یسعیاہ 1:16-14

یسعیاہ 1:16-14 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

سیلاؔ سے بیابان کے راستے صِیّونؔ کی بیٹی کے پہاڑ پر مُلک کے حاکم کے پاس خراج کے طور پر برّے بھیجو۔ جِس طرح گھونسلے سے باہر گِرے ہُوئے پرندے پھڑپھڑاتے ہیں، اُسی طرح مُوآب کی عورتیں ارنُونؔ کے گھاٹوں پر ہیں۔ اہلِ مُوآب اِلتجا کرتے ہیں، ”ہمیں صلاح دو،“ فیصلہ کرو۔ ٹھیک دوپہر کو بھی اَپنا سایہ رات کی مانند کرو۔ بھاگنے والوں کو چھپالو، پناہ گزینوں کے ساتھ دھوکا نہ کرو۔ مُوآب کے جَلاوطنوں کو اَپنے پاس رہنے دو، ستمگر کے قہر سے اُن کو بچاؤ۔ ظالِم کا خاتِمہ ہوگا، اَور تباہی رُک جائے گی؛ اَور ستمگر مُلک سے غائب ہو جائے گا۔ تَب رحمت کے ساتھ ایک تخت قائِم کیا جائے گا؛ اَور داویؔد کے گھرانے سے ایک شخص۔ وہ جو عدالت میں اِنصاف کی تلاش کرتا ہے اَور راستبازی کی رفتار کو تیز کرتا ہے۔ راستی کے ساتھ اُس پر جلوہ افروز ہوگا۔ ہم مُوآب کے غُرور کے بارے میں سُن چُکے ہیں۔ اُس کی خُود پسندی، خُود بینی، تکبُّر اَور گستاخی کے بارے میں بھی۔ لیکن اُس کی شیخیاں ہیچ ہیں۔ چنانچہ اہلِ مُوآب واویلا کرتے ہیں، وہ سَب مِل کر مُوآب کے لیٔے واویلا کرتے ہیں۔ وہ قیرؔ حارسیتھؔ کے کشمش کی ٹکیا کے لیٔے۔ رنجیدہ ہوکر ماتم کریں گے۔ حِشبونؔ کے کھیت، اَور سِبماہؔ کی انگوری بیلیں مُرجھا گئیں۔ قوموں کے حُکمرانوں نے بہترین انگوری بیلوں کو پاؤں تلے روند ڈالا، جو کبھی یعزیرؔ تک جا پہُنچی تھیں اَور بیابان کی طرف پھیل گئی تھیں۔ اَور اُن کی شاخیں سمُندر تک پھیل چُکی تھیں۔ اِس لیٔے میں یعزیرؔ کی طرح سِبماہؔ کی انگوری بیلوں کے لیٔے آہ و زاری کرتا ہُوں۔ اَے حِشبونؔ اَور اَے الیعالہؔ مَیں تُجھے اَپنے آنسُوؤں سے سینچوں گا! تیرے تیّار پھل اَور فصلوں پر لگائے جانے والے خُوشی کے نعرے خاموش ہو گئے۔ میوے کے باغوں سے خُوشی اَور شادمانی چھین لی گئی؛ نہ تاکستان میں کویٔی گاتا یا للکارتا ہے؛ نہ ہی کویٔی حوضوں میں انگور پامال کرکے اُن کا رس نکالتا ہے، کیونکہ مَیں نے سَب شور و غُل بند کر دیا ہے۔ میرا دِل مُوآب کے لیٔے، اَور میرا ضمیر قیرؔ حارسیتھؔ کے لیٔے بربط کی طرح نوحہ کرتا ہے۔ جَب مُوآب اَپنے اُونچے مقام پر پہُنچ جاتا ہے، تو وہ اَپنے آپ کو محض تھکا لیتا ہے؛ جَب وہ اَپنے بُتکدے میں دعا کرنے جاتا ہے، تو اُسے کچھ فائدہ نہیں ہوتا۔ یہی وہ کلام ہے جو یَاہوِہ نے اِس سے پہلے مُوآب کے متعلّق کیا تھا۔ لیکن اَب یَاہوِہ فرماتے ہیں: ”ٹھیکہ کے مزدُور کے حِساب کے مُطابق تین سال کے اَندر مُوآب کی شان و شوکت جاتی رہے گی اَور اُس کے تمام کثیر التعداد لوگ پست کر دئیے جایٔیں گے اَورجو باقی بچیں گے بہت ہی کم اَور نہایت کمزور ہوں گے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 16

یسعیاہ 1:16-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ملک کا جو حکمران ریگستان کے پار سلع میں ہے اُس کی طرف سے صیون بیٹی کے پہاڑ پر مینڈھا بھیج دو۔ موآب کی بیٹیاں گھونسلے سے بھگائے ہوئے پرندوں کی طرح دریائے ارنون کے پایاب مقاموں پر اِدھر اُدھر پھڑپھڑا رہی ہیں۔ ”ہمیں کوئی مشورہ دے، کوئی فیصلہ پیش کر۔ ہم پر سایہ ڈال تاکہ دوپہر کی تپتی دھوپ ہم پر نہ پڑے بلکہ رات جیسا اندھیرا ہو۔ مفروروں کو چھپا دے، دشمن کو پناہ گزینوں کے بارے میں اطلاع نہ دے۔ موآبی مہاجروں کو اپنے پاس ٹھہرنے دے، موآبی مفروروں کے لئے پناہ گاہ ہو تاکہ وہ ہلاکو کے ہاتھ سے بچ جائیں۔“ لیکن ظالم کا انجام آنے والا ہے۔ تباہی کا سلسلہ ختم ہو جائے گا، اور کچلنے والا ملک سے غائب ہو جائے گا۔ تب اللہ اپنے فضل سے داؤد کے گھرانے کے لئے تخت قائم کرے گا۔ اور جو اُس پر بیٹھے گا وہ وفاداری سے حکومت کرے گا۔ وہ انصاف کا طالب رہ کر عدالت کرے گا اور راستی قائم رکھنے میں ماہر ہو گا۔ ہم نے موآب کے تکبر کے بارے میں سنا ہے، کیونکہ وہ حد سے زیادہ متکبر، مغرور، گھمنڈی اور شوخ چشم ہے۔ لیکن اُس کی ڈینگیں عبث ہیں۔ اِس لئے موآبی اپنے آپ پر آہ و زاری کر رہے، سب مل کر آہیں بھر رہے ہیں۔ وہ سسک سسک کر قیرحراست کی کشمش کی ٹکیاں یاد کر رہے ہیں، اُن کا نہایت بُرا حال ہو گیا ہے۔ حسبون کے باغ مُرجھا گئے، سِبماہ کے انگور ختم ہو گئے ہیں۔ پہلے تو اُن کی انوکھی بیلیں یعزیر بلکہ ریگستان تک پھیلی ہوئی تھیں، اُن کی کونپلیں سمندر کو بھی پار کرتی تھیں۔ لیکن اب غیرقوم حکمرانوں نے یہ عمدہ بیلیں توڑ ڈالی ہیں۔ اِس لئے مَیں یعزیر کے ساتھ مل کر سِبماہ کے انگوروں کے لئے آہ و زاری کر رہا ہوں۔ اے حسبون، اے اِلی عالی، تمہاری حالت دیکھ کر میرے بےحد آنسو بہہ رہے ہیں۔ کیونکہ جب تمہارا پھل پک گیا اور تمہاری فصل تیار ہوئی تب جنگ کے نعرے تمہارے علاقے میں گونج اُٹھے۔ اب خوشی و شادمانی باغوں سے غائب ہو گئی ہے، انگور کے باغوں میں گیت اور خوشی کے نعرے بند ہو گئے ہیں۔ کوئی نہیں رہا جو حوضوں میں انگور کو روند کر رس نکالے، کیونکہ مَیں نے فصل کی خوشیاں ختم کر دی ہیں۔ میرا دل سرود کے ماتمی سُر نکال کر موآب کے لئے نوحہ کر رہا ہے، میری جان قیرحراست کے لئے آہیں بھر رہی ہے۔ جب موآب اپنی پہاڑی قربان گاہ کے سامنے حاضر ہو کر سجدہ کرتا ہے تو بےکار محنت کرتا ہے۔ جب وہ پوجا کرنے کے لئے اپنے مندر میں داخل ہوتا ہے تو فائدہ کوئی نہیں ہوتا۔ رب نے ماضی میں اِن باتوں کا اعلان کیا۔ لیکن اب وہ مزید فرماتا ہے، ”تین سال کے اندر اندر موآب کی تمام شان و شوکت اور دھوم دھام جاتی رہے گی۔ جو تھوڑے بہت بچیں گے، وہ نہایت ہی کم ہوں گے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 16

یسعیاہ 1:16-14 کِتابِ مُقادّس (URD)

سِلع سے بیابان کی راہ دُختر صِیُّون کے پہاڑ پر مُلک کے حاکِم کے پاس برّے بھیجو۔ کیونکہ ارنُوؔن کے گھاٹوں پر موآب کی بیٹیاں آوارہ پرِندوں اور اُن کے پراگندہ بچّوں کی مانِند ہوں گی۔ صلاح دو۔ اِنصاف کرو۔ اپنا سایہ دوپہر کو رات کی مانِند بناؤ۔ جلاوطنوں کو پناہ دو۔ فرارِیوں کو حوالہ نہ کرو۔ میرے جلاوطن تیرے ساتھ رہیں۔ تُو موآب کو غارت گروں سے چِھپا لے کیونکہ سِتم گر مَوقُوف ہوں گے اور غارت گری تمام ہو جائے گی اور سب ظالِم مُلک سے فنا ہوں گے۔ یُوں تخت رحمت سے قائِم ہو گا اور ایک شخص راستی سے داؤُد کے خَیمہ میں اُس پر جلُوس فرما کر عدل کی پَیروی کرے گا اور راست بازی پر مُستعِد رہے گا۔ ہم نے موآب کے گھمنڈ کی بابت سُنا ہے کہ وہ بڑا گھمنڈی ہے۔ اُس کا تکبُّر اور گھمنڈ اور قہر بھی سُنا ہے۔ اُس کی شیخی ہیچ ہے۔ سو موآؔب واوَیلا کرے گا۔ موآؔب کے لِئے ہر ایک واوَیلا کرے گا۔ قِیر حراست کی کِشمش کی ٹِکِیوں پر تُم سخت تباہ حالی میں ماتم کرو گے۔ کیونکہ حسبوؔن کے کھیت سُوکھ گئے۔ قَوموں کے سرداروں نے سِبماؔہ کی تاک کی بِہترِین شاخوں کو توڑ ڈالا۔ وہ یعزؔیر تک بڑھِیں۔ وہ جنگل میں بھی پَھیلِیں۔ اُس کی شاخیں دُور تک پَھیل گئِیں۔ وہ دریا پار گُذرِیں۔ پس مَیں یعزؔیر کے آہ و نالہ سے سِبماؔہ کی تاک کے لِئے زاری کرُوں گا۔ اَے حسبوؔن اَے الیعاؔلہ مَیں تُجھے اپنے آنسُوؤں سے تر کر دُوں گا کیونکہ تیرے ایّامِ گرمی کے میووں اور غلّہ کی فصل کو غَوغایِ جنگ نے آ لِیا۔ اور شادمانی چِھین لی گئی اور ہرے بھرے کھیتوں کی خُوشی جاتی رہی اور تاکِستانوں میں گانا اور للکارنا بند ہو جائے گا۔ پامال کرنے والے انگُوروں کو پِھر حَوضوں میں پامال نہ کریں گے۔ مَیں نے انگُور کی فصل کے غوغا کو مَوقُوف کر دِیا۔ اِس لِئے میرا اندرُون موآؔب پر اور میرا دِل قِیر حارس پر بربط کی مانِند فغان خیز ہے۔ اور یُوں ہو گا کہ جب موآؔب حاضِر ہو اور اُونچے مقام پر اپنے آپ کو تھکائے بلکہ اپنے معبد میں جا کر دُعا کرے تو اُسے کُچھ فائِدہ نہ ہو گا۔ یہ وہ کلام ہے جو خُداوند نے موآؔب کے حقّ میں زمانۂِ ماضی میں فرمایا تھا۔ پر اب خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تِین برس کے اندر جو مزدُوروں کے برسوں کی مانِند ہوں موآؔب کی شَوکت اُس کے تمام لشکروں سمیت حقِیر ہو جائے گی اور بُہت تھوڑے باقی بچیں گے اور وہ کِسی حِساب میں نہ ہوں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 16