میں اپنا معاملہ پیش کرو، اپنے دلائل بیان کرو۔ آؤ، اپنے بُتوں کو لے آؤ تاکہ وہ ہمیں بتائیں کہ کیا کیا پیش آنا ہے۔ ماضی میں کیا کیا ہوا؟ بتاؤ، تاکہ ہم دھیان دیں۔ یا ہمیں مستقبل کی باتیں سناؤ، وہ کچھ جو آنے والے دنوں میں ہو گا، تاکہ ہمیں معلوم ہو جائے کہ تم دیوتا ہو۔ کم از کم کچھ نہ کچھ کرو، خواہ اچھا ہو یا بُرا، تاکہ ہم گھبرا کر ڈر جائیں۔ تم تو کچھ بھی نہیں ہو، اور تمہارا کام بھی بےکار ہے۔ جو تمہیں چن لیتا ہے وہ قابلِ گھن ہے۔ اب مَیں نے شمال سے ایک آدمی کو جگا دیا ہے، اور وہ میرا نام لے کر مشرق سے آ رہا ہے۔ یہ شخص حکمرانوں کو مٹی کی طرح کچل دیتا ہے، اُنہیں گارے کو نرم کرنے والے کمہار کی طرح روند دیتا ہے۔ کس نے ابتدا سے اِس کا اعلان کیا تاکہ ہمیں علم ہو؟ کس نے پہلے سے اِس کی پیش گوئی کی تاکہ ہم کہیں، ’اُس نے بالکل صحیح کہا ہے‘؟ کوئی نہیں تھا جس نے پہلے سے اِس کا اعلان کر کے اِس کی پیش گوئی کی۔ کوئی نہیں تھا جس نے تمہارے منہ سے اِس کے بارے میں ایک لفظ بھی سنا۔ کس نے صیون کو پہلے بتا دیا، ’وہ دیکھو، تیرا سہارا آنے کو ہے!‘ مَیں ہی نے یہ فرمایا، مَیں ہی نے یروشلم کو خوش خبری کا پیغمبر عطا کیا۔ لیکن جب مَیں اپنے ارد گرد دیکھتا ہوں تو کوئی نہیں ہے جو مجھے مشورہ دے، کوئی نہیں جو میرے سوال کا جواب دے۔ دیکھو، یہ سب دھوکا ہی دھوکا ہیں۔ اُن کے کام ہیچ اور اُن کے ڈھالے ہوئے مجسمے خالی ہَوا ہی ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 41

یسعیاہ 1:41-29 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے جزیرو! میرے حضُور خاموش رہو اور اُمّتیں ازسرِ نَو زور حاصِل کریں۔ وہ نزدِیک آ کر عرض کریں۔ آؤ ہم مِل کر عدالت کے لِئے نزدِیک ہوں۔ کِس نے مشرِق سے اُس کو برپا کِیا جِس کو وہ صداقت سے اپنے قدموں میں بُلاتا ہے؟ وہ قَوموں کو اُس کے حوالہ کرتا اور اُسے بادشاہوں پر مُسلّط کرتا ہے اور اُن کو خاک کی مانِند اُس کی تلوار کے اور اُڑتی ہُوئی بُھوسی کی مانِند اُس کی کمان کے حوالہ کرتا ہے۔ وہ اُن کا پِیچھا کرتا اور اُس راہ سے جِس پر پیشتر قدم نہ رکھّا تھا سلامت گُذرتا ہے۔ یہ کِس نے کِیا اور اِبتدائی پُشتوں کو طلب کر کے انجام دِیا؟ مَیں خُداوند نے جو اوّل و آخِر ہُوں۔ وہ مَیں ہی ہُوں۔ جزِیروں نے دیکھا اور ڈر گئے۔ زمِین کے کنارے تھرّا گئے وہ نزدِیک آتے گئے۔ اُن میں سے ہر ایک نے اپنے پڑوسی کی مدد کی اور اپنے بھائی سے کہا حَوصلہ رکھ۔ بڑھئی نے سُنار کی اور اُس نے جو ہتھوڑی سے صاف کرتا ہے اُس کی جو نِہائی پر پِیٹتا ہے ہمّت بڑھائی اور کہا جوڑ تو اچّھا ہے۔ سو اُنہوں نے اُس کو میخوں سے مضبُوط کِیا تاکہ قائِم رہے۔ پر تُو اَے اِسرائیل میرے بندے! اَے یعقُوبؔ جِس کو مَیں نے پسند کِیا جو میرے دوست ابرہامؔ کی نسل سے ہے۔ تُو جِس کو مَیں نے زمِین کی اِنتِہا سے بُلایا اور اُس کے سِوانوں سے طلب کِیا اور تُجھ کو کہا کہ تُو میرا بندہ ہے۔ مَیں نے تُجھ کو پسند کِیا اور تُجھے ردّ نہ کِیا۔ تُو مت ڈر کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہُوں۔ ہِراسان نہ ہو کیونکہ مَیں تیرا خُدا ہُوں مَیں تُجھے زور بخشُوں گا۔ مَیں یقِیناً تیری مدد کرُوں گا اور مَیں اپنی صداقت کے دہنے ہاتھ سے تُجھے سنبھالُوں گا۔ دیکھ وہ سب جو تُجھ پر غَضب ناک ہیں پشیمان اور رُسوا ہوں گے وہ جو تُجھ سے جھگڑتے ہیں ناچِیز ہو جائیں گے اور ہلاک ہوں گے۔ تُو اپنے مُخالِفوں کو ڈُھونڈے گا اور نہ پائے گا۔ تُجھ سے لڑنے والے ناچِیز و نابُود ہو جائیں گے۔ کیونکہ مَیں خُداوند تیرا خُدا تیرا دہنا ہاتھ پکڑ کر کہُوں گا مت ڈر۔ مَیں تیری مدد کرُوں گا۔ ہِراسان نہ ہو اَے کِیڑے یعقُوبؔ! اَے اِسرائیل کی قلِیل جماعت! مَیں تیری مدد کرُوں گا خُداوند فرماتا ہے ہاں مَیں جو اِسرائیل کا قُدُّوس تیرا فِدیہ دینے والا ہُوں۔ دیکھ مَیں تُجھے گہائی کا نیا اور تیز دندانہ دار آلہ بناؤُں گا۔ تُو پہاڑوں کو کُوٹے گا اور اُن کو ریزہ ریزہ کرے گا اور ٹِیلوں کو بُھوسے کی مانِند بنائے گا۔ تُو اُن کو اُسائے گا اور ہوا اُن کو اُڑا لے جائے گی اور گِردباد اُن کو تِتّربِتّر کرے گا پر تُو خُداوند سے شادمان ہو گا اور اِسرائیل کے قُدُّوس پر فخر کرے گا۔ مُحتاج اور مِسکِین پانی ڈُھونڈتے پِھرتے ہیں پر مِلتا نہیں۔ اُن کی زُبان پِیاس سے خُشک ہے۔ مَیں خُداوند اُن کی سنُوں گا۔ مَیں اِسرائیل کا خُدا اُن کو ترک نہ کرُوں گا۔ مَیں ننگے ٹِیلوں پر نہریں اور وادِیوں میں چشمے کھولُوں گا۔ صحرا کو تالاب اور خُشک زمِین کو پانی کا چشمہ بنا دُوں گا۔ بیابان میں دیودار اور ببُول اور آس اور زَیتُون کے درخت لگاؤُں گا۔ صحرا میں چِیڑ اور سرو و صنَوبر اِکٹّھے لگاؤُں گا۔ تاکہ وہ سب دیکھیں اور جانیں اور غَور کریں اور سمجھیں کہ خُداوند ہی کے ہاتھ نے یہ بنایا اور اِسرائیل کے قُدُّوس نے یہ پَیدا کِیا۔ خُداوند فرماتا ہے اپنا دعویٰ پیش کرو۔ یعقُوبؔ کا بادشاہ فرماتا ہے اپنی مضبُوط دلِیلیں لاؤ۔ وہ اُن کو حاضِر کریں تاکہ وہ ہم کو ہونے والی چِیزوں کی خبر دیں۔ ہم سے اگلی باتیں بیان کرو کہ کیا تِھیں تاکہ ہم اُن پر سوچیں اور اُن کے انجام کو سمجھیں یا آیندہ کو ہونے والی باتوں سے ہم کو آگاہ کرو۔ بتاؤ کہ آگے کو کیا ہو گا تاکہ ہم جانیں کہ تُم اِلہٰ ہو۔ ہاں بھلا یا بُرا کُچھ تو کرو تاکہ ہم مُتعجِّب ہوں اور باہم اُسے دیکھیں۔ دیکھو تُم ہیچ اور بے کار ہو۔ تُم کو پسند کرنے والا مکرُوہ ہے۔ مَیں نے شِمال سے ایک کو برپا کِیا ہے۔ وہ آ پُہنچا وہ آفتاب کے مطلع سے ہو کر میرا نام لے گا اور شاہزادوں کو گارے کی طرح لتاڑے گا۔ جَیسے کُمہار مِٹّی گُوندھتا ہے۔ کِس نے یہ اِبتدا سے بیان کِیا کہ ہم جانیں؟ اور کِس نے آگے سے خبر دی کہ ہم کہیں کہ سچ ہے؟ کوئی اُس کا بیان کرنے والا نہیں۔ کوئی اُس کی خبر دینے والا نہیں۔ کوئی نہیں جو تُمہاری باتیں سُنے۔ مَیں ہی نے پہلے صِیُّون سے کہا کہ دیکھ۔ اُن کو دیکھ اور مَیں ہی یروشلیِم کو ایک بشارت دینے والا بخشُوں گا۔ کیونکہ مَیں دیکھتا ہُوں کہ کوئی نہیں۔ اُن میں کوئی مُشِیر نہیں جِس سے پُوچُھوں اور وہ مُجھے جواب دے۔ دیکھو وہ سب کے سب بطالت ہیں۔ اُن کے کام ہیچ ہیں۔ اُن کی ڈھالی ہُوئی مُورتیں بِالکُل ناچِیز ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 41