یسعیاہ 1:30-17
یسعیاہ 1:30-17 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”اُن باغی بچّوں پر افسوس، جو اَیسے منصُوبے عَمل میں لاتے ہیں جو میری طرف سے نہیں ہیں، اَور عہدوپیمان کرتے ہیں جو میری رُوح کی ہدایت کے مُطابق نہیں، اَور اِس طرح گُناہ پر گُناہ کا انبار لگاتے ہیں۔ وہ مُجھ سے پُوچھے بنا مِصر کو جاتے ہیں؛ جو فَرعوہؔ کی پناہ میں مدد ڈھونڈتے ہیں، تاکہ مِصر کے سایہ میں اَمن سے رہیں۔ لیکن فَرعوہؔ کی حمایت تمہارے لیٔے شرم کا باعث ہوگی، اَور مِصر کے سایہ میں پناہ لینا تُمہیں رُسوا کرےگا۔ حالانکہ اُن کے افسران ضعنؔ میں ہیں اَور اُن کے سفیر حانیسؔ میں جا پہُنچے ہیں، وہ سَب ایک اَیسی قوم کے باعث شرمندہ ہوں گے جِس سے اُنہیں کویٔی فائدہ نہ ہوگا، کیونکہ اُن سے نہ تو مدد ملے گی نہ کچھ حاصل ہوگا سِوائے خجالت اَور رُسوائی کے۔“ جُنوب کے جانوروں کے متعلّق نبُوّت: اَپنی دولت گدھوں کی پیٹھ پر، اَور اَپنے خزانے اُونٹوں کی اُونچی پیٹھ پر لاد کر، اُن کے سفیر دُکھ اَور مُصیبت کی سرزمین میں سے ہوکر، جہاں شیرببر اَور شیرنیاں، اَور جہاں افعی اَور اُڑنے والے زہریلے سانپ رہتے ہیں، اُن لوگوں کی طرف جا رہے ہیں جِن سے اُنہیں کویٔی فائدہ نہ ہوگا، کیونکہ مِصر کی مدد بالکُل بیکار ہے اِسی لیٔے مَیں نے اُسے سُست بیٹھی رہنے والی راحبؔ کہا ہے۔ اَب جا اَور اُسے اُن کے لیٔے ایک تختی پر لِکھ دے، اَور کسی طُومار میں قلم بند کر دے، تاکہ آنے والے دِنوں میں وہ ہمیشہ تک گواہی کے طور پر قائِم رہے۔ کیونکہ یہ لوگ باغی ہیں اَور دھوکے باز فرزند ہیں، جو یَاہوِہ کی ہدایات کو سُننا نہیں چاہتے۔ وہ رَوشن ضمیروں سے کہتے ہیں کہ ”اَب اَور رُویا نہ دیکھو!“ اَور نبیوں سے کہتے ہیں، ”ہم پر اَب سچّی نبُوّتیں ظاہر نہ کرو! بَلکہ ہمیں مزیدار باتیں بتاؤ، اَور وہم والی نبُوّتیں کرو۔ یہ راہ چھوڑ دو، اِس راستہ سے ہٹ جاؤ، اَور اِسرائیل کے قُدُّوس کو ہمارے رُوبرو لانے سے باز آؤ۔“ اِس لیٔے اِسرائیل کے قُدُّوس یُوں فرماتے ہیں: ”چونکہ تُم نے اِس پیغام کو مُسترد کر دیا، اَور ظُلم پر اِعتماد رکھا اَور فریب کا سہارا لیا، اِس لیٔے یہ گُناہ تمہارے لیٔے ایک اُونچی دیوار کی مانند ہوگا جو دراڑ کے باعث اُبھر آئی ہو، جو اَچانک پل بھر میں گِر جاتی ہے۔ وہ کُمہار کے مٹّی کے برتن کی طرح ٹوٹ کر اَیسی چکنا چُور ہو جائے گی کہ اُس کے ٹُکڑوں کا کویٔی حِصّہ بھی نہ مِل سکےگا جِس سے چولہے میں سے آگ لی جائے یا حوض میں سے پانی نکالا جائے۔“ کیونکہ یَاہوِہ قادر اِسرائیل کے قُدُّوس خُداوؔند یُوں فرماتے ہیں: ”تَوبہ کرنے اَور چَین سے رہنے میں تمہاری نَجات ہے، خاموشی اَور توکّل میں تمہاری قُوّت ہے، پر تُم نے یہ نہ چاہا۔ تُم نے کہا، نہیں، ’ہم تو گھوڑوں پر چڑھ کر بھاگیں گے،‘ اِس لیٔے تُم بھاگوگے! تُم نے کہا، ’ہم تیز رفتار گھوڑوں پر سوار ہوں گے،‘ اِس لیٔے تمہارا تعاقب کرنے والے اُس سے بھی تیز رفتار ہوں گے! ایک ہی کی دھمکی سے ایک ہزار بھاگیں گے؛ اَور پانچ کی دھمکی سے تُم سَب اَیسے بھاگوگے، کہ پہاڑ کی چوٹی پر نصب کئے ہُوئے جھنڈوں کے سُتون، یا کسی پہاڑی پر لہراتے ہُوئے پرچم کی طرح، رہ جاؤگے۔“
یسعیاہ 1:30-17 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب فرماتا ہے، ”اے ضدی بچو، تم پر افسوس! کیونکہ تم میرے بغیر منصوبے باندھتے اور میرے روح کے بغیر معاہدے کر لیتے ہو۔ گناہوں میں اضافہ کرتے کرتے تم نے مجھ سے مشورہ لئے بغیر مصر کی طرف رجوع کیا تاکہ فرعون کی آڑ میں پناہ لو اور مصر کے سائے میں حفاظت پاؤ۔ لیکن خبردار! فرعون کا تحفظ تمہارے لئے شرم کا باعث بنے گا، مصر کے سائے میں پناہ لینے سے تمہاری رُسوائی ہو جائے گی۔ کیونکہ گو اُس کے افسر ضُعن میں ہیں اور اُس کے ایلچی حنیس تک پہنچ گئے ہیں توبھی سب اِس قوم سے شرمندہ ہو جائیں گے، کیونکہ اِس کے ساتھ معاہدہ بےکار ہو گا۔ اِس سے نہ مدد اور نہ فائدہ حاصل ہو گا بلکہ یہ شرم اور خجالت کا باعث ہی ہو گی۔“ دشتِ نجب کے جانوروں کے بارے میں رب کا فرمان: یہوداہ کے سفیر ایک تکلیف دہ اور پریشان کن ملک میں سے گزر رہے ہیں جس میں شیرببر، شیرنی، زہریلے اور اُڑن سانپ بستے ہیں۔ اُن کے گدھے اور اونٹ یہوداہ کی دولت اور خزانوں سے لدے ہوئے ہیں، اور وہ سب کچھ مصر کے پاس پہنچا رہے ہیں، گو اِس قوم کا کوئی فائدہ نہیں۔ مصر کی مدد فضول ہی ہے! اِس لئے مَیں نے مصر کا نام ’رہب اژدہا جس کا منہ بند کر دیا گیا ہے‘ رکھا ہے۔ اب دوسروں کے پاس جا کر سب کچھ تختے پر لکھ۔ اُسے کتاب کی صورت میں قلم بند کر تاکہ میرے الفاظ آنے والے دنوں میں ہمیشہ تک گواہی دیں۔ کیونکہ یہ قوم سرکش ہے، یہ لوگ دھوکے باز بچے ہیں جو رب کی ہدایات کو ماننے کے لئے تیار ہی نہیں۔ غیب بینوں کو وہ کہتے ہیں، ”رویا سے باز آؤ۔“ اور رویا دیکھنے والوں کو وہ حکم دیتے ہیں، ”ہمیں سچی رویا مت بتانا بلکہ ہماری خوشامد کرنے والی باتیں۔ فریب دہ رویا دیکھ کر ہمارے آگے بیان کرو! صحیح راستے سے ہٹ جاؤ، سیدھی راہ کو چھوڑ دو۔ ہمارے سامنے اسرائیل کے قدوس کا ذکر کرنے سے باز آؤ!“ جواب میں اسرائیل کا قدوس فرماتا ہے، ”تم نے یہ کلام رد کر کے ظلم اور چالاکی پر بھروسا بلکہ پورا اعتماد کیا ہے۔ اب یہ گناہ تمہارے لئے اُس اونچی دیوار کی مانند ہو گا جس میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ دراڑیں پھیلتی ہیں اور دیوار بیٹھی جاتی ہے۔ پھر اچانک ایک ہی لمحے میں وہ دھڑام سے زمین بوس ہو جاتی ہے۔ وہ ٹکڑے ٹکڑے ہو جاتی ہے، بالکل مٹی کے اُس برتن کی طرح جو بےرحمی سے چِکنا چُور کیا جاتا ہے اور جس کا ایک ٹکڑا بھی آگ سے کوئلے اُٹھا کر لے جانے یا حوض سے تھوڑا بہت پانی نکالنے کے قابل نہیں رہ جاتا۔“ رب قادرِ مطلق جو اسرائیل کا قدوس ہے فرماتا ہے، ”واپس آ کر سکون پاؤ، تب ہی تمہیں نجات ملے گی۔ خاموش رہ کر مجھ پر بھروسا رکھو، تب ہی تمہیں تقویت ملے گی۔ لیکن تم اِس کے لئے تیار ہی نہیں تھے۔ چونکہ تم جواب میں بولے، ’ہرگز نہیں، ہم اپنے گھوڑوں پر سوار ہو کر بھاگیں گے‘ اِس لئے تم بھاگ جاؤ گے۔ چونکہ تم نے کہا، ’ہم تیز گھوڑوں پر سوار ہو کر بچ نکلیں گے‘ اِس لئے تمہارا تعاقب کرنے والے کہیں زیادہ تیز ہوں گے۔ تمہارے ہزار مرد ایک ہی آدمی کی دھمکی پر بھاگ جائیں گے۔ اور جب دشمن کے پانچ افراد تمہیں دھمکائیں گے تو تم سب کے سب فرار ہو جاؤ گے۔ آخرکار جو بچیں گے وہ پہاڑ کی چوٹی پر پرچم کے ڈنڈے کی طرح تنہا رہ جائیں گے، پہاڑی پر جھنڈے کی طرح اکیلے ہوں گے۔“
یسعیاہ 1:30-17 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُداوند فرماتا ہے اُن باغی لڑکوں پر افسوس جو اَیسی تدبِیر کرتے ہیں جو میری طرف سے نہیں اور عہد و پَیمان کرتے ہیں جو میری رُوح کی ہِدایت سے نہیں تاکہ گُناہ پر گُناہ کریں۔ وہ مُجھ سے پُوچھے بغیر مِصرؔ کو جاتے ہیں تاکہ فرِعونؔ کے پاس پناہ لیں اور مِصرؔ کے سایہ میں امن سے رہیں۔ لیکن فرِعونؔ کی حِمایت تُمہارے لِئے خجالت ہو گی اور مِصرؔ کے سایہ میں پناہ لینا تُمہارے واسطے رُسوائی ہو گا۔ کیونکہ اُس کے سردار ضُعن میں ہیں اور اُس کے ایلچی حنِیس میں جا پُہنچے۔ وہ اُس قَوم سے جو اُن کو کُچھ فائِدہ نہ پُہنچا سکے اور مدد و یاری نہیں بلکہ خجالت اور ملامت کا باعِث ہو شرمِندہ ہوں گے۔ جنُوب کے جانوروں کی بابت بارِ نبُوّت۔ دُکھ اور مُصِیبت کی سرزمِین میں جہاں سے نر و مادہ شیرِ بَبر اور افعی اور اُڑنے والے آتشی سانپ آتے ہیں وہ اپنی دَولت گدھوں کی پِیٹھ پر اور اپنے خزانے اُونٹوں کے کوہان پر لاد کر اُس قَوم کے پاس لے جاتے ہیں جِس سے اُن کو کُچھ فائِدہ نہ پُہنچے گا۔ کیونکہ مِصریوں کی کُمک باطِل اور بے فائِدہ ہو گی اِسی سبب سے مَیں نے اُسے رہب کہا جو سُست بَیٹھی ہے۔ اب جا کر اُن کے سامنے اِسے تختی پر لِکھ اور کِتاب میں قَلم بند کر تاکہ آیندہ ابدُالآباد تک قائِم رہے۔ کیونکہ یہ باغی لوگ اور جُھوٹے فرزند ہیں جو خُداوند کی شرِیعت کو سُننے سے اِنکار کرتے ہیں۔ جو غَیب بِینوں سے کہتے ہیں غَیب بِینی نہ کرو اور نبِیوں سے کہ ہم پر سچّی نُبُوّتیں ظاہِر نہ کرو۔ ہم کو خُوش گوار باتیں سُناؤ اور ہم سے جُھوٹی نبُوّت کرو۔ راہ سے باہر جاؤ۔ راستہ سے برگشتہ ہو اور اِسرائیل کے قُدُّوس کو ہمارے درمِیان سے مَوقُوف کرو۔ پس اِسرائیل کا قُدُّوس یُوں فرماتا ہے چُونکہ تُم اِس کلام کو حقِیر جانتے اور ظُلم اور کج روی پر بھروسا رکھتے اور اُسی پر قائِم ہو۔ اِس لِئے یہ بدکرداری تُمہارے لِئے اَیسی ہو گی جَیسی پھٹی ہُوئی دِیوار جو گِرا چاہتی ہے۔ اُونچی اُبھری ہُوئی دِیوار جِس کا گِرنا ناگہان ایک دم میں ہو۔ وہ اِسے کُمہار کے برتن کی طرح توڑ ڈالے گا۔ اِسے بے دریغ چکنا چُور کرے گا چُنانچہ اِس کے ٹُکڑوں میں ایک ٹِھیکرا بھی نہ مِلے گا جِس میں چُولھے پر سے آگ اُٹھائی جائے یا حَوض سے پانی لِیا جائے۔ کیونکہ خُداوند یہوواؔہ اِسرائیل کا قُدُّوس یُوں فرماتا ہے کہ واپس آنے اور خاموش بَیٹھنے میں تُمہاری سلامتی ہے۔ خاموشی اور توکُّل میں تُمہاری قُوّت ہے پر تُم نے یہ نہ چاہا۔ تُم نے کہا نہیں ہم تو گھوڑوں پر چڑھ کر بھاگیں گے۔ اِس لِئے تُم بھاگو گے اور کہا ہم تیز رفتار جانوروں پر سوار ہوں گے پس تُمہارا پِیچھا کرنے والے تیز رفتار ہوں گے۔ ایک کی جِھڑکی سے ایک ہزار بھاگیں گے۔ پانچ کی جِھڑکی سے تُم اَیسا بھاگو گے کہ تُم اُس علامت کی مانِند جو پہاڑ کی چوٹی پر اور اُس نِشان کی مانِند جو کوہ پر نصب کِیا گیا ہو رہ جاؤ گے۔