پَیدایش 1:17-9 - Compare All Versions

پَیدایش 1:17-9 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)

جَب اَبرامؔ نِنانوے بَرس کے ہویٔے تَب یَاہوِہ اُن پر ظاہر ہویٔے، اَور اَبراہامؔ سے فرمایا، ”میں قادرمُطلق خُدا ہُوں۔ تُو میرے سامنے وفادار رہے اَور بے عیب ٹھہرے۔ میں اَپنے اَور تمہارے درمیان عہد باندھوں گا اَور تمہاری نَسل کو بےحد بڑھاؤں گا۔“ تَب اَبرامؔ مُنہ کے بَل گِرے اَور خُدا نے اُن سے فرمایا، ”جہاں تک میرا تعلّق ہے، میرا تمہارے ساتھ یہ عہد ہے کہ تُم کیٔی قوموں کے باپ ہوگے۔ اَب سے تُم اَبرامؔ نہ کہلاؤگے بَلکہ تمہارا نام اَبراہامؔ ہوگا کیونکہ مَیں نے تُمہیں بہت سِی قوموں کا باپ مُقرّر کیا ہے۔ مَیں تُمہیں بہت برومند کروں گا اَور تمہاری نَسل سے کیٔی قومیں پیدا کروں گا اَور تمہاری اَولاد میں بادشاہ برپا ہوں گے۔ میں اَپنے اَور تمہارے درمیان اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل کے درمیان اُن کی آئندہ پُشتوں کے لیٔے اَپنا عہد باندھوں گا جو اَبدی عہد ہوگا کہ میں تمہارا اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل کا خُدا رہُوں گا۔ اَور مَیں تُمہیں اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل کو کنعانؔ کا سارا مُلک جِس میں اَب تُم پردیسی ہو، ایک اَبدی مِیراث کے طور پر بخشوں گا اَور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا۔“ پھر خُدا نے اَبراہامؔ سے فرمایا، ”تُم میرے عہد کو ضروُر ماَننا اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل پُشت در پُشت اُسے مانے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پَیدایش 17 UCV

پَیدایش 1:17-9 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)

جب ابرام 99 سال کا تھا تو رب اُس پر ظاہر ہوا۔ اُس نے کہا، ”مَیں اللہ قادرِ مطلق ہوں۔ میرے حضور چلتا رہ اور بےالزام ہو۔ مَیں تیرے ساتھ اپنا عہد باندھوں گا اور تیری اولاد کو بہت ہی زیادہ بڑھا دوں گا۔“ ابرام منہ کے بل گر گیا، اور اللہ نے اُس سے کہا، ”میرا تیرے ساتھ عہد ہے کہ تُو بہت قوموں کا باپ ہو گا۔ اب سے تُو ابرام یعنی ’عظیم باپ‘ نہیں کہلائے گا بلکہ تیرا نام ابراہیم یعنی ’بہت قوموں کا باپ‘ ہو گا۔ کیونکہ مَیں نے تجھے بہت قوموں کا باپ بنا دیا ہے۔ مَیں تجھے بہت ہی زیادہ اولاد بخش دوں گا، اِتنی کہ قومیں بنیں گی۔ تجھ سے بادشاہ بھی نکلیں گے۔ مَیں اپنا عہد تیرے اور تیری اولاد کے ساتھ نسل در نسل قائم کروں گا، ایک ابدی عہد جس کے مطابق مَیں تیرا اور تیری اولاد کا خدا ہوں گا۔ تُو اِس وقت ملکِ کنعان میں پردیسی ہے، لیکن مَیں اِس پورے ملک کو تجھے اور تیری اولاد کو دیتا ہوں۔ یہ ہمیشہ تک اُن کا ہی رہے گا، اور مَیں اُن کا خدا ہوں گا۔“ اللہ نے ابراہیم سے یہ بھی کہا، ”تجھے اور تیری اولاد کو نسل در نسل میرے عہد کی شرائط پوری کرنی ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پَیدایش 17 URDGVU

پَیدایش 1:17-9 URD (کِتابِ مُقادّس)

جب ابرامؔ ننانوے برس کا ہُؤا تب خُداوند ابرام کو نظر آیا اور اُس سے کہا کہ مَیں خُدایِ قادِر ہُوں۔ تُو میرے حضُور میں چل اور کامِل ہو۔ اور مَیں اپنے اور تیرے درمِیان عہد باندُھوں گا اور تُجھے بُہت زِیادہ بڑھاؤں گا۔ تب ابرامؔ سرنِگُوں ہو گیا اور خُدا نے اُس سے ہم کلام ہو کر فرمایا۔ کہ دیکھ میرا عہد تیرے ساتھ ہے اور تُو بُہت قَوموں کا باپ ہو گا۔ اور تیرا نام پِھر ابرام نہیں کہلائے گا بلکہ تیرا نام ابرہامؔ ہو گا کیونکہ مَیں نے تجھے بُہت قَوموں کا باپ ٹھہرا دِیا ہے۔ اور مَیں تُجھے بُہت برومند کرُوں گا اور قَومیں تیری نسل سے ہوں گی اور بادشاہ تیری اَولاد میں سے برپا ہوں گے۔ اور مَیں اپنے اور تیرے درمِیان اور تیرے بعد تیری نسل کے درمِیان اُن کی سب پُشتوں کے لِئے اپنا عہد جو ابدی عہد ہو گا باندھوں گا تاکہ مَیں تیرا اور تیرے بعد تیری نسل کا خُدا رہُوں۔ اور مَیں تُجھ کو اور تیرے بعد تیری نسل کو کنعاؔن کا تمام مُلک جِس میں تُو پردیسی ہے اَیسا دُوں گا کہ وہ دائِمی مِلکِیّت ہو جائے۔ اور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا۔ پِھر خُدا نے ابرہامؔ سے کہا کہ تُو میرے عہد کو ماننا اور تیرے بعد تیری نسل پُشت در پُشت اُسے مانے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پَیدایش 17 URD