یسعیاہ 1:18-5 - Compare All Versions
یسعیاہ 1:18-5 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)
افسوس اُس ٹِڈّی کے پھڑپھڑانے والے پروں کی سرزمین پر جسے کُوشؔ کی ندیاں سیراب کرتی ہیں، جو نرسل کی کشتی میں سمُندر کی راہ سفیر بھیجتی ہے۔ اَے تیزرَو سفیرو، اُس قوم کے پاس جاؤ جِس کے لوگ بُلند قامت اَور خُوبصورت ہیں اَور جِس کا خوف دُور دراز کے مُلکوں پر چھایا ہُواہے، یہ ایک عجِیب و غریب زبان بولنے والی جارحانہ قوم ہے، جِس کی سرزمین دریاؤں سے منقسم ہے۔ اَے دُنیا کے سَب لوگو، جو زمین پر بسے ہُوئے ہو، جَب پہاڑوں پر پرچم اُونچا کیا جائے گا، تو تُم اُسے دیکھ لوگے، اَور جَب نرسنگا پھُونکا جائے گا، تو تُم اُس کی آواز سنوگے۔ یَاہوِہ نے مُجھ سے یہ کہا: ”دھوپ کی شدید گرمی، اَور فصل کاٹنے کے موسم کی حرارت میں اوس کے بادل کی طرح، مَیں خاموش رہُوں گا اَور اَپنی قِیام گاہ سے اِطمینان سے دیکھتا رہُوں گا۔“ لیکن فصل سے پہلے جَب پھُولوں کی بہار ختم ہو اَور پھُولوں کی جگہ انگور پکنے لگیں، تَب وہ ٹہنیوں کو ہنسوے سے کاٹ ڈالیں گے، اَور پھیلی ہُوئی شاخوں کو بھی چھانٹ کر لے جائیں گے۔
یسعیاہ 1:18-5 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)
پھڑپھڑاتے بادبانوں کے ملک پر افسوس! ایتھوپیا پر افسوس جہاں کوش کے دریا بہتے ہیں، اور جو اپنے قاصدوں کو آبی نرسل کی کشتیوں میں بٹھا کر سمندری سفروں پر بھیجتا ہے۔ اے تیز رَو قاصدو، لمبے قد اور چِکنی چپڑی جِلد والی قوم کے پاس جاؤ۔ اُس قوم کے پاس پہنچو جس سے دیگر قومیں دُوردراز علاقوں تک ڈرتی ہیں، جو زبردستی سب کچھ پاؤں تلے کچل دیتی ہے، اور جس کا ملک دریاؤں سے بٹا ہوا ہے۔ اے دنیا کے تمام باشندو، زمین کے تمام بسنے والو! جب پہاڑوں پر جھنڈا گاڑا جائے تو اُس پر دھیان دو! جب نرسنگا بجایا جائے تو اُس پر غور کرو! کیونکہ رب مجھ سے ہم کلام ہوا ہے، ”مَیں اپنی سکونت گاہ سے خاموشی سے دیکھتا رہوں گا۔ لیکن میری یہ خاموشی دوپہر کی چلچلاتی دھوپ یا موسمِ گرما میں دُھند کے بادل کی مانند ہو گی۔“ کیونکہ انگور کی فصل کے پکنے سے پہلے ہی رب اپنا ہاتھ بڑھا دے گا۔ پھولوں کے ختم ہونے پر جب انگور پک رہے ہوں گے وہ کونپلوں کو چھری سے کاٹے گا، پھیلتی ہوئی شاخوں کو توڑ توڑ کر اُن کی کانٹ چھانٹ کرے گا۔
یسعیاہ 1:18-5 URD (کِتابِ مُقادّس)
آہ! پروں کے پھڑپھڑانے کی سرزمِین جو کُوش کی ندیوں کے پار ہے۔ جو دریا کی راہ سے بُردی کی کشتِیوں میں سطحِ آب پر ایلچی بھیجتی ہے۔ اَے تیز رفتار ایلچِیو! اُس قَوم کے پاس جاؤ جو زورآور اور خُوب صُورت ہے۔ اُس قَوم کے پاس جو اِبتدا سے اب تک مُہِیب ہے۔ اَیسی قَوم جو زبردست اور فتح یاب ہے۔ جِس کی زمِین ندیوں سے مُنقسم ہے۔ اَے جہان کے تمام باشِندو اور اَے زمِین کے رہنے والو! جب پہاڑوں پر جھنڈا کھڑا کِیا جائے تو دیکھو اور جب نرسِنگا پُھونکا جائے تو سُنو۔ کیونکہ خُداوند نے مُجھ سے یُوں فرمایا ہے کہ مَیں اپنے مسکن میں تابِشِ آفتاب کی مانِند اور مَوسم دِرَو کی گرمی میں شبنم کے بادل کی طرح سکُون کے ساتھ نظر کرُوں گا۔ کیونکہ فصل سے پیشتر جب کلی کِھل چُکے اور پُھول کی جگہ انگُور پکنے پر ہوں تو وہ ٹہنِیوں کو ہنسوے سے کاٹ ڈالے گا اور پَھیلی ہُوئی شاخوں کو چھانٹ دے گا۔