ہوسیع 2:1-11
ہوسیع 2:1-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جَب یَاہوِہ نے ہوشِیعؔ کی مَعرفت بات کرنا شروع کیا تَب یَاہوِہ نے اُس سے فرمایا، ”جا اَور ایک فاحِشہ کو اَپنی بیوی بنا لے اَور بدکاری کی اَولاد کو اَپنا لے کیونکہ مُلک نے یَاہوِہ کو چھوڑکر نہایت شرمناک بےوفائی کا مُجرم ہے۔“ چنانچہ اُس نے دِبلائمؔ کی بیٹی گومرؔ سے شادی کرلی اَور وہ حاملہ ہُوئی اَور اُن کے ہاں بیٹا پیدا ہُوا۔ تَب یَاہوِہ نے ہوشِیعؔ سے فرمایا، ”اُس کا نام یزرعیلؔ رکھ کیونکہ مَیں بہت جلد یِہُو کے خاندان سے یزرعیلؔ کے خُون کا بدلہ لُوں گا اَور مَیں اِسرائیل کی بادشاہی کا خاتِمہ کر دُوں گا۔“ اُس دِن مَیں یزرعیلؔ کی وادی میں اِسرائیل کی کمان توڑ دُوں گا۔ گومرؔ پھر سے حاملہ ہویٔی اَور اُن کے ہاں بیٹی پیدا ہُوئی۔ تَب یَاہوِہ نے ہوشِیعؔ سے فرمایاہے، ”اُس کا نام لورُحامہؔ رکھ کیونکہ مَیں اِسرائیل کے گھرانے پر پھر کبھی رحم نہ کروں گا تاکہ کسی طرح اُن کے گُناہ مُعاف کروں۔ لیکن مَیں یہُوداہؔ کے گھرانے پر رحم کروں گا اَور اُنہیں بچاؤں گا۔ لیکن کمان، تلوار یا جنگ یا گھوڑوں اَور سواروں سے نہیں بَلکہ یَاہوِہ اُن کے خُدا کے ذریعہ۔“ لورُحامہؔ کا دُودھ چھُڑانے کے بعد گومرؔ کے ہاں دُوسرا بیٹا پیدا ہُوا۔ تَب یَاہوِہ نے فرمایا، ”اُس کا نام لُو عمّی رکھنا کیونکہ تُم میری اُمّت نہیں ہو، نہ میں تمہارا خُدا ہُوں۔ ”پھر بنی اِسرائیل سمُندر کے کنارے کی ریت کی مانند ہوں گے جسے ناپا یا گِنا نہیں جا سَکتا اَور جہاں اُن سے یہ کہا گیا تھا، ’تُم میری اُمّت نہیں ہو،‘ وہاں، اُنہیں زندہ خُدا کے فرزند کہا جائے گا۔ بنی یہُوداہؔ اَور بنی اِسرائیل پھر سے مُتّحد ہوکر اَپنے لیٔے ایک رہنما مُقرّر کر لیں گے اَور اُس مُلک سے نکل آئیں گے کیونکہ یزرعیلؔ کا دِن عظیم ہوگا۔
ہوسیع 2:1-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
جب رب پہلی بار ہوسیع سے ہم کلام ہوا تو اُس نے حکم دیا، ”جا، زناکار عورت سے شادی کر اور زناکار بچے پیدا کر، کیونکہ ملک رب کی پیروی چھوڑ کر مسلسل زنا کرتا رہتا ہے۔“ چنانچہ ہوسیع کی جُمر بنت دِبلائم سے شادی ہوئی۔ اُس کا پاؤں بھاری ہوا، اور بیٹا پیدا ہوا۔ تب رب نے ہوسیع سے کہا، ”اُس کا نام یزرعیل رکھنا۔ کیونکہ جلد ہی مَیں یاہو کے خاندان کو یزرعیل میں اُس قتل و غارت کی سزا دوں گا جو اُس سے سرزد ہوئی۔ ساتھ ساتھ مَیں اسرائیلی بادشاہی کو بھی ختم کروں گا۔ اُس دن مَیں میدانِ یزرعیل میں اسرائیل کی کمان کو توڑ ڈالوں گا۔“ اِس کے بعد جُمر دوبارہ اُمید سے ہوئی۔ اِس بار بیٹی پیدا ہوئی۔ رب نے ہوسیع سے کہا، ”اِس کا نام لورُحامہ یعنی ’جس پر رحم نہ ہوا ہو‘ رکھنا، کیونکہ آئندہ مَیں اسرائیلیوں پر رحم نہیں کروں گا بلکہ وہ میرے رحم سے سراسر محروم رہیں گے۔ لیکن یہوداہ کے باشندوں پر مَیں رحم کر کے اُنہیں چھٹکارا دوں گا۔ مَیں اُنہیں کمان، تلوار، جنگ کے ہتھیاروں، گھوڑوں یا گھڑسواروں کی معرفت چھٹکارا نہیں دوں گا بلکہ مَیں جو رب اُن کا خدا ہوں خود ہی اُنہیں نجات دوں گا۔“ لورُحامہ کا دودھ چھڑانے پر جُمر پھر حاملہ ہوئی۔ اِس مرتبہ بیٹا پیدا ہوا۔ تب رب نے فرمایا، ”اِس کا نام لوعمی یعنی ’میری قوم نہیں‘ رکھنا۔ کیونکہ تم میری قوم نہیں، اور مَیں تمہارا خدا نہیں ہوں گا۔ لیکن وہ وقت آئے گا جب اسرائیلی سمندر کی ریت جیسے بےشمار ہوں گے۔ نہ اُن کی پیمائش کی جا سکے گی، نہ اُنہیں گنا جا سکے گا۔ تب جہاں اُن سے کہا گیا کہ ’تم میری قوم نہیں‘ وہاں وہ ’زندہ خدا کے فرزند‘ کہلائیں گے۔ تب یہوداہ اور اسرائیل کے لوگ متحد ہو جائیں گے اور مل کر ایک راہنما مقرر کریں گے۔ پھر وہ ملک میں سے نکل آئیں گے، کیونکہ یزرعیل کا دن عظیم ہو گا!
ہوسیع 2:1-11 کِتابِ مُقادّس (URD)
جب خُداوند نے شرُوع میں ہوسِیعَ کی معرفت کلام کِیا تو اُس کو فرمایا کہ جا ایک بدکار بِیوی اور بدکاری کی اَولاد اپنے لِئے لے کیونکہ مُلک نے خُداوند کو چھوڑ کر بڑی بدکاری کی ہے۔ پس اُس نے جا کر جُمر بِنت دِبلائِیم کو لِیا۔ وہ حامِلہ ہُوئی اور بیٹا پَیدا ہُؤا۔ اور خُداوند نے اُسے کہا اُس کا نام یزرعیل رکھ کیونکہ مَیں عنقرِیب ہی یاہُو کے گھرانے سے یِزرعیل کے خُون کا بدلہ لُوں گا اور اِسرائیل کے گھرانے کی سلطنت کو تمام کرُوں گا۔ اور اُسی وقت یِزرعیل کی وادی میں اِسرائیل کی کمان توڑُوں گا۔ اور وہ پِھر حامِلہ ہُوئی اور بیٹی پَیدا ہُوئی اور خُداوند نے اُسے فرمایا کہ اُس کا نام لورُحاؔمہ رکھ کیونکہ مَیں اِسرائیل کے گھرانے پر پِھر رحم نہ کرُوں گا کہ اُن کو مُعاف کرُوں۔ لیکن یہُوداؔہ کے گھرانے پر رحم کرُوں گا اور مَیں خُداوند اُن کا خُدا اُن کو رہائی دُوں گا اور اُن کو کمان اور تلوار اور لڑائی اور گھوڑوں اور سواروں کے وسِیلہ سے نہیں چُھڑاؤُں گا۔ اور لورُؔحامہ کا دُودھ چُھڑانے کے بعد وہ پِھر حامِلہ ہُوئی اور بیٹا پَیدا ہُؤا۔ اور اُس نے فرمایا کہ اُس کا نام لوعمّی رکھ کیونکہ تُم میرے لوگ نہیں ہو اور مَیں تُمہارا نہیں ہُوں گا۔ تَو بھی بنی اِسرائیل دریا کی ریت کی مانِند بے شُمار و بے قِیاس ہوں گے اور جہاں اُن سے یہ کہا جاتا تھا کہ تُم میرے لوگ نہیں ہو زِندہ خُدا کے فرزند کہلائیں گے۔ اور بنی یہُوداؔہ اور بنی اِسرائیل باہم فراہم ہوں گے اور اپنے لِئے ایک ہی سردار مُقرّر کریں گے اور اِس مُلک سے خرُوج کریں گے کیونکہ یزرعیل کا دِن عظِیم ہو گا۔