ہوسیع 1:14-9
ہوسیع 1:14-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے اِسرائیل، یَاہوِہ اَپنے خُدا کی طرف لَوٹ آ۔ تیرے گُناہ تیرے زوال کا باعث بَن چُکے ہیں! کلام اَپنے ساتھ لے کر یَاہوِہ کی طرف لَوٹ آ۔ اُن سے کہہ: ”ہمارے تمام گُناہ بخش دیں اَور فضل سے ہمیں قبُول فرمائیں، تاکہ ہم اَپنے لبوں سے شُکر گزاری کی قُربانی اَدا کریں۔ اشُور ہمیں بچا نہیں سَکتا؛ نہ ہم جنگی گھوڑوں پر سوار ہوں گے۔ ہم پھر کبھی اَپنے ہاتھوں سے تراشی ہُوئی چیزوں کو ’ہمارے معبُود‘ نہ کہیں گے، کیونکہ یتیموں کو آپ ہی میں شفقت ملتی ہے۔“ ”مَیں اُن کی برگشتگی کو ٹھیک کر دُوں گا اَور اُن سے بےحد مَحَبّت رکھوں گا، کیونکہ میرا قہر اُن پر سے ٹل گیا ہے۔ مَیں اِسرائیل کے لیٔے اوس کی مانند ہُوں گا؛ اَور وہ شُوشنؔ کی مانند پھُولے گا۔ اَور لبانونؔ کے دیودار کی مانند اَپنی جڑیں پھیلائے گا؛ اُس کی ملائم کونپلیں بڑھیں گی۔ اُس کی شوکت زَیتُون کے درخت کی مانند ہوگی، اَور اُس کی خُوشبو لبانونؔ کے دیودار کے مانند ہوگی۔ لوگ پھر سے اُس کے سایہ میں بسیں گے۔ اَور وہ اناج کی مانند بڑھےگا۔ وہ انگور کی بیل کی مانند شگفتہ ہوگا، اَور اُس کی شہرت لبانونؔ کی مَے کی مانند ہوگی۔ اَے اِفرائیمؔ مُجھے بُتوں سے اَور کیا سروکار ہے؟ مَیں اُسے جَواب دُوں گا اَور اُس کی خبرگیری کروں گا۔ مَیں صنوبر کے سرسبز درخت کی مانند ہُوں؛ تُو مُجھ ہی سے برومند ہُوا۔“ دانشمند کون ہے؟ وُہی اُن چیزوں کو سمجھ پایٔےگا۔ دُور اَندیش کون ہے؟ وُہی اُنہیں جان لے گا۔ کیونکہ یَاہوِہ کی راہیں راست ہیں؛ اَور راستباز اُن پر چلتے ہیں، لیکن باغی اُن میں ٹھوکر کھاتے ہیں۔
ہوسیع 1:14-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے اسرائیل، توبہ کر کے رب اپنے خدا کے پاس واپس آ! کیونکہ تیرا قصور تیرے زوال کا سبب بن گیا ہے۔ اپنے گناہوں کا اقرار کرتے ہوئے رب کے پاس واپس آؤ۔ اُس سے کہو، ”ہمارے تمام گناہوں کو معاف کر کے ہمیں مہربانی سے قبول فرما تاکہ ہم اپنے ہونٹوں سے تیری تعریف کر کے تجھے مناسب قربانی ادا کر سکیں۔ اسور ہمیں نہ بچائے۔ آئندہ نہ ہم گھوڑوں پر سوار ہو جائیں گے، نہ کہیں گے کہ ہمارے ہاتھوں کی چیزیں ہمارا خدا ہیں۔ کیونکہ تُو ہی یتیم پر رحم کرتا ہے۔“ تب رب فرمائے گا، ”مَیں اُن کی بےوفائی کے اثرات ختم کر کے اُنہیں شفا دوں گا، ہاں مَیں اُنہیں کھلے دل سے پیار کروں گا، کیونکہ میرا اُن پر غضب ٹھنڈا ہو گیا ہے۔ اسرائیل کے لئے مَیں شبنم کی مانند ہوں گا۔ تب وہ سوسن کی مانند پھول نکالے گا، لبنان کے دیودار کے درخت کی طرح جڑ پکڑے گا، اُس کی کونپلیں پھوٹ نکلیں گی، اور شاخیں بن کر پھیلتی جائیں گی۔ اُس کی شان زیتون کے درخت کی مانند ہو گی، اُس کی خوشبو لبنان کے دیودار کے درخت کی خوشبو کی طرح پھیل جائے گی۔ لوگ دوبارہ اُس کے سائے میں جا بسیں گے۔ وہاں وہ اناج کی طرح پھلیں پھولیں گے، انگور کے سے پھول نکالیں گے۔ دوسرے اُن کی یوں تعریف کریں گے جس طرح لبنان کی عمدہ مَے کی۔ تب اسرائیل کہے گا، ’میرا بُتوں سے کیا واسطہ؟‘ مَیں ہی تیری سن کر تیری دیکھ بھال کروں گا۔ مَیں جونیپر کا سایہ دار درخت ہوں، اور تُو مجھ سے ہی پھل پائے گا۔“ کون دانش مند ہے؟ وہ سمجھ لے۔ کون صاحبِ فہم ہے؟ وہ مطلب جان لے۔ کیونکہ رب کی راہیں درست ہیں۔ راست باز اُن پر چلتے رہیں گے، لیکن سرکش اُن پر چلتے وقت ٹھوکر کھا کر گر جائیں گے۔
ہوسیع 1:14-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے اِسرائیل خُداوند اپنے خُدا کی طرف رجُوع لا کیونکہ تُو اپنی بدکرداری کے سبب سے گِر گیا ہے۔ کلام لے کر خُداوند کی طرف رجُوع لاؤ اور کہو ہماری تمام بدکرداری کو دُور کر اور فضل سے ہم کو قبُول فرما۔ تب ہم اپنے لبوں سے قُربانِیاں گُذرانیں گے۔ اسُور ہم کو نہیں بچائے گا۔ ہم گھوڑوں پر سوار نہیں ہوں گے اور اپنی دست کاری کو خُدا نہ کہیں گے کیونکہ یتِیموں پر رحم کرنے والا تُو ہی ہے۔ مَیں اُن کی برگشتگی کا چارہ کرُوں گا۔ مَیں کُشادہ دِلی سے اُن سے مُحبّت رکُھّوں گا کیونکہ میرا قہر اُن پر سے ٹل گیا ہے۔ مَیں اِسرائیل کے لِئے اوس کی مانِند ہُوں گا۔ وہ سوسن کی طرح پُھولے گا اور لُبناؔن کی طرح اپنی جڑیں پَھیلائے گا۔ اُس کی ڈالِیاں پَھیلیں گی اور اُس میں زَیتُون کے درخت کی خُوب صُورتی اور لُبناؔن کی سی خُوشبُو ہو گی۔ اُس کے زیرِ سایہ رہنے والے بحال ہو جائیں گے۔ وہ گیہُوں کی مانِند تر و تازہ اور تاک کی مانِند شگُفتہ ہوں گے۔ اُن کی شُہرت لُبناؔن کی مَے کی سی ہو گی۔ اِفرائِیم کہے گا اب مُجھے بُتوں سے کیا کام؟ مَیں خُداوند نے اُس کی سُنی ہے اور اُس پر نِگاہ کرُوں گا۔ مَیں سرسبز سرو کی مانِند ہُوں۔ تُو مُجھ ہی سے برومند ہُؤا۔ دانِش مند کَون ہے کہ وہ یہ باتیں سمجھے اور دُور اندیش کَون ہے جو اِن کو جانے؟ کیونکہ خُداوند کی راہیں راست ہیں اور صادِق اُن میں چلیں گے لیکن خطاکار اُن میں گِر پڑیں گے۔