حزقی ایل 1:48-35

حزقی ایل 1:48-35 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

”یہ قبیلے ہیں، جِن کے نام درج ہیں: ”شمالی سرحد سے لگا ہُوا دانؔ کا حِصّہ ہوگا جو حتلونؔ کے راستہ کے پاس سے لیبو حماتؔ تک اَور حضار عینانؔ اَور دَمشق کی شمالی سرحد کے پاس سے ہوتا ہُوا حماتؔ تک مشرق سے مغرب تک پھیلا ہوگا۔ آشیر کا ایک حِصّہ ہوگا جو دانؔ کی سرحد سے مُتّصل مشرق سے مغرب تک ہوگا۔ نفتالی کا ایک حِصّہ ہوگا جو آشیر کی سرحد سے مُتّصل مشرق سے مغرب تک ہوگا۔ منشّہ کا ایک حِصّہ ہوگا جو نفتالی کی سرحد سے مُتّصل مشرق سے مغرب تک ہوگا۔ اِفرائیمؔ کا ایک حِصّہ ہوگا جو منشّہ کی سرحد سے مُتّصل مشرق سے مغرب تک ہوگا۔ رُوبِنؔ کا ایک حِصّہ ہوگا جو اِفرائیمؔ کی سرحد سے مُتّصل مشرق سے مغرب تک ہوگا۔ یہُوداہؔ کا ایک حِصّہ ہوگا جو رُوبِنؔ کی سرحد سے مُتّصل مشرق سے مغرب تک ہوگا۔ ”یہُوداہؔ کی سرحد سے مُتّصل مشرق سے مغرب تک وہ حِصّہ ہوگا جسے تُمہیں خصوصی ہدیہ کے طور پر وقف کرنا ہوگا۔ وہ پچّیس ہزار ہاتھ چوڑا ہوگا اَور اُس کی مشرق سے مغرب تک کی لمبائی کسی ایک قبیلہ کے حِصّہ کے برابر ہوگی؛ اَور اُس کے وَسط میں پاک مَقدِس ہوگا۔ ”یہ خصوصی حِصّہ جو تُم یَاہوِہ کے لیٔے وقف کروگے پچّیس ہزار ہاتھ لمبا اَور دس ہزار ہاتھ چوڑا ہوگا۔ یہ کاہِنوں کے لیٔے مُقدّس حِصّہ ہوگا۔ وہ شمالی جانِب سے پچّیس ہزار ہاتھ لمبا ہوگا اَور دس ہزار ہاتھ چوڑا مغرب کی جانِب ہوگا۔ دس ہزار ہاتھ چوڑا مشرق کی جانِب اَور پچّیس ہزار ہاتھ لمبا جُنوب کی جانِب ہوگا اَور اُس کے وَسط میں یَاہوِہ کا پاک مَقدِس ہوگا۔ یہ صدُوقؔ کی نَسل میں سے مُقدّس کئے گیٔے اُن کاہِنوں کے لیٔے ہوگا جنہوں نے ایمانداری سے میری خدمت کی اَور بنی اِسرائیل کے گُمراہ ہونے کے وقت لیویوں کی طرح گُمراہ نہ ہُوئے۔ یہ مُلک کے مُقدّس حِصّہ میں سے اُن کے لیٔے خصوصی ہدیہ ہوگا جو لیویوں کی سرحد سے مُتّصل کا نہایت مُقدّس حِصّہ ہوگا۔ ”کاہِنوں کی سرحد سے ملحق لیویوں کا حِصّہ ہوگا جو پچّیس ہزار ہاتھ لمبا اَور دس ہزار ہاتھ چوڑا ہوگا۔ اُس کی کل لمبائی پچّیس ہزار ہاتھ اَور اُس کی چوڑائی دس ہزار ہاتھ ہوگی۔ وہ اُس کا کویٔی حِصّہ نہ بیچیں نہ بدلیں۔ یہ زمین کا بہترین حِصّہ ہے جو کسی اَور کے ہاتھوں میں نہ پڑے کیونکہ یہ یَاہوِہ کے لیٔے مُقدّس ہے۔ ”پانچ ہزار ہاتھ چوڑا اَور پچّیس ہزار ہاتھ لمبا باقی کا حِصّہ شہر اَور مکانات اَور چراگاہ کے عام اِستعمال کے لیٔے ہوگا۔ شہر اُس کے وَسط میں ہوگا۔ اَور اُس کی پیمائش یُوں ہوگی: شمالی بازو چار ہزار پانچ سَو ہاتھ، جُنوبی بازو چار ہزار پانچ سَو ہاتھ، مشرقی بازو چار ہزار پانچ سَو ہاتھ اَور مغربی بازو چار ہزار پانچ سَو ہاتھ۔ شہر کے لیٔے چراگاہ شمال کی جانِب دو سَو پچاس ہاتھ، جُنوب کی جانِب دو سَو پچاس ہاتھ، مشرق کی جانِب دو سَو پچاس ہاتھ اَور مغرب کی جانِب دو سَو پچاس ہاتھ ہوگی۔ اُس حِصّہ میں سے بچا ہُوا علاقہ جو مُقدّس حِصّہ کی سرحد ‏سے‏ ‏ مُتّصل اَور اُس کی لمبائی سے ملحق ہوگا وہ دس ہزار ہاتھ مشرق کے بازو کو اَور دس ہزار ہاتھ مغرب کے بازو کا ہوگا۔ اُس کی پیداوار شہر کے مزدُوروں کے لیٔے خُوراک بہم پہُنچائے گی۔ شہر کے مزدُور جو اُس میں کاشت کریں گے اِسرائیل کے سَب قبیلوں میں سے ہوں گے۔ یہ سارا حِصّہ مُربّع نُما ہوگا جو ہر طرف سے پچّیس ہزار ہاتھ کا ہوگا۔ تُم اُس مُقدّس حِصّہ کو شہر کی جائداد کے ساتھ ساتھ ایک خصوصی ہدیہ کے طور پر وقف کر دوگے۔ ”مُقدّس حِصّہ اَور شہر کی جائداد کے مُشتَرکہ علاقہ کے دونوں طرف کا بچا ہُوا علاقہ شہزادے کا ہوگا۔ وہ مُقدّس حِصّہ کے پچّیس ہزار ہاتھ سے مشرق کی طرف مشرقی سرحد تک اَور مغرب کی طرف پچّیس ہزار ہاتھ سے مغربی سرحد تک پھیلا ہوگا۔ یہ دونوں علاقے جو قبائلی علاقوں کی لمبائی سے لگ کر ہیں، شہزادے کے ہوں گے۔ اَور مُقدّس حِصّہ بیت المُقدّس کے پاک مَقدِس کے ساتھ اُن کے وَسط میں ہوگا۔ چنانچہ لیویوں کی جائداد اَور شہر کی جائداد اُس علاقہ کے وَسط میں ہوگی جو شہزادے کا ہے۔ شہزادے کا علاقہ یہُوداہؔ اَور بِنیامین کی سرحدوں کے درمیان ہوگا۔ ”جہاں تک بقیّہ قبیلوں کا تعلّق ہے: ”بِنیامین کا ایک حِصّہ ہوگا جو مشرق سے مغرب تک پھیلا ہوگا۔ بِنیامین کے حِصّہ کی سرحد سے لگ کر شمعُونؔ کا ایک حِصّہ ہوگا جو مشرق سے مغرب تک کا ہوگا۔ یِسَّکاؔر کا ایک حِصّہ ہوگا جو مشرق سے مغرب تک شمعُونؔ کے حِصّہ کی سرحد سے لگ کر ہوگا۔ زبُولُون کا ایک حِصّہ ہوگا جو مشرق سے مغرب تک یِسَّکاؔر کے حِصّہ کی سرحد سے ملحق ہوگا۔ گادؔ کا ایک حِصّہ ہوگا جو مشرق سے مغرب تک زبُولُون کے حِصّہ کی سرحد سے ملحق ہوگا۔ گادؔ کی جُنوبی سرحد تامارؔ سے جُنوب کی طرف مریبہؔ قادِسؔ کے چشمے تک جاتی ہُوئی وادی مِصر سے لگ کر بحرِ رُوم تک پہُنچے گی۔ ”یہ وہ مُلک ہے جو تُم اِسرائیل کے قبائل میں مِیراث کے طور پر تقسیم کروگے اَور یہ اُن کے حِصّے ہوں گے۔“ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔ ”شہر کے مخارج یہ ہوں گے: ”شمال کی طرف سے شروع کرتے ہُوئے جِس کی لمبائی چار ہزار پانچ سَو ہاتھ ہوگی۔ شہر کے پھاٹک قبائل اِسرائیل سے نامزد ہوں گے۔ شمال کی بازو کے تین پھاٹک، رُوبِنؔ کا پھاٹک، یہُوداہؔ کا پھاٹک اَور لیوی کا پھاٹک کہلایٔیں گے۔ مشرق کی طرف جِس کی لمبائی چار ہزار پانچ سَو ہاتھ ہے، تین پھاٹک ہوں گے جو یُوسیفؔ کا پھاٹک، بِنیامین کا پھاٹک اَور دانؔ کا پھاٹک کہلایٔیں گے۔ جُنوب کی طرف جو لمبائی میں چار ہزار پانچ سَو ہاتھ ہے، تین پھاٹک ہوں گے جو شمعُونؔ کا پھاٹک، یِسَّکاؔر کا پھاٹک اَور زبُولُون کا پھاٹک کہلایٔیں گے۔ مشرق کی طرف جِس کی لمبائی چار ہزار پانچ سَو ہاتھ ہے، تین پھاٹک ہوں گے جو گادؔ کا پھاٹک، آشیر کا پھاٹک اَور نفتالی کا پھاٹک کہلایٔیں گے۔ ”چاروں طرف کا گھیرا اٹھّارہ ہزار ہاتھ ہوگا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں حزقی ایل 48

حزقی ایل 1:48-35 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اسرائیل کی شمالی سرحد بحیرۂ روم سے شروع ہو کر مشرق کی طرف حتلون، لبو حمات اور حصر عینان کے پاس سے گزرتی ہے۔ دمشق اور حمات سرحد کے شمال میں ہیں۔ ہر قبیلے کو ملک کا ایک حصہ ملے گا۔ ہر خطے کا ایک سرا ملک کی مشرقی سرحد اور دوسرا سرا مغربی سرحد ہو گا۔ شمال سے لے کر جنوب تک قبائلی علاقوں کی یہ ترتیب ہو گی: دان، آشر، نفتالی، منسّی، افرائیم، روبن اور یہوداہ۔ یہوداہ کے جنوب میں وہ علاقہ ہو گا جو تمہیں میرے لئے الگ کرنا ہے۔ قبائلی علاقوں کی طرح اُس کا بھی ایک سرا ملک کی مشرقی سرحد اور دوسرا سرا مغربی سرحد ہو گا۔ شمال سے جنوب تک کا فاصلہ ساڑھے 12 کلو میٹر ہے۔ اُس کے بیچ میں مقدِس ہے۔ اِس علاقے کے درمیان ایک خاص خطہ ہو گا۔ مشرق سے مغرب تک اُس کا فاصلہ ساڑھے 12 کلو میٹر ہو گا جبکہ شمال سے جنوب تک فاصلہ 10 کلو میٹر ہو گا۔ رب کے لئے مخصوص اِس خطے کا ایک حصہ اماموں کے لئے مخصوص ہو گا۔ اِس حصے کا فاصلہ مشرق سے مغرب تک ساڑھے 12 کلو میٹر اور شمال سے جنوب تک 5 کلو میٹر ہو گا۔ اِس کے بیچ میں ہی رب کا مقدِس ہو گا۔ یہ مُقدّس علاقہ لاوی کے خاندان صدوق کے مخصوص و مُقدّس کئے گئے اماموں کو دیا جائے گا۔ کیونکہ جب اسرائیلی مجھ سے برگشتہ ہوئے تو باقی لاوی اُن کے ساتھ بھٹک گئے، لیکن صدوق کا خاندان وفاداری سے میری خدمت کرتا رہا۔ اِس لئے اُنہیں میرے لئے مخصوص علاقے کا مُقدّس ترین حصہ ملے گا۔ یہ لاویوں کے خطے کے شمال میں ہو گا۔ اماموں کے جنوب میں باقی لاویوں کا خطہ ہو گا۔ مشرق سے مغرب تک اُس کا فاصلہ ساڑھے 12 کلو میٹر اور شمال سے جنوب تک 5 کلو میٹر ہو گا۔ رب کے لئے مخصوص یہ علاقہ پورے ملک کا بہترین حصہ ہے۔ اُس کا کوئی بھی پلاٹ کسی دوسرے کے ہاتھ میں دینے کی اجازت نہیں۔ اُسے نہ بیچا جائے، نہ کسی دوسرے کو کسی پلاٹ کے عوض میں دیا جائے۔ کیونکہ یہ علاقہ رب کے لئے مخصوص و مُقدّس ہے۔ رب کے مقدِس کے اِس خاص علاقے کے جنوب میں ایک اَور خطہ ہو گا جس کی لمبائی ساڑھے 12 کلو میٹر اور چوڑائی اڑھائی کلو میٹر ہے۔ وہ مُقدّس نہیں ہے بلکہ عام لوگوں کی رہائش کے لئے ہو گا۔ اِس کے بیچ میں شہر ہو گا، جس کے ارد گرد چراگاہیں ہوں گی۔ یہ شہر مربع شکل کا ہو گا۔ لمبائی اور چوڑائی دونوں سوا دو دو کلو میٹر ہو گی۔ شہر کے چاروں طرف جانوروں کو چَرانے کی کھلی جگہ ہو گی جس کی چوڑائی 133 میٹر ہو گی۔ چونکہ شہر اپنے خطے کے بیچ میں ہو گا اِس لئے مذکورہ کھلی جگہ کے مشرق میں ایک خطہ باقی رہ جائے گا جس کا مشرق سے شہر تک فاصلہ 5 کلو میٹر اور شمال سے جنوب تک فاصلہ اڑھائی کلو میٹر ہو گا۔ شہر کے مغرب میں بھی اِتنا ہی بڑا خطہ ہو گا۔ اِن دو خطوں میں کھیتی باڑی کی جائے گی جس کی پیداوار شہر میں کام کرنے والوں کی خوراک ہو گی۔ شہر میں کام کرنے والے تمام قبیلوں کے ہوں گے۔ وہی اِن کھیتوں کی کھیتی باڑی کریں گے۔ چنانچہ میرے لئے الگ کیا گیا یہ پورا علاقہ مربع شکل کا ہے۔ اُس کی لمبائی اور چوڑائی ساڑھے بارہ بارہ کلو میٹر ہے۔ اِس میں شہر بھی شامل ہے۔ مذکورہ مُقدّس خطے میں مقدِس، اماموں اور باقی لاویوں کی زمینیں ہیں۔ اُس کے مشرق اور مغرب میں باقی ماندہ زمین حکمران کی ملکیت ہے۔ مُقدّس خطے کے مشرق میں حکمران کی زمین ملک کی مشرقی سرحد تک ہو گی اور مُقدّس خطے کے مغرب میں وہ سمندر تک ہو گی۔ شمال سے جنوب تک وہ مُقدّس خطے جتنی چوڑی یعنی ساڑھے 12 کلو میٹر ہو گی۔ شمال میں یہوداہ کا قبائلی علاقہ ہو گا اور جنوب میں بن یمین کا۔ ملک کے اِس خاص درمیانی حصے کے جنوب میں باقی قبیلوں کو ایک ایک علاقہ ملے گا۔ ہر علاقے کا ایک سرا ملک کی مشرقی سرحد اور دوسرا سرا بحیرۂ روم ہو گا۔ شمال سے لے کر جنوب تک قبائلی علاقوں کی یہ ترتیب ہو گی: بن یمین، شمعون، اِشکار، زبولون اور جد۔ جد کے قبیلے کی جنوبی سرحد ملک کی سرحد بھی ہے۔ وہ تمر سے جنوب مغرب میں مریبہ قادس کے چشموں تک چلتی ہے، پھر مصر کی سرحد یعنی وادیٔ مصر کے ساتھ ساتھ شمال مغرب کا رُخ کر کے بحیرۂ روم تک پہنچتی ہے۔ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ یہی تمہارا ملک ہو گا! اُسے اسرائیلی قبیلوں میں تقسیم کرو۔ جو کچھ بھی اُنہیں قرعہ ڈال کر ملے وہ اُن کی موروثی زمین ہو گی۔ یروشلم شہر کے 12 دروازے ہوں گے۔ فصیل کی چاروں دیواریں سوا دو دو کلو میٹر لمبی ہوں گی۔ ہر دیوار کے تین دروازے ہوں گے، غرض کُل بارہ دروازے ہوں گے۔ ہر ایک کا نام کسی قبیلے کا نام ہو گا۔ چنانچہ شمال میں روبن کا دروازہ، یہوداہ کا دروازہ اور لاوی کا دروازہ ہو گا، مشرق میں یوسف کا دروازہ، بن یمین کا دروازہ اور دان کا دروازہ ہو گا، جنوب میں شمعون کا دروازہ، اِشکار کا دروازہ اور زبولون کا دروازہ ہو گا، اور مغرب میں جد کا دروازہ، آشر کا دروازہ اور نفتالی کا دروازہ ہو گا۔ فصیل کی پوری لمبائی 9 کلو میٹر ہے۔ تب شہر ’یہاں رب ہے‘ کہلائے گا!“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں حزقی ایل 48

حزقی ایل 1:48-35 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور قبِیلوں کے نام یہ ہیں۔ اِنتہایِ شِمال پر حتلُون کے راستہ کے ساتھ ساتھ حمات کے مدخل سے ہوتے ہُوئے حصرعیناؔن تک جو دمِشق کی شِمالی سرحد پر حمات کے پاس ہے مشرِق سے مغرِب تک دان کے لِئے ایک حِصّہ۔ اور دان کی سرحد سے مُتّصِل مشرِقی سرحد سے مغرِبی سرحد تک آشر کے لِئے ایک حِصّہ۔ اور آشر کی سرحد سے مُتّصِل مشرِقی سرحد سے مغرِبی سرحد تک نفتالی کے لِئے ایک حِصّہ۔ اور نفتالی کی سرحد سے مُتّصِل مشرِقی سرحد سے مغرِبی سرحد تک منسّی کے لِئے ایک حِصّہ۔ اور منسّی کی سرحد سے مُتّصِل مشرِقی سرحد سے مغرِبی سرحد تک اِفراؔئِیم کے لِئے ایک حِصّہ۔ اور اِفراؔئِیم کی سرحد سے مُتّصِل مشرِقی سرحد سے مغرِبی سرحد تک رُوبِن کے لِئے ایک حِصّہ۔ اور رُوبِن کی سرحد سے مُتّصِل مشرِقی سرحد سے مغرِبی سرحد تک یہُوداؔہ کے لِئے ایک حِصّہ۔ اور یہُوداؔہ کی سرحد سے مُتّصِل مشرِقی سرحد سے مغرِبی سرحد تک ہدیہ کا حِصّہ ہو گا جو تُم وقف کرو گے۔ اُس کی چَوڑائی پچّیِس ہزار اور لمبائی باقی حِصّوں میں سے ایک کے برابر مشرِقی سرحد سے مغرِبی سرحد تک اور مَقدِس اُس کے وسط میں ہو گا۔ ہدیہ کا حِصّہ جو تُم خُداوند کے لِئے وقف کرو گے پچِیّس ہزار لمبا اور دس ہزار چَوڑا ہو گا۔ اور یہ مُقدّس ہدیہ کا حِصّہ اُن کے لِئے ہاں کاہِنوں کے لِئے ہو گا۔ شِمال کی طرف پچِیّس ہزار اُس کی لمبائی ہو گی اور دس ہزار اُس کی چَوڑائی مغرِب کی طرف اور دس ہزار اُس کی چَوڑائی مشرِق کی طرف اور پچِیّس ہزار اُس کی لمبائی جنُوب کی طرف اور خُداوند کا مَقدِس اُس کے وسط میں ہو گا۔ یہ اُن کاہِنوں کے لِئے ہو گا جو صدُوؔق کے بیٹوں میں سے مُقدّس کِئے گئے ہیں۔ جِنہوں نے میری امانت داری کی اور گُمراہ نہ ہُوئے جب بنی اِسرائیل گُمراہ ہو گئے جَیسے بنی لاوی گُمراہ ہُوئے۔ اور زمِین کے ہدیہ میں سے بنی لاوی کے حِصّہ سے مُتّصِل۔ یہ اُن کے لِئے ہدیہ ہو گا جو نِہایت مُقدّس ٹھہرے گا۔ اور کاہِنوں کی سرحد کے مُقابِل بنی لاوی کے لِئے ایک حِصّہ ہو گا پچِیّس ہزار لمبا اور دس ہزار چَوڑا۔ اُس کی کُل لمبائی پچِیّس ہزار اور چَوڑائی دس ہزار ہو گی۔ اور وہ اُس میں سے نہ بیچیں اور نہ بدلیں اور نہ زمِین کا پہلا پَھل اپنے قبضہ سے نِکلنے دیں کیونکہ وہ خُداوند کے لِئے مُقدّس ہے۔ اور وہ پانچ ہزار کی چَوڑائی کا باقی حِصّہ اُس پچِیّس ہزار کے مُقابِل بستی اور اُس کی نواحی کے لِئے عام جگہ ہو گی اور شہر اُس کے وسط میں ہو گا۔ اور اُس کی پَیمایش یہ ہو گی شِمال کی طرف چار ہزار پانچ سَو اور جنُوب کی طرف چار ہزار پانچ سَو اور مشرِق کی طرف چار ہزار پانچ سَو اور مغرِب کی طرف چار ہزار پانچ سَو۔ اور شہر کی نواحی شِمال کی طرف دو سَو پچاس اور جنُوب کی طرف دو سَو پچاس اور مشرِق کی طرف دو سَو پچاس اور مغرِب کی طرف دو سَو پچاس۔ اور مُقدّس ہدیہ کے مُقابِل باقی لمبائی مشرِق کی طرف دس ہزار اور مغرِب کی طرف دس ہزار ہوگی اور وہ مُقدّس ہدیہ کے مُقابِل ہو گی اور اُس کا حاصِل اُن کی خُوراک کے لِئے ہو گا جو شہر میں کام کرتے ہیں۔ اور شہر میں کام کرنے والے اِسرائیل کے سب قبِیلوں میں سے اُس میں کاشت کاری کریں گے۔ ہدیہ کے تمام حِصّہ کی لمبائی پچّیِس ہزار اور چَوڑائی پچِیّس ہزار ہو گی۔ تُم مُقدّس ہدیہ کے حِصّہ کو مُربّع شکل میں شہر کی مِلکِیّت کے ساتھ وقف کرو گے۔ اور باقی جو مُقدّس ہدیہ کا حِصّہ اور شہر کی مِلکِیّت کی دونوں طرف جو ہدیہ کے حِصّہ کے پچِیّس ہزار کے مُقابِل مشرِق کی طرف اور پچِیّس ہزار کے مُقابِل مغرِب کی طرف فرمانروا کے حِصّوں کے مُقابِل ہے وہ فرمانروا کے لِئے ہو گا اور وہ مُقدّس ہدیہ کا حِصّہ ہو گا اور مُقدّس مسکن اُس کے وسط میں ہو گا۔ اور بنی لاوی کی مِلکِیّت سے اور شہر کی مِلکِیّت سے جو فرمانروا کی مِلکِیّت کے وسط میں ہے یہُوداؔہ کی سرحد اور بِنیمِین کی سرحد کے درمِیان فرمانروا کے لِئے ہو گی۔ اور باقی قبائِل کے لِئے یُوں ہو گا کہ مشرِقی سرحد سے مغرِبی سرحد تک بِنیمِین کے لِئے ایک حِصّہ۔ اور بِنیمِین کی سرحد سے مُتّصِل مشرِقی سرحد سے مغرِبی سرحد تک شِمعُوؔن کے لِئے ایک حِصّہ۔ اور شِمعُوؔن کی سرحد سے مُتّصِل مشرِقی سرحد سے مغرِبی سرحد تک اِشکار کے لِئے ایک حِصّہ۔ اور اِشکار کی سرحد سے مُتّصِل مشرِقی سرحد سے مغرِبی سرحد تک زبُولُون کے لِئے ایک حِصّہ۔ اور زبُولُون کی سرحد سے مُتّصِل مشرِقی سرحد سے مغرِبی سرحد تک جد کے لِئے ایک حِصّہ۔ اور جد کی سرحد سے مُتّصِل جنُوب کی طرف جنُوبی کِنارے کی سرحد تمر سے لے کر مریبوت قاؔدِس کے پانی سے نہرِ مِصرؔ سے ہو کر بڑے سمُندر تک ہو گی۔ یہ وہ سرزمِین ہے جِس کو تُم مِیراث کے لِئے قُرعہ ڈال کر قبائِلِ اِسرائیل میں تقسِیم کرو گے اور یہ اُن کے حِصّے ہیں خُداوند خُدا فرماتا ہے۔ اور شہر کے مخارِج یہ ہیں۔ شِمال کی طرف کی پَیمایش چار ہزار پانچ سَو۔ اور شہر کے پھاٹک قبائِلِ اِسرائیل سے نامزد ہوں گے۔ تِین پھاٹک شِمال کی طرف ایک پھاٹک رُوبِن کا۔ ایک یہُوداؔہ کا۔ ایک لاوؔی کا۔ اور مشرِق کی طرف کی پَیمایش چار ہزار پانچ سَو اور تِین پھاٹک۔ ایک یُوسفؔ کا۔ ایک بِنیمِین کا اور ایک دان کا۔ اور جنُوب کی طرف کی پَیمایش چار ہزار پانچ سَو اور تِین پھاٹک۔ ایک شمعُوؔن کا۔ ایک اِشکار کا اور ایک زبُولُون کا۔ اور مغرِب کی طرف کی پَیمایش چار ہزار پانچ سَو اور تِین پھاٹک۔ ایک جد کا۔ ایک آشر کا اور ایک نفتالی کا۔ اُس کا مُحِیط اٹھارہ ہزار اور شہر کا نام اُسی دِن سے یہ ہو گا کہ خُداوند وہاں ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں حزقی ایل 48