حزقی ایل 1:47-23
حزقی ایل 1:47-23 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
مَیں نے بیت المُقدّس کی دہلیز کے نیچے سے پانی نکلتے ہُوئے دیکھا جو مشرق کی جانِب بہہ رہاتھا (کیونکہ بیت المُقدّس کا رُخ مشرق کی طرف تھا)۔ پانی بیت المُقدّس کے جُنوبی حِصّہ کے نیچے سے یعنی مذبح کے جُنوب سے بہہ رہاتھا۔ پھر وہ مُجھے شمالی پھاٹک سے باہر لے آیا اَور مُجھے بیرونی پھاٹک کے باہر لے گیا جِس کا رُخ مشرق کی طرف ہے اَور اُس کے اِردگرد گھُمایا اَور وہاں پانی جُنوب کی طرف سے پانی ٹپک رہاتھا۔ جوں ہی وہ آدمی اَپنے ہاتھ میں جریب کی ڈوری لے کر مشرق کی جانِب گیا اُسے ایک ہزار ہاتھ ناپا اَور مُجھے پانی میں سے لے چلا جو ٹخنوں تک گہرا تھا۔ اُس نے اَور ایک ہزار ہاتھ ناپا اَور مُجھے پانی میں سے لے چلا جو گھٹنوں تک گہرا تھا۔ اُس نے اَور ایک ہزار ہاتھ ناپا اَور مُجھے پانی میں سے لے چلا جو کمر تک گہرا تھا۔ اُس نے اَور ایک ہزار ہاتھ ناپا لیکن اَب وہ ندی بَن چُکاتھا جسے میں عبور نہ کر سَکتا تھا کیونکہ پانی چڑھ چُکاتھا اَور وہ اِس قدر گہرا تھا کہ اُس میں تیرا جا سَکتا تھا۔ ایک اَیسی ندی جسے کویٔی عبور نہ کر سَکتا تھا۔ اُس نے مُجھ سے پُوچھا، ”اَے آدمؔ زاد، کیا تُم یہ دیکھتے ہو؟“ تَب وہ مُجھے ندی کے کنارے پر واپس لایا۔ جَب مَیں وہاں پہُنچا تو مَیں نے ندی کے دونوں کناروں پر لاتعداد درخت دیکھے۔ اُس نے مُجھ سے کہا: ”یہ پانی مشرقی علاقہ کی طرف بہتا ہے اَور عراباہؔ میں جا گرتا ہے جہاں وہ بحرمُردار میں مِل جاتا ہے۔ جَب وہ سمُندر میں داخل ہوتاہے تو وہاں کا کھارا پانی میٹھا ہو جاتا ہے۔ جہاں جہاں سے یہ پانی بہے گا وہاں جانداروں کے جھُنڈ بسیں گے۔ وہاں لاتعداد مچھلیاں ہُوں گی کیونکہ یہ پانی وہاں تک بہتا ہے اَور نمکین پانی کو شیریں بنا دیتاہے۔ اِس لیٔے جہاں کہیں سے یہ ندی بہے گی وہاں ہر جاندار زندہ رہے گا۔ مچھیرے کناروں پر کھڑے ہوں گے اَور عینؔ گیدیؔ سے عینؔ عگلائمؔ تک جال بچھانے کو جگہیں ہُوں گی۔ اَور بحرِ رُوم کی مچھلیوں کی مانند وہاں طرح طرح کی مچھلیاں ہُوں گی۔ لیکن دلدل اَور کیچڑ کی جگہیں شیریں نہ ہوں گی۔ وہ نمکین ہی رہیں گی۔ ندی کے دونوں کناروں پر ہر قِسم کے پھلوں کے درخت اُگیں گے۔ اُن کے پتّے کبھی نہ مُرجھائیں گے اَور اُن کا پھلنا کبھی موقُوف نہ ہوگا۔ اُن میں ہر ماہ پھل لگے گا کیونکہ پاک مَقدِس سے نِکلا ہُوا پانی اُن کو سیراب کرتا ہے۔ اُن کا پھل کھانے کے کام آئے گا اَور اُن کے پتّے شفا بخشیں گے۔“ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: ”جِن سرحدوں کے مُطابق تُم مُلک کو اِسرائیل کے بَارہ قبائل میں مِیراث کے طور پر تقسیم کروگے وہ یہ ہیں: یُوسیفؔ کو دو حِصّے ملیں۔ تُم اُسے اُن کے درمیان یکساں تقسیم کرنا کیونکہ مَیں نے ہاتھ اُٹھاکر قَسم کھائی تھی کہ اُسے تمہارے آباؤاَجداد کو دُوں گا اَور یہ زمین تمہاری مِیراث ہوگی۔ ”مُلک کی سرحد یہ ہو: ”شمال کی جانِب بحرِ رُوم سے لے کر حتلونؔ کی راہ سے لیبو حماتؔ سے ہوتی ہُوئی ضِدادؔ تک۔ بیروتھاؔ اَور سِبرایمؔ (جو دَمشق اَور لیبو حماتؔ کی سرحدوں کے درمیان واقع ہے) سے حضار ہتیکونؔ تک جو حورانؔ کی سرحد پر ہے۔ یہ سرحد سمُندر سے لے کر دَمشق کی شمالی سرحد سے ہوتی ہُوئی حضار عینانؔ تک پہُنچے اَور حماتؔ کی سرحد اُس کے شمال میں ہو۔ یہ شمالی سرحد ہوگی۔ مشرق کی جانِب کی سرحد حورانؔ اَور دَمشق کے درمیان سے ہوتی ہُوئی اَور یردنؔ سے لگ کر گِلعادؔ اَور اِسرائیل کے مُلک کے درمیان سے ہوتی ہُوئی مشرقی سمُندر تک اَور اُس سے پرے تامارؔ تک پہُنچے گی۔ یہ مشرقی سرحد ہوگی۔ جُنوب کی جانِب تامارؔ سے لے کر مریبہؔ قادِسؔ کے چشمے تک وادی مِصر سے ہوتی ہُوئی بحرِ رُوم تک پہُنچے۔ یہ جُنوبی سرحد ہوگی۔ مغرب کی جانِب لیبو حماتؔ کے مقابل بحرِ رُوم ہی سرحد ہوگا۔ یہ مغربی سرحد ہوگی۔ ”تُم اُس مُلک کو اِسرائیل کے قبائل کے مُطابق آپَس میں تقسیم کر لو۔ تُم اُسے آپَس میں اَور اُن پردیسیوں کے ساتھ بطور مِیراث تقسیم کر لو جو تمہارے ساتھ بستے ہیں اَور جِن کی اَولاد تمہارے درمیان پیدا ہُوئی۔ تُم اُنہیں اَپنے ہی مُلک میں پیدا ہونے والے اِسرائیلی سمجھو۔ تمہارے ساتھ وہ بھی اِسرائیل کے قبائل کے درمیان مِیراث پائیں۔ کویٔی پردیسی جِس قبیلہ میں بستا ہوگا، اِسی میں تُم اُسے مِیراث دو۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔
حزقی ایل 1:47-23 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اِس کے بعد میرا راہنما مجھے ایک بار پھر رب کے گھر کے دروازے کے پاس لے گیا۔ یہ دروازہ مشرق میں تھا، کیونکہ رب کے گھر کا رُخ ہی مشرق کی طرف تھا۔ مَیں نے دیکھا کہ دہلیز کے نیچے سے پانی نکل رہا ہے۔ دروازے سے نکل کر وہ پہلے رب کے گھر کی جنوبی دیوار کے ساتھ ساتھ بہتا تھا، پھر قربان گاہ کے جنوب میں سے گزر کر مشرق کی طرف بہہ نکلا۔ میرا راہنما میرے ساتھ بیرونی صحن کے شمالی دروازے میں سے نکلا۔ باہر چاردیواری کے ساتھ ساتھ چلتے چلتے ہم بیرونی صحن کے مشرقی دروازے کے پاس پہنچ گئے۔ مَیں نے دیکھا کہ پانی اِس دروازے کے جنوبی حصے میں سے نکل رہا ہے۔ ہم پانی کے کنارے کنارے چل پڑے۔ میرے راہنما نے اپنے فیتے کے ساتھ آدھا کلو میٹر کا فاصلہ ناپا۔ پھر اُس نے مجھے پانی میں سے گزرنے کو کہا۔ یہاں پانی ٹخنوں تک پہنچتا تھا۔ اُس نے مزید آدھے کلو میٹر کا فاصلہ ناپا، پھر مجھے دوبارہ پانی میں سے گزرنے کو کہا۔ اب پانی گھٹنوں تک پہنچا۔ جب اُس نے تیسری مرتبہ آدھا کلو میٹر کا فاصلہ ناپ کر مجھے اُس میں سے گزرنے دیا تو پانی کمر تک پہنچا۔ ایک آخری دفعہ اُس نے آدھے کلو میٹر کا فاصلہ ناپا۔ اب مَیں پانی میں سے گزر نہ سکا۔ پانی اِتنا گہرا تھا کہ اُس میں سے گزرنے کے لئے تیرنے کی ضرورت تھی۔ اُس نے مجھ سے پوچھا، ”اے آدم زاد، کیا تُو نے غور کیا ہے؟“ پھر وہ مجھے دریا کے کنارے تک واپس لایا۔ جب واپس آیا تو مَیں نے دیکھا کہ دریا کے دونوں کناروں پر متعدد درخت لگے ہیں۔ وہ بولا، ”یہ پانی مشرق کی طرف بہہ کر وادیٔ یردن میں پہنچتا ہے۔ اُسے پار کر کے وہ بحیرۂ مُردار میں آ جاتا ہے۔ اُس کے اثر سے بحیرۂ مُردار کا نمکین پانی پینے کے قابل ہو جائے گا۔ جہاں بھی دریا بہے گا وہاں کے بےشمار جاندار جیتے رہیں گے۔ بہت مچھلیاں ہوں گی، اور دریا بحیرۂ مُردار کا نمکین پانی پینے کے قابل بنائے گا۔ جہاں سے بھی گزرے گا وہاں سب کچھ پھلتا پھولتا رہے گا۔ عین جدی سے لے کر عین عجلیم تک اُس کے کناروں پر مچھیرے کھڑے ہوں گے۔ ہر طرف اُن کے جال سوکھنے کے لئے پھیلائے ہوئے نظر آئیں گے۔ دریا میں ہر قسم کی مچھلیاں ہوں گی، اُتنی جتنی بحیرۂ روم میں پائی جاتی ہیں۔ صرف بحیرۂ مُردار کے ارد گرد کی دلدلی جگہوں اور جوہڑوں کا پانی نمکین رہے گا، کیونکہ وہ نمک حاصل کرنے کے لئے استعمال ہو گا۔ دریا کے دونوں کناروں پر ہر قسم کے پھل دار درخت اُگیں گے۔ اِن درختوں کے پتے نہ کبھی مُرجھائیں گے، نہ کبھی اُن کا پھل ختم ہو گا۔ وہ ہر مہینے پھل لائیں گے، اِس لئے کہ مقدِس کا پانی اُن کی آب پاشی کرتا رہے گا۔ اُن کا پھل لوگوں کی خوراک بنے گا، اور اُن کے پتے شفا دیں گے۔“ پھر رب قادرِ مطلق نے فرمایا، ”مَیں تجھے اُس ملک کی سرحدیں بتاتا ہوں جو بارہ قبیلوں میں تقسیم کرنا ہے۔ یوسف کو دو حصے دینے ہیں، باقی قبیلوں کو ایک ایک حصہ۔ مَیں نے اپنا ہاتھ اُٹھا کر قَسم کھائی تھی کہ مَیں یہ ملک تمہارے باپ دادا کو عطا کروں گا، اِس لئے تم یہ ملک میراث میں پاؤ گے۔ اب اُسے آپس میں برابر تقسیم کر لو۔ شمالی سرحد بحیرۂ روم سے شروع ہو کر مشرق کی طرف حتلون، لبو حمات اور صداد کے پاس سے گزرتی ہے۔ وہاں سے وہ بیروتا اور سبریم کے پاس پہنچتی ہے (سبریم ملکِ دمشق اور ملکِ حمات کے درمیان واقع ہے)۔ پھر سرحد حصر عینان شہر تک آگے نکلتی ہے جو حوران کی سرحد پر واقع ہے۔ غرض شمالی سرحد بحیرۂ روم سے لے کر حصر عینان تک پہنچتی ہے۔ دمشق اور حمات کی سرحدیں اُس کے شمال میں ہیں۔ ملک کی مشرقی سرحد وہاں شروع ہوتی ہے جہاں دمشق کا علاقہ حوران کے پہاڑی علاقے سے ملتا ہے۔ وہاں سے سرحد دریائے یردن کے ساتھ ساتھ چلتی ہوئی جنوب میں بحیرۂ روم کے پاس تمر شہر تک پہنچتی ہے۔ یوں دریائے یردن ملکِ اسرائیل کی مشرقی سرحد اور ملکِ جِلعاد کی مغربی سرحد ہے۔ جنوبی سرحد تمر سے شروع ہو کر جنوب مغرب کی طرف چلتی چلتی مریبہ قادس کے چشموں تک پہنچتی ہے۔ پھر وہ شمال مغرب کی طرف رُخ کر کے مصر کی سرحد یعنی وادیٔ مصر کے ساتھ ساتھ بحیرۂ روم تک پہنچتی ہے۔ مغربی سرحد بحیرۂ روم ہے جو شمال میں لبو حمات کے مقابل ختم ہوتی ہے۔ ملک کو اپنے قبیلوں میں تقسیم کرو! یہ تمہاری موروثی زمین ہو گی۔ جب تم قرعہ ڈال کر اُسے آپس میں تقسیم کرو تو اُن غیرملکیوں کو بھی زمین ملنی ہے جو تمہارے درمیان رہتے اور جن کے بچے یہاں پیدا ہوئے ہیں۔ تمہارا اُن کے ساتھ ویسا سلوک ہو جیسا اسرائیلیوں کے ساتھ۔ قرعہ ڈالتے وقت اُنہیں اسرائیلی قبیلوں کے ساتھ زمین ملنی ہے۔ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ جس قبیلے میں بھی پردیسی آباد ہوں وہاں تمہیں اُنہیں موروثی زمین دینی ہے۔
حزقی ایل 1:47-23 کِتابِ مُقادّس (URD)
پِھر وہ مُجھے ہَیکل کے دروازہ پر واپس لایا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ہَیکل کے آستانہ کے نِیچے سے پانی مشرِق کی طرف نِکل رہا ہے کیونکہ ہَیکل کا سامنا مشرِق کی طرف تھا اور پانی ہَیکل کی دہنی طرف کے نِیچے سے مذبح کی جنُوبی جانِب سے بہتا تھا۔ تب وہ مُجھے شِمالی پھاٹک کی راہ سے باہر لایا اور مُجھے اُس راہ سے جِس کا رُخ مشرِق کی طرف ہے بیرُونی پھاٹک پر واپس لایا یعنی مشرِق رُویہ پھاٹک پر اور کیا دیکھتا ہُوں کہ دہنی طرف سے پانی جاری ہے۔ اور اُس مَرد نے جِس کے ہاتھ میں پَیمایش کی ڈوری تھی مشرِق کی طرف بڑھ کر ہزار ہاتھ ناپا اور مُجھے پانی میں سے چلایا اور پانی ٹخنوں تک تھا۔ پِھر اُس نے ہزار ہاتھ اَور ناپا اور مُجھے اُس میں سے چلایا اور پانی گُھٹنوں تک تھا۔ پِھر اُس نے ایک ہزار اَور ناپا اور مُجھے اُس میں سے چلایا اور پانی کمر تک تھا۔ پِھر اُس نے ایک ہزار اَور ناپا اور وہ اَیسا دریا تھا کہ مَیں اُسے عبُور نہیں کر سکتا تھا کیونکہ پانی چڑھ کر تَیرنے کے درجہ کو پُہنچ گیا اور اَیسا دریا بن گیا جِس کو عبُور کرنا مُمکِن نہ تھا۔ اور اُس نے مُجھ سے کہا اَے آدمؔ زاد! کیا تُو نے یہ دیکھا؟ تب وہ مُجھے لایا اور دریا کے کنارہ پر واپس پُہنچایا۔ اور جب مَیں واپس آیا تو کیا دیکھتا ہُوں کہ دریا کے کنارے دونوں طرف بُہت سے درخت ہیں۔ تب اُس نے مُجھے فرمایا کہ یہ پانی مشرِقی علاقہ کی طرف بہتا ہے اور مَیدان میں سے ہو کر سمُندر میں جا مِلتا ہے اور سمُندر میں مِلتے ہی اُس کے پانی کو شیرِین کر دے گا۔ اور یُوں ہو گا کہ جہاں کہِیں یہ دریا پُہنچے گا ہر ایک چلنے پِھرنے والا جاندار زِندہ رہے گا اور مچھلِیوں کی بڑی کثرت ہو گی کیونکہ یہ پانی وہاں پُہنچا اور وہ شیرِین ہو گیا۔ پس جہاں کہِیں یہ دریا پُہنچے گا زِندگی بخشے گا۔ اور یُوں ہو گا کہ ماہی گِیر اُس کے کنارے کھڑے رہیں گے۔ عَین جدؔی سے عَین عجَلِیم تک جال بِچھانے کی جگہ ہو گی۔ اُس کی مچھلِیاں اپنی اپنی جِنس کے مُطابِق بڑے سمُندر کی مچھلِیوں کی مانِند کثرت سے ہوں گی۔ لیکن اُس کی کِیچ کی جگہیں اور دلدلیں شیرِین نہ کی جائیں گی۔ وہ نمک زار ہی رہیں گی۔ اور دریا کے قرِیب اُس کے دونوں کناروں پر ہر قِسم کے میوہ دار درخت اُگیں گے جِن کے پتّے کبھی نہ مُرجھائیں گے اور جِن کے میوے کبھی مَوقُوف نہ ہوں گے وہ ہر مہِینے نئے میوے لائیں گے کیونکہ اُن کا پانی مَقدِس میں سے جاری ہے اور اُن کے میوے کھانے کے لِئے اور اُن کے پتّے دوا کے لِئے ہوں گے۔ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ یہ وہ سرحد ہے جِس کے مُطابِق تُم زمِین کو تقسِیم کرو گے تاکہ اِسرائیل کے بارہ قبِیلوں کی مِیراث ہو۔ یُوسفؔ کے لِئے دو حِصّے ہوں گے۔ اور تُم سب یکساں اُسے مِیراث میں پاؤ گے جِس کی بابت مَیں نے قَسم کھائی کہ تُمہارے باپ دادا کو دُوں اور یہ زمِین تُمہاری مِیراث ہو گی۔ اور زمِین کی حدُود یہ ہوں گی۔ شِمال کی طرف بڑے سمُندر سے لے کر حتلُون سے ہوتی ہُوئی صِداد کے مدخل تک۔ حمات بیرُوؔت سِبرَؔیم جو دمِشق کی سرحد اور حمات کی سرحد کے درمِیان ہے اور حصرہتّیکُوؔن جو حَوراؔن کے کنارہ پر ہے۔ اور سمُندر سے سرحد یہ ہو گی یعنی حصر عیناؔن دمِشق کی سرحد اور شِمال کو شِمالی اِطراف حماؔت کی سرحد۔ شِمالی جانِب یِہی ہے۔ اور مشرِقی سرحد حَوراؔن اور دمِشق اور جِلعاد کے درمِیان سے اور اِسرائیل کی سرزمِین کے درمِیان سے یَردؔن پر ہو گی۔ شِمالی سرحد سے مشرِقی سمُندر تک ناپنا۔ مشرِقی جانِب یِہی ہے۔ اور جنُوب کی طرف جنُوبی سرحد یہ ہے یعنی تمر سے مرِیبوؔت کے قادِؔس کے پانی سے اور نہرِ مِصرؔ سے ہو کر بڑے سمُندر تک۔ جنُوبی جانِب یِہی ہے۔ اور اُسی سرحد سے حمات کے مدخل کے مُقابِل بڑا سمُندر مغرِبی سرحد ہو گا۔ مغرِبی جانِب یِہی ہے۔ اِسی طرح تُم قبائِلِ اِسرائیل کے مُطابِق زمِین کو آپس میں تقسِیم کرو گے۔ اور یُوں ہو گا کہ تُم اپنے اور اُن بیگانوں کے درمِیان جو تُمہارے ساتھ بستے ہیں اور جِن کی اَولاد تُمہارے درمِیان پَیدا ہُوئی جو تُمہارے لِئے دیسی بنی اِسرائیل کی مانِند ہوں گے مِیراث تقسِیم کرنے کے لِئے قُرعہ ڈالو گے۔ وہ تُمہارے ساتھ قبائِل اِسرائیل کے درمِیان مِیراث پائیں گے۔ اور یُوں ہو گا کہ جِس جِس قبِیلہ میں کوئی بیگانہ بستا ہو گا اُسی میں تُم اُسے مِیراث دو گے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔